Tag: نگراں وزیراعظم

  • نگراں وزیراعظم کا لب ولہجہ قابل افسوس ہے، صدر عارف علوی

    نگراں وزیراعظم کا لب ولہجہ قابل افسوس ہے، صدر عارف علوی

    صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ تمام تر تحفظات کے باوجود قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کررہا ہوں، نگراں وزیراعظم کا لب ولہجہ قابل افسوس ہے۔

    صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح10بجے طلب کرلیا ہے، ایوان صدر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدر نے اجلاس مخصوص نشستوں کے21ویں دن تک حل کی توقع کے ساتھ بلایا۔

    صدر نے نگراں وزیراعظم کی سمری میں لہجے اور الزامات پر تحفظات کا اظہاربھی کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کا لب ولہجہ قابل افسوس ہے، صدر آئین کے آرٹیکل41 کے تحت ریاست کا سربراہ ہے۔

    صدرعارف علوی کا کہنا ہے کہ بحیثیت صدر مملکت نگراں وزیراعظم کے جواب پر تحفظات ہیں،
    صدرمملکت کوعام طور پرسمریوں میں ایسے مخاطب نہیں کیا جاتا، افسوسناک امرہے چیف ایگزیکٹو نے صدر کو پہلے صیغے میں مخاطب کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے سمری میں ناقابل قبول زبان اور الزامات لگائے، حلف اور ذمہ داریوں کے مطابق ہمیشہ معروضیت ،غیرجانبداری کو برقرار رکھا، صدر انتخابی عمل میں بےضابطگیوں اور حکومت سازی سےغافل نہیں ہوسکتا۔

    صدرعارف علوی قوم کی بہتری اور ہم آہنگی کے لیے قومی مفاد کو مد نظر رکھنا ہوتا ہے، اجلاس بلانے کی سمری آرٹیکل 48ایک کے عین مطابق واپس کی گئی، میرا مقصد آرٹیکل51 کے تحت قومی اسمبلی کی تکمیل تھا، میرے عمل کو جانبدار عمل کے طور پر لیا گیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ قرارداد مقاصد کے مطابق عوام کو فیصلوں میں حصہ لینے سے محروم نہیں کیا جاسکتا،
    سمری میں آئین کی خلاف ورزی کےالزامات پر وقت صرف نہیں کرنا چاہتا، نگراں وزیراعظم کی ذمہ داری آئین کے تحت انتخابات کیلئے ماحول فراہم کرنا ہے، معاملےپر مختلف حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

    مختلف کیسز کو چیلنج کیا جارہا ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے مینڈیٹ کا احترام کرے، اجلاس بلانے کیلئے سمری26فروری کی رات ملی، وقت کی غلطی موجود ہے، نگراں وزیراعظم نے دوبارہ غور کیلئےسمری آرٹیکل48ایک کے مطابق واپس نہیں کی۔

    انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کو اس کے حرف اور روح کے مطابق نافذ کیا جانا چاہیے، اگرچہ موجودہ انتخابی عمل میں آئین کو روح کے مطابق نافذ نہیں کیا جارہا، سمری کے پیرا 14 میں نگراں وزیراعظم کی تجویز پر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتا ہوں،۔

    صدر مملکت کا کہنا ہے کہ آرٹیکل51 اور91دو پر عمل کرنا چاہیے اور روح کے مطابق نافذ کیا جانا چاہیے، کچھ دنوں سے الیکشن کمیشن آرٹیکل51 کے تحت مشق کررہا ہے،آرٹیکل51 کے تحت ہونے والی مشق کو21 دنوں میں مکمل ہوجانا چاہیے تھا۔ الیکشن کمیشن نے معاملے پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

  • بلوچ طلبہ بازیابی کیس: نگراں وزیراعظم کی ممکنہ پیشی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    بلوچ طلبہ بازیابی کیس: نگراں وزیراعظم کی ممکنہ پیشی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    اسلام آباد : بلوچ طلبہ بازیابی کیس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ممکنہ پیشی کے پیش نظر اسلام آبادہائیکورٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں بلوچ طلبہ بازیابی کیس کی سماعت آج ہوگی، جسٹس محسن اختر کیانی کیس کی سماعت کریں گے۔

    عدالت نے آج نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ،وزرا اور سیکریٹریز کو طلب کررکھا ہے، نگراں وزیراعظم کی ممکنہ پیشی کے پیش نظر اسلام آبادہائیکورٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

    نگراں وزیراعظم کا سیکیورٹی اسکواڈ اسلام آبادہائیکورٹ پہنچ گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔

    گذشتہ سماعت میں بلوچ طلبا عدم بازیابی کیس میں وزیراعظم پیش نہ ہوئے تھے، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹھائیس فروری کو سماعت پر پھر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا تھا اور وزیرداخلہ اور وزیر دفاع کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

    جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیے تھے نگراں وزیراعظم کوبتادیں آئندہ سماعت پرکراچی نہ جائیں اور آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے کے ڈی جیز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی، تین رکنی کمیٹی آئندہ سماعت پراسلام آباد ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

  • موبائل فون بندش کے سوال پر نگراں وزیراعظم نے کیا کہا؟

    موبائل فون بندش کے سوال پر نگراں وزیراعظم نے کیا کہا؟

     وفاقی دارالحکومت میں ایک پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش پر سوال کیا گیا ہے۔

    ملک میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی ہے، جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں شکایات درج کرائی گئی ہیں۔

    موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا دیکھیں مجھے نہیں پتا لوگوں کو کیا مشکلات ہیں، لیکن آپ جانتے ہیں ملک میں دہشت گردی کی لہر ہے۔

    نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات میں پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے، ووٹرز ٹرن آؤٹ سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن مجھے لگتا ہے ٹرن آؤٹ اچھا ہوگا۔

    واضح رہے کہ مختلف علاقوں سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے، کئی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں تاحال پولنگ سامان بھی نہیں پہنچا ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی وجہ سے اس طرح کی صورت حال سے آگاہی بھی ممکن نہیں ہو پا رہی ہے۔

  • چیف الیکشن کمشنر کا نگراں وزیراعظم کو خط ،  الیکشن میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی درخواست

    چیف الیکشن کمشنر کا نگراں وزیراعظم کو خط ، الیکشن میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی درخواست

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے الیکشن کے دنوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو خط لکھا۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خط میں عام انتخابات کے پیش نظر ملک بھر میں3روزکیلئے لوڈشیڈنگ نہ کرنےکی درخواست کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ خط میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی7تا9فروری یقینی بنانے کے انتظامات کی استدعا کی گئی ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم کو متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے۔

    خط میں کہا ہے کہ انتخابات والی رات بجلی میں تعطل مشکلات پیدا کرسکتی ہے، پولنگ اسٹیشز میں نتائج کی تیاری کےعمل میں بجلی کے تعطل سے رکاوٹ کھڑی ہوسکتی ہے۔

  • نگراں وزیراعظم کی سعودی ال جومیہ گروپ کو پاکستان میں  سرمایہ کاری کی دعوت

    نگراں وزیراعظم کی سعودی ال جومیہ گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ال جومیہ گروپ کو پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے سعودی ال جومیہ گروپ کے سربراہ کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی، ال جومیہ گروپ نے کراچی الیکٹرک میں بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کی ہے.

    اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب میں دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئےہیں، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتےہیں۔

    انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کےشعبےمیں سعودی سرمایہ کاری خوش آئند ہے، کراچی الیکٹرک کی متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اچھا اقدام ہے۔

    انھوں نے کہا کہ متبادل توانائی سے صارفین کے لئے بجلی کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی، کے الیکٹرک بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے انفراسٹرکچر میں مزید بہتری لائے گی۔

    وزیراعظم کی ال جومیہ گروپ کو پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ، وفد نے کراچی الیکٹرک کےدیرینہ مسائل حل کرنے پر وزیراعظم اور حکومت سے اظہارتشکر کیا۔

    وفدنےوزیراعظم کو 1500میگاواٹ کےنئےسرمایہ کاری منصوبوں کےحوالےسےآگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں میں مقامی ذرائع اور قابل تجدید توانائی پر انحصار کیا جائے گا۔

  • پاکستان کے ہر شہری کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے، نگراں وزیراعظم

    پاکستان کے ہر شہری کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے، نگراں وزیراعظم

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں آزادی اظہار کا بیانیہ ہر دور کے ساتھ مختلف رہا ہے تاہم پاکستان کے ہر شہری کو آزادی اظہار کا حق ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کراچی میں آغا خان یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات سے خصوصی گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ اور ہمیشہ رہے گا، صرف وہاں کے لوگوں کو ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے شہریوں کو اظہار رائے کی آزادی کا حق ہے۔ ملک میں آزادی اظہار کا بیانیہ ہر دور کے ساتھ مختلف رہا ہے تاہم آزادی اظہار رائے کو مثبت اور تعمیری ہونا چاہیے۔

    نگراں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی ہمارے ملک کی تاریخ رہی ہے، گلگت بلتستان کی علیحدہ کوئی شناخت نہیں ہے بلکہ اس کی شناخت پاکستان اور پاکستان کی شناخت اس سے جڑی ہوئی ہے۔ اصل معاملہ گلگت بلتستان کی حیثیت سے متعلق ہے۔ جی بی کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں

    ان کا کہنا تھا کہ ریاست نرسنگ کیئر ہے جسے سرجیکل پروسیجر کے طریقہ کار معلوم ہیں۔ ریاست میں احتساب اور قانون پر عملدرآمد کا طریقہ موجود ہے۔ ریاست مذہب، زبان اور نسل پرستی کی بنیاد پر تشدد کیخلاف ہے۔ ریاست مدینہ میں حقوق اور ذمے داری کے حوالے سے برابری تھی، ہم جب تک میرٹ پرعملدرآمد نہیں کرینگے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

    انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں برابر کے شہری ہیں۔ ان کیلیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے معاشرے کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    نگراں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ زندگی کو بامقصد بنانے کیلیے تعلیم بہت ضرور ی ہے اور تعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے ہیں۔ مجھے چیزوں کے بارے میں جاننے اور سمجھنے کی خوشی ہوتی ہے۔ دنیا کے نمایاں تعلیمی اداروں نے ہمیشہ اپنی جانب راغب کیا ہے اور گزشتہ دنوں لاہور میں میری لمز میں طلبہ کیساتھ ہونے والی گفتگو بہت مشہور ہوئی تھی۔

  • نگراں وزیراعظم  آج ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ سے خطاب کریں گے

    نگراں وزیراعظم آج ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ سے خطاب کریں گے

    دبئی : نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آج ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ سے خطاب کریں گے اور ہائی لیول امپلی منٹیشن راؤنڈ ٹیبل میں بھی شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق دبئی میں بین الاقوامی کانفرنس جاری ہے، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آج ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ سے خطاب کریں گے۔

    انوار الحق کاکڑ ہائی لیول امپلی منٹیشن راؤنڈ ٹیبل میں بھی شرکت کریں گے۔

    کانفرنس کی سائیڈ لائن پر نگراں وزیراعظم کی یو اے ای کے ہم منصب سے ملاقات ہوئی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نوار الحق کاکڑ نے شاہ چارلس اور مختلف مندوبین سے بھی ملاقاتیں کی، وہ آج سری لنکا، مالدیپ کے صدور اور بل گیٹس سے ملاقاتیں کریں گے۔

    گذشتہ روز نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑنےدبئی کوپ ٹوئنٹی ایٹ کانفرنس میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا تھا ، جہاں نگراں وزیراعظم کو لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کیلئےمذاکرات اورسہولت کاری کیلئےکاوشوں پربریفنگ دی گئی اور دریائے سندھ کی بہتری کیلئےڈیزائن لیونگ انڈس انیشی ایٹو پروگرام سےآگاہ کیاگیا۔

    اس موقع پر نگران وزیراعظم نے پاکستانی موسمیاتی ماہرین سے ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کوسراہا، نگراں وزیرخارجہ موسمیاتی تبدیلی اوریواےای کےسفیر بھی وزیراعظم کےہمراہ تھے۔

    دبئی میں نگران وزیراعظم سے جمہوریہ ایسٹونیا کے ہم منصب نےبھی ملاقات کی تھی ، جس میں دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گی۔

    اس کے علاوہ نگراں زیراعظم کی ازبکستان اور مالدیپ کےصدور سے بھی ملاقاتیں ہوئیں ، جس میں باہمی تعلقات کوفروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے بھی ملاقات کی۔

  • نگراں وزیراعظم  کی یواے ای حکومت اورعوام کو 50 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش

    نگراں وزیراعظم کی یواے ای حکومت اورعوام کو 50 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یواےای حکومت اورعوام کو 50 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اماراتی بھائیوں کی شاندار ترقی پر فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اورعوام کو 52 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کردی۔

    انوارالحق کاکڑ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا اس تاریخی دن پرکاپ دوہزاراٹھائیس کے لیے دبئی میں آکر بہت خوش ہوں، پاکستان کو اپنے اماراتی بھائیوں کی شاندار ترقی پر فخرہے۔

    نگراں وزیراعظم کا کہناتھا کہ یو اے ای کو تجارت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے پر قیادت کو سراہتے ہیں، پاکستان ترقی اور خوشحالی کے اس سفر میں متحدہ عرب امارات کا پائیدار ساتھی رہے گا، پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد!

    خیال رہے متحدہ عرب امارات کے باون ویں قومی دن پر خصوصی تقریبات کارنگارنگ آغاز ہوگیا ہے۔

    دبئی کےپام جمیرہ بیچ پر آتشبازی،رنگوں اورروشنیوں سےآسمان جگمگا اٹھا، بلندوبالا برج خلیفہ یو اے ای کے پرچم کے دلکش رنگوں میں رنگ گیا جبکہ مشہور ومعروف عمارتیں بھی قومی پرچم کے رنگوں سے جھلملا اٹھیں۔

  • ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے نگراں وزیراعظم کا بڑا حکم جاری

    ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے نگراں وزیراعظم کا بڑا حکم جاری

    اسلام آباد : نگران حکومت نے ٹیکس وصولی کے اہداف کو پوار کرنے کیلئے مزید اقدامات پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں نگران وزیرخزانہ، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، چیئرمین ایف بی آر ودیگر افسران نے شرکت کی اس موقع پر نگران وزیراعظم کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ٹیکس سسٹم کو ڈیجٹلائز کرنے پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ری اسٹرکچرنگ کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ محصولات کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہوگیا ہے، اسمگلنگ کے کنٹرول کے لئے پچھلے دنوں کافی اہم اقدامات کیے گئے۔

    نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اداروں کو اسمگلنگ کے سدباب کیلئے مزید تندہی سے کام کرنا ہوگا، ایف بی آر کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

  • نگراں وزیراعظم 11 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے

    نگراں وزیراعظم 11 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ فلسطین ایشو پر او آئی سی ہنگامی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے 11 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ11 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، ذرائع نے بتایا ہے کہ جہاں نگراں وزیراعظم او آئی سی سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے، او آئی سی سربراہی اجلاس میں فلسطین کی صورتحال زیر غور آئے گی۔

    یاد رہے فلسطین کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ، سعودی عرب کی دعوت پر اجلاس اتوار کو ریاض میں ہوگا۔

    اسلامی ملکوں کے سربراہان اجلاس میں غزہ میں جنگ کے متاثرین کے لیے انسانی امداد کی فراہمی اور سیز فائر کے لیے آواز اٹھائیں گے۔