Tag: نو مسلم بہنیں

  • گھوٹکی: پسند کی شادی کرنے والی نو مسلم لڑکیوں کی گھر واپسی، والہانہ استقبال

    گھوٹکی: پسند کی شادی کرنے والی نو مسلم لڑکیوں کی گھر واپسی، والہانہ استقبال

    گھوٹکی: پسند کی شادی کرنے والی نو مسلم بہنیں شازیہ اور آسیہ واپس اپنے گاﺅں پہنچ گئی ہیں، دونوں بہنوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے گھوٹکی سے تعلق رکھنے والی نو مسلم بہنیں واپس اپنے گاؤں پہنچ گئیں جہاں دونوں کا شان دار استقبال کیا گیا۔

    سندھ پنجاب بارڈ پر جمع شدہ سینکڑوں افراد نے دونوں کے والہانہ استقبال کے دوران نو مسلم بہنوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں، روینا عرف آسیہ اور رینا عرف شازیہ کے شوہر صفدر اور برکت بھی ہم راہ تھے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے والے جوڑوں کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی اجازت دی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے گھوٹکی کی 2نومسلم بہنوں کی تبدیلی مذہب درست قرار دے دی

    یاد رہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی سے تعلق رکھنے والی دو ہندو لڑکیوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد پسند کی شادی کی تھی، لڑکیوں نے تحفظ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    11 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نو مسلم بہنوں کو تحفظ کی فراہمی کی درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے ان کی تبدیلی مذہب کو درست قرار دیا تھا۔

    عدالت میں پیش کردہ کمیشن رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں لڑکیوں کو زبردستی مذہب تبدیل نہیں کرایا گیا، تاہم انھیں مذہب تبدیلی کے لیے سہولت فراہم کی گئی تھی، دونوں بالغ لڑکیوں نے اسلام سے آشنا ہو کر اسلام قبول کیا۔

    میڈیکل بورڈ نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، جس کے مطابق دونوں بہنیں 18 اور 19 سال کی ہیں۔

  • عدالتی حکم کے باوجود وفاق نے نو مسلم بہنوں کے معاملے میں انکوائری رپورٹ پیش نہیں کی: ہائی کورٹ

    عدالتی حکم کے باوجود وفاق نے نو مسلم بہنوں کے معاملے میں انکوائری رپورٹ پیش نہیں کی: ہائی کورٹ

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے گھوٹکی، سندھ سے تعلق رکھنے والے دو مسلم بہنوں کے کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود وفاق نے نو مسلم بہنوں کے معاملے میں انکوائری رپورٹ پیش نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے عدالت میں کوئی انکوائری رپورٹ پیش نہیں کی گئی، جو افسر عدالت آئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی انکوائری میں پیش نہیں ہوا، جب کہ 26 مارچ کو عدالت نے انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت میں کمشنر سکھر اور سندھ حکومت کے نمائندے پیش ہوئے تھے، معاملہ حساس ہے، وفاقی حکومت ٹاسک فورس قائم کرے اور وزیر ہیومن رائٹس شیریں مزاری عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں بہنوں نادیہ اور آسیہ کو بھی آئندہ سماعت میں عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نومسلم بہنوں کی عمر کے تعین اور حقائق کیلیے 5 رکنی کمیشن قائم کرنے کا حکم

    عدالت نے کہا کہ آئین اقلیتوں کو حقوق دیتا ہے، سیکریٹری داخلہ کمیشن ممبران کی معاونت کریں اور انھیں سہولت فراہم کریں، کمیشن اس بات کی تحقیقات کرے کہ لڑکیوں کے ساتھ زبردستی تو نہیں کی گئی، سندھ اور وفاقی حکومت بھی کمیشن کو سہولت فراہم کریں۔

    ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا، کہا پمز اسپتال کے سینئر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مبنی بورڈ بنایا جائے، جس کا کام لڑکیوں کی عمر اور شادی پر رپورٹ جمع کرانا ہوگا، رپورٹ آئندہ سماعت پر جمع کرائی جائے۔