Tag: نیا سال

  • سال نو غریب عوام پر قہربن کر ٹوٹ پڑا، آٹے کی قیمت میں اضافہ

    سال نو غریب عوام پر قہربن کر ٹوٹ پڑا، آٹے کی قیمت میں اضافہ

    لاہور: نیا سال غریب عوام پر قہربن کر ٹوٹ پڑا، آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آٹے کی فی کلو قیمت 60 روپے سے بڑھا کر 64روپے کردی گئی ہے، گندم کی قیمت میں 7روپے فی کلو اضافے پر قیمت بڑھانا پڑی۔

    ترجمان نے یہ بھی کہا کہ آٹے کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ ایسویس ایشن اجلاس میں کیا گیا۔ حکومت نےگیس، بجلی اور ٹیکسوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے جس کے باعث ایسے اقدامات سامنے آرہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چھاپے مارنے اور بھاری جرمانے عائد کیے جانے کے خلاف ہڑتال بھی کیا تھا۔

    بلوچستان میں آٹے کی قلت، قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ، حکومت کا نوٹس

    لاہور آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ آٹا چکی مالکان کو ایک کلو چکی کا تیارکردہ آٹا 42روپے میں فروخت کرنے پر مجبور کر رہی ہے جو کے فلور ملوں کے تیار کردہ آٹے کے لیے مقررہ قیمت ہے۔

    واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی آٹے کی قلت ہوچکی ہے، شہری مہنگی قیمت میں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، غریب عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری ایکشن لے۔

  • نئے سال کے آغاز پر اندرون ملک فضائی مسافروں کے لیے بری خبر آ گئی

    نئے سال کے آغاز پر اندرون ملک فضائی مسافروں کے لیے بری خبر آ گئی

    کراچی: نئے سال کے آغاز پر اندرون ملک سفر کرنے والے فضائی مسافروں پر مالی بوجھ میں اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیا سال شروع ہوتے ہی اندرون ملک سفر کرنے والے فضائی مسافروں پر مالی بوجھ میں اضافہ کر دیا گیا، پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائینز نے اندرون ملک جانے والی پروازوں کے کرایوں میں اچانک اضافہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، رحیم یار خان اور فیصل آباد سیکٹر کے کرایے میں 10 سے 15 ہزار کا اضافہ کر دیا گیا ہے، ہنگا می صورت حال ہو یا کسی عزیز و اقارب کے انتقال پر جانا پڑ جائے، اندرون ملک سفر کر نے والے مسا فروں کو یک طر فہ 35 ہزار رو پے سے زائد کا ٹکٹ خریدنا پڑے گا جب کہ دو طرفہ کرایہ 70 ہزار سے زا ئد ہو جاتا ہے۔

    ایک نئی ایئر لائن آپریشن شروع کرنے کے لئے تیار

    نیا سال آتے ہی پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائنز مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنے میں مصروف نظر آتی ہیں، ایئر بلیو اور سرین ایئر بھی اضافی کرائے وصول کر رہی ہیں، اندرون ملک جانے والی پروازوں کے کرائے کا موازانہ خلیجی ممالک سے کیا جائے تو مذکورہ کرایہ اس کے برابر نظر آتا ہے۔

    فضائی مسافروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کرائے میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

  • دنیا بھر میں‌ نئے سال سے جُڑی دل چسپ اور عجیب و غریب روایات

    دنیا بھر میں‌ نئے سال سے جُڑی دل چسپ اور عجیب و غریب روایات

    نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے جہاں دنیا بھر میں رنگا رنگ تقاریب منعقد کی جاتی ہیں، وہیں اس روز کچھ عجیب و غریب رسومات اور روایات پر بھی عمل کیا جاتا ہے۔

    دنیا کی بعض اقوام میں اس دن سے متعلق توہم پرستی بھی پائی جاتی ہے۔ کسی کے نزدیک گزرتے ہوئے سال کے کچھ خاص لمحے نحوست اور بدشگونی کی علامت ہوتے ہیں تو کوئی اسے خوش قسمتی سمیٹنے کا نادر موقع سمجھتا ہے۔ ایسے لوگ اس روز کچھ خاص اعمال انجام دینا ضروری سمجھتے ہیں جب کہ مخصوص عبادات کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ سالِ نو سے متعلق چند عجیب و غریب تصورات اور روایات یہ ہیں۔

    رشتے داروں کے دروازے پر شیشے کے برتن توڑنا
    اس عجیب و غریب روایت پر برسوں سے ڈنمارک کے باسی عمل کرتے آرہے ہیں۔ وہاں شیشے کے پرانے برتنوں کو اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے گھروں کے صدر دروازے پر مار کر چکنا چور کر دیا جاتا ہے۔ اس روایت پر اکتیس دسمبر کی شام گہری ہوجانے پر عمل کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد دوستوں اور عزیزوں کو خوش بختی کا پیغام دینا ہوتا ہے۔

    دروازے، کھڑکیاں اور تمام لائٹس کھول دینا
    سال کی آخری شب فلپائن میں لوگ گھر کو برقی قمقموں سے روشن کر کے تمام دروازے اور کھڑکیاں بھی کھول دیتے ہیں اور رات کے بارہ بجتے ہی پُھرتی کے ساتھ انھیں بند کر دیا جاتا ہے۔ اکتیس دسمبر کو فلپائن میں لوگ گول اشکال والی اشیا کا استعمال بڑھا دیتے ہیں جن میں پھل اور سبزیاں وغیرہ شامل ہیں۔ اس روایت کے پیچھے تصور یہ ہے کہ اس طرح خوش حالی آئے گی اور نیا سال منافع بخش ثابت ہو گا۔

    بدقسمتی کو گھر سے باہر نکالنے کے لیے جھاڑو دینا
    نئے سال کی آخری شب چلی کے لوگ قبرستان کا رخ کرتے ہیں۔ وہ یہ لمحات اپنے ان پیاروں کے ساتھ گزارتے ہیں جو ہمیشہ کے لیے ان سے دور جا چکے ہوں۔ اسی طرح اکتیس دسمبر کی رات منہ بھر کر دال کھانا بھی چلی میں خوش قسمتی سمیٹنے کا ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سال کی آخری رات گھر میں جھاڑو دی جاتی ہے جس کا مطلب یہ لیا جاتا ہے کہ خاندان نے بدقسمتی کو گھر سے باہر نکال دیا ہے۔

    بارہ انگوروں سے جڑی خوش نصیبی
    اسپین میں نئے سال کی آمد کا جشن مناتے ہوئے رات بارہ بجے سے پہلے اگر کوئی شخص بارہ انگور منہ میں رکھ کر ایک ساتھ کھا لے تو اسے خوش قسمت تصور کیا جاتا ہے۔

    کھڑکی سے باہر پانی پھینکنے کی روایت
    پورٹو ریکو میں روایت ہے کہ گزرتے ہوئے سال کی آخری شام بالٹی یا گلاس میں پانی بھر کے گھر کی کھڑکی سے باہر پھینکا جائے۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ وہ اس عمل سے بُری قوتوں کو گھر سے باہر نکال دیتے ہیں۔

  • 2020: دنیا نئے سال کا جشن کیسے منائے گی

    2020: دنیا نئے سال کا جشن کیسے منائے گی

    آج کیلنڈر بدل جائے گا اور دنیا 2020 میں اپنا سفر شروع کرے گی۔

    نئے عیسوی سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے حسبِ روایت رنگا رنگ تقاریب منعقد کی جائیں‌ گی۔ کہیں آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا، کسی جگہ برقی قمقموں سے روشنیاں بکھیر کر، کہیں سیکڑوں چراغ جلا کر سالِ نو کا جشن منایا جائے گا۔ چند ملکوں میں تاریخی گھنٹہ گھر کے باہر جمع ہو کر نئے سال کی آمد کا شور سنا جائے گا اور کسی شہر کے باسی مرکزی چوک پر گھڑی کی سوئیوں کی حرکت کے ساتھ کرسٹل بال کے بلندی سے نیچے کی طرف آنے کا نظارہ کریں گے اور یوں 2019 ماضی بن جائے گا۔

    نئے برس کا آغاز خوش رنگ امیدوں، دل رُبا امکانات کے ساتھ ہو گا۔ سالِ نو کا جشن مناتے ہوئے زندہ قومیں نئے اہداف مقرر کرکے، ترقی اور خوش حالی کے راستے پر نئی منزل کی طرف بڑھیں گی۔ یہاں ہم چند تقریبات کا ذکر کررہے ہیں جو دنیا کے مختلف ممالک میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے منعقد کی جاتی ہیں۔

    دنیا کی مختلف اقوام اپنی ثقافت اور روایات کے مطابق نئے سال کا جشن مناتی ہیں۔ ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، شمالی اور جنوبی امریکا، براعظم افریقا کے ممالک اور یورپ بھر میں نئے سال کے آغاز پر رنگارنگ تقاریب منعقد ہوں گی۔

    سڈنی کا نام ہر سال کے آغاز پر اس لیے بھی سنائی دیتا ہے کہ یہاں ہزاروں کی تعداد میں روشنیاں اور کئی اقسام کی آتش بازی کا نظارہ کیا جاتا ہے اور اسے دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔ آسٹریلیا کے باسی سڈنی اور اس کی بندرگاہ کے کنارے جمع ہوکر نئے سال کا جشن مناتے ہیں۔

    امریکا کے ٹائمز اسکوائر کا چرچا ہر سال اس لیے بھی ہوتا ہے کہ یہاں ایک کرسٹل بال سالِ نو کی آمد کا یقین دلاتا ہے۔ شہری ٹائمز اسکوائر کے اس کرسٹل بال کو بلندی سے نیچے گرتا دیکھ کر نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔ یہ منظر نیویارک کے باسیوں کو بہت بھاتا ہے اور وہ اس موقع پر نہایت پُرجوش نظر آتے ہیں۔

    ملائیشیا کی بات کریں تو پیٹروناس ٹاور وہ مقام ہے جہاں ہر سال ہی جشن کی مرکزی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔
    جنوبی کوریا میں ایک بڑی گھنٹی بجا کر نئے سال کی آمد کا اعلان کیا جاتا ہے. یہ گھنٹی اس ملک کے دارالحکومت سیؤل میں ایک مقام پر نصب ہے۔

    ماسکو کا ریڈ اسکوائر دنیا بھر میں مشہور ہے۔ روس میں ہزاروں لوگ ریڈ اسکوائر کا رخ کرتے ہیں اور نئے سال کا جشن مناتے ہیں۔

    جرمنی چلیے تو وہاں برلن شہر میں نئے سال کے آغاز پر مرکزی گھنٹہ گھر سے گونجنے والی آواز کے ساتھ ہی آتش بازی کا خوب صورت مظاہرہ دیکھا جاسکتا ہے۔

    دبئی کا برجِ خلیفہ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس بلند ترین عمارت سے نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے آتش بازی کا شان دار مظاہرہ کیا جاتا ہے اور یہ منظر دیدنی ہوتا ہے۔

  • نئے سال کی آمد، اوگرا نے صارفین پر ایل پی جی بم گرانے کی تیاری کر لی

    نئے سال کی آمد، اوگرا نے صارفین پر ایل پی جی بم گرانے کی تیاری کر لی

    کراچی: نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی اوگرا نے صارفین پر ایل پی جی بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے سال کی آمد کے ساتھ ایل پی جی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، اوگرا کی جانب سے جنوری 2020 کی سرکاری قیمت میں تقریباً 20 روپے فی کلو گرام اضافہ کرنے کی حکمت عملی تیار ہو گئی۔

    چئیرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ گھریلو سلنڈر 250 اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 900 روپے بڑھائی جا رہی ہے، عالمی مارکیٹ کی قیمت کے تناسب سے ایل ہی جی کی مقامی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں، اضافے کے بعد فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت 130 سے بڑھ 150 روپے ہو جائے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی ایل پی جی قیمت میں یہ تاریخی اضافہ ہے، جنوری میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 1760 اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 6810 روپے ہوگی، دوسری شدید سردی کے باعث طرف پاکستان میں ایل پی جی کی طلب بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی قیمت کم رکھنے کے لیے حکومت پالیسی میں تبدیلی متعارف کرائے۔

    ادھر ایس ایس جی سی کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے کہ مختلف گیس فیلڈز سے ایس ایس جی سی کو میسر گیس کی مقدار میں کمی ہو گئی ہے، جس کے سبب گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے پریشر کی کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز کو مزید 24 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ایس ایس جی سی کے مطابق کمپنی کی مینجمنٹ پریشر کا جائزہ لے رہی ہے، جیسے ہی گیس پریشر میں بہتری آئی تو سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی ترسیل بحال کر دی جائے گی، حکومت پاکستان کے لوڈ مینجمنٹ کے تحت سب سے پہلے گھریلو اور کمرشل صارفیین کو گیس پہنچانا اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔

  • نئے سال میں واٹس ایپ کیسا ہوگا؟

    نئے سال میں واٹس ایپ کیسا ہوگا؟

    پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ میں آئے دن نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں، نئے سال کی آمد پر بھی واٹس ایپ میں کئی اہم فیچرز شامل کردیے جائیں گے۔

    آئیں دیکھتے ہیں کہ نئے سال میں ہمارے واٹس ایپ میں کیا کیا نیا ہوگا۔

    ڈارک موڈ فیچر

    واٹس ایپ میں ڈارک موڈ فیچر کا صارفین کو بے چینی سے انتظار ہے۔ ڈارک موڈ فیچر سے واٹس ایپ کی روشنی (برائٹ نیس) کم ہوگی جس سے صارف کے موبائل کی بیٹری محفوظ رہے گی۔

    اس فیچر میں واٹس ایپ کا پس منظر سیاہ جبکہ لکھا ہوا مواد یعنی ٹیکسٹ سفید ہوگا۔

    ماہرین کے مطابق واٹس ایب کا عام سفید ورژن صارفین کی آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اس سے زیادہ روشنی خارج ہوتی ہے۔ سیاہ ورژن کم روشنی والا ہے جس سے آنکھوں کو کم نقصان پہنچے گا۔

    مقررہ وقت پر ڈیلیٹ ہوجانے والا میسج

    واٹس ایپ میں کچھ عرصہ قبل، بھیجا گیا میسج ڈیلیٹ کرنے کا فیچر متعارف کروایا گیا تھا۔ اب اسی فیچر کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ٹائم کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد میسج خودبخود غائب ہوجائے گا۔

    اسے ڈس اپیئرنگ میسج کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت واٹس ایپ چیٹ میں جن میسجز پر نشان لگایا جائے گا، وہ مقرر کردہ وقت پر از خود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔ اس کی مدت 1 گھنٹے سے لے کر ایک سال تک دی گئی ہے۔

    مذکورہ میسج صارف کی منتخب کردہ مدت کے بعد غائب ہوجائے گا۔

    جعلسازی میں کمی

    واٹس ایپ کا سب سے اہم فیچر اسے گوگل کے ریورس امیج سرچ سے منسلک کرنا ہے جس کے بعد بذریعہ واٹس ایپ جعلی خبروں کا پھیلاؤ اور دھوکہ دہی کا امکان کم ہوجائے گا۔

    ریورس امیج سرچ کے ذریعے موصول ہونے والی تصاویر کو چیک کرنا آسان ہوتا ہے کہ آیا یہ اصلی تصویر ہے یا جعلی، اگر اصلی ہے تو کب اور کہاں کی ہے۔ گوگل کی اس سروس کی وجہ سے جعلی خبروں اور افواہوں کے پھیلنے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    اس آپشن سے ان لوگوں کی جعلسازی بھی سامنے آسکے گی جو دوسرے افراد کی تصویر کو اپنی ظاہر کرتے ہیں۔

    واٹس ایپ انتظامیہ گوگل کی اس سروس کو براہ راست واٹس ایپ سے منسلک کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ صارف جب چاہے باآسانی اسے استعمال کر سکے۔

  • برطانیہ: نئے سال کے پہلے ہی ہفتے طلاقوں میں ہوش ربا اضافہ

    برطانیہ: نئے سال کے پہلے ہی ہفتے طلاقوں میں ہوش ربا اضافہ

    لندن: ایسا لگتا ہے کہ اردو محاورہ گھر ٹوٹنا اس وقت برطانیہ پر آسیب کی طرح چھا گیا ہے، نئے سال کے پہلے مہینے کے پہلے ہی ہفتے طلاقوں میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں نئے سال کے آغاز ہی میں طلاقوں کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، وکلا نے جنوری کے پہلے پیر کو ’طلاق کا دن‘ نام دے دیا۔

    [bs-quote quote=”وکلا نے جنوری کے پہلے پیر کو ’طلاق کا دن‘ نام دے دیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    برطانوی فلاحی ادارے کے مطابق کرسمس سے لے کر نئے سال کے آغاز تک عدالتوں میں طلاق کی 455 آن لائن درخواستیں آ چکی ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ طلاق کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد اب تک کے ریکارڈ سے سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل اتنی کم مدت میں اتنی زیادہ درخواستیں کبھی موصول نہیں ہوئیں۔

    برطانیہ میں کیے گئے سروے کے مطابق 55 فی صد سے زائد لوگوں کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد پر لوگوں پر ذہنی دباؤ ہوتا ہے جس سے رشتے تناؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  دبئی: موبائل میں بیلنس لوڈ نہ کروانے پر بیوی نے طلاق مانگ لی


    ماہرین اس حوالے سے پریشان ہیں کہ نئے سال کے آغاز پر لوگوں پر رشتے توڑنے کا جنون کیوں سوار ہوا، وہ رشتے جنھیں وہ شادی کے بندھن میں بندھتے وقت عمر بھر نبھانے کا باقاعدہ وعدہ کرتے ہیں۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ طلاقوں کی بڑھتی تعداد کے پیچھے کچھ نفسیاتی اور معاشی عوامل ہو سکتے ہیں، جس کے سبب شادی شدہ جوڑے ذہنی تناؤ میں آ جاتے ہیں۔

    تاہم ان کا خیال ہے کہ اگر پہلے سے شادی شدہ جوڑے گھریلو جھگڑوں سے اپنے تعلق کو محفوظ رکھنے کی کوشش کریں اور خوش گوار گھریلو زندگی گزاریں تو ایسے مواقع پر پریشانیوں کا مقابلہ بغیر رشتوں کے نقصان کیا جا سکتا ہے۔

  • پیرو: سال نو کا انوکھا جشن، لوگ آپس میں لڑ پڑے

    پیرو: سال نو کا انوکھا جشن، لوگ آپس میں لڑ پڑے

    لیما: دنیا بھر میں‌ سال نو کے جشن میں آتش بازی ہوتی اور خوشیاں منائی جاتی ہیں،  البتہ لاطینی امریکا کے ایک ملک میں‌ شہری آپس میں‌ جھگڑ کر نئے سال کا آغاز کرتے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب جہاں دنیا بھر میں سال نو کا جشن خوشیوں، قہقہوں اور امیدوں کے ساتھ منایا گیا، وہیں لاطینی امریکا کے ایک علاقے میں‌ عوام کے لڑنے جھگڑنے کے لیے میلے کا اہتمام کیا گیا.

    یہ میلہ پیرو کی ریاست جمبیو کلاس میں منعقد ہوتا ہے، جہاں‌ نئے سال کے موقع پر لوگ اکٹھے ہو کر ہاتھا پائی کرتے ہیں.

    اس انوکھے میلے کا مقصد یہ ہے کہ علاقے کے باسی آپس میں‌ لڑ جھگڑ کے ماضی کے اختلافات اور قضیوں‌ کو حل کر لیں اور نئے سال کا خوش گوار آغاز کر یں.

    یہ ہاتھا پائی باقاعدگی ریفری کی نگرانی میں ہوتی ہے، اس لیے  یہ کبھی خونیں شکل اختیار نہیں‌ کرتی.


    مزید پڑھیں: پیرو: مسافر بس کھائی میں جاگری، 8 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


    اس میلے کے وسیلے قانونی معاملات، گھریلو اختلافات اور  رومان سے جڑے جھگڑوں کا بھی تصفیہ کیا جاتا ہے.

    اس موقع پر اکھاڑے کے ساتھ ساتھ موسیقی اور کھانے پینے کی محفل کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے. مقامی افراد اسے اپنے کلچرل کا مثبت چہرہ خیال کرتے ہیں.

    یہ انوکھا فیسٹول پیرو کی ریاست جمبیو کلاس کی پہچان بن چکا ہے.

  • خدا کرے نیا سال پاکستان کے لیے خیر و برکت کا باعث ہو: شہباز شریف

    خدا کرے نیا سال پاکستان کے لیے خیر و برکت کا باعث ہو: شہباز شریف

    لاہور: قائدِ حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے سالِ نو پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خدا کرے نیا سال پاکستان کے لیے خیر و برکت کا باعث ہو۔

    تفصیلات کے مطابق میاں شہباز شریف نے نئے سال کی آمد پر پیغام جاری کیا ہے، انھوں نے کہا ’پوری قوم کو نئے سال کی آمد مبارک ہو۔‘

    [bs-quote quote=”دعا کریں کہ امت مسلمہ اتحاد اور اتفاق سے ہم کنار ہو۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”شہباز شریف”][/bs-quote]

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جانے والے شہباز شریف نے کہا اللہ سے دعا ہے نیا سال پاکستان کے لیے خیر و برکت کا باعث ہو۔

    میاں شہباز شریف نے اس موقع پر دعا میں کشمیر و فلسطین کو بھی یاد رکھا، کہا ’خدا کرے نیا سال کشمیر، فلسطین کی آزادی کا سورج بن کر طلوع ہو۔‘

    انھوں نے کہا ’ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ملکی تعمیر و ترقی، استحکام اور سالمیت کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔‘

    شہباز شریف نے کہا اللہ سے دعا کریں کہ نیا سال پوری دنیا میں امن کا سال ثابت ہو، اللہ سے دعا کریں کہ امت مسلمہ اتحاد اور اتفاق سے ہم کنار ہو۔


    یہ بھی پڑھیں:  شہبازشریف کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس


    خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیرِ صدات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آڈیٹر جنرل پاکستان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں 160 ارب روپے ریکور کیے گئے۔

    شہباز شریف نے آڈیٹر جنرل سے ان افراد کے خلاف کارروائی کی رپورٹ مانگی جن سے ریکوری کی گئی، منصوبوں کی تکمیل میں مقررہ مدت سے زیادہ وقت صرف ہونے کے حوالے سے بھی شہباز شریف نے پیپرا قوانین کی کاپی طلب کی۔

  • 2019 انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا: پاک فوج

    2019 انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا: پاک فوج

    راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ 2019 انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر افواج پاکستان کی جانب سے نئے سال پر یک جہتی کا پیغام جاری کیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پُر امن، متحرک اور آگے بڑھتا ہوا پاکستان ہمارا قومی عزم ہے۔

    میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ میں لکھا ’دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان پر رحمتیں جاری رکھے،آمین۔‘

    آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ متحد ہو کر ہی ہم اپنی کام یابیوں کو دوام دے سکتے ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے پُر عزم پاکستانیوں اور شہدا کو سلام بھی پیش کیا۔