Tag: نیا گھر

  • نئے خریدے گھر سے کیا دریافت ہوا؟ خاتون خوفزدہ

    نئے خریدے گھر سے کیا دریافت ہوا؟ خاتون خوفزدہ

    امریکا میں ایک خاتون اس وقت خوفزدہ اور حیران رہ گئیں جب ان کے نئے خریدے ہوئے گھر میں اچانک ایک تہہ خانہ دریافت ہوگیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیوز میں وہ بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ انہوں نے یہ گھر ایک سال قبل خریدا تھا، اس کے پرانے مالکان جو ایک بے اولاد جوڑا تھا نہایت جلدی میں دکھائی دیتا تھا اور انہوں نے نہایت سستے داموں گھر کو فروخت کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ گزر جانے کے بعد ایک روز انہوں نے فرش سے قالین ہٹایا تو وہاں ایک دروازہ موجود تھا، دروازہ کھولنے پر وہاں پراسرار سیڑھیاں نیچے جاتی نظر آئیں۔

    ابتدا میں خاتون نیچے جانے سے خوفزدہ تھیں کیونکہ وہاں سے ہلکی سی بھنبھناہٹ نما آواز آرہی تھی، انہوں نے اپنے دوستوں کو ساتھ لے کر نیچے جانا چاہا لیکن وہ بھی آواز سن کر خوفزدہ ہوگئے۔

    بعد ازاں خاتون خود ہی ہمت کر کے نیچے اتریں تو وہاں ٹوٹا پھوٹا فرنیچر اور کچرا پڑا ہوا دکھائی دیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ پرانے مالکان نے اس تہہ خانے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا اور وہ اسے اتفاقیہ دریافت کرنے پر نہایت خوفزدہ ہوگئی تھیں۔

  • نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ جاری

    نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ جاری

    لاہور: ہائی کورٹ نے سرسبز پاکستان کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے، جسٹس جواد حسن نے 78 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ درخت نہ لگانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نقشے منظور نہ کیے جائیں، عدالت نے درخت کاٹنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔

    اپنے تفصیلی حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ درخت نہ لگانے والی فیکٹریوں کے این او سی منسوخ کیے جائیں، تمام محکموں کے افسران درخت لگانے سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کریں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں، اسپتالوں، پارکنگ سمیت عوامی مقامات پر درخت لگائے جائیں، درخت لگانے اور کاٹنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع لازمی ہوگا، پنجاب حکومت زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔

    عدالت نے کہا کہ پنجاب حکومت درختوں کے حوالے سے متعلقہ قوانین پر نظر ثانی کرے، محکمہ جنگلات، پی ایچ اے (پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی) متعلقہ اداروں کو درختوں پر سہولت فراہم کریں، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے، زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ دریں اثنا، لاہور ہائی کورٹ نے درخت لگانے کے حوالے سے حکومتی پالیسی کو سراہا۔