Tag: نیب ترجمان

  • نیب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتہائی احترام کرتا ہے: ترجمان نیب

    نیب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتہائی احترام کرتا ہے: ترجمان نیب

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے ترجمان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ نیب کا ادارہ سلیم مانڈوی والا کا انتہائی احترام کرتا ہے۔

    ترجمان نیب نے ایک بیان میں سلیم مانڈوی والا کا الزام بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب تمام پارلیمنٹرین کا بے حداحترام کرتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے بے بنیاد الزام کا جواب آئین و قانون کے مطابق دیاجائے گا۔

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ نیب انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے،چینی سفیر نے بھی کہا تھا کہ نیب کا کردار ختم ہونے تک کوئی معاہدہ نہیں کریں گے۔

    قبل ازیں، انھوں نے اسلام آباد کے ایوان صنعت و تجارت میں خطاب میں کہا کہ نیب کا شکار ہونے والوں کی روزانہ کوئی نہ کوئی کال موصول ہوتی ہے، لوگ نیب کی وجہ سے امریکا اور یورپ چلےگئے، اب ہم نے نیب پر پوزیشن لے لی ہے، کسی صورت کاروباری طبقے کو نیب کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔

    سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن روکنے کے لیے بنا تھا، نیب کو اب بندکرنا پڑے گا، حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل حل نہیں کر رہی، کاروباری طبقے کے لیے موقع ہے کہ وہ کھڑے ہو جائیں۔

    انھوں نے کہا شہزاد اکبر اب پارلیمنٹرین کو بتائیں گے کہ پارلیمنٹ کیسے چلتی ہے، وہ اپنا کام کریں اور پارلیمنٹ کے کام میں مداخلت بند کریں۔

    ڈپٹی چیئرمین نے خطاب میں کہا کہ سرمایہ کار اپنے مسائل سینیٹ کو بھیجیں، نیب کو عفریت بنا دیاگیا ہے اسے اب بند کرنا ہوگا۔

  • علیم خان کو چیئرمین نیب کی ناراضی پر گرفتار نہیں کیا گیا، ترجمان نیب کی وضاحت

    علیم خان کو چیئرمین نیب کی ناراضی پر گرفتار نہیں کیا گیا، ترجمان نیب کی وضاحت

    لاہور: ترجمان نیب نے وضاحت کی ہے کہ علیم خان کو چیئرمین نیب کی ناراضی پر گرفتار نہیں کیا گیا ہے، علیم خان کی گرفتاری پر منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب نے کہا ہے کہ علیم خان کی گرفتاری پر منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، علیم خان کی گرفتاری قانون کے مطابق میرٹ پر کی گئی ہے۔

    ترجمان نیب کے مطابق چیئرمین نیب کسی انکوائری یا انویسٹی گیشن پر اثرانداز نہیں ہوتے ہیں، چیئرمین نیب نے علیم خان سے زندگی میں کبھی ملاقات نہیں کی اور نہ ہی کسی خط کی وجہ سے وہ علیم خان سے ناراض ہیں۔

    ترجمان نیب نے کہا کہ بدعنوان عناصر کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، نیب آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دہی پر یقین رکھتا ہے، چیئرمین نیب انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے سینئر صوبائی وزیر بلدیات کی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: علیم خان نو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آج علیم خان کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کے بعد گزشتہ روز نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ قومی احتساب بیور نے علیم خان کو مبینہ طور پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا۔

    یاد رہے کہ پنجاب حکومت کا حصہ بننے سے قبل علیم خان نے دعوی ٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف دس اداروں میں تحقیقات ہوئی ہیں، 130 مختلف دستاویزات جمع کروا نے کا بھی دعویٰ کیا تھا، ایک موقع پر علیم خان نے کہا تھا کہ یا تو انہیں گرفتار کیا جائے یا پھر ان کے خلاف مقدمات ختم کیےجائیں۔