Tag: نوکری سے فارغ

  • مائیکرو سافٹ: 6 ہزار سے زائد ملازمین  کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان

    مائیکرو سافٹ: 6 ہزار سے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان

    مائیکرو سافٹ نے چھ ہزارسے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان کردیا، میٹا بھی سال کے آغاز سے اب تک چار ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیوں میں سے ایک مائیکروسافٹ نے اپنے تین فیصد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان کردیا، جس کا دنیا بھر میں موجود مائکروسافٹ کے دفاتر پر اثر پڑے گا۔

    مائیکرو سافٹ کے دنیا بھر میں دو لاکھ اٹھائیس ہزار سے زائد ملازمین ہیں، کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام جاری ایڈجسٹمنٹ کا حصہ ہے ، جو مائیکروسافٹ کو تیزی سے متحرک مارکیٹ کے منظر نامے میں مسابقتی رکھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ "ہم ایک متحرک مارکیٹ میں کامیابی کے لیے کمپنی کی بہترین پوزیشن کے لیے ضروری تنظیمی تبدیلیوں کو نافذ کرتے رہتے ہیں۔”

    ہمارا کیا ہو گا؟

    یاد رہے مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا بھی سال کے آغاز سے اب تک چار ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کرچکی ہے۔

    گوگل نے فروری میں امریکہ میں اپنے بہت سے ملازمین کو بائے آؤٹ پیشکش کی اور اپریل میں پلیٹ فارمز اور ڈیوائسز یونٹ سے سینکڑوں ملازمین کو فارغ کیا۔

    ٹیک کمپنیاں اب تیزی سے ترقی کے موڈ سے باہر آرہی ہیں، جس میں وہ کووڈ کے بعد آئی تھیں۔ اب توجہ اخراجات کو کم کرنے، اے آئی اور آٹومیشن کو اپنانے، اور ایک چھوٹے لیکن موثر ٹیم ماڈل کی طرف جانے پر ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ بڑی تعداد میں نوکریاں ختم ہو رہی ہیں۔

  • نوکری سے فارغ کرنے پر یوٹیلیٹی اسٹور کے یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے  ملازم نے خودکشی کرلی

    نوکری سے فارغ کرنے پر یوٹیلیٹی اسٹور کے یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے ملازم نے خودکشی کرلی

    ایبٹ آباد : نوکری سے فارغ کرنے پر یوٹیلیٹی اسٹور کے ڈیلی ویجز ملازم نے خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق فاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا عمل شروع کرتے ہوئے لیٹرز جاری کر دیے گئے۔

    جاری کیے گئے لیٹرز میں لکھا تھا کہ آپ کو ملازمت سے فوری برطرف کیا جاتا ہے۔

    نوکری سے فارغ کرنےپر یوٹیلیٹی اسٹور کے ڈیلی ویجز ملازم نے خودکشی کرلی ، جنید قریشی 13 سال سے یوٹیلیٹی اسٹور پر کام کرتا تھا۔

    مزید پڑھیں : یوٹیلیٹی اسٹور کے ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کے لیٹرز جاری

    یاد رہے کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہے اور تمام کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بعد ازاں یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کی تمام یونینز نے ملک بھرمیں احتجاج کااعلان کیا ہے، ورکرزالائنس کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں پریس کلبوں کےسامنےاحتجاجی مظاہرے کیےجائیں گے اگر یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ واپس نہ لیا تو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

    ورکرزالائنس کا کہنا تھا کہ اسلام آبادمیں مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینےکا بھی اعلان کیا جائے گا۔

  • مبینہ غفلت سے مریض کی ہلاکت، 3 ڈاکٹر نوکری سے فارغ

    مبینہ غفلت سے مریض کی ہلاکت، 3 ڈاکٹر نوکری سے فارغ

    ساہیوال: ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے مریض کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ساہیوال کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے پر3 ڈاکٹروں کو نوکری سے فارغ کردیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واقعہ کی انکوائری کیلئے ڈاکٹر راؤ ریاض کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی تھی۔

    اس سے قبل کراچی کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی، ورثاء نے وزیراعلیٰ، وزیر صحت اور آئی جی سندھ سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    جان بحق خاتون کمسن بچے کی ماں تھی اور دوسرے بچے کی پیدائش سے پہلے موت ہوگئی۔

    ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ چیک اپ کیلئے گھر کے قریب نجی اسپتال میں لے گئے تھے جہاں غلط انجکشن لگائے گئے، جس سے خاتون کی موت واقع ہوئی۔

    اس حوالے سے نجی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کا موقف ہے کہ متاثرہ خاتون کی حالت پہلے سے ہی بہت تشویشناک تھی جسے طبی امداد فراہم کی گئی۔

    ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے دوران ڈلیوری خاتون جاں بحق

    متاثرہ خاندان نے محکمہ صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی اسپتال میں علاج معالجے کا معیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

  • جناح اسپتال کے ملازمین پر کڑا وقت، 168 کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا

    جناح اسپتال کے ملازمین پر کڑا وقت، 168 کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا

    کراچی: جناح اسپتال کے 168 ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا گیا، ملازمین کو کرونا کے دوران 3 ماہ کے لیے کنٹریکٹ پر رکھا گیا تھا۔

    جناح اسپتال کراچی میں جہاں گزشتہ کئی سالوں سے افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے، متعدد شعبہ جات میں انتظامی سربراہ ریٹائر ہو چکے ہیں، ایک شعبے کے سربراہ کے پاس کم وبیش دیگر 4 پانچ شعبوں کے اضافی چارجز ہیں، ایسی صورت حال میں کووِڈ کے انتہائی نازک دور میں خدمات انجام دینے والے ملازمین فارغ کر دیے گئے ہیں۔

    بتایا جا رہا ہے کہ جناح اسپتال میں فنڈز کی شدید کمی ہو گئی ہے، جس کے باعث کرونا کے دوران 3 ماہ کے لیے کنٹریکٹ پر تعینات ہونے والے 168 ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا۔

    اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے لیٹر جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی سے ان تمام افراد کو فنڈز نہ ہونے پر فارغ کر رہے ہیں۔ ملازمین میں 33 خاکروب، 36 نرسز، 54 وارڈ بوائے، 18 سیکیورٹی گارڈز اور دیگر عملہ شامل ہے۔

    ملازمین نے اس پر کہا ہے کہ ’’ہم نے مشکل وقت میں ساتھ دیا، ہمیں نہ نکالیں، اسپتال میں ویسے ہی اسٹاف کی شدید کمی ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ جناح اسپتال میں اس وقت 1500 سے زائد میڈیکل آفیسرز کی کمی اور 1200 سے زائد نرسنگ اسٹاف کی کمی ہے، جب کہ نئے ملازمین کی تقرری کا معاملہ سالوں سے التوا کا شکار ہے۔ اور جن ملازمین کو نکالا گیا ہے انھیں بہ آسانی مستقل کیا جا سکتا تھا، یہ کووِڈ کے زمانے سے کام کر رہے تھے۔

    جناح اسپتال میں ایمرجنسی میں گنتی کا 4 سے 5 نرسنگ عملہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے تیماردار خود نرسنگ اسٹاف کے فرائض ادا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ جب کہ شناختی کارڈ جمع کرا کے ویل چیئر ملتی ہے لیکن ایمرجنسی میں تیماردار اپنا مریض دیکھے یا شناختی کارڈ جمع کرانے جائے۔

    ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فنڈر کی فراہمی تو محض ایک بہانہ ہے، اب جناح اسپتال میں من پسند لوگ بھرتی کیے جائیں گے۔

  • پی آئی اے نے گزشتہ ماہ کتنے ملازمین کو کس جرم میں نوکری سے فارغ کیا؟

    پی آئی اے نے گزشتہ ماہ کتنے ملازمین کو کس جرم میں نوکری سے فارغ کیا؟

    کراچی: قومی ایئر لائن نے گزشتہ ماہ ادارے سے مختلف وجوہ کے سبب 28 ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں سزا و جزا کا عمل جاری ہے، نومبر کے مہینے میں 43 ملازمین کے خلاف ایکشن لیا گیا جن میں سے اٹھائیس کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔

    پی آئی اے کے شبعہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی فہرست جاری کر دی، فہرست کے مطابق پی آئی اے نے جعلی تعلیمی اسناد کے حامل 4 ملازمین کو فارغ کیا، قوانین کی خلاف ورزی اور احکامات نہ ماننے پر بھی 4 ملازمین کو برخاست کیا گیا، بغیر اطلاع کچھ عرصے سے غیر حاضر 8 ملازمین کو بھی نوکری سے نکالا گیا۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں اور کنٹریکٹر سے رشوت لینے پر بھی 4 ملازمین کو فارغ کیا، سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر افشا کرنے پر 2 ملازمین کو برطرف کیا گیا، بدعنوانی اور غبن میں ملوث 3 ملازمین کو نوکری سے ہاتھ دھونے پڑے، اسمگلنگ میں ملوث ایک ملازم کو بھی بر طرف کیا گیا۔

    سرکاری دستاویزات کی چوری اور ریکارڈ کو نقصان پہنچانے پر 2 ملازمین کو برخاست کیا گیا۔

    دوسری طرف پی آئی اے نے احکامات کے مطابق کام نہ کرنے پر 3 ملازمین کی تنزلی کر دی، ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے 3 ملازمین کی تنخواہ میں بہ طور سزا کمی کی گئی، 8 ملازمین کو تادیبی خطوط جاری کیے گئے، جب کہ 8 ملازمین ضابطے کی کارروائی کے بعد بے قصور پائے گئے۔

    پی آئی اے نے اچھی کارکردگی کے حامل 9 ملازمین کو تعریفی اسناد بھی جاری کیں جب کہ 3 ملازمین کو کیش ایوارڈز بھی دیے گئے۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تمام کارروائیاں قانون اور ضابطے کے مطابق کی گئیں، پی آئی اے میں بغیر کسی دباؤ کے سزا و جزا کا عمل جاری رہتا ہے۔

  • بم دھماکے میں معذور ہونے والا پولیس اہلکار نوکری سے فارغ

    بم دھماکے میں معذور ہونے والا پولیس اہلکار نوکری سے فارغ

    کراچی: بم دھماکے میں معذور ہونے والے پولیس اہلکار کو غیر قانونی بھرتی کا الزام لگا کر نوکری سے فارغ کردیا گیا، پولیس بس پر حملے میں ارشد سمیت 4 اہلکار معذور ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق فرض کی ادائیگی کے دوران بم دھماکے میں معذور پولیس اہلکار کو نوکری سے فارغ کردیا گیا، اسکروٹنی کمیٹی کے سربراہ کا قربانی دینے والے سپاہی کو کورا جواب ’آپ معذور ہیں تو کیا کریں۔‘

    ارشد سمیت 3 معذور اہلکار امتحان پاس نہ کرسکے تو نوکری سے فارغ کردیا گیا دوسری طرف غیر قانونی طریقے سے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کا بھی امتحان لیا گیا، 19 سفارشیوں کے لیے میرٹ کو نظر انداز کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کامل عارف کے مطابق پولیس اہلکار ارشد ایس آر پی میں بھرتی ہوا اور رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے پولیس بس میں ڈیوٹی پر نکلا تھا کہ بس پر بم دھماکہ ہوا اور دھماکے کے نتیجے میں کئی اہلکار شہید ہوئے اور ارشد سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

    بم دھماکے میں سپاہی ارشد ٹانگ سے محروم ہوگیا اور پولیس کی جانب سے اس کے علاج معالجے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی بلکہ اس کو نوکری سے برطرف کردیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق معذوروں کا بھی امتحان ہوا اور چند نمبروں سے رہ جانے والے معذور اہلکاروں کو انصاف ایسے دیا گیا کہ انہیں نوکری سے ہی نکال دیا گیا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ ایس آر پی میں غیر قانونی بھرتی ہونے والے اہلکاروں کی دوبارہ سے اسکروٹنی کی جائے، اسکروٹنی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی ہیں اور پوری ٹیم تشکیل دی گئی تھی جنہوں نے اہلکاروں کے دوبارہ امتحان لینا تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔