Tag: نوٹم

  • فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے بند

    فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے بند

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے ایئرپورٹ پر مرکزی رن وے کو بند کردیا گیا، رن وے 17 مئی تک بند رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے اپنے جاری کردہ نوٹس ٹو دی ایئر مین (نوٹم) میں کہا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے 03 آر تعمیراتی کام کے باعث 24 اپریل تا 17 مئی 2023 تک بند رہے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے باعث رن وے نمبر 03 آر پر بھاری مشینری لگادی گئی ہے۔

    نوٹم میں پائلٹس کو طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر مرمتی کام

    ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر مرمتی کام

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے  انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع کے لیے ایک حصہ جہازوں کے لیے غیر فعال کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے  انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بے 4 میں آلات کی تنصیب و مرمت کا کام کیا جا رہا ہے جس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

    نوٹم میں کہا گیا ہے کہ ملتان ایئرپورٹ کا بے نمبر 4 جہازوں کے لیے غیر فعال رہے گا۔ ڈوکنگ پرنٹڈ سرکٹ بورڈ میں خرابی پیدا ہوئی ہے۔

    نوٹم کے مطابق دوران مرمت بے 4 مینول طریقے سے دستیاب ہوگا، بے 4 پر جہازوں کو روایتی انداز میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

  • ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت

    ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت

    ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، سول ایوی ایشن نے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کرتے ہوئے ملتان ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    نوتم میں کہا گیا ہے کہ بوئنگ 777، ایئر بس 330، ایئر بس 340، اور ایئر بس 350 لینڈ کر سکیں گے، ملتان ایئرپورٹ کا رن وے بھی بڑےجہازوں کے لیے پہلے سے ہی قابل استعمال ہے۔

    نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ ملتان ایئر پورٹ کو بڑے جہازوں کے لیے یکم اگست سے 31 جولائی 2024 تک اجازت دی گئی ہے۔

  • ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا، مذکورہ ایئرپورٹس کی تمام شیڈیولڈ غیر ملکی فلائٹس سمیت اگلے چند روز تک تمام بین الاقوامی فلائٹس صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

    حالیہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹ سے عالمی پروازوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے تاہم ان ایئر پورٹس سے اندرون ملک کی پروازیں جاری ہیں۔

    ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد اتارا گیا ہے، ان پروازوں کے مسافروں کو ان کے مطلوبہ شہروں تک بھیجنے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    نوٹم کے مطابق پشاور ایئر پورٹ آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں دبئی اور شارجہ کی پرواز پی اے 611، پی اے 613، جدہ اور مسقط سے آنے والی پروازیں شامل ہیں جنہیں پشاور ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔ غیر متوقع فلائٹس کی وجہ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہے۔

    ملتان ایئر پورٹ پر اترنے والی بحرین، جدہ اور دبئی کی 4 پروازوں کو لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کروانے کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    سیالکوٹ سے دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 338 اسلام آباد اور سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز او وی 302 لاہور سے روانہ ہوگی۔

    سوی ایوی ایشن کی وزیٹرز سے اپیل

    حالات کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر پورٹ آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ 1 یا 2 سے زائد وزیٹر ایئر پورٹس آنے سے گریز کریں۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں۔ مذکورہ اقدامات کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں ایئر پورٹس پر وزیٹر کی تعداد کم رکھنے پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بین الاقوامی پروازیں فی الحال صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوچکی ہے۔

  • سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئر پورٹس کی بندش میں مزید توسیع

    سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئر پورٹس کی بندش میں مزید توسیع

    کراچی: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے شہروں سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ایئر پورٹس کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹس کی بندش کا نیا نوٹس ٹو ایئرمین (نوٹم) جاری کردیا جس کے مطابق سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن مزید 24 گھنٹے بند رہے گا۔

    ایوی ایشن کے نوٹم کے مطابق فضائی حدود موجودہ صورتحال کے باعث بند رکھی جارہی ہے۔ مذکورہ ایئر پورٹس 27 فروری سے مکمل طور پر بند ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کو  پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    یکم مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا گیا تھا جس میں پہلے مرحلے میں صرف کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال کیا گیا تھا۔ 3 مارچ کو لاہور ایئرپورٹ سے بھی فضائی آپریشن بحال کردیا گیا تھا۔

    اس وقت سول ایوی ایشن کے زیر انتظام مجموعی طور پر 26 ایئر پورٹس ہیں جن میں سے 11 ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال ہے جبکہ 15 ایئر پورٹس بند اور ان پر فضائی آپریشن معطل ہے۔