Tag: نیئر بخاری

  • حکمران اب بغیر سحری افطاری لمبے روزوں  کی  تیاری پکڑیں، نیئر بخاری

    حکمران اب بغیر سحری افطاری لمبے روزوں کی تیاری پکڑیں، نیئر بخاری

    اسلام آباد : سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی نیئرحسین بخاری نے کہا ایک افطار پارٹی نے عوام دشمنوں کو حواس باختہ کر دیا، حکمران اب بغیر سحری افطاری لمبےروزوں کی تیاری پکڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی نے بلاول بھٹو کی افطار پارٹی پر حکومتی رہنماؤں کی جانب سے تنقید پر کہا ایک افطار پارٹی نے عوام دشمنوں کو حواس باختہ کر دیا، اپوزیشن کا فرض ہے کہ نالائق حکمرانوں کیخلاف عوامی آواز بنے۔

    نیئربخاری کا کہنا تھا مانگے تانگے کے حکمران اب بغیر سحری افطاری لمبےروزوں کی تیاری پکڑیں، بلاول نے درپیش سنگین معاملات کی نشاندہی کی۔

    یاد رہے گذشتہ روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی قیادت میں ن لیگ کے وفد سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

    دعوتِ افطار کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں فیصلہ کیا عید الفطر کے بعد اپوزیشن جماعتیں ایوان کے اندر اور باہر حکومت کے خلاف علیحدہ علیحدہ احتجاج کریں گی۔

    مزید پڑھیں ـ اپوزیشن جماعتوں کا عید کے بعد علیحدہ علیحدہ احتجاج کا فیصلہ

    بلاول نے کہا تھا کہ اُس سے قبل مولانافضل الرحمان کی سربراہی میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی جس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ملک کے مسائل کےحل کیلئے اپوزیشن اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

    بعد ازان وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ آج کچھ لوگ جمہوریت بچانے کے لئے جمع ہوئے ہیں، یہ سارے وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے پاکستان آج تک آگے نہ بڑھ سکا۔

  • بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی: نیئر بخاری

    بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی: نیئر بخاری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی، ان کے اس عمل نے عوام کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی بہترین کاوش کی، انھوں نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی۔

    سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی کے سینئر رہنما نیئر بکاری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مخالفت برائے مخالفت والی سوچ کے خاتمے کی طرف تاریخی قدم اٹھایا۔

    سینئر سینیٹر نے کہا کہ چیئرمین پی پی نے نواز شریف کی عیادت کر کے اپنے عمل کے ذریعے حقیقی سیاسی و قومی رہنما ہونے کا ثبوت دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے سیاسی رنجشیں بھلا کر انسانیت و اخلاقیات کو سر بلند کیا، پیپلز پارٹی نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو زرداری آپ کا بہت شکریہ ، مریم نواز

    خیال رہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل جا کر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی، اس دوران بلاول بھٹو نے نواز شریف کو این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیش کش بھی کی۔

    نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے بلاول بھٹو کا اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے شکریہ ادا کیا، اور لکھا کہ بلاول بھٹو کی فکر مندانہ اور مدبرانہ سوچ قابل قدر ہے۔