Tag: نیا فیچر

  • گوگل صارفین کے لیے ایک اور نیا فیچر

    گوگل صارفین کے لیے ایک اور نیا فیچر

    امریکی سرچ انجن گوگل نے اپنے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کروا دیا جس سے صارفین کو اس کے استعمال میں مزید سہولت ہوگی۔

    گوگل نے اپنی کلینڈر ایپ کو اپائنٹمنٹ بکنگ سسٹم میں تبدیل کردیا ہے، گوگل نے گزشتہ سال جون میں اپنے صارفین کے لیے گوگل ورک پلیس کے نام سے ایک فیچر پیش کیا تھا جسے معمولی سی ادائیگی کے بعد استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    گوگل ورک پلیس میں ہی نئی اپ ڈیٹ شامل کرتے ہوئے کمپنی اپنی کیلنڈر ایپ میں اپائنٹمنٹ شیڈولنگ فیچر بھی شامل کر رہا ہے جس کے ذریعے استعمال کنندگان بکنگ پیج کے ذریعے اپنی دستیابی کی تفصیلات شیئر کر سکیں گے۔

    استعمال کنندگان گوگل کے اس بکنگ پیج کو آمنے سامنے ملاقات اور گوگل میٹ کے ذریعے ویڈیو میٹنگ کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

    صارفین اس فیچر کی بدولت گوگل کیلنڈر پر اپنے نئے ایونٹس اور ٹاسک کو بھی صرف ایک آئیکون پر کلک کر کے سیٹ کرسکتے ہیں۔

    تاہم اس کے لیے استعمال کنندہ کو گوگل ورک پلیس کا بامعاوضہ انفرادی اکاؤنٹ درکار ہوگا۔

  • واٹس ایپ کا نیا فیچر

    واٹس ایپ کا نیا فیچر

    امریکی میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ونڈوز پلیٹ فارم کے لیے ایک اور حیرت انگیز فیچر متعارف کروا دیا ہے۔

    واٹس ایپ نے آفیشل بیٹا چینل پر موجود مائیکرو سافٹ اسٹور کے ذریعے یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم (یو ڈبلیو پی) ایپ کے لیے نئی اپ ڈیٹ جاری کردی ہے۔

    واٹس ایپ کے اس اپ ڈیٹڈ ورژن میں یو ڈبلیو پی ایپ کے ذریعے ایموجیز کے لیے شارٹ کٹ متعارف کرایا گیا ہے۔

    واٹس ایپ کی خبریں دینے والی ویب سائٹ وے بیٹا انفو کے مطابق یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم کے لیے واٹس ایپ نے ڈارک تھیم کا فیچر متعارف کروایا تھا جسے صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا۔

    رپورٹ میں دیے گئے اسکرین شاٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایموجی شارٹ کٹ کے نام سے پیش کیے گئے اس فیچر میں استعمال کنندہ جیسے ہی کولن کے ساتھ کوئی مخصوص کی ورڈ ٹائپ کرے گا تو واٹس ایپ اس کی ورڈ سے متعلقہ ایموجیز ظاہر کرے گا۔

    یہ فیچر واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ کے لیے کافی پہلے سے ہی دستیاب ہے، تاہم یو ڈبلیو پی صارفین اس سے تاحال محروم تھے۔

  • واٹس ایپ کا نیا حیران کن فیچر، صارفین کے لیے مزید سہولت

    واٹس ایپ کا نیا حیران کن فیچر، صارفین کے لیے مزید سہولت

    دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ متعارف کروا دی گئی جس کے تحت ملٹی ڈیوائس فیچر کی سہولت دستیاب ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ویب بیٹا انفو کے مطابق، واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ 2.21.19.9 جاری کردی گئی ہے جس کے تحت اگر صارف بیٹا ٹیسٹر نہیں ہیں تب بھی اس فیچر سے باآسانی مستفید ہوسکیں گے۔

    ملٹی ڈیوائس فیچر کے تحت صارفین بنیادی ڈیوائس کے علاوہ واٹس ایپ کو مزید 4 ڈیوائسز سے منسلک کرسکتے ہیں۔ اس اپ ڈیٹ کو حاصل کرنے والے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو مختلف ڈیوائسز پر استعمال کرسکیں گے۔

    واٹس ایپ کی جانب سے اس نئے ملٹی ڈیوائس فیچر کو رواں برس جولائی میں آزمائشی طور پر متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب اس فیچر سے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین بھی مستفید ہوسکیں گے۔

    واٹس ایپ کا نیا ملٹی ڈیوائس فیچر فون میں انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی منسلک شدہ ڈیوائسز کو واٹس ایپ تک رسائی کی اجازت دیتا ہے۔

    اب تک صارفین کو اپنے فون میں موجود واٹس ایپ کو ویب پر کنیکٹ کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکشن درکار ہوتا ہے اور واٹس ایپ ویب تک رسائی کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاہم موبائل میں انٹرنیٹ بند ہونے کی صورت میں ویب پر موصول ہونے والے میسجز کا سلسلہ بھی رک جاتا ہے۔

    لیکن اب واٹس ایپ ملٹی ڈیوائس فیچر کے متعارف کروائے جانے کے بعد اس میں تبدیلی آگئی ہے۔

    فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ

    اینڈرائیڈ صارفین

    واٹس ایپ کھولیں اور تھری ڈاٹس آئیکن پر کلک کریں۔

    بعد ازاں لنک ڈیوائسز پر کلک کرنے کے بعد صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔ اگر صارف ملٹی ڈیوائس بیٹا کو چھوڑنا چاہے تو اسی طرح آپشن پر جا کر لیو کا آپشن استعمال کرسکتا ہے۔

    آئی او ایس صارفین

    واٹس ایپ کھولنے کے بعد سیٹنگز میں جائیں۔

    لنک ڈیوائسز پر کلک کرنے کے بعد صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔

    ملٹی ڈیوائس بیٹا جوائن کرنے کے بعد صارف ان لوگوں کو موبائل، ڈیسک ٹاپ یا دیگر منسلک ڈیوائسز سے کال یا میسج نہیں کرسکیں گے جن کے پاس واٹس ایپ کا پرانا ورژن موجود ہے۔

    اگر آپ 14 روز تک اپنا فون استعمال نہیں کرتے تو اس فون سے منسلک ڈیوائسز میں واٹس ایپ کام کرنا بند کردے گا۔

  • ٹوئٹر کا نیا اور اہم فیچر

    ٹوئٹر کا نیا اور اہم فیچر

    سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر نے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، یہ فیچر غلط معلومات کی روک تھام سے متعلق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر نے رپورٹ ٹوئٹ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد کرونا کی عالمی وبا اور دیگر اہم عالمی موضوعات اور معاملات سے متعلق غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سدِ باب کرنا ہے۔

    ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غلط معلومات کی روک تھام کے لیے نیا فیچر رپوٹ ٹوئٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کا مقصد صارفین کو وسیع پیمانے پر درست معلومات فراہم کرنا ہے۔

    یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

    ٹوئٹر میں بھی تبدیلی آگئی! صارفین کا ملا جلا ردعمل

    یاد رہے کہ اس سے قبل ٹوئٹر نے پوسٹ کرنے کے بعد ایڈٹ کرنے والا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے تحت صارفین کو 5 سیکنڈ کے اندر اندر اپنی ٹوئٹ کو درست کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ٹوئٹر نے اپنے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی تھی، ٹوئٹر کے مطابق نئے ڈیزائن میں جدید فونٹس کے ساتھ ایسے رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے، جو آنکھوں کو اچھے لگتے ہیں۔

  • واٹس ایپ صارفین کے لیے زبردست فیچر

    واٹس ایپ صارفین کے لیے زبردست فیچر

    واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فون سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاہم اب واٹس ایپ نے جلد ہی اس خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بہت جلد لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فون سے کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    واٹس ایپ کے بیٹا انٹر فیس کے نئے بیٹا ٹیسٹ میں ایکٹو موبائل ڈیوائس کی ضرورت کو ختم کردیا گیا ہے۔ واٹس ایپ ویب کے نئے بیٹا ورژن میں لاگ ان ہونے پر صارفین کا خیر مقدم ایک پیغام کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

    اس پیغام میں انہیں آگاہ کیا جاتا ہے کہ اب انہیں واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ ایپ، ویب ایپ یا پورٹل کو استعمال کرنے کے لیے فون سے منسلک کرنے کی ضرورت نہیں۔

    تاہم صارفین کو یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ وہ یہ فیچر ایک وقت میں صرف 4 ڈیوائسز میں ہی استعمال کرسکتے ہیں۔

    یہ وہ فیچر ہے جس کا مطالبہ واٹس ایپ صارفین کی جانب سے عرصے سے کیا جارہا ہے جو دیگر مقبول میسجنگ ایپس جیسے ٹیلی گرام، اسکائپ، سگنل اور فیس بک میسنجر میں دستیاب ہے۔

    ابھی یہ تو واضح نہیں کہ واٹس ایپ کے ویب ورژن کے لیے یہ نیا فیچر تمام صارفین کو کب تک دستیاب ہوگا مگر امکان ہے کہ جلد اسے متعارف کروایا جاسکتا ہے۔

    اسی طرح بیٹری ختم ہونے یا فون خراب ہونے پر بھی صارفین کمپیوٹر یا ڈیسک ٹاپ کے ذریعے اپنے دوستوں سے واٹس ایپ میں رابطے میں رہ سکیں گے۔

  • گوگل کا صارفین کے لیے ایک اور بہترین فیچر

    گوگل کا صارفین کے لیے ایک اور بہترین فیچر

    دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے ایک اور اہم فیچر متعارف کروا دیا، اس فیچر کی بدولت صارفین اپنے براؤزر پر کسی آڈیو اور ویڈیو کو پلے کرنے پر انگلش سب ٹائٹلز بھی دیکھ سکیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سرچ انجن گوگل نے اپنے کروم ویب براؤزر میں ایک اہم فیچر لائیو کیپشنز متعارف کروا دیا ہے۔

    گوگل کی جانب سے کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں لائیو کیپشنز کی آزمائش مئی 2020 سے کی جارہی تھی اور اب تمام صارفین اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    اس کے لیے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر کروم کا ورژن 89 انسٹال ہونا ضروری ہوگا جس کے بعد وہ ریئل ٹائم کیپشن کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ اس فیچر کے لیے کروم کی سیٹنگز میں جاکر وہاں ایکسس ایبلٹی کو سرچ کریں اور وہاں لائیو کیپشنز کو ان ایبل کردیں۔

    لائیو کیپشنز ان ایبل کرنے پر صارفین اپنے براؤزر پر کسی آڈیو اور ویڈیو کو پلے کرنے پر انگلش سب ٹائٹلز دیکھ سکیں گے۔

    خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے لائیو کیپشن کا فیچر 2019 میں اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جو آغاز میں پکسل 4 کو دستیاب تھا۔

    بعد ازاں اسے دیگر فونز جیسے گلیکسی ایس 20 اور ون پلس 8 میں پیش کیا گیا، جو فون کالز کی بجائے میڈیا فائلز پر کام کرتا تھا۔ گوگل کروم پر یہ فیچر یوٹیوب اور فیس بک پر ان ویڈیوز پر بھی کام کرتا ہے جن کو میوٹ کیا گیا ہو۔

    فی الحال یہ فیچر صرف انگلش زبان والی آڈیو کے لیے دستیاب ہے اور دیگر زبانوں کو شناخت نہیں کرسکتا۔

  • نیٹ فلکس کے دیوانوں کے لیے نیا فیچر متعارف

    نیٹ فلکس کے دیوانوں کے لیے نیا فیچر متعارف

    ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے اپنے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک اور فیچر متعارف کروا دیا جسے ڈاؤن لوڈ فار یو کا نام دیا گیا ہے۔

    یہ فیچر صارف کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے شوز اور فلموں کو خودکار طور پر ڈاؤن لوڈ کردیتا ہے جن کو آف لائن یا بغیر انٹرنیٹ کے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ڈاؤن لوڈ فار یو کا یہ فیچر خود کار طور پر مخصوص فلموں یا شوز کو فون یا موبائل ڈیوائس پر ڈاؤن لوڈ کرلیتا ہے، صارف اس مواد کے لیے مخصوص میموری اسپیس جیسے 1 جی بی، 3 جی بی یا 5 جی بی مختص کرسکتا ہے۔

    نیٹ فلیکس نے بتایا کہ یہ فائلیں اس وقت ڈاؤن لوڈ ہوں گی جب ڈیوائس وائی فائی سے کنکٹ ہوگی اور موبائل ڈیٹا پر یہ فیچر کام نہیں کرے گا۔

    کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپ کامیڈی دیکھنا پسند کرتے ہیں یا رومانوی کامیڈی کو بغیر انٹرنیٹ کے کسی طویل سفر کے دوران دیکھنا چاہتے ہیں، ہم ہمیشہ آپ کی تفریح کے لیے کچھ نیا کرتے رہتے ہیں اور یہ نیا فیچر اسی مقصد کے لیے ہے۔

    اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ صارفین ایپ اوپن کر کے ڈاؤن لوڈز میں جائیں اور ڈاؤن لوڈ فار یو ٹرن آن کردیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر اب دنیا بھر میں اینڈرائیڈ صارف کے لیے دستیاب ہے اور بہت جلد اس کی آزمائش آئی او ایس ڈیوائسز پر بھی کی جائے گی۔

  • اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسکائپ کا نیا فیچر

    اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسکائپ کا نیا فیچر

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران لاک ڈاؤن کے باعث گھروں سے کام کرنے اور ویڈیو کالز کے ذریعے رابطے کرنے کا رجحان عام ہوا اور اس رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آن لائن سروسز میں نئے فیچر پیش کیے گئے، اسکائپ میں بھی ایسا ہی نیا فیچر پیش کیا جارہا ہے۔

    مائیکروسافٹ نے اپنی ویڈیو کالنگ سروس اسکائپ میں ایک معمولی مگر اہم فیچر متعارف کرادیا ہے، اسکائپ کے اینڈرائیڈ صارفین اب ویڈیو کال کے دوران اپنے پس منظر کو دھندلا کر سکیں گے۔

    گزشتہ دنوں مائیکرو سافٹ کی جانب سے اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اسکائپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پس منظر دھندلا کرنے کی سپورٹ کا اضافہ کیا گیا تھا۔ یہ اپ ڈیٹ اینڈرائیڈ مارش میلو (6.0) اور اس سے اوپر کے آپریٹنگ سسٹمز والے فونز استعمال کرنے والے صارفین کو دستیاب ہوگی۔

    یہ فیچر آئی او ایس صارفین کو 2 سال سے دستیاب تھا اور اب جا کر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے اسے پیش کیا گیا ہے، ونڈوز، میک او ایس اور لیونکس آپریٹنگ سسٹمز پر بھی یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہے۔

    فیچر کے ذریعے پس منظر کو دھندلا کرنے سے صرف صارف کا چہرہ ہی نظر آئے گا جبکہ پیچھے موجود ہر چیز دھندلی ہوجائے گی، اس مقصد کے لیے کمپنی نے مشین لرننگ اور ایج ڈیٹکشن ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے۔

    اس فیچر کو ان ایبل کرنا بھی آسان ہے، اسکائپ میں کال کے دوران تھری ڈاٹ مینیو پر جائیں اور وہاں بلر مائی بیک گراؤنڈ پر کلک کردیں۔ یہ فیچر نہ صرف ساکت بلکہ حرکت کرتی اشیا اور لوگوں کو بھی دھندلا کردے گا اور صرف چہرہ ہی صاف نظر آئے گا۔

  • یوٹیوب کا صارفین کو متنبہ کرنے کے لیے نیا فیچر

    یوٹیوب کا صارفین کو متنبہ کرنے کے لیے نیا فیچر

    نیویارک: انٹرنیٹ کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر صارفین کے وقت کو بچانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا جو انہیں بار بار متنبہ کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کی خاصی بڑی تعداد ویڈیوز تلاش یا شیئر کرنے کے لیے یوٹیوب ویب سائٹ کا سہارا لیتی ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق یومیہ لاکھوں لوگ یوٹیوب پر آتے اور ویڈیوز دیکھتے ہیں۔

    گوگل انتظامیہ کا ماننا ہے کہ صارفین انٹرنیٹ استعمال کرتے اور خصوصاً ویڈیوز دیکھتے ہوئے اپنا قیمتی وقت ضائع کرکے ضروری کام تک کو بھول بیٹھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: یوٹیوب نے آف لائن سروس فراہم کردی

    گوگل نے انٹرنیٹ پر صارفین کے وقت دینے کے حوالے سے ہونے والی حالیہ تحقیق کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ پر ایسا فیچر متعارف کرادیا جو بار بار خبردار کرے گا۔

    گوگل کے اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکنالوجی سے لوگ استفادہ حاصل کریں اور اپنی توجہ کو فضول کاموں کی طرف گامزن نہ کر سکیں، اس ضمن میں گوگل نے یوٹیوب میں یاد دہانی کا فیچر شامل کیا۔

    اب یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کے دوران صارفین کی اسکرین پر بار بار میسج آتا رہے کہ آپ کافی دیر سے ویڈیو دیکھ رہے ہیں لہذا اپنا کام کرلیں، یہ فیچر صارف کو اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کرنا ہوگا۔

    فیچر استعمال کرنے کا طریقہ

    یوٹیوب ایپ کی پروفائل سیٹنگ میں جاکر جنرل میں آپ کو ریمائنڈر می ٹو بریک کے نام سے ایک آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرنے کے بعد آپ ٹائم سیٹ کرسکیں گے۔ مثلا اگر آپ نے 15 منٹ کا آپشن سلیکٹ کیا تو وقت گزرتے ہی موبائل اسکرین پر میسج نمایاں ہوجائے گا۔

    یوٹیوب کا یہ اقدام اس لیے بھی حیران کُن قرار دیا جارہا ہے کہ ویب سائٹس انتظامیہ کی کوشش ہوتی ہے کہ صارف اُن کے فارم پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارے تاکہ اشتہار کی مد میں انہیں کمانے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیس بک کا نیا فیچر متعارف، ناپسندیدہ کمنٹس رپورٹ کریں

    فیس بک کا نیا فیچر متعارف، ناپسندیدہ کمنٹس رپورٹ کریں

    ویلنگٹن: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ نے امریکا کے بعد اب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں بھی نیا آزمائشی فیچر ’ڈاؤن ووٹ‘ متعارف کرادیا جس کے بعد صارفین غیر اخلاقی تبصروں کی نشاندہی کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک نے امریکی انتخابات میں اثر انداز ہونے اور ڈیٹا چوری ہونے کے بعد پالیسیوں میں نمایاں تبدیلیاں کیں تاکہ  صارفین کا اعتماد برقرار رکھا جاسکے۔

    فیس بک نے حال ہی میں جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے پالیسی متعارف کرانے کا اعلان کیاتھا جس کے بعد ایپلی کیشن میں امریکی صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا تھا کہ جس کے تحت وہ کسی بھی کمنٹ پر ناپسندیدگی کا اظہار کرسکیں۔

    فیس بک انتظامیہ کے مطابق ’ڈاؤن ووٹ‘ کا فیچر کی سہولت امریکا کے بعد اب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے صارفین کو بھی میسر ہے، جس کی مدد سے وہ غیر اخلاقی تبصروں پر ناپسندیدگی کا اظہار کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: فیس بک استعمال نہ کرنے والے صارفین کا ڈیٹا بھی کمپنی کے پاس موجود ہونے کا انکشاف

    صارف کی جانب سے ڈاؤن ووٹ کیا جانے والا کمنٹ ٹائم لائن سے غائب ہوجائے گا اور  انتظامیہ غیر ضروری پوسٹ کا نوٹی فکیشن موصول ہوجائے گا، مخصوص تعداد میں شکایات موصول ہونے کے بعد اُس کمنٹ کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا جائے گا۔

    فیس بک نے صارفین کی جانب سے متعدد بار شکایات موصول ہونے کے بعد اس فیچر کو متعارف کرایا تاکہ منفی پروپیگنڈوں پر مبنی خبروں اور سنسنی پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔

    یاد رہے کہ فیس بک ڈیٹا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد مارک زکر برگ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’صارفین کا ڈیٹا چوری ہوا جس پر عوام سے معافی مانگتا ہوں تاہم آئندہ معلومات کو محفوظ بنانے کے لیے کمپنی سخت اقدامات کرے گی‘۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈیٹا چوری تنازع، امریکی سینیٹر کی فیس بک کے بانی پر کڑی تنقید

    بعد ازاں فیس بک نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ ڈیٹا چوری کے حوالے سے صارفین سے رابطہ کرکے اس بارے میں آگاہ کریں گے، کمپنی کے مطابق متاثرہ صارفین کو ان کی نیوز فیڈ پر تفصیلی پیغام کے ذریعے آگاہ کیا، صارفین میں سے اکثریت ان کی ہے جنہوں نے اپنی معلومات ڈیٹا انالیٹیکس فرم کے ساتھ شیئر کی تھیں۔

    خیال رہے سیاسی مشاورتی کمپنی کی جانب سے امریکی صدارتی انتخاب میں فیس بک کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا بغیراجازت استعمال ہونے کے انکشاف کے بعد فیس بک کوشدیدتنقید کا نشانہ بنایا۔

    واضح رہے انالیٹیکا کمپنی پر الزام ہے کہ انہوں نے لاکھوں امریکی شہری کی معلومات کو ایک سافٹ ویئر پروگرام کے تحت امریکی صدارتی الیکشن میں ووٹرز پر اپنا اثر و رسوخ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔