Tag: نیاگرا فال

  • نیاگرا فال کے قریب گاڑی ہوا میں اڑنے کے بعد دھماکے سے پھٹ گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نیاگرا فال کے قریب گاڑی ہوا میں اڑنے کے بعد دھماکے سے پھٹ گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کینیڈا کے مشہور سیاحتی مقام نیاگرا فال کے قریب ایک گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے باعث 2 افراد ہلاک اور ایک پیٹرولنگ افسر زخمی ہو گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز ہونے والا دھماکا امریکا اور کینیڈا کو ملانے والے پل رینبو پر ہوا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر برج کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔

    گورنر نیویارک کیتھی ہوکل نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

    اے پی کے مطابق نیاگرا فالز پر امریکا کی جانب سے آنے والی ایک تیز رفتار کار یو ایس کینیڈا پل کے قریب بے قابو ہو کر چیک پوائنٹ سے ٹکرا کر کریش ہو گئی، اور بعد ازاں اس میں زبردست دھماکا ہوا۔

    ایف بی آئی کے بفیلو آفس نے بدھ کو دیر گئے کہا کہ اس نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، جائے وقوعہ کی تلاشی سے کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا اور نہ ہی دہشت گردی کے کوئی شواہد ملے۔ رینبو برج پر ہونے والے اس واقعے نے سرحد کے دونوں جانب خدشات کو جنم دیا، امریکی صدر جو بائیڈن اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو فوری طور پر بریفنگ دی گئی۔

  • سعودی طالب علم نیاگرا فال میں گر کر لاپتہ ،  تلاش جاری

    سعودی طالب علم نیاگرا فال میں گر کر لاپتہ ، تلاش جاری

    ریاض : سعودی طالب علم  نیاگرا آبشار میں لاپتا ہوگیا ، خاندان صدمے سے نڈھال ہیں ، عینی شاہدین نے عداوی کے نیاگرا فال میں گرتے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں زیر تعلیم ایک سعودی طالب علم عیسیٰ یحییٰ عداوی کے کینیڈا اور امریکا کی سرحد پر بلند ترین آبشار ”نیاگرا“ میں گر کر لاپتا ہونے کے واقعے سے اس کا خاندان گہرے صدمے سے دوچار ہے۔

    یحییٰ عداوی کے بھائی قاسم عداوی نے عرب ٹی وی کو بتایا کہ عیسٰی تین بچوں 12 سالہ عبداللہ، 10 سالہ ارجوان اور 8 سالہ محمد اور اپنی اہلیہ کو نیاگرا آبشار کے قریب چھوڑ کر آبشار کو قریب سے دیکھنے چلا گیا، اس کے بیوی بچے دو گھنٹے انتظار کرتے رہے مگر وہ واپس نہیں لوٹا۔

    قاسم عداوی کا کہنا تھا جب انتظار کی وجہ سے پریشانی مزید بڑھی تو اس کی بیوی نے عینی شاہدین سے پوچھ گچھ شروع کی تو عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے مقامی وقت کے مطابق دن 10 بجے ایک شخص کو نیاگرا آبشار میں گرتے دیکھا۔

    اس کے بعد خاتون نے فورا پولیس اور سیکیورٹی حکام کو مطلع کیا، جنہوں نے لاپتا ہونے والے سعودی شہری کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    یحییٰ عداوی کے بھائی نے بتایا کہ امریکا میں لاپتا ہونے والے شہری کی بیوی کے بھائی اپنی ہمشیرہ اور اس کے تین بچوں کی مدد کے لیے نیویارک پہنچ گئے ۔

    عینی شاہدین نے سوشل میڈیا پر ایک فوٹیج بھی پوسٹ کی ہے، جس میں عداوی کو نیاگرا فال میں گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

  • نیاگرا فال منجمد ہونا شروع

    نیاگرا فال منجمد ہونا شروع

    امریکا میں اس وقت موسمِ سرما اپنےعروج پر ہے جس کے سبب جہاں کئی ریاستوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے وہیں نیاگرا فال بھی منجمد ہونا شروع ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر واقعہ دنیا کاعظیم ترین آبشار نیاگرا فال کے کئی حصے منجمد ہوگئے ہیں، یاد رہے کہ یہاں درجہ حرارت نقطہ انجما د سے کئی درجے نیچے گرجاتا ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ قطب شمالی سے آنے والے سرمائی سسٹم کے سبب نیاگرا فال کے ارد گرد کا علاقہ منجمد ہورہا ہے، امید کی جارہی ہے کہ یہاں سردی مزید بڑھے گی کہ ابھی منجمد بارش بھی ہونی ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 1848 یعنی کہ لگ بھگ 171 سال قبل معلوم تاریخ کا وہ واحد سال تھا جب نیاگرا فال مکمل طور پر جم گیا تھا جس کے سبب پانی کا بہاؤ مکمل رک گیا تھا اوراوپر کےعلاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ اس کے بعد یہ کبھی بھی مکمل طور پر منجمد نہ ہوا۔


    اس عظیم آبشار کے گرد جمع ہونے والی برف اسے سیاحوں کے لیے انتہائی دلفریب بنارہی ہے ، یاد رہے کہ یہ آبشار امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر واقع ہے اور دونوں ممالک سے اس کا نظارہ کیا جاسکتا ہے ، تاہم کینیڈا کی جانب سے کیا جانے والا نظارہ بے مثال ہے۔

    شمالی امریکا میں جاری اس برفیلے موسم کو کینیڈا کی جانب سے آنے والی آرکٹک کی ہوائیں مزید سر د بنا رہی ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ ابھی یہاں سردی کی شدت اور آبشار پر موجود برف میں مزید اضافہ ہوگا۔

  • امریکا اور کینیڈا میں شدید ترین سردی نے نیاگرا فال کو بھی جما دیا

    امریکا اور کینیڈا میں شدید ترین سردی نے نیاگرا فال کو بھی جما دیا

    موسم سرد امریکا اور کینیڈا میں خون جما دینے والی شدید ترین سردی کا راج ہے، یخ بستہ ہواوں نے نیاگرا فال کو بھی جما دیا۔

    امریکا اور کینیڈا میں سخت سردی نے کئی عشروں کے ریکارڈ توڑ دیئے، شدید سردی کے باعث جہاں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے، امریکا کی مشرقی اور جنوبی ریاستیں بدستور برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں۔

    کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں۔توانائی کے وسائل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، خراب موسم کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں اور ٹرین اور روڈ ٹریفک بھی معطل ہے۔

    مسلسل گرتے ہوئے درجہ حرارت نے نیا گرا فال کو بھی منجمد کرکے رکھ دیا ہے، قومی موسمیاتی ادارے کے مطابق نیو یارک کے سینٹرل پارک کا درجہ حرارت گِر کر منفی سولہ درجے سینٹی گریڈ پر آگیا ہے اور بتیس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں نے موسم کی شدت میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر کے مزید جاری رہنے کا امکان ہے