Tag: نیب

  • محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن، پیپلزپارٹی رہنما نثار کھوڑو نیب میں پیش

    محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن، پیپلزپارٹی رہنما نثار کھوڑو نیب میں پیش

    سکھر : محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما نثارکھوڑو نیب میں پیش ہوکر بیان ریکارڈکرائیں گے، بحیثیت وزیرخوراک سندھ نثارکھوڑو نے اربوں روپے کی گندم فلورملز کو ادھار دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما نثارکھوڑو نیب سکھر میں پیش ہوگئے ، جہاں وہ اپنا بیان ریکارڈکرائیں گے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بحیثیت وزیرخوراک سندھ نثارکھوڑو نے اربوں روپےکی گندم فلور ملز کو ادھاردی، اسی معاملے کی تحقیقات کیلئے پیپلزپارٹی رہنما کو طلب کیا گیا ہے۔

    یاد رہے نیب نے سندھ میں ہونے والے سب سے بڑے گندم اسکینڈل میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 10 ارب روپے سے زائد کی وصولی کرلی تھی، گندم اسکینڈل میں ملز مالکان اور سندھ کا محکمہ خوراک ملوث ہے۔

    قومی احتساب بیورو سکھر نے گندم اسکینڈل پر 4 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کردیے ہیں۔

    خیال رہے نیب نے صوبائی وزیر آئی ٹی سندھ تیمور تالپور کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں، نیب نے ڈی سی عمر کوٹ سے نواب محمد تیمور تالپور سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں جبکہ اس سلسلے میں نیب کراچی نے ڈپٹی کمشنر کو 6 مئی کو ثبوت اور ریکارڈ کے ساتھ طلب کیا تھا۔

    نیب کی جانب سے عمر کوٹ میں سال 2000 سے تعینات ڈپٹی کمشنرز کی فہرست اور ترقیاتی فنڈز کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

  • نیب نے وزیر آئی ٹی سندھ کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں

    نیب نے وزیر آئی ٹی سندھ کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں

    کراچی: آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر سندھ کابینہ کے ایک اور وزیر نیب کے ریڈار پر آ گئے ہیں، نیب نے صوبائی وزیر آئی ٹی سندھ تیمور تالپور کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈی سی عمر کوٹ سے نواب محمد تیمور تالپور سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں، اس سلسلے میں نیب کراچی نے ڈپٹی کمشنر کو کل 6 مئی کو ثبوت اور ریکارڈ کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔

    نیب کی جانب سے عمر کوٹ میں سال 2000 سے تعینات ڈپٹی کمشنرز کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے، تعلقہ کنری کو ملنے والے ترقیاتی فنڈز کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

    نیب نے سال 2000 اور 2008 میں وفاق کے تعاون سے بننے والی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق بھی تفصیلات طلب کر لی ہیں، ذرایع کے مطابق ڈپٹی کمشنر سے تعلقہ سمارو میں اراضی کی خریداری کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

    سندھ حکومت کا 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

    ادھر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں صوبائی وزیر اویس قادر شاہ کو نیب نے آج سکھر آفس میں طلب کر رکھا ہے، ذرایع نیب کے مطابق اویس قادر شاہ سمیت گھر کے 5 افراد کو آج طلب کیا گیا ہے، ان سے بینک ٹرانزیکشنز کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت میں پی پی رہنما خورشید شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر ہے۔

  • سندھ حکومت کا 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے 7ارب کی گندم چوری کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں محکمہ خوراک،اینٹی کرپشن کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر خوراک سندھ کا کہنا ہے کہ نیب تاریخی چوری پر دودھ کا دودھ پانی کا پانی کرے۔

    سندھ کی تاریخ میں سرکاری گندم کی سب سے بڑی چوری کا انکشاف

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ میں سرکاری گندم کی اربوں روپے کی چوری کا انکشاف سامنے آیا تھا، محکمہ خوراک سندھ نے سرکاری گوداموں سے ہونےوالے اس چوری کی تصدیق کی تھی۔

    محکمہ خوراک سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری گوداموں سے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار میٹرک ٹن گندم چوری کی گئی، اس کی مالیت اوپن مارکیٹ میں 7 ارب روپے بتائی گئی۔

    محکمہ خوراک کےمطابق اس کےعلاوہ ایک ارب پانچ کروڑ روپے کی گندم نوری آباد کے بعدکراچی آتے آتے غائب ہوگئی تھی، چیف سیکریٹری نے محکمہ خوراک کی گندم چوری کرنے والے ملازمین، ٹھیکے داروں اور ملوث ملز اونر کے خلاف تحقیقات کی سفارش پرانکوائری اینٹی کرپشن کو سونپ دی تھی۔

  • نیب نے شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

    نیب نے شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں نیب نے شہباز شریف کو کل پھر طلب کر لیا ہے۔

    اپوزیشن لیڈر کو مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ کل دن 12 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، نیب نے اس کیس میں شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے، شہباز شریف دونوں مرتبہ ملک میں ہونے کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے۔

    دونوں مرتبہ ن لیگی رہنما نے اپنے نمایندے کے ذریعے جوابات جمع کرائے تھے، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے جوابات سے مطمئن نہیں۔

    شہباز شریف نے تعاون نہیں کیا تو نیب قانونی راستہ اپنائے گا: اعلامیہ

    نیب نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ شہباز شریف قانون کے مطابق خود پیش ہوں اور مطلوبہ معلومات فراہم کریں، اور اپنے خلاف جاری تحقیقات میں قومی ادارے کے ساتھ تعاون کریں۔

    واضح رہے کہ 22 اپریل کو طلبی پر قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تنبیہی پیغام جاری کر کے کہا تھا کہ اگر انھوں نے تعاون نہیں کیا تو ان کے خلاف نیب قانونی راستہ اپنائے گا۔ اس سے قبل 17 اپریل کو بھی انھیں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ کرونا وائرس کا عذر کر کے پیش نہیں ہوئے، نیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔

  • اثاثہ جات کیس: نیب نے جاوید لطیف کو آج طلب کر لیا

    اثاثہ جات کیس: نیب نے جاوید لطیف کو آج طلب کر لیا

    لاہور: نیب لاہور نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کو آج طلب کر لیا

    تفصیلات کے مطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو آج مکمل ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا۔جاوید لطیف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

    نیب کی جانب سے جاوید لطیف کو اپنے اور والدہ کے اثاثوں کی تفصیلات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما اس سے قبل بھی متعدد بار نیب میں بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔نیب کی تفتیشی ٹیم کو تحقیقات میں مطئمن نہ کرنے پر انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل رواں سال 7 فروری کو مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف نے اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیلات نیب لاہور میں جمع کرائی تھیں۔

    جاوید لطیف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    یاد رہے کہ رواں سال 14 جنوری کو مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا تھا۔

  • آٹا ،چینی اسکینڈل کی تحقیقات ، نیب کا بڑا فیصلہ

    آٹا ،چینی اسکینڈل کی تحقیقات ، نیب کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نے آٹا ،چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کرلیا، ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی سربراہی کریں گے، ٹیم ایف آئی رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد تحقیقات کا آغاز کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے آٹا ،چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئےمشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کرلیا ، نیب راولپنڈی موجودہ اسکینڈل کی تحقیقات کرے گا۔

    ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی جائےگی، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ایف آئی رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد تحقیقات کا آغاز کرے گی۔

    تحقیقاتی ٹیم ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ کرداروں کو طلب بھی کر سکتی ہے اور ایف آئی اےرپورٹ کی روشنی میں متعلقہ کرداروں سے ریکارڈ بھی طلب کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال نے گندم اور چینی اسکینڈل کی تحقیقات کی منظوری دیتے ہوئے گندم،چینی کی مبینہ اسمگلنگ اور سبسڈی کی بھی جامع تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر آٹے اور چینی بحران کی انکوائری رپورٹ جاری کی جا چکی ہے، رپورٹ ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا نے تیار کی، اس رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہی اور خسرو بختیار کے رشتے دار کے نام سمیت کئی نامور سیاسی خاندانوں کے نام شامل ہیں، رپورٹ پبلک کرنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اس کا خود جائزہ لیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • شہباز شریف نے تعاون نہیں کیا تو نیب قانونی راستہ اپنائے گا: اعلامیہ

    شہباز شریف نے تعاون نہیں کیا تو نیب قانونی راستہ اپنائے گا: اعلامیہ

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تنبیہی پیغام جاری کیا ہے کہ اگر انھوں نے تعاون نہیں کیا تو ان کے خلاف نیب قانونی راستہ اپنائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو آج طلب کر لیا ہے، اس سلسلے میں جاری ہونے والے اعلامیے میں نیب نے کہا ہے کہ عدم تعاون کی بنا پر نیب قانونی راستہ اپنانے پر حق بجانب ہوگا۔

    نیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 17 اپریل کو طلب کیا گیا لیکن وہ کرونا وائرس کا عذر کر کے پیش نہیں ہوئے، آج دوپہر 12 بجے انھیں دوبارہ طلب کیا جا رہا ہے، شہباز شریف آج نیب آفس میں پیش ہوں، پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔

    پاکستان میں کو وِڈ نائنٹین کے کیسز 9749 ہو گئے، 209 مریض جاں بحق

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف کے طلب کیے جانے پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اور شہباز شریف پاکستان آ کر نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، نیب شہباز شریف کی صحت کی ذمہ داری اٹھا لے تو وہ پیش ہو جائیں گے۔ انھوں نے اس سے قبل یہ بھی کہا کہ شہباز شریف سے 22 اپریل (آج) کو جو تفتیش کرنی ہے وہ کیمرہ لگا کر عوام کو دکھائی جائے۔

    گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا تھا کہ یہ وہ خاندان ہے جس نے بیماری کو بھی بیچا، شہباز شریف گرفتاری سے بچنے کے لیے بہانے کر رہے ہیں، انھیں کسی دن افطاری کرتے ہوئے پکڑا جائے گا۔

  • نیب کی شہباز شریف کو وارننگ

    نیب کی شہباز شریف کو وارننگ

    لاہور : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے شہباز شریف کو وارننگ جاری کردی اور کہا اگر وہ 22 اپریل کو پیش نہ ہوئے تو قانون اپنا راستہ اپنائے گا،اپوزیشن لیڈر کو آمدن سے زائداثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کررکھا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو پیشی کے نوٹس کے بعد تنبیہ کا بیان بھی جاری کردیا، گزشتہ روز شہباز شریف  کو 22اپریل کو پیش ہونے کیلئے نوٹس بھجوایا تھا۔

    نیب کا کہنا ہے کہ کہ 22 اپریل کوشہباز شریف پیش نہ ہوئے توقانون اپنا راستہ اپنائےگا ، شہبازشریف کو نوٹس آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں بھجوایا گیا ، کوروناوائرس سےبچاؤ کیلئے نیب میں تمام حفاظتی انتظامات ہیں۔

    شہباز شریف کی طلبی کے حوالے سے نیب نے اعلامیہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ شہباز شریف کو امدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 17اپریل کو طلب کیا تھا، شہباز شریف کرونا وبا کا عزر پیش کر کے نیب میں پیش نہیں ہوئے، نیب نے انہیں 22 اپریل کو بارہ بجے دوبارہ طلب کیا ہے، شہباز شریف کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ پیشی کے موقع پر مکمل خفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔

    نیب لاہور نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات میں پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا ہے، اثاثہ جات انکوائری حتمی مراحل میں ہے ، شہباز شریف سے انکوائری کرنا ضروری ہے، شہباز شریف 17 اپریل کو پیش نہیں ہوئے انہیں 22 اپریل کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    شہباز شریف کی پیشی پر سماجی فاصلوں سے متعلق جاری ہدایت پر عمل کیا جا رہا ہے،ادارے کے ساتھ عدم تعاون کی صورت پر نیب قانونی راستہ اپنانے پر حق بجانب ہوگا۔

  • آٹا چینی اسکینڈل: نیب کا اربوں روپے کی ڈکیتی پر خاموش تماشائی نہ بننے کا اعلان

    آٹا چینی اسکینڈل: نیب کا اربوں روپے کی ڈکیتی پر خاموش تماشائی نہ بننے کا اعلان

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ آٹا چینی اسکینڈل میں اربوں روپے کی ڈکیتی پر خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آٹا چینی اسکینڈل پر نیب نے کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے، نیب ذرایع کا کہنا تھا کہ آٹا چینی بحران پرائم میگا اسکینڈل ہے، اربوں روپے کی اس ڈکیتی پر نیب خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کر سکتا۔

    نیب ذرایع کے مطابق آٹا چینی اسکینڈل پر قانونی پہلوؤں کا گہرائی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، نیب نے آٹا، چینی اسکینڈل پر آزادانہ اور قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    آٹاچینی بحران: 25اپریل کو کمیشن رپورٹ سامنےآنے پر مزید ایکشن ہوگا، وزیراعظم

    خیال رہے کہ ملک میں پیدا ہونے والے حالیہ آٹے اور چینی بحران میں کون کون ملوث تھا؟ اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر انکوائری رپورٹ جاری کی جا چکی ہے، رپورٹ ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا نے تیار کی، اس رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہی اور خسرو بختیار کے رشتے دار کے نام سمیت کئی نامور سیاسی خاندانوں کے نام شامل ہیں، رپورٹ پبلک کرنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اس کا خود جائزہ لیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • نیب نے ایک بار پھر شہباز شریف کو طلب کر لیا

    نیب نے ایک بار پھر شہباز شریف کو طلب کر لیا

    لاہور: نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات کے لیے ایک بار پھر طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    نیب لاہور نے شہباز شریف کو 22 اپریل دن 12 بجے نیب ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا ہے۔ نوٹس میں نیب نے شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کیے جائیں گے۔

    نیب ذرائع کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور شہباز شریف سے سوالات کے جواب انتہائی ضروری ہیں۔

    یاد رہے کہ نیب نے شہباز شریف کو 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیشی والے دن نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے مہلت مانگ لی تھی۔

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے نیب کو دیے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ طبی ماہرین نے انہیں مشورہ دیا کہ کرونا وائرس سے جڑے جان لیوا خطرات کے پیش نظر وہ اپنی نقل وحرکت محدود رکھیں کیونکہ وہ کینسر جیسے مرض سے لڑچکے ہیں۔