کراچی : کراچی سے نو منتخب پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، آزاد امیدواروں کےلیے سیاسی پارٹی میں شامل ہونےکا آج آخری دن ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے نو منتخب آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، صوبائی نشستوں پر منتخب آٹھ آزاد امیدواروں کے نوٹیفکیشن ہوچکےہیں۔
آزاد امیدواروں کےلیے سیاسی پارٹی میں شامل ہونےکا آج آخری دن ہے، پی ٹی آئی کے ایک حمایت یافتہ نو منتخب رکن اعجاز سواتی پیپلز پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔ جبکہ ایک آزاد رکن سجادسومرو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن نہیں ہوا۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم سےمتعلق قانونی پیچیدگی سامنےآنےلگی ہیں، سنی اتحادکونسل نے سندھ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کےلیے ترجیحی فہرست ہی جمع نہیں کرائی۔
نومنتخب آزادارکان نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کے سرٹیفکیٹ جمع نہ ہونے کی شکایت کی، قانون کےمطابق سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کے لیے اب ترجیحی فہرست جمع نہیں کراسکتی، آٹھ نومنتخب آزاد ارکان سندھ اسمبلی کو تین مخصوص نشستیں مل سکتی تھیں۔