Tag: نیا صوبہ

  • ایم کیو ایم پاکستان نے پھر نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر دیا

    ایم کیو ایم پاکستان نے پھر نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر دیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ایک بار پھر کراچی سمیت ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف سندھ حکومت کی قیادت میں کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی ہے، دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    کراچی کے مسائل پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں عامر خان نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ اس وقت تک حل نہیں ہو سکتا جب تک مقامی افراد کو مکمل اختیار نہ دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کو مکمل اختیار دیا جانا تب ہی ممکن ہے جب ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے۔

    بڑی خبر، ایک دوسرے کی شدید مخالف جماعتیں کراچی کے لیے ایک ہو گئیں

    واضح رہے گزشتہ رات کراچی میں شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی بڑی بیٹھک لگی تھی، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی وسیم اختر، وفاقی وزیر علی زیدی اور اسد عمر نے شرکت کی تھی۔

    اس اہم ملاقات سے یہ امر واضح ہو گیا ہے کہ شہر قائد کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کی شدید مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہو گئی ہیں اور کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

  • بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں: سعید غنی

    بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں: سعید غنی

    کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، صوبہ بنانے کا نعرہ ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے لگاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات نے چوہدری اسلم کے گھر جا کر ان کے بھائی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار درج ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ صوبے کا مطالبہ ایم کیو ایم کاحق ہے، صوبے کی خواہش ہے تو صوبائی اسمبلی میں قرارداد تو لائیں، صوبائی اسمبلی موجود ہے اگر اتنی ہمت ہے تو نئے صوبے کا معاملہ وہاں لے کر آئیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی جماعت نے صوبے کی بات نہیں کی، ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے ایسے نعرے لگاتی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کو غدار نہیں کہا، تمام سیاسی جماعتیں اور رہنما محب وطن ہیں، ایک مخصوص سوچ اقتدار میں آئے تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے لگتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا پاور شو، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

    انھوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کے بہترین ججز میں سے ایک ہیں، انھوں نے اپنے فیصلوں کے ذریعے یہ مقام بنایا ہے، بلاول پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، جن ایشوز پر لوگ بات نہیں کرتے بلاول کھل کر بات کرتے ہیں، بلاول ان ایشوز پر بات کرتے ہیں جن کی وجہ سے پاکستان بحران کا شکار ہے۔

    سعید نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو تمام معاملات پر کھل کر بات کر رہے ہیں، انھوں نے کہا تھا کہ ہم بتائیں گے اپوزیشن کیا ہوتی ہے، عالمی یا ملکی امور پر بلاول بھٹو بلا جھجک بات کر رہے ہیں، جن کو میڈیا پر آواز نہیں مل رہی بلاول بھٹو ان کی آواز بنے ہیں۔

    وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن مضبوط نہیں ہو رہی، پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھے ہیں، پیپلز پارٹی کارکنوں کی قربانیوں سے آج بھی زندہ ہے۔

  • ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ایم ایل این میں بہت سے لوگ صوبہ جنوبی پنجاب کے حق میں ہیں، ن لیگ سے صوبے پر منطقی بات کریں گے، ملتان 3 ضلعوں کا صوبہ ممکن نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار شاہ محمود نے ملتان میں پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے کہا کہ ہم منطقی بات کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کی کاوش پروان چڑھانے میں ہماری مدد کریں۔

    وزیر خارجہ نے کہا ’شاہد خاقان کو کہوں گا بل قوانین کے مطابق پیش ہوا ہے، بل پر ووٹنگ ہوئی اور خصوصی کمیٹی میں بھیج دیا گیا، ن لیگ کا بل بھی موجود ہے ہم اس سے بھی انکار نہیں کرتے۔‘

    شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ تشخص دینے کا وعدہ وفا کریں گے، آئین میں ترمیم سے جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے، نیا صوبہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل ہوگا، صوبے کی 120 نشستیں ہوں گی، اپناہائی کورٹ ہوگا، چیف جسٹس ملتان میں بیٹھے گا، بہاولپور بینچ ہائی کورٹ ملتان کا حصہ بن جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی مخالفت کر دی

    ان کا کہنا تھا کہ ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے لیے دیگر جماعتوں کا تعاون درکار ہے، پیپلز پارٹی سے بل پر تبادلۂ خیال ہوا، پی پی نے مثبت جواب دیا، تجویز دی کہ جنوبی پنجاب پر بل کی تجویز مشترکہ لے کر چلیں۔

    یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی منظوری پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا تھا، ان کا مطالبہ تھا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب 2 صوبے بننے چاہئیں۔