Tag: نو مئی

  • 9 مئی سے جڑے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    9 مئی سے جڑے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کہا ہے کہ 9 مئی سے جڑے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ 9 مئی سے جڑے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور انصاف کا سلسلہ اس سانحے کے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچانے تک جاری رہے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ منفی تشدد کی سیاست کا سلسلہ 2014 میں پارلیمنٹ پر حملے سے شروع ہوا۔ نومبر 2022 میں بھی ایسا ہی کچھ ہوا اور گزشتہ سال سانحہ 9 مئی تو آپ سب نے دیکھا جب کہ حال ہی میں گزشتہ ماہ 26 نومبر کو جو کچھ ہوا وہ بھی منفی تشدد کی سیاست ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 26 نومبر کے واقعے کے بارے میں یکم دسمبر وزارت داخلہ نے مفصل اعلامیہ جاری کیا تھا اور واضح طور پر بتایا تھا کہ افواج پاکستان براہ راست کنٹیکٹ میں نہیں رہی اور یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ تعینات اہلکاروں کو آتشیں اسلحہ بھی نہیں دیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نومبر میں دوست ممالک کے اہم وفود بھی اسلام آباد میں موجود تھے۔ سیای جماعت کے احتجاج میں مسلح گارڈز اور کچھ لوگ آتشی اسلحہ کے ساتھ موجود تھے، جنہوں نے فائرنگ بھی کی۔ سیاسی جماعت کے بھاگنے کے بعد پہلے سے تیار کیا گیا جعلی کنٹینٹ سوشل میڈیا پر الزام تراشی کیلیے ڈالا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پُر امن احتجاج کیلیے آئین اور قانون بالکل اجازت دیتا ہے، لیکن پولیس اور رینجرز پر حملے سیاسی احتجاج نہیں بلکہ سیاسی دہشتگردی ہے اور 26 نومبر کی سازش سیاسی دہشتگردی ہی ہے۔ لیکن ان کی یہ کوششیں ناکام ہوئیں اور آئندہ بھی ناکام ہونگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلح جتھوں کو لے کر وفاق پر حملہ آور ہوں اور اس کو سیاست کہیں، تو کل کوئی بھی گروہ اور دہشتگرد پیسے، اسلحہ اور طاقت کے زور پر اپنی سوچ مسلط کرنا چاہے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ایسے کیا عوامل ہیں، جو بار بار منفی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو اعتماد دیتا ہے۔ اصل مجرم تو وہ ہیں، جو نوجوانوں میں زہریلا پروپیگنڈا ڈالتے ہیں۔ انتشاری سیاست کا کنٹرول ملک سے باہر بیٹھے عناصر کے پاس ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی پر افواج پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے کہ یہ افواج پاکستان کا نہیں بلکہ عوام پاکستان کا مقدمہ ہے۔ اگر کوئی جتھہ اور مسلح گروہ اس طریقے سے اپنی مرضی اور سوچ مسلط کرنا چاہے اور اسے قانون کے مطابق نہ روکا جائے تو ہم معاشرے کو کہاں لیکر جائیں گے۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا انہیں کشمیر، غزہ، شام اور لیبیا میں خون ریزی نظر نہیں آتی۔ انہیں پاکستان میں دہشتگردی اور خوارجیوں کی بربریت نظر نہیں آتی۔ کیا انسانی حقوق کا منافقانہ پرچار کرنے والوں کے جذبات صرف فیک ویڈیوز اور ان دیکھی لاشوں پر بے قابو ہو جاتے ہیں اور وہ پاکستان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا والوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ غزہ اور لیبیا میں جو ہو رہا ہے اسے بھی اجاگر کریں۔ غزہ اور کشمیر پر ڈیپ فیک نیوز ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ وہاں جو ہو رہا ہے، وہ حقیقت ہے۔

  • مجھے قید رکھیں باقی لوگوں کو رہا کر دیا جائے، بانی پی ٹی آئی

    مجھے قید رکھیں باقی لوگوں کو رہا کر دیا جائے، بانی پی ٹی آئی

     پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے کہا ہے کہ مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں مگر باقی لوگوں رہا کر دیا جائے۔

    اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کی25 مئی کی پٹیشن سنیں۔

    انہوں نے کہا کہ نو مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ان واقعات پر اب تک کوئی عدالتی انکوائری نہیں ہوئی۔

    بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اس واقعے کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج ریکور کرانے کا حکم دیں، جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز چوری کیں وہی 9مئی کے ذمہ دار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جرم کی معلومات چھپانا بھی ایک جرم ہے، نو مئی کی بنیاد پر ایک سیاسی جماعت کو ختم کیا   جا رہا ہے، یہ سب کچھ لندن پلان کے تحت چل رہا ہے۔ مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں مگر باقی لوگوں کو رہا کر دیا جائے

     ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف، مریم نواز اور آصف زرداری کے تمام مقدمات ختم کردیئے گئے، نوازشریف نے توشہ خانہ سے چھ لاکھ میں مرسیڈیز گاڑی لی، زرداری نے توشہ خانہ سے 3گاڑیاں لیں جو کہ قانونی طور پر نہیں لی جا سکتی، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کرپشن کی کتابوں والوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 8فروری پر بھی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، دھاندلی زدہ الیکشن کے باعث سینیٹ الیکشن کی قانونی حیثیت نہیں، انتخابات میں اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا. لیکشن کمیشن جس نے دھاندلی کرائی وہ کیسے انکوائری کر سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو رجیم چینج تسلیم کرلیتا تو دباؤ پوری بائیڈن حکومت پر آتا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں اسد مجید نے دھمکی کا بتایا تھا۔

    ڈونلڈ لو کے بیان پر دوبارہ انکوائری کرائی جائے، امریکی سفیر مجھے ملنے جیل نہیں آئے، جب ملاقات ہوگی تو ڈونلڈ لو کے بیان اور امریکی سفارتخانہ کے کردار پر بات کروں گا۔

    حکومت گرانے کے بینفیشری حکومت میں بیٹھ گئے تو انکوائری کیسے ہوگی؟ رانا ثناءاللہ کے بیان پر یہی کہنا چاہوں گا مافیاز ایسا ہی کرتے ہیں، ہم 8 فروری والے ہیں سیاسی طور پر مقابلہ کرتے ہیں۔

    بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں 40 ایم پی ایز کے فارورڈ بلاک سے متعلق علم نہیں، پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سے ملاقات کی اجازت دیں تو معلومات لوں۔

  • 9 مئی مقدمے کا ایک اور ملزم نقیب اللہ گرفتار

    9 مئی مقدمے کا ایک اور ملزم نقیب اللہ گرفتار

    لاہور: پولیس نے 9 مئی مقدمے کے ایک اور ملزم نقیب اللہ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے باجوڑ ایجنسی کے رہائشی نقیب اللہ کو نو مئی واقعے کے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے، نقیب اللہ تھانہ سرور روڈ مقدمے میں مطلوب تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی جائے وقوعہ پر موجودگی جیو فینسنگ سے ثابت ہوئی ہے، ملزم نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی تھی۔

  • 9 مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

    9 مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

    لاہور: 9 مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی آپریشنز اور انویسٹی گیشن ٹیموں کو نو مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹاسک سونپ دیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات کی تحقیقات میں مزید 382 ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے، 282 اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے لاہور میں دہشت گردی کے 14 مقدمات درج ہوئے جب کہ 49 مقدمات دیگر سنگین دفعات کے تحت درج ہوئے، 1035 ملزمان دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار کیے گئے، اور 884 ملزمان دیگر مقدمات میں گرفتار کیے گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات میں 741 ملزمان جوڈیشل ہوئے، اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات میں 318 ملزمان کو جوڈیشل رکھا گیا، جب کہ دیگر تمام ملزمان ضمانتوں پر ہیں یا مقدمات سے ڈسچارج کیے جا چکے ہیں۔

  • شر پسندوں کے موبائل فونز سے فرانزک کے دوران مزید تصاویر برآمد

    شر پسندوں کے موبائل فونز سے فرانزک کے دوران مزید تصاویر برآمد

    اسلام آباد: نو مئی واقعات سے متعلق زیر حراست شر پسندوں کے موبائل فونز سے فرانزک کے دوران مزید تصاویر برآمد ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ 9 مئی سے متعلق مزید ہوش رُبا تصاویر منظر عام پر آ گئیں، شرپسندوں نے عسکری اسپتال، ایئر فورس بیس سرگودھا، عسکری تعلیمی اداروں کو بھی نہ بخشا۔

    بیش تر تصاویر زیر حراست شر پسندوں کے موبائل فونز سے فرانزک کے دوران برآمد ہوئیں، پاک امارات اسپتال کی عمارت کو نقصان پہنچایا گیا، ملحقہ اسٹینڈ بائی جنریٹر روم کو بھی آگ لگائی گئی۔ بجلی معطلی سے ایمرجنسی میں مریضوں کی حالت تشویش ناک ہو گئی تھی، وینٹی لیٹرز اور انکیوبیٹرز بند ہو گئے تھے۔

    سی ایس ڈی لاہور سے احتجاج کے بہانے لاکھوں روپے کیش بھی لوٹ لیا گیا، عسکری تاریخ، جنگوں میں فوجی یونٹوں کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے پر دھاوا بول کر ریکارڈ جلایا گیا۔

    چکدرہ قلعے پر حملے کے بعد پورے قلعے، ریکارڈ اور گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا گیا، لیفٹیننٹ سجاد عالم شہید کی یادگار پر تصویر کو جلا کر چیئرمین پی ٹی آئی زندہ باد لکھ دیا گیا۔

  • ریڈیو عملے کے ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تھی، اسٹیشن ڈائریکٹر

    ریڈیو عملے کے ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تھی، اسٹیشن ڈائریکٹر

    ریڈیو پاکستان پشاور میں 9 اور 10 مئی کو ایک دل خراش واقعہ بھی پیش آیا تھا جب جان بچانے کے لیے ریڈیو عملے کے ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

    اسٹیشن ڈائریکٹر اعجاز خان نے افسوس ناک واقعے سے بتایا کہ ایک ملازم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی، جو شدید زخمی ہو گیا، کور کمانڈر پشاور کی ہدایات پر زخمی کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔

    اعجاز خان کے مطابق 9 مئی کی شام کو ایک سیاسی پارٹی کے ورکرز نے احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان کی دیوار کو تو ڑ دیا، شرپسندوں نے چاغی پہاڑ کے ماڈل کو بھی جلا کر راکھ کر دیا، یہ ماڈل اسلامی دنیا کے پہلے ایٹمی ملک ہونے کی علامت تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کے استقبالیہ بلاک کو بھی آگ لگا دی، شرپسند سیکیورٹی اہلکاروں کے ہتھیار بھی چھین کر لے گئے، انھوں نے 350 سیٹوں والے خوب صورت آڈیٹوریم کو بھی جلا کر راکھ کر دیا۔

    اعجاز خان کے مطابق ریڈیو پاکستان کی بلڈنگ ایڈم بلاک کے ساتھ ٹرانسمیشن آپریشن کی سہولیات کو بھی جلا کر خاکستر کیا گیا، ریڈیو پاکستان کے عملے کی جانب سے قرآن پاک کے واسطے دیے گئے، لیکن نادان لوگوں نے کسی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سب کچھ راکھ کر ڈالا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ مالی نقصان کا ازالہ تو ہو جائے گا مگر نادر نسخوں کے نقصان کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا، 9 اور 10 مئی حملوں کے باوجود 11 مئی کو ریڈیو پاکستان نے اپنی ٹرانسمیشن جاری رکھیں۔

  • 9 مئی کو ٹرک جلانے والے زیر حراست بزرگ نے واقعے سے اظہار لا تعلقی کر دیا

    9 مئی کو ٹرک جلانے والے زیر حراست بزرگ نے واقعے سے اظہار لا تعلقی کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں 9 مئی کو ٹرک جلانے والے زیر حراست بزرگ نے واقعے سے اظہار لا تعلقی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو احتجاج اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ایک بزرگ شہری گل رحیم کو ڈسٹرکٹ ایسٹ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لے لیا ہے۔

    ملزم گل رحیم پر الزام ہے کہ انھوں نے نو مئی کو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا ٹرک جلا دیا تھا، تاہم زیر حراست بزرگ ملزم نے واقعے سے اظہار لا تعلقی کر دیا ہے۔

    ملزم گل رحیم نے 9 مئی کو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے جلتے ہوئے ٹینکرز کے ساتھ ویڈیو بنائی تھی، ذرائع کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔