Tag: نویں دسویں کے امتحانات

  • بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    بھکر: امتحانات کے دنوں میں پنجاب کے ضلع بھکر میں ایک طالبہ ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال پہنچ گئی، جہاں اس کی خواہش پر اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ ثانیہ کی خواہش پوری کر دی گئی، اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا، سرگودھا بورڈ نے اسپتال کے کمرے کو امتحانی سینٹر کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

    اسپتال کا کمرہ امتحانی سینٹر بنائے جانے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر جاری کیا گیا، حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ نے آخری 2 پرچے اسپتال میں دیے۔

    امتحانی سینٹر پر خواتین اساتذہ پر مشتمل سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ بھی تعینات کیا گیا، سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ طالبہ ثانیہ کو لکھنے کے لیے ایک معاون کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھکرمیں رکشہ بس کی زد میں آگیا‘ 7 افراد جاں بحق

    نویں جماعت کی طالبہ پیپر دینے کے لیے جاتے ہوئے جھنگ روڈ حادثے میں زخمی ہو گئی تھی۔

    خیال رہے کہ 30 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں رکشہ بس کی زد میں آ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور شامل تھے، طالبات نویں جماعت کا پرچہ دینے کے بعد گھر جا رہی تھیں۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری ہوگیا

    میٹرک کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری ہوگیا

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے ملتوی کیے گئے امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، نویں سائنس بیالوجی کا پرچہ یکم اپریل کو ہوگا۔

    ناظم امتحانات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ یکم اپریل کو نویں سائنس بیالوجی تھیوری اور جنرل سائنس کے پرچوں سے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

    پرچے صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوں گے اور ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہیں گے، میٹرک سالانہ امتحانات کا اختتام 16 اپریل کو ہوگا۔

    نویں اور دسویں جماعت جنرل سائنس گروپ کے امتحانات کا وقت دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگا۔

    واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے میٹرک کے امتحانات کے شیڈول کے آغاز کا اعلان 25 مارچ سے کیا گیا تھا، محکمہ تعلیم کے ملازمین کے ہڑتال کے باعث امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوبائی وزیرتعلیم کا کراچی کے اسکول کالجز پراچانک چھاپہ

    دریں اثنا، گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ایجوکیشن بورڈز کے ملازمین گزشتہ 15 روز سے ہڑتال پر ہیں، جس کی وجہ سے 25 مارچ کو شروع ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے لیے تیاری مکمل نہیں۔

    اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات جو کہ 25 مارچ کو ہونے تھے وہ یکم اپریل سے ہوں گے۔

    وزیر تعلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امتحانات میں کسی بھی قسم کی نقل، چیٹنگ ہوئی اور کوئی بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔