Tag: نکاح نامہ

  • نکاح نامہ کیس:اداکارہ میرا ایک بار پھرعدالت پہنچ گئیں

    نکاح نامہ کیس:اداکارہ میرا ایک بار پھرعدالت پہنچ گئیں

    لاہور: اداکارہ میرا نے ’ نکاح نامہ کیس‘ میں فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت نے عتیق الرحمن کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج عدنان طارق کی عدالت میں اپیل دائر کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    لاہور کی فیملی عدالت کے جج بابر ندیم نے نے گزشتہ سال اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کی سماعت کرتے ہوئے میرا کے تکذیب نکاح کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا تھا، جج بابر ندیم کا کہنا تھا کہ میرا کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔

    فیملی کورٹ کے جج بابر ندیم نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان ڈیفنس میں واقع گھر تنازعے کی وجہ بنا تھا، جس پر دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوج داری مقدمات قائم کیے تھے، جو گذشتہ دس برسوں سے عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔

    حالیہ درخواست میں اداکارہ میرا نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ عتیق الرحمن کو نہیں جانتی ہیں ۔فیملی عدالت نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عتیق الرحمان سے نکاح نہیں ہوا نکاح نامہ جعلی ہے۔ سیشن عدالت، فیملی کورٹ کے فیصلےکالعدم قرار دے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح پڑھانے والے نکاح خواں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ادکارہ میرا کا نکاح حقائق پر مبنی ہے۔ میرا اور عتیق الرحمٰن کا نکاح گواہان کی موجودگی میں پڑھایا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرا کا نکاح اسلامی شریعت کے مطابق پڑھایا، عدالت میں جمع کروایا گیا نکاح نامہ بھی اصلی ہے۔

    عتیق الرحمٰن نامی شخص کی جانب سے میرا کے خاوند ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا جس پر گزشتہ کئی سالوں سے دونوں کے درمیان مختلف عدالتوں میں مقدمات بھی زیر سماعت رہے ہیں اور اب ایک بار یہ کیس سیشن کورٹ میں آگیا ہے۔

  • پاکستانی ڈیزائنر کا تیار کردہ خوبصورت اور منفرد نکاح نامہ

    پاکستانی ڈیزائنر کا تیار کردہ خوبصورت اور منفرد نکاح نامہ

    پاکستانی نژاد کینیڈین نوجوان نے اپنی بہن کی شادی کے لیے سادہ سے نکاح نامے کو رنگوں اور خطاطی سے مزین کر کے اور نہایت خوبصورت انداز میں پیش کر کے سب کو حیران کردیا۔

    عمر شہزاد نامی یہ نوجوان ڈیزائنر کافی عرصے سے گرافکس ڈیزائنر کے شعبے میں کام کر رہا تھا۔ اس کے خاندان کے کئی افراد مصوری کے شعبے سے منسلک تھے جبکہ اس کی بہن بھی خطاط تھی۔

    جب اس کی بہن کی شادی کا موقع آیا تو اس نے اسے کچھ اچھوتا اور منفرد تحفہ دینے کا سوچا۔ تب ہی اسے ڈیزائنر نکاح نامے کا خیال آیا۔

    عمر کا کہنا تھا، ’شادی کسی کی بھی زندگی کا ایک اہم موقع ہوتا ہے۔ اس موقع پر ایک ایک چیز کا خیال رکھا جاتا ہے، لیکن اس شادی میں جو سب سے اہم دستاویز ہوتی ہے یعنی نکاح نامہ، اسے نظر انداز کردیا جاتا ہے اور پرانے اخبار جیسے دستاویز پر دستخط لےلیے جاتے ہیں‘۔

    عمر نے اپنے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے سب سے پہلے علما سے رابطہ کیا کہ آیا اس طرح کے ڈیزائنر نکاح نامے قابل قبول ہیں یا نہیں۔

    ان کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد اس نے اپنی بہن سے اپنا اور اپنے ہونے والے شوہر کا نام خوبصورت خطاطی میں لکھنے کو کہا۔

    عمر نے آخری وقت تک بہن کو نہیں بتایا کہ اس کے ذہن میں کیا منصوبہ ہے۔ بالآخر شادی کے روز جب خوبصورت ڈیزائن اور رنگوں سے مزین نکاح نامہ تیار اس نے اپنی بہن کو دکھایا تو وہ اسے دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئی۔

    عمر کا کہنا ہے کہ اس نے نکاح نامے کی تصاویر سوشل میڈیا سائٹس پر شیئر کیں تو لوگوں کی بڑی تعداد نے اس سے رابطہ کیا کہ وہ اپنی یا اپنے کسی عزیز کی شادی کے لیے ایسا نکاح نامہ بنوانا چاہتے ہیں۔

    یہی نہیں عمر نے اپنی بہن کی شادی کے دعوتی کارڈز بھی خود ڈیزائن کیے جو نہایت دیدہ زیب اور دلکش دکھائی دیتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔