Tag: نیب لاہور

  • علیم خان اربوں روپے کی منتقلی کے ثبوت دینے میں ناکام رہے، تفتیشی رپورٹ

    علیم خان اربوں روپے کی منتقلی کے ثبوت دینے میں ناکام رہے، تفتیشی رپورٹ

    لاہور : نیب کی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء عبدالعلیم خان بیرون ملک سے اربوں روپے کی مشتبہ رقوم کی منتقلی، ذرائع اور تفصیلات بتانے میں ناکام رہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور میں گرفتار تحریک انصاف کے سینیئر رہنماء عبدالعلیم خان کی تفتیشی رپورٹ سامنے آگئی ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علیم خان نے بتایا کہ ان کے والد کو بیرون ملک سے 60 کروڑ ایک اور 90 کروڑ روپے الگ موصول ہوئے لیکن والدین کو موصول ہونے والی رقوم کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

    نیب رپورٹِ کے مطابق عبدالعلیم خان کے اکاؤنٹس میں سات مختلف مشتبہ رقوم کی منتقلی ہوئی، جو ان کے والدین کی جانب سے منتقل کی گئی رقم سے الگ تھی، ان کو 21 اگست 2002 کو نعیم اصغر نے امریکہ سے 11 کروڑ 68 لاکھ 72 ہزار سے زائد رقم بھیجی۔ 27 نومبر 2004 کو بھی امریکہ سے زار کو ٹریڈر سے 59 کروڑ 77 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد کی رقم موصول ہوئی۔

    رپورٹِ میں مزید بتایا گیا نعیم اصغر نے ہی 14 اکتوبر 2002 کو نیویارک امریکہ سے 3 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد رقم بھیجی اور برطانیہ سے علیم خان کو 12 دسمبر 2003 کو اوورسیز ایکسپریس سے 2 ارب 29 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد رقم موصول ہوئی جبکہ لندن ہی کے بینک سے 12 دسمبر 2003 کو 1 ارب 4 کروڑ 32 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد رقم بھی موصول ہوئی۔

    تفتیشی رپورٹ کے مطابق علیم خان کے اکاؤنٹ میں 25 نومبر 2004 کو لندن ہی کے بینک سے 1 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد رقم بھیجی گئی، دبئی سے آصف حیدر نامی شخص نے 9 فروری 2005 میں 2 کروڑ روپے سے زائد رقم بھیجی۔

    نیب رپورٹ میں بتایا گیا علیم خان کی جانب سے دبئی اور برطانیہ میں خریدی گئی جائیدادوں اور جن کمپنیوں سے خریدی گئیں، ان کی تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ ع

    بدالعلیم خان نے برطانوی پاونڈزمیں ہیگزم انوسٹمنٹ کے ذریعے برطانیہ میں اور دبئی میں 3 کروڑ درہم سے ایف زیڈ ای اور آر اینڈ آر کے ذریعے فلیٹس خریدے لیکن دونوں جائیدادوں کی خریداری، رقم کے ذرائع اور رقم باہر منتقل کرنے کے راستے بتانے میں ناکام رہے۔

    مزید پڑھیں :  علیم خان 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    یاد رہے آمدن سے زائد اثاثوں کیس میں علیم خان کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کردی۔

    نیب وکیل نے مزید ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے دلائل میں کہا کہ علیم خان کے والدین ان کے بے نامی دار ہیں،علیم خان سن دو ہزار میں عام شخص تھے، اچانک آٹھ سو اکہتر ملین کےمالک بنے۔

    علیم خان نے بیان میں کہا ان کے والد پروفیشنل بینکر تھے اور رئیل اسٹیٹ کا کام کرتے تھے، مجھے کینیڈا پڑھنے بھجوایا، مجھ پر آج تک کرپشن کا ایک الزام نہیں لگا، نیب دس سال تک کیاکرتی رہی اس دوران میں وزیر نہیں تھا، نیب کو میرے خلاف پانامالیکس سے دستاویذات نہیں ملیں، میرا نام پانامالیکس میں بھی نہیں تھا۔

    علیم خان نے دعوی کیا کہ نیب انہی دستاویزات کی بنیادپر ملزم بنا رہی ہےجومیں نےپیش کیں۔

  • نیب نے علی جہانگیر صدیقی کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا

    نیب نے علی جہانگیر صدیقی کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا

    لاہور: نیب لاہور نے امریکا میں تعینات سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے امریکا میں تعینات سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا، علی جہانگیر صدیقی کو جلد دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی سے انویسٹی گیشن کی منظوری ریجنل بورڈ اجلاس میں دی گئی ہے، نیب کی جانب سے سابق سفیر کو اسی ماہ دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ نیب لاہور علی جہانگیر صدیقی کے خلاف ایزگارڈ نائن کمپنی کیس میں تحقیقات کررہا ہے۔

    گزشتہ روز نیب لاہور کا کہنا تھا کہ ملزم علی جہانگیر صدیقی کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے، علی جہانگیر صدیقی ڈائریکٹر کمپنی پر 11 ارب روپے کے غبن کی تحقیقات جاری ہیں۔

    یہ پڑھیں: علی جہانگیر صدیقی کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کرنے کی منظوری

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نیب نے علی جہانگیر صدیقی کے خلاف کیس کی انکوائری مکمل کرتے ہوئے انویسٹی گیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے سفیر تعینات ہونے سے قبل فواد حسن فواد کے اکاؤنٹ میں پندرہ کروڑ منتقل کئے تھے، فواد حسن فواد نیب کے زیر حراست ہیں، آشیانہ اقبال کیس میں شریف خاندان کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ ن لیگ کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی کو امریکی سفیر تعینات کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی.

  • ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی کیس: نیب کو مطلوب فرحان چیمہ ایئر پورٹ سے گرفتار

    ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی کیس: نیب کو مطلوب فرحان چیمہ ایئر پورٹ سے گرفتار

    لاہور: ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو مطلوب ملزم فرحان چیمہ کو پاکستان آتے ہی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرحان چیمہ ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں نیب کو مطلوب تھا، فرحان چیمہ کو بیرون ملک سے واپسی پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا۔

    [bs-quote quote=”فرحان چیمہ نیب سے پلی بارگین کے بعد باہر چلا گیا تھا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحان چیمہ نیب سے پلی بارگین کے بعد باہر چلا گیا تھا، ان کا نام ای سی ایل میں بھی شامل تھا، فرحان چیمہ کو ایف آئی اے نے نیب کے حوالے کر دیا۔

    ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے نام پر عوام سے اربوں روپے کے فراڈ کا انکشاف اکتوبر 2017 میں ہوا تھا، جس کے بعد نیب نے ماڈل ہاؤسنگ کے سی ای او اور دیگر ڈائریکٹرز کو گرفتار کر لیا تھا۔

    ملزمان نے اسکیم کے نام پر لاہور کے شہریوں سے پراپرٹی دینے کی مد میں اربوں روپے وصول کیے تھے، نیب لاہور نے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان چیمہ کو حراست میں لے لیا تھا۔

    نیب نے بتایا تھا کہ ملزمان کو غیر قانونی فائلیں فروخت کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، مذکورہ ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کا لے آؤٹ ایل ڈی اے سے منظورہ شدہ نہیں تھا۔

    یہ بھی ملاحظہ کریں:  لاہور: رہائشی اسکیم کے نام پر اربوں‌ روپے کا فراڈ، ملزمان گرفتار

    ملزمان نے چند کینال کی جعلی فائلیں بیچ کر اربوں روپے کمائے اور رعایتی واؤچر کے نام پر سیکڑوں لوگوں کو دھوکا دیا، نیب کو خدشہ تھا کہ ملزمان بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں، اس لیے انھیں حراست میں لیا گیا، تاہم بعد میں فرحان چیمہ کو وائٹ کالر کرائم سے متعلق نیب کے قانون پلی بارگین کے تحت چھوڑ دیا گیا تھا۔

  • نیب لاہور نے حمزہ شہباز شریف کو آج طلب کر لیا

    نیب لاہور نے حمزہ شہباز شریف کو آج طلب کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کو آج طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے حمزہ شہباز کو طلب کر لیا ہے، پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کو آج ایک بجے نیب دفتر پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”پہلے بھی آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہو چکے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

    حمزہ شہباز پہلے بھی آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو ہفتے قبل ایف آئی اے نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، وہ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے دوحہ جا رہے تھے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی


    یاد رہے گزشتہ ماہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی اور اس ضمن میں وزارتِ داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔

  • پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کیس: نیب نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر غلام مرتضیٰ کو گرفتار کر لیا

    پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کیس: نیب نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر غلام مرتضیٰ کو گرفتار کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر غلام مرتضیٰ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں بڑی کارروائی کی، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرغلام مرتضیٰ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    [bs-quote quote=”ملزم پر دھوکا دہی اور 18 ارب کرپشن میں مرکزی ملزم کی مدد کا الزام ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”نیب اعلامیہ”][/bs-quote]

    نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملزم پر دھوکا دہی اور 18 ارب کرپشن میں مرکزی ملزم کی مدد کا الزام ہے، پاک عرب نامی سوسائٹی کو ایل ڈی اے سے این او سی جاری نہیں ہوا۔

    اعلامیے کے مطابق ملزم کی جانب سے 8500 فائلیں غیر قانونی طور پر فروخت کی گئیں، ملزم غلام مرتضیٰ مبینہ طور پر بیرون ملک فرار تھا، واپسی پر پکڑا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے پاک عرب سوسائٹی پر چھاپا مار کر غلام مرتضیٰ کو حراست میں لیا، ملزم کو اس کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  قیصرامین بٹ نے نیب کے سامنے بڑے راز کھول دیے، ن لیگ کے بڑے رہنما بے نقاب


    نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ نیب پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک عمار گلزار کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے، نیب ذرائع نے بتایا کہ پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کے پاس 1500 پلاٹ تھے، جب کہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے 5000 سے زائد افراد سے کروڑوں روپے وصول کیے۔

  • ڈی جی نیب لاہور اور نواز شریف کی ملاقات کی خبریں بے بنیاد ہیں: نیب اعلامیہ

    ڈی جی نیب لاہور اور نواز شریف کی ملاقات کی خبریں بے بنیاد ہیں: نیب اعلامیہ

    لاہور: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی ڈی جی نیب لاہور کے ساتھ ملاقات کی خبروں پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے اعلامیے میں ڈی جی نیب لاہور اور نواز شریف کی ملاقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    [bs-quote quote=”من گھڑت خبریں نیب اور افسران کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”نیب اعلامیہ”][/bs-quote]

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور کی شہباز شریف اور نہ نواز شریف سے کوئی ملاقات ہوئی، چیئرمین نے تمام ڈی جیز کی سیاسی شخصیات سے ملاقات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    نیب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایات پر مکمل عمل در آمد کیا جا رہا ہے، من گھڑت خبریں نیب اور افسران کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

    قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ نیب لاہور قانون کے مطابق اور میرٹ پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

    واضح رہے کہ آج نواز شریف اور دیگر اہلِ خانہ نے نیب آفس لاہور میں شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کی، اس دوران شریف برادران کی ڈی جی نیب لاہور کے ساتھ ملاقات کی خبریں بھی آئیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  شریف فیملی کی شہباز شریف سے نیب آفس میں ملاقات


    ذرائع کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق شہباز شریف کو روشنی اور ہوا دار کمرہ نہیں دیا گیا، جس پر ڈی جی نیب نے کہا کہ شہباز شریف کو قانون کے مطابق سہولتیں دی جائیں گی۔

    نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ تاثر ہے کہ نیب شریف خاندان کے خلاف آلہ کار بنا ہوا ہے، جس پر ڈی جی نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ تمام مقدمات میں تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے۔

  • نیب نے نواز شریف کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی

    نیب نے نواز شریف کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے چھوٹے بھائی شہباز شریف سے ملاقات کے لیے نیب کو درخواست بھیجی تھی جس کا جائزہ لینے کے بعد نیب لاہور نے نواز شریف کو ملاقات کی اجازت دے دی۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق نواز شریف کی درخواست پر انہیں زیر تفتیش اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملنے کا وقت دیا گیا ہے وہ کل شہباز شریف سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ نواز شریف کی نیب آفس میں شہباز شریف سے دوسری ملاقات ہوگی اس سے قبل بھی نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

    احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے رکھا ہے۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد: شہبازشریف کا نجی اسپتال میں طبی معائنہ مکمل

    یاد رہے کہ آج صبح مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو طبی معائنے کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کے تین سی ٹی اسکین کیے گئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ سی ٹی اسکین کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس کے بعد انہیں لاہور روانہ کیا جائے گا۔

  • قومی اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد نیب نے شہباز شریف کو اپنی تحویل میں لے لیا

    قومی اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد نیب نے شہباز شریف کو اپنی تحویل میں لے لیا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد نیب ٹیم شہباز شریف کو اپنی تحویل میں لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد نیب ٹیم شہباز شریف کو اپنی تحویل میں لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوگئی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو پروڈکشن آرڈر پر قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے لایا گیا تھا۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد شہباز شریف کو نیب کے حوالے کیا گیا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو بذریعہ طیارہ اسلام آباد سے واپس لاہور پہنچایا جائے گا۔

    قومی اسمبلی اجلاس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں پاکستان تحریک انصاف اور نیب کے اتحاد پر بات کرنا چاہتا ہوں، ن لیگ کے لیڈرز کے خلاف 13 مئی کو دہشت گردی کے پرچے کاٹے گئے۔

    مزید پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس: شہباز شریف کے اداروں پر بھرپور الزامات

    ان کا کہنا تھا کہ نیب میں حاضریاں اور گرفتاریاں ن لیگی اراکین کی ہوئیں، چیئرمین نیب نے میری گرفتاری کے آرڈرز 6 سے 13 جولائی کے درمیان دیا تھا۔ ’شیخ رشید نے ایسے ہی تو نہیں کہا تھا کہ شہباز شریف جیل کی ہوا کھائے گا۔

    شہباز شریف نے مزید کہا تھا کہ فیصلہ ایوان نے کرنا ہے وہی جنگل کا قانون ہوگا، ہٹلر کا انجام یاد رکھنا چاہیئے، نیب کے عقوبت خانے میں ہوا کا گزر نہیں، سورج نظر نہیں آتا، سیاست دان سختیاں برداشت کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔

    خیال رہے کہ نیب لاہور نے شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا اور گزشتہ روز ان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی تھی۔

  • پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی آج نیب میں طلبی

    پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی آج نیب میں طلبی

    لاہور : پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق آج نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوں گے، نیب نے تمام دستاویزات اور منی ٹریل لے کر آنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق آج نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوں گے، نیب نے دونوں بھائیوں کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں طلب کر رکھا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام دستاویزات اور منی ٹریل لے کر آئیں۔

    ذرائع کے مطابق اگر سعد رفیق مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرسکے تو ان کی بھی گرفتاری کا امکان ہے۔

    گذشتہ روزسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس پر سماعت میں وکلاء صفائی نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ نیب نے سعد رفیق اور سلمان رفیق کو تحقیقات کے لیے طلب کیا ہےخدشہ ہےنیب انہیں گرفتار کرلے گی۔

    مزید پڑھیں : خواجہ سعد رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

    جس پر عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی 24 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 5، 5 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

    اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے گرفتاری ے بچنے کے لیے ایک درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی دائر کی تھی، جسے مسترد کردیا گیا تھا ۔

    خیال رہے آشیانہ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انشاف ہوا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے۔

  • نیب نےسلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں

    نیب نےسلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں

    لاہور: نیب نے شہبازشریف کےصاحبزادے سلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں جبکہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے شہبازشریف کے صاحبزادےسلمان شہبازسے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور تمام اثاثوں،بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں جبکہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلٰی کے بیٹے کو پروفارما دیتے ہوئے کہا گیا ہے وہ مختلف کلبوں کی رکنیت ،مختلف کمپنیوں اور  زرعی زمین کی آمدن کی تفصیلات جمع کرائیں۔

    نیب نے میڈیکل سمیت تمام اخراجات اور گھریلو ملازمین کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔

    سلمان شہباز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک اثاثوں اور دوروں سمیت اپنے اور اہل خانہ کے نام پر لئے گئے قرضوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔

    نیب کی جانب سے کہا گیا کہ سلمان شہباز نیب آرڈیننس کے تحت جواب جلد از جلد جمع کرانے کے پابند ہیں۔

    گذشتہ روز سابق وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نیب میں پیش ہوئے تھے ، نیب کی تحیقاتی ٹیم نے ان سے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد عرصہ تک پوچھ گچھ کی۔

    سلمان شہباز کا نیب کے سامنے موقف تھا کہ وہ اپنے وکیل کے ساتھ مشورہ کرکے ان سوالوں کے جوابات جمع کروا دیں گے۔

    یاد رہے نیب نے سلمان شہباز کو ناجائز اثاثہ جات کیس کے الزام میں طلب کیا تھا، نیب کو کچھ بینکوں میں سلمان شہباز کے اکاؤنٹس کی معلومات ملی تھیں، اکاؤنٹس میں ضرورت سے زائد رقم کا لین دین ہوا۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف کے بیٹے کی نیب میں طلبی کی اصل وجہ سامنے آگئی

    ذرائع کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش شہبازشریف کے بیان پر سلمان شہباز کو طلب کیا گیا، شہباز شریف نے کہا مالی معاملات کی دیکھ بھال سلمان شہباز کرتا ہے جبکہ شیئرز،جائیداد کے معاملات بھی وہی دیکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے۔

    قومی احتساب بیورو کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا۔

    جس کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے دلائل کے بعد شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔