Tag: نوکیا 3310

  • بیٹری ختم نہیں ہوئی، نوکیا 3310 فون 22 سال بعد بھی چلتے ہوئے ملا

    بیٹری ختم نہیں ہوئی، نوکیا 3310 فون 22 سال بعد بھی چلتے ہوئے ملا

    برطانوی شہری نے انکشاف کیا ہے کہ 22 سال بعد بھی ان کا نوکیا 3310 فون چلتی ہوئی حالت میں ملا ہے۔

    ایک زمانے میں نوکیا 3310 کا فون تو ہر کسی نے استعمال کیا ہے اور اس فون کی بیٹری کی تعریف بھی سبھی کرتے تھے لیکن یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے کہ اس کی بیٹری 22 سال بھی ختم نہیں ہوئی اور فون چلتا ہوا ملا۔

    حال ہی میں برطانوی کاؤنٹی ویلز میں ایک شخص نے 22 سال کے طویل عرصے کے بعد اپنے پرانے نوکیا 3310 کو دیکھا اور یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ وہ اس وقت بھی چل رہا تھا۔

    شہری کی فون کے ساتھ تصاویر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا گیا کہ فون کی بیٹری سالوں بعد بھی ایک پوائنٹ باقی تھی۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی ایسی ہی کہانیاں گردش کر چکی ہیں۔ 2019 میں، اسی طرح کے اکاؤنٹ نے توجہ حاصل کی جب ایلیسمیر پورٹ کے ایک رہائشی نے دعویٰ کیا تھا کہ دو دہائیوں کے بعد بھی حیران کن 70 فیصد بیٹری والا نوکیا 3310 ملا ہے۔

    تاہم یہ ایک طنزیہ پوسٹ نکلی تھی لیکن فون کے پائیدار ہونے کی بات کی جائے تو نوکیا 3310 شہریوں کی اولین پسند ہوا کرتا تھا۔

  • نوکیا 3310 موبائل فون سترہ سال بعد دوبارہ متعارف

    نوکیا 3310 موبائل فون سترہ سال بعد دوبارہ متعارف

    بارسلونا : مشہورِ زمانہ فون نوکیا 3310 کو سترہ سال کے بعد پھر متعارف کرا دیا گیا، ماضی کی طرح نوکیا 3310 میں چند تبدیلیوں کے ساتھ وہی خوبیاں رکھی گئی ہیں جو اس موبائل کی پہچان تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق فن لینڈ کی کمپنی ایچ ایم ڈی نے نوکیا 3310 کو سترہ سال بعد جدید تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیلیے پییش کردیا ہے۔

    بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس ٹیکنیکل شو کے دوران مشہور زمانہ فون نوکیا 3310 کی نقاب کشائی کردی گئی۔ سترہ سال قبل نوکیا 3310 پہلا عوامی فون تھا اور اسے بے حد پذیرائی بھی ملی تھی اور لوگوں کی بڑی تعداد کی خوشگوار یادیں اس فون سے وابستہ ہیں۔

    دنیا کا مشہورترین فون کہلائے جانے والے نوکیا 3310 کے تقریباً 12 کروڑ ساٹھ لاکھ یونٹس 2005 تک فروخت ہو چکے تھے جس کے بعد اس فون کو نوکیا کمپنی نے بنانا ختم کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : نوکیا کے مقبول ترین سیٹ 3310 کو دوبارہ پیش کرنے کا فیصلہ

    نیا نوکیا 3310 مکمل طور پر فیچر موبائل ہے جس میں ایس 30 آپریٹنگ سسٹم ہے جو اینڈرائڈ یا آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کا تو مقابلہ نہیں کرسکتا تاہم اس میں 2.5 جی انٹرنیٹ استعمال کرسکتے ہیں جب کہ موبائل میں 2 میگا پگسلز کا کیمرا آپشن بھی دیا گیا ہے۔

    اس نئے فون کی بیٹری ٹائمنگ بھی 22 گھنٹے ٹاک ٹائم بتائی جاتی ہے۔ نوکیا 3310 تین مختلف رنگوں لال، پیلے اور نیلے رنگ میں دستیاب ہوگا، اس فون کی تعارفی قیمت 51 ڈالر متعین کی گئی ہے۔