Tag: نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام

  • اپنا گھر بنانے کا خواب !  50 ہزار سے کم آمدنی والے افراد کے لیے اچھی خبر

    اپنا گھر بنانے کا خواب ! 50 ہزار سے کم آمدنی والے افراد کے لیے اچھی خبر

    نوشہرہ : 50 ہزار سے کم آمدنی والے افراد بھی کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم سے اب اپنا گھر بنا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا گیا، 150 کنال رقبے پر محیط ہاؤسنگ اسکیم پر لاگت کا 3300 ملین روپے تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    اسکیم کے پہلے مرحلے میں 120 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے، اسکیم میں کل1320 کم لاگت اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے، 50 ہزار سے کم آمدنی والے افراد اسکیم سے مستفید ہونے کے اہل ہیں۔

    کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کے بعد وزیر اعلیٰ کے پی نے اسپورٹس کمپلیکس منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا افتتاح کیا تھا ، جس کے تحت تحت شہری 15 لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ پانچ سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کاہدف حاصل کریں گے، 15 لاکھ روپے کا قرض 7 سال میں 14 ہزار ماہانہ قسط پر ادا کرنا ہوگا۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

  • گھر مبارک! ‘آپ کا اپنا مکان ، یہ ہی ہے نیا پاکستان’

    گھر مبارک! ‘آپ کا اپنا مکان ، یہ ہی ہے نیا پاکستان’

    اسلام آباد : سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کل سےگھروں کی فراہمی شروع ہورہی ہے، اب آپ کا اپنا مکان ہوگا ، یہ ہی ہے نیا پاکستان۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خوابوں کی تعبیر اور گھروں کی تقسیم مبارک ہو۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کل سےگھروں کی فراہمی شروع ہورہی ہے، اب آپ کا اپنا مکان ہوگا ، یہ ہی ہے نیا پاکستان، عوام کےلیے احساس قوم کی تقدیر بدل دیتا ہے۔

    خیال رہے گیارہ سال بعد اسلام آباد کے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کو گھروں کی فراہمی کا منصوبہ مکمل ہوگیا، وزیراعظم کل ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت رہائشی فلیٹس اورمکانات کی تقسیم کریں گے۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے 11سال سے زیرالتوارہائشی پراجیکٹ مکمل کرانے میں اہم کردار ادا کیا، نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت 1000سے زائد فلیٹس اور 500 مکانات تیار کئے گئے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کل مزدورطبقے کیلئے مزید 1500 فلیٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

  • قبضہ چھڑائی گئی زمینیں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں استعمال ہوں گی

    قبضہ چھڑائی گئی زمینیں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں استعمال ہوں گی

    لاہور: حکومت پنجاب نے واگزار کروائی گئی اراضی کو محفوظ بنانے کے لیے زمین کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور بلین ٹری منصوبے میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے واگزار شدہ اراضی کو محفوظ بنانے کا طریقہ ڈھونڈ لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ ایکڑ واگزار اراضی 2 منصوبوں میں استعمال کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اراضی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور بلین ٹری منصوبے میں استعمال کیا جائے گا۔

    محکمہ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے ڈھائی سال میں 1 لاکھ 44 ہزار 439 ایکڑ زمین واگزار کروا لی ہے جس کی مالیت 425 ارب روپے سے زائد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں سے 1 لاکھ 42 ہزار 470 ایکڑ اراضی واگزار کروائی گئی جبکہ شہری علاقوں سے 1 ہزار 969 ایکڑ اراضی واگزار کروائی گئی۔

    ایک رپورٹ کے مطابق 10 سال میں صرف 2 ارب 60 کروڑ روپے کی سرکاری اراضی پر قبضہ واگزار کرایا گیا تھا، موجودہ حکومت نے 27 ماہ میں 181 ارب 1 کروڑ 43 لاکھ 90 ہزار روپے کی اراضی واپس لی۔

    27 ماہ میں قومی خزانے کو 200 ارب 6 کروڑ 80 لاکھ روپے کا فائدہ پہنچایا جا چکا ہے، عوام کی جانب سے موصول 6 ہزار 474 شکایات میں سے 5 ہزار 196 شکایات پر بھی کارروائی مکمل کی گئی۔

    شکایات کے نتیجے میں بھی 210 کروڑ روپے سے زائد رقم ریکور ہوچکی ہے۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے والوں کے لئے بری خبر

    نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے والوں کے لئے بری خبر

    اسلام آباد: نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے کا آج آخری دن ہے، ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے آن لائن رجسٹریشن نادراای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کیساتھ کرائی جا سکتی ہیں جبکہ پاکستانی گھر بیٹھے نادرا ویب سائٹ پربھی بغیر اضافی فیس کے رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔

    ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان

    یاد رہے چند روز قبل نادرا نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا اسکیم کا مقصد عوام کو ذاتی چھت کی فراہمی آسان بنانا ہے، آخری تاریخ میں متعدد بار توسیع کی گئی تاکہ کوئی شہری محروم نہ رہے۔

    نادرا حکام کے مطابق اسلام آباد میں 260856 افراد، لاہور میں 225694، کراچی میں 265347 افراد، فیصل آباد میں 124884، ملتان میں 78738 اور کوئٹہ میں 70892 افراد نے رجسٹریشن کرائی، پشاور اور سوات میں بالترتیب 47362 اور 53486 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔

    خیال رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو کیا تھا،جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے والوں کیلئے بڑی خبر

    نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے والوں کیلئے بڑی خبر

    اسلام آباد : نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ، درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے، اب تک ملک بھر سے 14 لاکھ سے زائد افراد کی درخواستیں موصول ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کے انقلابی پروگرام نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے اور ملک کے تمام علاقوں سے بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی جا رہی ہیں۔

    عوام کی سہولت اور جوش وجذبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے اور اب درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے۔

    نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اس سلسلے میں اپنے ای سہولت فرنچائز نیٹ ورک اور آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

    ترجمان نادرا کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد ملک بھر میں رجسٹریشن کرا چکے ہیں ، دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ ضلع لاہور میں 150255 افراد ، ضلع ملتان میں 47802 افراد، بہاولپور میں 44786 افراد، کراچی کے مختلف اضلاع میں 89062 افراد اور پشاور میں 34484 افراد نے رجسٹریشن کرائی ۔

    مزید پڑھیں : نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں اب تک 11 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

    رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کے بعد اب آن لائن رجسٹریشن 15 نومبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے۔

    کراچی کے عوام کیلئے ڈی ایچ اے میگا سینٹر، لیاقت آباد نادرا سینٹر یا نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر آن لائن رجسٹریشن کرانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

    یاد رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو کیا تھا،جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام اہم ترین اور کلیدی منصوبوں کا حصہ ہے، وزیراعظم

    نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام اہم ترین اور کلیدی منصوبوں کا حصہ ہے، وزیراعظم

    کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام اہم ترین اور کلیدی منصوبوں کا حصہ ہے جس کا مقصد کم آمدنی والے افراد کی ذاتی رہائش گاہ کے خواب کو حقیقت کا روپ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت سندھ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزرا علی زیدی، فیصل واوڈا، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی نعیم الحق، عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، نجیب ہارون، فردوس شمیم ودیگر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو موثر بنانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منصوبوں کے آغاز سے سندھ میں کاروبار، روزگار کے مواقع میسر ہوں گے، منصوبوں سے متعلقہ صنعتوں کو فروغ ملے گا اور معیشت کا پہیہ چلے گا۔

    مزید پڑھیں: نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام: کراچی لاہور،اسلام آباد میں رجسٹریشن جلد شروع کرنے کا اعلان

    انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں نجی شعبے کی دلچسپی نہایت حوصلہ افزا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ نجی شعبہ اس ضمن میں پارٹنر بنے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، جہلم، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں رجسٹریشن کا جلد آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متوسط طبقے کو انتہائی آسان اقساط پر گھردیئے جائیں گے، ہاؤسنگ اسکیمز میں اسکول، مساجد، کمیونٹی سینٹر اور میڈیکل سینٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

    گھروں کی مرحلہ وار تعمیر کے ساتھ ساتھ چالیس سے زائد تعمیراتی صنعتوں کو فروغ ملے گا، جہاں ساٹھ لاکھ سے زیادہ ہنر افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے وہیں رئیل اسٹیٹ کی مد ملکی معیشت میں کھربوں روپے اضافہ ہو گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دس فیصد کوٹہ ہوگا۔

  • وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی شاندار پذیرائی، فارم جمع کرانے کا آج پہلا دن

    وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی شاندار پذیرائی، فارم جمع کرانے کا آج پہلا دن

    اسلام آباد : وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو شاندار پذیرائی حاصل ہورہی ہے،ہاؤسنگ اسکیم کا فارم جمع کرانےکاآج پہلادن ہے، ،نادرا سینٹرز پر لوگوں کا رش لگ گیا، خاندان میں صرف ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی۔

    وزیراعظم نیا پاکستان اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام کیلئے ملک بھر سے فارمز جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نادرا کے مقرر کردہ سینٹرز پر لوگوں کی بڑی تعداد فارم جمع کرانے کیلئے موجود ہے۔

    اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام کے فارمز ساٹھ روز تک بشمول کرایا جاسکتا ہے جبکہ عوام ہفتہ اور اتوارکو بھی فارمز جمع کراسکتے ہیں۔

    اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام میں خاندان کے صرف ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی، شہری 21 دسمبر تک 250 روپے فیس کےساتھ فارم جمع کراسکتے ہیں۔

    ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ابتدائی طورپر7 اضلاع میں کا آغاز کیا گیا ہے، جن میں سکھر، کوئٹہ، گلگلت، مظفر آباد، سوات، اسلام آباد اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    اسلام آباد میں نادرا میگاسینٹر اور بلیو ایری امیں فارم جمع کرائے جاسکتے ہیں، فیصل آباد،سکھر،سوات،گلگت میں فارم ڈی سی آفس جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کوئٹہ نادرا اور مظفرآباد میں ڈی سی آفس میں فارم جمع کرائے جاسکتے ہیں

    اسلام آباد وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب میں کہا ون ونڈو سروس کے ذریعے لوگوں کو گھر دیئے جائیں گے۔

    فیصل آباد میں بھی اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام کیلئےدرخواست وصولی کاسلسلہ شروع ہوگیا ، ڈی سی آفس میں فارم وصولی کے لئے نادرا آفس قائم کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، 50 لاکھ گھروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سکھر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم رجسٹریشن آفس کا افتتاح کیا۔

    گورنر گلگت بلتستان نے گلگت میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کا افتتاح کیا اور کہا پی ٹی آئی حکومت نےپہلی بارعوامی نوعیت کے منصوبے کا آغازکیا۔

    نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا آزاد کشمیر میں آغاز ہوگیا ، وزیرامورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کشمیرایک خوبصورت علاقہ ہے، آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ دیں گے۔

    یاد رہے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ‘ پروگرام کا رجسٹریشن فارم جاری کیا، جو خواہش مند شہری 12 اکتوبر سے 21 دسمبر 2018 تک مختص کردہ ضلعی ہاؤسنگ پروگرام دفاتر میں 250 روپے فیس کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔

    واضح رہے 10 اکتوبر کو وزیراعظم نے ” نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے” کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کرآئے گی، اپنا گھراسکیم ان لوگوں کیلئےجوکبھی گھربنانےکاسوچ نہیں سکتے تھے، گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔