بہاولپور : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منشیات اورنازیبا اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیٹی بنادی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منشیات اور نازیبا اسکینڈل کے معاملے کانوٹس لے لیا۔
محسن نقوی نے معاملے کی تحقیقات کیلئے3 رکنی کمیٹی تشکیل دےدی ، کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرکے وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔
یاد رہے بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی اسکینڈل میں آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید نے بھی 5 رکنی اسپیشل تحقیقاتی ٹیم بنائی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے قیام کا مقصد شفاف تحقیقات کرنا ہے، بطور کنونیئر ایس پی انویسٹی گیشن کو جلد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایک شرمناک ڈرگ اسکینڈل سامنے آیا ہے، یونیورسٹی کے گرفتار چیف سیکیورٹی افسر اعجاز شاہ کے موبائل سے ساڑھے پانچ ہزار نازیبا ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے ویڈیوز کا معاملہ دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دوسری طرف اسلامیہ یونیورسٹی نے اپنے تین افسروں کی گرفتاری کو سازش قرار دیا۔
اس سلسلے میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر ابو بکر، چیف سیکیورٹی آفیسر سید اعجاز شاہ اور ٹرانسپورٹ آفیسر الطاف گرفتار ہیں۔