Tag: نیب لاہور

  • کرپشن کے الزام میں گرفتار شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز آج نیب لاہور میں پیش ہوں گے

    کرپشن کے الزام میں گرفتار شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز آج نیب لاہور میں پیش ہوں گے

    لاہور : آشیانہ ہاؤسنگ میگا کرپشن اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز آج نیب لاہور میں پیش ہوں گے، جن سے زائد اثاثوں پرپوچھ گچھ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ میگا کرپشن اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے سلمان شہباز آج نیب لاہور میں پیش ہوں گے، سلمان شہباز خاندانی کاروبار اور بینک اکاؤنٹس کی دستاویزات ساتھ لے کر جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق سلمان شہباز کو ناجائز اثاثہ جات کیس کے الزام میں طلب کیا گیا ہے، نیب کو کچھ بینکوں میں سلمان شہباز کے اکاؤنٹس کی معلومات ملی تھیں، اکاؤنٹس میں ضرورت سے زائد رقم کا لین دین ہوا۔

    یاد رہے دو روز قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیٹے کو تفتیش کے لیے 10 اکتوبر کو طلب کیا تھا۔

    گذشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش شہبازشریف کے بیان پر سلمان شہباز کو طلب کیا گیا، شہباز شریف نے کہا مالی معاملات کی دیکھ بھال سلمان شہباز کرتا ہے جبکہ شیئرز،جائیداد کے معاملات بھی وہی دیکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف کے بیٹے کی نیب میں طلبی کی اصل وجہ سامنے آگئی

    ذرائع کے مطابق شہبازشریف کےمطابق وہ خاندانی کاروبارکی زیادہ معلومات نہیں رکھتے۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے۔

    قومی احتساب بیورو کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا۔

    جس کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے دلائل کے بعد شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

  • پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس،  شہباز شریف 20 اگست کو طلب

    پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس، شہباز شریف 20 اگست کو طلب

    لاہور : نیب لاہور نے سابق وزیر اعلی شہباز شریف کو پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست کو طلب کر لیا، ان پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے نون لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعلٰی شہباز شریف کو نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق سابق وزیر اعلٰی کو پنجاب پاور ڈوپلپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست کو دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے۔

    نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب کو پہلے صاف پانی کرپشن کیس اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا جا چکا ہے۔

    نیب لاہور 56 کمپنیز کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے، نیب 56 کمپنیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کروا چکا ہے۔

    یاد رہے  سپریم کورٹ رجسٹری میں پنجاب کمپنیزاسکینڈل میں چیف جسٹس نے  ریمارکس دیے  تھے کہ اگرریفرنس بنتا ہے تو فائل کریں، 3 لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے افسران نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ اگر کوئی پیسے واپس نہیں کرے گا تو ہم نکوالیں گے، کسی کو خیال ہی نہیں کہ یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، اورنج لائن ٹرین ودیگرمنصوبے ایک ہی ٹھیکیدار کو دیے گئے۔

    واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ جولائی میں شہبازشریف کو پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل سے متعلق پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا، جس کے احکامات سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہوا میں اڑا دیئے تھے۔


    مزید پڑھیں: پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل، شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا


    اس سے قبل پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔

  • منی لانڈرنگ کی تحقیقات، نیب نے میاں منشا کو آج صبح طلب کرلیا

    منی لانڈرنگ کی تحقیقات، نیب نے میاں منشا کو آج صبح طلب کرلیا

    لاہور: منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات کے لیے نیب نے آج میاں منشا کو صبح دس بجے طلب کرلیا، تین رکنی ٹیم تفتیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے 3 رکنی ٹیم میاں منشا سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرے گی، جس کے لیے انہیں آج صبح دس بجے طلب کیا گیا ہے۔

    نیب حکام کے مطابق میاں منشا کو کہا گیا ہے کہ وہ 2010 میں لندن میں خریدے گئے ہوٹل کی تفصیلات مہیا کریں، جبکہ منی لانڈرنگ سے متعلق مزید پوچھ گچھ بھی کی جائے گی۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ میاں منشا نے 95 ملین ڈالر سے برطانیہ میں ہوٹل خریدا، رقم غیر قانونی طور پر پاکستان سے برطانیہ منتقل کی گئی۔

    خیال رہے کہ درخواست گزار گزشتہ ماہ نیب میں اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں، جبکہ نیب منی لانڈرنگ کی تحقیقات سپریم کورٹ کے احکامات پر کررہی ہے۔


    پچانوے ملین ڈالرکی منی لانڈرنگ کی تحقیقات ، میاں منشا 17 اگست کو طلب


    قبل ازیں نیب ذرائع نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ میاں منشا کے خلاف پاکستان ورکر پارٹی کے فاروق سہلریا نے درخواست دی تھی، فاروق سہلریا کو الیکشن سےقبل طلب کرکے بیان ریکارڈ کرچکا ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی کہا تھا کہ میاں منشا نے 95 ملین ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کیے، ایم سی بی بینک، نشاط گروپ، ڈی جی خان سیمنٹ میاں منشا کی ملکیت ہیں جبکہ آدم جی انشورنس اور نشاط پاورکمپنیاں بھی میاں منشا کی ملکیت ہیں۔

    خیال رہے میاں منشانواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

  • پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل، شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں طلبی

    پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل، شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں طلبی

    لاہور : پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل میں شہباز شریف کو آج نیب لاہور میں طلب کر لیا ہے ، سابق وزیر اعلی سے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کرپشن پر پوچھ گچھ ہوگی، شہباز شریف اس سے قبل ایک مرتبہ اسی کیس میں پیش ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے گرد قانون کا گھیرا تنگ  ہونے لگا۔

    نیب نے شہبازشریف کو پنجاب کی چھپن کمپنیوں میں بدعنوانی کی تحقیقات کے لیے آج لاہور آفس میں طلب کر رکھا ہے، نیب کی تین رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کمپنی میں کرپشن سے متعلق پوچھ گچھ کریں گی۔

    https://youtu.be/fbg4xfAgvBw

    یاد رہے کمپنی کے سی ای او احد چیمہ پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہیں۔

    قبل ازیں شہباز شریف نے  لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں ڈرانے والے یاد رکھیں وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا۔

    اس سے قبل پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا۔

    شہبازشریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزامات پر بھی طلب کیا گیا تھا، 22 جنوری کو چھوٹے میاں صاحب نیب لاہور میں ڈیڑھ گھنٹہ پیش ہوئے  تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • پنجاب میں 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن کی انکوائری، نیب لاہور نے  رپورٹ جمع کرادی

    پنجاب میں 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن کی انکوائری، نیب لاہور نے رپورٹ جمع کرادی

    لاہور: پنجاب میں پبلک سیکٹرکمپنیزمیں مبینہ کرپشن کی انکوائری ، نیب لاہور نے 56 کمپنیوں کے ریکارڈ کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے سرکاری کمپنیوں کے ریکارڈ کے حوالے سے رپورٹ رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان، ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کو جمع کروائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق انتالیس کمپنیوں کا جزوی ریکارڈ نیب میں جمع کرایا گیا جبکہ 17 کمپنیوں کے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ غیر فعال ہیں جبکہ 17 کمپنیوں میں سے چند میں سنگین غلطیاں کی گئی ہیں۔

    نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت نیب لاہور کا دفتر اتوار رات دس بجے تک کھلا رہا اور تمام اسٹاف بھی ریکارڈ وصولی کیلئے موجود رہا، سیکرٹری آئی اینڈ سی نے 49 کمپنیوں کا ریکارڈ جزوی طور پر نیب لاہور کو جمع کروایا، ان کمپنیوں میں پنجاب صاف پانی کمپنی، لاہور نالج پارک، بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، قائداعظم سولر پاور کمپنی اور پنجاب منرلز کمپنی بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب نے 17 کمپنیوں کے بند ہونے سے متعلق آگاہ کیا، ایڈیشنل سیکرٹری نے یہ بھی بتایا کہ 17 کمپنیوں کا ریکارڈ فوری فراہم نہیں کیا جاسکتا، محکمہ خزانہ کے ریکارڈ کے مطابق ان سترہ کمپنیوں کو بھاری بجٹ سے نوازا گیا۔

    نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ آڈٹ انکوائری میں ان کمپنیوں میں قانون کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی۔ ان کمپنیوں میں پنجاب سلورلینڈ بائیو ٹیکنالوجی کمپنی، بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پنجاب، قائداعظم ونڈ پاور کمپنی شامل ہیں۔

    ایڈیشنل سیکرٹری نے پانچ کمپنیوں کے ریکارڈ سے متعلق کوئی بھی جواب نہیں دیا، جن میں کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی بہاولپور، بینک آف پنجاب، پنجاب مضاربہ سروسز، پاکستان ایکسپو سینٹر شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے چودہ اپریل کو پنجاب حکومت کو تمام کمپنیز کا ریکارڈ نیب کو فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ہالی موٹرزاسکینڈل : مرکزی ملزم شفیق کو نیب نے گرفتارکرلیا

    ہالی موٹرزاسکینڈل : مرکزی ملزم شفیق کو نیب نے گرفتارکرلیا

    لاہور : نیب لاہور نے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہالی موٹرز اسکینڈل کے مرکزی ملزم شفیق ہالی کو گرفتار کرلیا، ملزم کے خلاف شہریوں کو گاڑیاں دلوانے کے نام پرایڈوانس رقم جمع کروانے کے عوض خطیر رقم لوٹنے کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تین کروڑ پچاس لاکھ روپے سے محروم ہونے والے ایک سو پچاس سے زائد شہریوں نے ملزم کیخلاف ماہ جولائی دوہزار سولہ میں نیب لاہور سے رجوع کیا تھا جبکہ دیگر متاثرین نے بھی ملزم کے خلاف درخواستیں نیب لاہور کے دفتر میں جمع کروائی ہیں۔

    ڈی جی نیب کی جانب سے انکوائری کی منظوری کے بعد نیب لاہور نے تحقیقیات کا آغاز کیا، شفیق ہالی کا ایک شریک ملزم کیشیئر محمد اعظم اکتوبر دوہزار سولہ سے گرفتار ہے جبکہ نیب کی جانب سے ملزم کے پارٹنر نعیم عرفان کو بھی گرفتارکیا جاچکا ہے۔

    ہالی موٹرز کے مرکزی ملزم شفیق ہالی نے جو لائی 2015 میں مین بلیورڈ, فیصل ٹاؤن لاہور میں واقع اپنے دفتر میں لوگوں کو 2 سے 3 لاکھ ایڈوانس رقم پرگاڑی دینے کا لالچ دینا شروع کیا۔

    ملزم نے پبلسٹی کے ذریعے شہریوں کو دو سے تین لاکھ ایڈوانس جمع کروانے اور پندرہ سے بیس دن میں صرف بارہ ہزار روپے ماہانہ کی اقساط پر گاڑی دینے کا جھانسہ دیا اور شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگا کرغائب ہوگیا۔

    شفیق ہالی جون دوہزار سولہ سے فرارتھا، جسے آج نیب لاہور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتارکرلیا، ملزم کو کل احتساب عدالت میں جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے پیش کیا جائے گا۔