Tag: نیا سال

  • شاہ رخ، گوری اور آریان کیا نئے سال کی شروعات پر مکہ گئے تھے؟

    شاہ رخ، گوری اور آریان کیا نئے سال کی شروعات پر مکہ گئے تھے؟

    here
    بالی ووڈ کنگ شارہ رخ خان ان کی اہلیہ گوری اور بیٹے آریان خان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس میں انھیں مکہ میں دکھایا گیا ہے۔

    نئے سال کی شروعات سے ہی ایک تصویر سوشل میڈیا پر زور و شور سے گردش کررہی ہے جس میں شاہ رخ، آریان اور گوری مکہ میں نظر آرہے ہیں، اس تصویر میں شاہ رخ اور آریان خان نے سفید کرتا زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ کنگ خان نے سرپر امامہ ٹاپ ٹوپی بھی پہنی ہے۔

    گوری خان بھی مسلمانوں والے لباس میں نظر آرہی اور انھوں نے باقاعدہ طور مسلم خواتین کی طرح حجاب لیتے ہوئے برقع لگایا ہوا ہے اور اپنے سر کو اسکارف سے ڈھانپا ہوا ہے۔

    تاہم اب اس تصویر کی حقیقت سامنے آگئی ہے کہ یہ تصویر جعلی اور ڈیپ فیک کی مدد سے بنائی گئی ہے، اس تصویر کو حقیقت سے مشابہت دینے کے لیے اس کے پیچھے مکہ کے مینار بھی واضح کیے گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خان فیملی کی مکہ کا دورہ کرنے والی تصاویر جعلی ہیں اسے ڈیپ فیک یا کسی دوسری آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے بنایا گیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Abdul Wajeed (@wtv_news_media)

    اس سے قبل کئی سوشل میڈیا آؤٹ لیٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ تصویر حقیقی ہے جبکہ کچھ اداروں نے اسے اے آئی سے بنائی گئی تصویر قرار دیا تھا۔

    خیال رہے کہ 2005 میں گوری خان نے کافی ود کرن میں شاہ رخ کے مذہب کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے مذہب کا احترام کرتی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ مسلمان ہوجائیں گی۔

  • دسمبر آج ملنے جا رہا ہے جنوری سے (منتخب اشعار)

    دسمبر آج ملنے جا رہا ہے جنوری سے (منتخب اشعار)

    اک اجنبی کے ہاتھ میں دے کر ہمارا ہاتھ
    لو ساتھ چھوڑنے لگا آخر یہ سال بھی

    حفیظ میرٹھی نے اپنے اس شعر میں نئے سال کو ‘اجنبی’ کہا ہے۔ واقعی، سال 2025ء ابھی ہمارے لیے ایک اجنبی کی طرح ہے، لیکن آج کی شب یہ ہم سے اپنا تعارف کروائے گا اور کل طلوعِ آفتاب کے ساتھ ہی ہمارا آشنا بن جائے گا۔

    دنیا نئے سال کو خوش آمدید کہنے جارہی ہے اور شاید آپ اس موقع پر اپنے احساسات اور کیفیات کا اظہار کرنے کے لیے اشعار کا سہارا لینا چاہتے ہیں۔ اردو زبان کے ہر بڑے شاعر نے جہاں دسمبر کو ہجر اور اداسی کا استعارہ بنا کر پیش کیا ہے وہیں‌ نئے سال سے متعلق اردو شاعری بھی ہمیں پڑھنے کو ملتے ہیں۔ یہاں ہم آپ کے لیے وہ اشعار نقل کررہے ہیں جو نئے سال کی آمد پر خوشی اور مسرت کے اظہار کے ساتھ گزرتے ہوئے اس برس کی یادوں کو تازہ کرتے ہیں۔ اشعار پیشِ‌ خدمت ہیں۔

    یہ کس نے فون پہ دی سالِ نو کی تہنیت مجھ کو
    تمنا رقص کرتی ہے، تخیل گنگناتا ہے
    علی سردار جعفری

    ایک پتا شجرِ عمر سے لو اور گرا
    لوگ کہتے ہیں مبارک ہو نیا سال تمہیں

    چہرے سے جھاڑ پچھلے برس کی کدورتیں
    دیوار سے پرانا کلینڈر اتار دے
    ظفر اقبال

    گزشتہ سال کوئی مصلحت رہی ہوگی
    گزشتہ سال کے سکھ اب کے سال دے مولا
    لیاقت علی عاصم

    اک پل کا قرب ایک برس کا پھر انتظار
    آئی ہے جنوری تو دسمبر چلا گیا
    رخسار ناظم آبادی

    ستاروں آسماں کو جگمگا دو روشنی سے
    دسمبر آج ملنے جا رہا ہے جنوری سے
    بھاسکر شکلا

    کسی کو سالِ نو کی کیا مبارک باد دی جائے
    کلینڈر کے بدلنے سے مقدر کب بدلتا ہے
    اعتبار ساجد

    نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس آئے
    خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے
    فریاد آزر

  • نئے سال کے پہلے دن برطانیہ میں خطرناک طوفان کی پیشگوئی

    نئے سال کے پہلے دن برطانیہ میں خطرناک طوفان کی پیشگوئی

    لندن: نئے سال کے پہلے دن برطانیہ میں خطرناک موسمی طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے، شدید موسم کی وارننگ جاری کردی گئی۔

    برطانیہ کے میٹ آفس کی جانب سے شدید برفباری، طوفانی ہواؤں اور بارش کی وارننگ جاری کردی گئی ہے، شمالی انگلینڈ، جنوبی اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، آئرش سمندر کے ساحلوں پر ہوائیں 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہیں۔

    میٹ آفس نے بتایا کہ 2 جنوری تک خراب موسم کا سلسلہ جاری رہے گا، شدیدد ھند کے باعث پروازوں اور سفر میں خلل کا خدشہ ہے، ڈرائیورز کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

    برطانیہ میں فلائٹ آپریشن متاثر، پروازیں تاخیر کا شکار

    نیو ایئرنائٹ بارشوں اور طوفان کی نذر ہوسکتی ہے، اسکاٹ لینڈ میں نیوایئر نائٹ پر برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    میٹ آفس نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے برطانیہ میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھند کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کی پروازیں منسوخ ہوئیں۔

  • ویڈیو: دنیا بھر میں نئے سال کا کاؤنٹ ڈاؤن، غزہ میں قحط کا کاؤنٹ ڈاؤن

    ویڈیو: دنیا بھر میں نئے سال کا کاؤنٹ ڈاؤن، غزہ میں قحط کا کاؤنٹ ڈاؤن

    جہاں ایک طرف دنیا بھر میں نئے سال کا کاؤنٹ ڈاؤن ہو رہا تھا، وہاں دوسری طرف فلسطین کے بدقسمت ترین محصور شہر غزہ میں قحط کا کاؤنٹ ڈاؤن چل رہا تھا۔

    ورلڈ فوڈ پروگرام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو جاری کی ہے، جس کے ساتھ ڈبلیو ایف پی نے لکھا کہ جہاں ہم نئے سال کے لیے الٹی گنتی کر رہے ہیں وہاں غزہ میں ایک بالکل مختلف قسم کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔

    ڈبلیو ایف پی نے لکھا کہ ہم غزہ میں زندگی کے لیے ضروری بنیادی اشیا کے مکمل خاتمے کو ٹالنے اور لاکھوں لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لیے وقت کے خلاف دوڑ لگا رہے ہیں۔

    اسرائیلی وزیر خزانہ نے اپنی حکومت سے شرمناک مطالبہ کر دیا

    ادارے نے لکھا کہ صرف ایک طویل مدتی جنگ بندی اور بغیر کسی رکاوٹ کے امدادی سامان کی ترسیل ہی اس تباہی کو روک سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ 2023 فلسطینیوں کے لیے نسل کشی کا سال رہا، اور غزہ کی 70 فی صد آبادی ملیا میٹ ہو گئی ہے، دو ہزار تئیس کے آخری تین ماہ میں فلسطینیوں کی زندگی کا ہر لمحہ اسرائیلی بمباری، میزائلوں اور زمینی حملوں کی لپیٹ میں رہا۔

    سال نو کے موقع پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے دنیا بھر میں مظاہرے

    غزہ کی فضا میں بارود کی بو رچ بس گئی ہے، زندگی کی تلاش میں والدین زخمی بچوں کو اٹھائے اسپتالوں کی جانب دوڑتے نظر آتے ہیں، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی آہوں نے دل دہلا دیے ہیں۔ صہیونی فوج نے 22 ہزار سے زائد فسلطینیوں کو شہید کر دیا ہے، مغربی کنارے میں حملوں سے 506 فلسطینی شہید ہوئے۔

    نئے سال کے آغاز پر 87 ویں دن بھی غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری جاری رہی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد فلسطینی شہید اور 286 زخمی ہو گئے، خان یونس، جبالیہ اور دیر البلاح کے اطراف میں اسرائیلی طیاروں نے بم برسائے، خان یونس میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد شہید ہو گئے۔

  • یاسر حسین اور اقرا عزیر کی انوکھے انداز میں نئے سال کی مبارکباد

    معروف فنکار یاسر حسین اور ان کی اہلیہ اقرا عزیر نے انوکھے انداز میں اپنے مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ اداکارہ اقرا عزیز کے ساتھ نئی تصویر پوسٹ کی۔

    یاسر حسین نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ میری اور میری اہلیہ کی طرف سے آپ سب کو نیا سال مبارک ہو۔

    انہوں نے اپنی اہلیہ کے لیے لکھا کہ آپ کے ساتھ رہنا بے حد پرلطف ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Yasir Hussain (@yasir.hussain131)

    یاسر حسین اور اقرا عزیز سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور اکثر اپنی اور بیٹے کبیر حسین کی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

    یاسر اور اقرا سنہ 2019 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور 2021 میں ان کے یہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

  • نئے سال پر ہلڑ بازی کا انجام، 78 مریض اسپتال پہنچ گئے

    لاہور: نیو ایئر نائٹ پر منچلوں کو ہلڑ بازی کرنا مہنگی پڑ گئی، شہر لاہور میں 78 مریض اسپتال پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سڑکوں پر رات گئے درجنوں منچلے موٹر سائیکلوں پر ہلڑ بازی کرتے ہوئے زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے، شہر کے چار بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں 78 مریض داخل ہوئے۔

    دیگر اسپتالوں کی ایمرجنسیوں میں بھی سینکڑوں مریض داخل ہوئے، گزشتہ رات میو اسپتال اور جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں سب سے زیادہ ہڈی جوڑ اور زخمی مریض رپورٹ ہوئے۔

    میو اسپتال کی ایمرجنسی میں 23 جب کہ جناح اسپتال میں 21 مریض رپورٹ ہوئے، لاہور جنرل اسپتال میں 19 جب کہ سروسز اسپتال میں 15 مریض رپورٹ ہوئے۔

    سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن، درجنوں گرفتار

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، جب کہ ہڈی جوڑ اور فریکچر کے مریضوں کے آپریشن بھی کیے جا رہے ہیں۔

  • نئے سال کے اہداف: وبا کے دور میں صحت کو پہلی ترجیح بنائیں

    نئے سال کے اہداف: وبا کے دور میں صحت کو پہلی ترجیح بنائیں

    سال نو کا پہلا دن خود سے بہت سے وعدے کرنے اور نئے اہداف طے کرنے کا نام ہوتا ہے، چونکہ گزشتہ 2 سال سے دنیا صحت کے حوالے سے ایک شدید دھچکے سے گزر رہی ہے تو اب وقت ہے کہ اپنی صحت کو اپنی پہلی ترجیح بنائی جائے۔

    اپنی صحت کے لیے اہداف طے کرنا صرف نئے سال میں وزن کم کرنے کے ہدف کا نام نہیں، بلکہ یہ اس لیے ضروری ہے تاکہ وبا کے اس دور میں آپ خود کو محفوظ رکھ سکیں، اور یہی اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

    تو آئیں پھر آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اس سال آپ نے خود کو کیسے صحت مند رکھنا ہے، آخر صحت مند رہنا ہی آج کے دور میں سب سے بڑی کامیابی ہے۔

    صحت مند غذائیں سب سے ضروری

    سب سے پہلے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ جو بھی کھائیں وہ صحت مند اور غذائیت بخش ہو۔ یہ اس لیے بھی ضروری ہے تاکہ آپ کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو اور آپ بیماریوں کا آسان شکار نہ بنیں۔

    صحت مند رہنے کے لیے کھانے کی مقدار کم یا زیادہ کرنے کے بجائے ڈائٹ میں تبدیلی کریں، پھلوں اور خصوصاً سبزیوں کا استعمال بڑھا دیں۔

    روزمرہ کی غذا میں سبزیاں، پھل، دودھ، انڈے، دالیں اور مچھلی شامل کریں، اس سے آپ کے جسم کو درکار توانائی اور غذائی اجزا کی ضرورت پوری ہوگی۔

    کچن میں کیا رکھنا ہے؟

    اس سال اپنے کچن میں نئے برتن لانے کے بجائے اسے دالوں، گندم، سبزیوں، پھلوں، جڑی بوٹیوں اور صحت بخش تیلوں سے بھر لیں۔ یقیناً اگلے سال میں آپ کی غذائی عادات بھی بہتر ہوجائیں گی۔

    گھر کے کھانے کو ترجیح دیں

    کیا آپ جانتے ہیں مستقل بنیادوں پر باہر کا کھانا کھانا نہ صرف آپ کو کینسر سمیت بے شمار بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے بلکہ یہ ہماری قوت مدافعت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

    باہر کے بنے کھانوں میں مرچ مصالحوں اور مضر صحت تیل کی بہتات ہوتی ہے۔ اس کے برعکس گھر کا بنا ہوا صاف ستھرا کھانا آپ کو امراض قلب، بلڈ پریشر اور ذیابیطس سے تحفظ فراہم کرے گا اور آپ کی قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوگا۔

    چنانچہ اگلے سال کے اہداف میں باہر کے کھانے سے پرہیز اور گھر کے کھانے کی ترجیح بھی شامل کرلیں۔

    ایک دن گوشت کے بغیر

    ہفتے کا ایک دن گوشت کے بغیر ضرور گزاریں، گو کہ گوشت جسم کو وٹامنز، پروٹین اور آئرن تو فراہم کرتا ہے تاہم اس کا استعمال اعتدال میں کرنا چاہیئے اور ایک دن گوشت سے پرہیز اس کا نہایت بہترین طریقہ ہے۔

    گوشت کی جگہ سبزیوں کی مزیدار ڈش، انڈے، دال اور پھل دن کا بہترین کھانا ثابت ہوگا۔

    پانی کو مت بھولیں

    ہر موسم میں پانی کا زیادہ استعمال نہ چھوڑیں۔ پانی نظام ہاضمہ کو فعال رکھتا ہے اور کھانا جلد ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے، یہ وزن میں زیادتی یا کمی کرنے کے لیے ضروری ہے۔

    پھل اور سبزیاں بہترین دوست

    کیا آپ جانتے ہیں پھل اور سبزیاں ہمیں بے شمار فوائد پہنچاتی ہیں؟ یہ نہ صرف خون کے بہاؤ کو معمول پر رکھ کر امراض قلب اور بلڈ پریشر سے بچاتی ہیں بلکہ موڈ اور نفسیات پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔

    پھل اور سبزیاں کھانا ڈپریشن اور ذہنی تناؤ سے بھی بچاتا ہے جبکہ جسم میں خوشی پیدا کرنے والے ہارمونز میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

    حرکت میں آئیں

    اس سال بھاری بھرکم ورزش کے منصوبے بنانے کے بجائے صرف اتنا کریں کہ دن میں کچھ وقت چہل قدمی کرلیں یا صرف سیڑھیاں چڑھ لیں۔ گو کہ جسم کو زیادہ سے زیادہ فعال رکھنا جسمانی و ذہنی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے، لیکن اگر آپ یہ نہیں بھی کرسکتے تب بھی معمولی حرکت ضرور کریں۔

    کوشش کر کے بیٹھنے اور لیٹنے کا وقت مختصر کرتے جائیں اور خود کو حرکت میں لائیں، آہستہ آہستہ آپ خود میں واضح فرق محسوس کریں گے۔

    یاد رکھیں، جان ہے تو جہاں ہے، اگر آپ صحت مند اور تندرست ہوں گے تو ہی زندگی کی دیگر رنگینیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

  • سنہ 2021 کیسا ہوگا؟ بل گیٹس نے اپنی رائے کا اظہار کردیا

    سنہ 2021 کیسا ہوگا؟ بل گیٹس نے اپنی رائے کا اظہار کردیا

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ایک فہرست مرتب کی ہے جس میں انہوں نے ان وجوہات کا ذکر کیا ہے جن کی وجہ سے سال 2021، سال 2020 سے بہتر ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ہر سال کے اختتام پر اس برس کی مثبت پیشرفت کی فہرست مرتب کرنے کے عادی ہیں۔ سنہ 2020 میں بھی انہوں نے ایسی ہی فہرست مرتب کی ہے، مگر اس بار رواں سال کی مثبت پیشرفت کی بجائے 2021 کے زیادہ بہتر ہونے کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔

    بل گیٹس نے اپنی فہرست کا آغاز اس پیغام کے ساتھ کیا کہ سنہ 2021 رواں سال سے بہتر ہوگا۔ انہوں نے اپنے مضمون کا آغاز کرونا وائرس ویکسینز کی برق رفتار تیاری سے کیا۔

    بل گیٹس نے لکھا کہ انسانوں نے ایک سال کے اندر کسی بیماری کے خلاف اتنی پیشرفت نہیں کی، جتنی اس سال کووڈ 19 کے خلاف دیکھنے میں آئی، عام طور پر ایک ویکسین کی تیاری میں کئی برس لگ جاتے ہیں، مگر اس بار ایک سال سے بھی کم وقت میں کئی ویکسینز تیار کرلی گئیں۔

    انہوں نے لکھا کہ 100 فیصد افراد تو فیس ماسک اور سماجی دوری جیسے اقدامات پر عمل نہیں کررہے، مگر اکثریت ان احتیاطی تدابیر کو اپنا چکی ہے۔ یہ بہت زیادہ امید دلاتا ہے کہ ان اقدامات کو برقرار رکھ کر ویکسین کی فراہمی کے عرصے تک وائرس کے پھیلاؤ کو سست کر کے زندگیاں بچائی جاسکیں گی۔

    رواں برس کے شروع میں بل گیٹس نے ویکسین کی تیاری کے لیے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا تھا۔ اب ان کا کہنا ہے کہ 2 اچھی ویکسینز کی تیاری سے عندیہ ملتا ہے کہ دیگر ویکسینز بھی کامیاب ہوں گی۔

    انہوں نے لکھا کہ متعدد کمپنیوں کی جانب سے ویکسینز کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر عمل کیا جارہا ہے، تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان میں سے کچھ محفوظ اور مؤثر ہوں گی، ابھی بھی 2 ویکسینز آچکی ہیں اور مزید آنے والی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی خطرات کے لیے مل جل کر کام کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کے بقول کچھ جگہ تو اپنے ملک کو ترجیح دی گئی جیسے امریکا یا جرمنی میں، مگر دیگر ممالک نے کولیشن فار ایپیڈیمک پریپریڈنس انوویشن کو تشکیل دیا، جس کے لیے متعدد حکومتوں اور ہمارے ادارے نے سرمایہ فراہم کیا۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ وہ امید کی چند وجوہات کو دیکھ رہے ہیں کیونکہ ایسے معاہدے کیے جارہے ہیں جن میں ادویات ساز کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معمول کے حالات میں اس طرح کے معاہدوں کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا، یہ بالکل ایسا ہے جیسے فورڈ کی جانب سے اپنے ایک کارخانے میں ہونڈا کو اکارڈ تیار کرنے کی پیشکش کی جائے۔

    بل گیٹس نے ویکسین کی تیاری اور فراہمی کے حوالے سے لکھا کہ مالیاتی اور لاجسٹک مسائل سب سے بڑے چیلنجز ہیں، مگر توقع ہے کہ ماہرین کام کر کے اس حوالے سے حکمت عملی فراہم کریں گے اور امیر ممالک غریب ممالک کی مدد کریں گے۔

    ویکسینز پر لوگوں کے شبہات کے حوالے سے انہوں نے لکھا کہ ویکسینز کے حوالے سے سازشی خیالات سے کوئی مدد نہیں ملے گی، مگر قابل اعتبار رہنماؤں، سیاستدانوں، سائنسدانوں اور ڈاکٹروں سے لوگوں کے شکوک کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

    کووڈ 19 کے علاج کے حوالے سے بل گیٹس نے شکر گزاری کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ویکسین کی طرح ایک اور چیلنج علاج کی تیاری اور فراہمی ہوگی۔

    ان کے بقول اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ہمارے ادارے نے ایک سیکنڈ سورس معاہدہ فیوجی فلم سے کیا ہے جو ایلی للی کی تیار کردہ اینٹی باڈی کو تیار کرے گی، یہ ڈوز غریب اور متوسط ممالک کو کم لاگت میں فراہم کیے جائیں گے۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ بہت جلد کووڈ 19 ٹیسٹ کے لیے قطاروں میں لگنے کے دن ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے اس حوالے سے پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں امریکا میں پہلے ایسے کووڈ ٹیسٹ کی منظوری دی گئی جس کو گھر میں کیا جا سکتا ہے اور اس کے نمونے لیبارٹری بھیجنے کی ضرورت نہیں۔

    بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ ایک چیز جس پر میں خوش ہوں، اور جس پر میں غلط ثابت ہوا کہ کووڈ 19 غریب ممالک کے لیے تباہ کن وبا ثابت ہوگی، درحقیقت افریقہ میں کیسز اور اموات کی شرح امریکا اور یورپ سے کم رہی۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس وبا کا مقابلہ کیا اور اس سے عندیہ ملتا ہے کہ دیگر عالمی چیلنجز کے لیے بھی دنیا تیار ہوگی۔

    بقول بل گیٹس کے عالمی تعاون ایسی وجہ ہے جس سے مجھے لگتا ہے کہ آنے والے سال میں نہ صرف اس وبا کو کنٹرول کیا جا سکے گا، بلکہ میرا ماننا ہے کہ دنیا دیگر چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف بھی ٹھوس اقدامات کر سکے گی۔

    بل گیٹس نے مزید لکھا کہ وہ پرامید ہیں کہ وہ ان مسائل پر قابو پانے کی کوشش جاری رکھ سکیں گے جو بنیادی مسائل ہیں۔

  • نیا سال ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    نیا سال ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ نیا سال ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے، یہ سال تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری لانے کا سال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یہ نئے سال کا پہلا کابینہ اجلاس ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیا سال نئے جذبے، نئی لگن سے عوام کی خدمت کا سال ہے، غربت کا خاتمہ، ٹڈی دل کا خاتمہ، ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے۔

    انہوں نے تمام محکموں کو خالی اسامیاں 15 جنوری تک جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسامیوں کی پوزیشن بتائیں تاکہ بھرتی کے لیے اشتہار دے سکیں۔

    اجلاس میں سندھ کابینہ نے پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین کی تقرری کی توسیع کردی، سندھ حکومت نے پروفیسر مجیب الدین میمن کو وائس چانسلر ٹنڈو جام یونیورسٹی مقرر کیا تھا۔ عدالت نے یہ فیصلہ غیرقانونی قرار دیا تھا کیونکہ کابینہ نے اس کی توسیع نہیں کی تھی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے سندھ آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز کی منظوری دے دی۔

  • مختلف دہائیوں میں پیدا ہونے والے جڑواں بہن بھائی

    مختلف دہائیوں میں پیدا ہونے والے جڑواں بہن بھائی

    جڑواں بچوں کی پیدائش کے وقت تاریخ کا بدل جانا تو معمول کی بات ہے تاہم ایک امریکی جوڑے کے یہاں جڑواں بچوں کی پیدائش اس طرح ہوئی کہ دونوں کا سال تو کیا دہائی بھی بدل گئی۔

    امریکی ریاست انڈیانا میں ڈان گیلیم اور جیسن ٹیلو نامی جوڑے کے یہاں صرف 30 منٹ کے وقفے سے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، تاہم اس 30 منٹ میں نہ صرف سال 2019 سے 2020 ہوگیا بلکہ دہائی بھی بدل گئی۔

    جوڑے کے یہاں پہلے بچی کی پیدائش رات 11 بج کر 37 منٹ پر ہوئی جبکہ 30 منٹ بعد بچے کی پیدائش 12 بج کر 7 منٹ پر ہوئی۔

    یوں 2 جڑواں بہن بھائیوں کی تاریخ پیدائش دو مختلف دہائیوں کی ہوگئی۔

    جوڑے کا کہنا ہے کہ ان بچوں کی پیدائش فروری میں ہونی تھی تاہم گزرے سال کی آخری شام بچوں کی حرکت میں سست روی کی وجہ سے انہوں نے ڈاکٹر کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔

    ڈاکٹر نے انہیں بتایا بچوں کی پیدائش اسی وقت متوقع ہے۔

    والد کا کہنا ہے کہ انہیں یہ تو امید تھی کہ دونوں کی پیدائش میں تاریخ بدل سکتی ہے تاہم یہ اندازہ نہیں تھا کہ سال بلکہ دہائی بھی مختلف ہوسکتی ہے۔

    یونیسف کا کہنا ہے کہ نئی دہائی اور نئے سال کے پہلے دن دنیا بھر میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے 10 ہزار امریکا میں پیدا ہوئے۔