فلم ’ڈنکی‘ کے میکرز اسے بلاک بسٹر ہٹ بنانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑنا چاہتے اس لیے انھوں نے اسے بھارت سے قبل انٹرنیشل مارکیٹ میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی سینماؤں سے قبل عالمی سطح پر ’ڈنکی‘ کو ریلیز کرنے کا مقصد یہ ہے ک فلم کے حوالے سے اچھے ریویوز سامنے آنے کے بعد اس کی کمائی بھارت میں مزید بڑھ جائے۔
کنگ خان اب 2023 میں اپنی اگلی ریلیز ’ڈنکی‘ کے لیے زور و شور سے تیاریاں کررہے ہیں جو کہ تھیٹرز میں 22 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔ تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بھارت سے قبل فلم کو عالمی سطح پر ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ فلم میکرز کو توقع ہے کہ ڈنکی ایک ایسی فلم ہے جو عالمی سطح پر خود کو منوائے گی۔ فلم سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز اسے ہندوستانی سنیما کی عالمی پیشکش کے طور پر دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ اس کے مقابلے میں فلم جوان کے لیے بھارت کی جنوبی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ ڈنکی کو بھرپور طریقے سے عالمی سطح پر پیش کرنا چاہتی ہے۔ اسی بڑے منصوبے کے تحت فلم کو 21 دسمبر کو بین الاقوامی مارکیٹ میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جب کہ کرسمس کے باعث تعطیلات میں ہونے والی توسیع سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔
شاہ رخ اس وقت اپنی فلم جوان کی بھرپور کامیابی کی وجہ سے ساتوں آسمان پر موجود ہیں۔ ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے تہلکہ مچادیا ہے اور بھارتی سینما کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔