Tag: نگراں وزیرداخلہ پنجاب

  • نوازشریف کوجیل میں مناسب سہولتیں دی جارہی ہیں‘ شوکت جاوید

    نوازشریف کوجیل میں مناسب سہولتیں دی جارہی ہیں‘ شوکت جاوید

    لاہور: نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان کے ٹیسٹ بھی نارمل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے صحافیوں سےغیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کوجیل میں مناسب سہولتیں دی جارہی ہیں۔

    شوکت جاوید کے مطابق نوازشریف کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان کے ٹیسٹ بھی نارمل ہیں، جیل میں انہیں ٹی وی، اخبار، کتب، ائیرکنڈیشن، مسٹ فین فراہم کیا ہے۔

    نگراں وزیرداخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے فزیشن کی ہدایت کے مطابق ان کا کھانا گھرسے آتا ہے جبکہ نوازشریف کے دوستوں سے ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مقررہے۔

    شوکت جاوید نے مزید کہا کہ جیل مینوئل کے تحت مریم نواز،کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکوایک دن ملاقات کی اجازت ہے۔

    خیال رہے کہ 13 جولائی کو نوازشریف اور مریم نواز کو لندن سے لاہورپہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں کو خصوصی طیارے پر نیواسلام آباد ایئرپورٹ لایا گیا، جہاں سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

    اڈیالہ جیل میں طبیعت کی اچانک خرابی کے باعث 29 جولائی کو نواز شریف کو پمز اسپتال کے شعبہ امراضِ قلب منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے پرائیویٹ وارڈ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

    نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو مجموعی طورپر گیارہ سال اور مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی مجرموں پر احتساب عدالت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

  • ن لیگی کارکن لاہورائیرپورٹ کی حدود میں آنے کی کوشش نہ کریں، شوکت جاوید

    ن لیگی کارکن لاہورائیرپورٹ کی حدود میں آنے کی کوشش نہ کریں، شوکت جاوید

    لاہور : نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے خبردار کیا ہے کہ ن لیگی کارکن لاہورائیرپورٹ کی حدود میں آنےکی کوشش نہ کریں،عبداللہ گل انٹر چینج ریڈلائن ہے، کارکنان ریڈلائن عبورنہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریلی کی اجازت نہیں لی اور انھیں ریلی کی اجازت بھی نہیں دی گئی ہے، نگراں حکومت غیرجانبدار ہے، کسی پارٹی سے تعلق نہیں۔

    شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اورپولیس ن لیگ قیادت کے ساتھ رابطےمیں ہے، ریلی کےشرکاقانون ہاتھ میں لینےکی ہرگزکوشش نہ کریں، ہم نے وہی انتظامات کیے ہیں، جو ماضی میں کیے جاتے تھے، ایئرپورٹ کا انتظام سول ایوی ایشن کے پاس ہے۔

    نگراں وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ نوازشریف اورمریم نوازکی گرفتاری نیب کی ذمہ داری ہے، کنٹینرز اس وقت حرکت میں آئیں گے، جب املاک کو نقصان پہنچایا جائے گا، ریڈلائن کراس کرنے کی صورت میں سختی سے نمٹا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قانون اور ضابطے کیلئے ہم موجود ہیں، ریلیاں نکالنے کی اجازت نہیں، جلسہ تو دور کی بات ہے، موبائل فون سروس سیکیورٹی کے پیش نظربند کی گئی ہے، قیام امن کے لیے قانون پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

    شوکت جاوید نے کہا کہ کوئی راستہ بند نہیں کیا گیا، ایئرپورٹ پرباڑ لگی ہے، اس کو ویسے بھی کراس نہیں کیا جاسکتا، غیرمعمولی صورتحال سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں، لاہورایئرپورٹ وفاقی اداروں کے کنٹرول میں ہے۔

    نگراں وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ پشاوراوربنوں میں افسوسناک واقعات ہوئے، ملکی حالات کے پیش نظر ہم نے بھی سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں، ن لیگ کی ریلی غیرقانونی ہوگی کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔