Tag: نگراں وزیر اعظم

  • بلوچ طلبا بازیابی کیس: نگراں وزیر اعظم 28 فروری کو پھر ذاتی حیثیت میں طلب

    بلوچ طلبا بازیابی کیس: نگراں وزیر اعظم 28 فروری کو پھر ذاتی حیثیت میں طلب

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلوچ طلبا بازیابی کیس میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو پھر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ طلباء کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔

    بلوچ طلبا عدم بازیابی کیس میں وزیراعظم پیش نہ ہوئے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹھائیس فروری کو سماعت پر پھر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور وزیرداخلہ اور وزیر دفاع کو بھی پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیے نگراں وزیراعظم کوبتادیں آئندہ سماعت پرکراچی نہ جائیں اور آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے کے ڈی جیز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی، تین رکنی کمیٹی آئندہ سماعت پراسلام آباد ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

    دوران سماعت جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیے ہر ماہ کی تاریخ ملا کرچوبیس تاریخیں ہوچکیں، جوشہری بازیاب ہوئے ان کے خلاف کوئی کیس ریکارڈ پر نہیں، اسلام آبادایف سکس سے بغیر ایف آئی آر شہری کو اٹھالے گئے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کا کہنا تھا کہ سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی سرکاری ملازم ہیں، یہ سب افسران جواب دہ ہیں، کوئی قانون سے بالاترنہیں۔

    نگراں وزیراعظم کواس لیے بلایا تھا کیونکہ وہ جوابدہ ہیں، اپنے ملک کےشہریوں کوریکورکرنے میں دو سال لگے، تین حکومتیں ابھی تک لاپتا بلوچ اسٹوڈنٹس کا بازیابی کا کچھ نہیں کرسکیں، حکومت جوبھی آئے وہ مسنگ پرسنزکا مسئلہ حل نہیں کرسکتی۔

    ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ چند ماہ ہے دوران مزید طلبا کوبھی جبری طورپرگمشدہ کیا گیا ہے، حکومت بدلنے سے کچھ نہیں ہوتا، یہ ریاستی پالیسی ہے۔

  • فسادیوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، نگراں وزیر اعظم

    فسادیوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، نگراں وزیر اعظم

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ فسادیوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک میں عام انتخابات کی تکمیل کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج لوگوں کا جمہوری حق ہے لیکن کسی نے فساد برپا کرنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

    انھوں نے کہا 2018 میں 66 اس بار 36 گھنٹوں میں نتائج مرتب ہوئے، پولنگ کے دو ڈھائی گھنٹے بعد ہی یہ تاثر دیا گیا کہ دھاندلی ہو گئی، اور سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔

    نگراں وزیر اعظم نے کہا ہو سکتا ہے کہیں نتائج میں بے قاعدگی ہوئی ہو، اس کے لیے متعلقہ فورم موجود ہے، رپورٹس تھیں کہ غیر ریاستی عناصر موبائل سمز کے ذریعے دھماکے کر سکتے ہیں، موبائل فون بند ہونے سے کچھ تاخیر ہوئی لیکن اسے دھاندلی نہیں کہہ سکتے۔

    انھوں نے کہا بطور نگراں حکومت میں سمجھتا ہوں انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوئے ہیں، انفرادی بے قاعدگی یا الزامات سے ہٹ کر سمجھتا ہوں کہ الیکشن شفاف ہوئے، الیکشن عمل کو مزید بہتر بناے اور نگراں حکومت کے اختیارات پر بحث کی گنجائش موجود ہے۔

    انھوں نے کہا الیکشن میں نئے ووٹرز کا شامل ہونا خوش آئند ہے، نئے ووٹرز کا انتخابی عمل میں شامل ہونا سیاسی استحکام کے لیے اہم ہے، الیکشن کمیشن کو جو کام دیا گیا تھا اس پر عمل ہو چکا، کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا تو الیکشن کمیشن سے متعلق تنقید پر ہمارا دفاع کرنا درست ہے۔

  • آج سے 45 دن بعد آپ کس جماعت کو پیارے ہو جائیں گے؟ صحافی کے سوال پر وزیر اعظم کا دل چسپ جواب

    آج سے 45 دن بعد آپ کس جماعت کو پیارے ہو جائیں گے؟ صحافی کے سوال پر وزیر اعظم کا دل چسپ جواب

    کوئٹہ: نگراں وزیر اعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ ان کا کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے سوال کیا کہ ’’آج سے 45 دن بعد آپ کس جماعت کو پیارے ہو جائیں گے؟‘‘ وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ’’ہو سکتا ہے میں اپنی پارٹی بنا لوں، اور ہو سکتا ہے لوگ مجھے پیارے ہو جائیں۔‘‘

    انھوں نے اس سوال کے جواب میں مزید دل چسپ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ’’ہو سکتا ہے میں اللہ کو پیارا ہو جاؤں، لیکن میں تو اللہ سے مہلت مانگ رہا ہوں۔‘‘

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا ’’جو کل تک موٹر سائیکل نہیں خرید سکتے تھے آج اربوں کے گھر میں رہ رہے ہیں، میرا نام لینا آسان ہے میں کمزور شریف آدمی ہوں تگڑے کا نام کوئی نہیں لیتا۔‘‘ انھوں نے کہا کہ 1970 کے بعد سے بلوچستان میں کسی کا غلط ڈومیسائل بنا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    اس سوال پر کہ کیا وہ انتخابات نہ کرانے کا داغ لے کر جائیں گے، انھوں نے کہا ’’جنھیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملا وہ اپنے داغوں کو لے کر نہیں چلے تو ہم کون سا لے کر جائیں گے، ہم الیکشن کرائیں گے الیکشن کمیشن اس کا انعقاد کرے گا۔‘‘

    ایک سوال پر انھوں نے کہا ’’قوم پرست سمجھتے ہیں کہ تمام چیزیں ان کی نگاہ سے دیکھی جائیں، قوم پرست کہتے ہیں انھیں الہامی درجہ دیا جائے جو ہم دینے کو تیار نہیں، اختر مینگل، ڈاکٹر مالک یا اچکزئی کا ہمیشہ سے مخصوص حلقوں میں ذکر رہا ہے، بہت سارے ایسے حلقے ہیں جہاں ان کے نمائندگان ہیں، اور وہاں وہ خود دھاندلی کرتے ہیں، ان پر دھاندلی کے الزامات لگتے رہے ہیں، سب کو معلوم ہے کہ بلوچستان میں کون کس علاقے سے جیتتا ہے۔‘‘

    گیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا ’’دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان کو گیس کی سپلائی زیادہ دے رہے ہیں، میں نے ہدایات کی ہیں کہ بلوچستان کو گیس کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘ فنڈز کے حوالے انھوں نے کہا ’’کوئٹہ خضدار پروجیکٹ کے لیے ہمارے پاس فنڈ نہیں ہیں، میں نے سعودی اماراتی حکومت سے اس سلسلے میں درخواست کی ہے، سب سے بڑا مسئلہ پروجیکٹ کی فنڈنگ نہ آنے کا ہے جس کے لیے میں کام کر رہا ہوں، امید ہے فروری تک بہت اچھی خبر آ جائے گی۔‘‘

  • نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    ریاض: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گزشتہ روز سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سعودی عرب کے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں غزہ پر اسرائیلی جنگ سمیت اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں رہنماؤں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کو وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت سے روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم نے اسرائیل فلسطین تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کے لیے دیرینہ پاکستان اور سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • نگراں وزیر اعظم 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

    نگراں وزیر اعظم 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 3 روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ فلسطین کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اس دورے کے دروان مختلف سربراہان ممالک سے ملاقاتیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ غزہ کی خطرناک صورتحال پر غور کے لیے ہفتے کو 11 نومبر کو ریاض میں عرب سربراہ کانفرنس منعقد ہو گی۔

  • ای سی او کے تمام ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے: وزیر اعظم

    ای سی او کے تمام ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے: وزیر اعظم

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ای سی او کے تمام ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

    تاشقند کنونشن سینٹر میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق نے کہا کہ غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔

    نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او فورم کو ایک باقاعدہ تنظیم کی شکل دینا ہوگی، مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے، ای سی او ممالک کے درمیان تجارتی راہداریاں اہم کردار ادا کریں گی۔

    دوسری جانب اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 16ویں سربراہی اجلاس سے قبل وزیرِ اعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا, وزیرِ اعظم نے آذربائیجان ایئر لائن کے پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔

    وزیراعظم نے کاروبار، سیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کیلئے مثبت پیشرفت قرار دیا، وزیراعظم نے آذربائیجان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کی۔

    وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور صدر علی یو کے درمیان اسلاموفوبیا اور موسمیاتی تبدیلی علاقائی تعاون اور خوشحالی کے فروغ کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتِ حال اور غزہ میں انسانی بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

  • نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ستمبر میں امریکا کا دورہ کریں گے

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ستمبر میں امریکا کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آئندہ ماہ ستمبر  میں امریکا کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 19 ستمبر کو دورہ امریکا پر روانہ ہوں گے،اس دورے پر یو این جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیر اعظم اقوام متحدہ کی 78ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، انوار الحق کاکڑ 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی وفد کے ہمراہ 19 ستمبر کو روانگی متوقع ہے، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا باقاعدہ ہائی لیول اجلاس 19 ستمبر سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔

  • بجلی کے بھاری بل، نگراں وزیر اعظم نے اہم قدم اٹھا لیا

    بجلی کے بھاری بل، نگراں وزیر اعظم نے اہم قدم اٹھا لیا

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کے بھارے بلوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کام کر گیا، نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

     نگران وزیراعظم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں اجلاس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائیگی، صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائےگی۔

    ملک بھر میں بجلی بلوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج، شہر شہر ریلیاں

    واضح رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں عوام کا احتجاج جاری ہے ،شہر شہر ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے، اضافی ٹیکس واپس لیئے جائیں ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔

    مظاہرین کا کہنا ہے پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، بجلی کے بلوں نے گزارا مزید مشکل کردیا، گھرکی اشیا بیچ کربجلی کے بل جمع کرانے پرمجبور ہیں۔

  • نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج کراچی کا دورہ کریں گے

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج کراچی کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج کراچی پہنچ رہے ہیں ، جہاں وہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کی وفد سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج کراچی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ مزار قائد پر حاضری دیں گے۔

    دورے کے دوران نگراں وزیراعظم نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر سے ملاقات کریں گے ، ملاقات میں صوبے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔

    انوارالحق کاکڑ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ تاجرو سمیت اہم سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    نگراں وزیر اعظم سے ایم کیو ایم پاکستان کی وفد کی ملاقات بھی طے ہیں، ذرائع کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کا وفد فاروق ستار کی قیادت میں انوار الحق کاکڑ سے ملے گا، ملاقات میں فیصل سبزواری اور امین الحق بھی شریک ہوں گے۔

    ملاقات میں آئندہ انتخابات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بات ہوگی۔

  • توقع ہے نگراں وزیر اعظم بروقت انتخابات کرائیں گے، تاخیر پر ہمارا رد عمل آئے گا: عمر ایوب

    توقع ہے نگراں وزیر اعظم بروقت انتخابات کرائیں گے، تاخیر پر ہمارا رد عمل آئے گا: عمر ایوب

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ دیکھنا یہ ہے کہ نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ آئین و قانون پر کتنا عمل کرتے ہیں، بروقت شفاف انتخابات نہ کرائے گئے تو ہم رد عمل دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ہم دیکھیں گے انوارالحق کاکڑ آئین و قانون پر کتنا عمل کرتے ہیں، توقع ہے ان کی قیادت میں نگراں حکومت بروقت شفاف الیکشن کرائے گی، تاخیر ہوئی تو پھر ہمارا رد عمل آئے گا۔‘‘

    انھوں نے کہا پنجاب اور خیبر پختون خوا میں نگراں حکومتیں غیر آئینی طور پر موجود تھیں، کے پی سے نگراں کابینہ کو ہٹا دیا گیا ہے جو خوش آئند ہے، امید ہے پنجاب کی نگراں حکومت کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، صوبائی نگراں حکومتیں کس کے اشارے پر چل رہی تھیں سب کو معلوم ہے۔

    عمر ایوب نے کہا پارٹی چھوڑنے والوں کو احتیاط سے بنیاد رکھنے والی بات کرنی چاہیے، پرویز خٹک ہمارے ساتھی رہے ہیں، ان کو احتیاط کرنی چاہیے، بے بنیاد باتیں نہ کریں، پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت سروے کرا کر دیکھ سکتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا مخالفین بے شک فولاد کی دیواریں بنا دیں، ہمارے لیے راستے ضرور نکلیں گے، پارٹی میں بہت لوگ آتے ہیں اور بہت لوگ جاتے ہیں، جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں پاکستان تحریک انصاف کو فرق نہیں پڑتا، پشاور میں حالیہ بلدیاتی ضمنی انتخاب کے نتائج سب کے سامنے ہیں، پی ٹی آئی سے متعلق عوام کی بالکل واضح رائے سامنے آ رہی ہے۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’’ہم چاہتے ہیں پری پول دھاندلی نہ ہو، الیکشن کمیشن کا کردار منفی رہا ہے، الیکشن کمیشن پنجاب اور کے پی میں مقررہ وقت پر الیکشن کا ذمہ دار تھا لیکن اس نے جانب داری کا مظاہرہ کر کے غیر آئینی کا کام کیا۔