Tag: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ

  • نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آج وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آج وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا ، جس میں وہ اپنے غیر ملکی دوروں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کا اجلاس شام ساڑھے چار بجے ہوگا، جس میں ملک میںسیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگا۔

    کابینہ اجلاس میں ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر غور ہوگا اور کابینہ کو وزیراعظم کاکڑ کے دورہ امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس کے دوران نگران وزیراعظم اپنے غیر ملکی دوروں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    واضح رہے کہ جمعہ کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے دھماکے میں 54 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے، مستونگ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) نواز گشکوری جاں بحق ہونے والوں میں شامل تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکہ ایک ’’خودکش دھماکہ‘‘ تھا اور بمبار نے خود کو ڈی ایس پی گشکوری کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔

    دریں اثنا، جمعے ہی کو خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں دوآبہ تھانے کی حدود میں واقع مسجد کے اندر دھماکے کے نتیجے میں مزید 4 افراد شہید جب کہ 5 زخمی ہوگئے تھے۔

  • کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا، نگراں وزیراعظم

    کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا، نگراں وزیراعظم

    نیویارک : نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کوانتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکامگر 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابات کاانعقادالیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کو صاف شفاف انتخابات میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

    انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو الیکٹرول نظام میں حصہ لینے سے نہیں روکا گیا مگر 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کےتحت کارروائی ہوگی۔ 9

    حکومتی اقدامات کے حوالے سے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اورڈالراسمگلنگ کےخلاف اقدامات سےمثبت نتائج ملےہیں، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چینی اور آٹا مافیا کے خلاف کارروائیاں کی ہیں اس وقت ملک میں آٹےاورچینی سمیت اناج کی کوئی قلت نہیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مؤثراقدامات کیے گئے ہیں، ہم نےمؤثراقدامات کرکےمصنوعی مہنگائی کو روکا ہے۔

    انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ کسی قسم کی سفارتی تنہائی کا شکارنہیں،پاکستان بیشتر فورمز کااہم رکن ہے، اوآئی سی وزرائےخارجہ اجلاس میں سعودی عرب نےکشمیرسےمتعلق پاکستانی مؤقف کی بھرپورحمایت کی، پاکستانی مؤقف کی کھل کرحمایت کرنےپرسعودی عرب کےمشکورہیں۔

  • اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل کیلئے نگراں وزیر اعظم کی جانب سے اہم تقرری

    اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل کیلئے نگراں وزیر اعظم کی جانب سے اہم تقرری

    اسلام آباد : نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے حسین اسلام کو پرائم منسٹر اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کا چیئرمین اور اپنا پولیٹیکل سیکرٹری مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل کیلئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے اہم تقرری کی گئی۔

    حسین اسلام کو چیئرمین اسٹریٹجک اصلاحات یونٹ اوروزیراعظم کے پولیٹیکل سیکریٹری تعینات کردیا گیا، ان کا تقرر اعزازی طور پر کیا گیا، جس کا اطلاق فوری ہوگا۔.

    وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور ڈویژن کو اصلاحاتی ایجنڈے میں حسین اسلام سے تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج کراچی کا دورہ کریں گے

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج کراچی کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج کراچی پہنچ رہے ہیں ، جہاں وہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کی وفد سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج کراچی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ مزار قائد پر حاضری دیں گے۔

    دورے کے دوران نگراں وزیراعظم نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر سے ملاقات کریں گے ، ملاقات میں صوبے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔

    انوارالحق کاکڑ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ تاجرو سمیت اہم سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    نگراں وزیر اعظم سے ایم کیو ایم پاکستان کی وفد کی ملاقات بھی طے ہیں، ذرائع کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کا وفد فاروق ستار کی قیادت میں انوار الحق کاکڑ سے ملے گا، ملاقات میں فیصل سبزواری اور امین الحق بھی شریک ہوں گے۔

    ملاقات میں آئندہ انتخابات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بات ہوگی۔