Tag: نیب

  • نیب نے احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی

    نیب نے احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کی کرپشن کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بہ طور وزیر منصوبہ بندی اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا۔

    نیب کے مطابق احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس منصوبے کی لاگت کو غیر قانونی طور پر بڑھایا، ساڑے 3 کروڑ کے منصوبے کی لاگت 10 کروڑ تک پہنچائی گئی، حاصل ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال نے خود سے ہی لاگت بڑھائی، اس کی اجازت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی سے نہیں لی گئی۔

    نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق نیب کا کہنا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت منصوبہ 2012 میں ریکارڈ سمیت صوبے کے حوالے کیا گیا تھا، احسن اقبال نے بین الصوبائی رابطہ کے ذریعے 20 کروڑ مزید جاری کرائے، منصوبہ صوبے کے پاس ہونے پر وزارت بین الصوبائی رابطہ نے رقم جاری کرنے کا نہیں کہا، ایک بار اختیارات کا نا جائز استعمال کر کے صوبائی منصوبے میں مداخلت کی گئی۔

    نیب ذرایع نے بتایا کہ منصوبے کو پی سی ون پر نظر ثانی کر کے 3 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا تھا، حاصل کیے گئے ثبوتوں سے احسن اقبال کا جرم ثابت ہوتا ہے، خدشہ ہے کہ کہیں احسن اقبال ریکارڈ تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں گرفتار کر لیا ہے اور انھیں آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

  • آمدن سے زائداثاثوں کی انکوائری، جاوید لطیف کو نیب نے دوبارہ طلب کرلیا

    آمدن سے زائداثاثوں کی انکوائری، جاوید لطیف کو نیب نے دوبارہ طلب کرلیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے ایم این اے جاویدلطیف سمیت 7افراد کے خلاف آمدن سے زائداثاثوں کی انکوائری جاری ہے، نیب نے جاوید لطیف کو دوبارہ طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے لیگی ایم این اے جاوید لطیف کو یکم جنوری کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، جاوید لطیف کو نامکمل ریکارڈ فراہم کرنے پر دوبارہ طلب کیا گیا۔ انور لطیف، منور لطیف اور امجد لطیف بھی نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے اختر لطیف، جاوید لطیف کے بیٹے احسن لطیف کو بھی طلب کیا ہے، جاویدلطیف سمیت دیگر 7افراد کو 2مرتبہ کال اپ نوٹسز جاری کیے گئے، نیب لاہور نے پہلا نوٹس 12دسمبر، دوسرا نوٹس 18 دسمبر کو جاری کیا، جاویدلطیف 23 دسمبر کو اپنے کونسل کے ساتھ پیش ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق جاوید لطیف نے اپنے اور اہلخانہ کے 7 ارکین کی جانب سے جواب جمع کرایا، کمبائن انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ثناور منظور نے دیگر دستاویز ساتھ لانے کو کہا ہے، میاں جاوید لطیف اور ان کی فیملی کو اثاثہ جات فارم بھی دیا گیا ہے، تمام افراد کو یکم جنوری کو پرفامہ مکمل کرکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ن لیگی ایم این اے جاوید لطیف کے خلاف نیب کا گھیرا تنگ ہونے لگا

    یاد رہے کہ ستمبر میں جاوید لطیف کے خلاف اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن کی مدعیت میں سورس رپورٹ کی بنیاد پر زمینوں پر قبضے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر کے مطابق جاوید لطیف کے ڈیرے کی اراضی کی جعل سازی میں محکمہ مال کے پٹواری ملک شبیر اور محمد رشید ملوث تھے، محمد رشید نے مالک نہ ہوتے ہوئے بھی ساڑھے 37 مرلے کی اراضی میاں برادران کو بیچ دی تھی۔

    جاوید لطیف اور ان کے بھائیوں نے فیصل آباد روڈ پر اس اراضی پر ڈیرہ بھی تعمیر کر لیا تھا، جب کہ اراضی کے اصل مالک محمد اسلم نے اس فراڈ کے خلاف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کو اپیل کی تھی۔

  • احسن اقبال جیسے لوگوں کو 3 دن لٹکانا چاہیئے، فیصل واوڈا

    احسن اقبال جیسے لوگوں کو 3 دن لٹکانا چاہیئے، فیصل واوڈا

    کراچی: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے احسن اقبال کو نواز شریف سے بڑا ڈاکو قرار دے کر تین دن لٹکانے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ و رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ احسن اقبال عرف ارسطو نواز شریف سے بھی بڑا ڈاکو ہے، احسن اقبال کو پہلے پکڑنا چاہئے تھا مگر بہت بعد میں پکڑا گیا۔

    اپنی ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ احسن اقبال کی فرنٹ کمپنی اوررشتہ داروں کی فہرست جلدسامنےلاوں گا، احسن اقبال کی لوٹ مار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ایسے لوگوں کو کم از کم 3 دن لٹکاناچاہئے۔

    یہ بھی پڑھیں: نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا

    واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں تحقیقات کے لیے گرفتار کیا ہے۔

    نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو گرفتار کر لیا گیا، ان کی گرفتاری نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تحقیقات کے لیے عمل میں لائی گئی۔

    اعلامیہ کے مطابق احسن اقبال کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔

  • سی پیک کو مضبوط بنانے والے کی گرفتاری قابل مذمت ہے، شہباز شریف

    سی پیک کو مضبوط بنانے والے کی گرفتاری قابل مذمت ہے، شہباز شریف

    لندن: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے احسن اقبال کی گرفتاری کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ کی بلاجواز گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑکا ثبوت ہے۔

    نیب کی جانب سے احسن اقبال کو گرفتار کیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے کی گرفتاری قابل مذمت ہے، گرفتاری کا مقصد حکومت کی نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی مگر نوازشریف کا ہر کارکن نیب نیازی گٹھ جوڑ سے نہیں گھبرائےگا۔

    یہ بھی پڑھیں: نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا

    قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو باہر جانےکی اجازت نہ دینا حکومت کی بدترین فسطائیت ہے، مریم نواز کے معاملےپر لاہور ہائیکورٹ سےانصاف ملنے کی توقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے موجودہ حالات مودی کی ذہنیت کی عکاس ہیں یہ وہ مودی ہے جس سے عمران خان دوستی کی پینگیں بڑھاتےتھے۔

  • نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا

    نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق وزیر داخلہ و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں گرفتار کیا ہے اور انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    میڈیکل ٹیم آج زیر حراست احسن اقبال کاطبی معائنہ کرے گی۔

    نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو گرفتار کر لیا گیا، ان کی گرفتاری نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تحقیقات کے لیے عمل میں لائی گئی۔

    اعلامیہ کے مطابق احسن اقبال کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔

    قبل ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی پرآج تک ڈھائی ارب خرچ ہوئے جب ڈھائی ارب خرچ ہوئے تو 6ارب کی کرپشن کیسے ہوسکتی ہے؟

    انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو حکومت کی نالائقی اور تباہی سےبچائیں گے، جھوٹ بو ل بول کر (ن) لیگ کی کردار کشی کی گئی ہے، حکومت نیب کا نام اپنے ایجنڈے کیلئے استعمال کررہی ہے اور نیب کو استعمال کرکے مخالفین کی کردارکشی کررہی ہے۔

    دوسری جانب نیب نے رکن اسمبلی کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کردیا ہے.

  • خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل

    خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل

    سکھر: سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے سامنے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے خور شید شاہ کی رہائی کا حکم معطل کر دیا۔

    احتساب عدالت نے 17 دسمبر کو خورشید شاہ کی رہائی کا حکم دیا تھا، جس پر نیب نے ان کی رہائی کے حکم کو چیلنج کر دیا تھا، نیب کی جانب سے نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، پی پی رہنما کے وکیل نے کہا احتساب عدالت نے خورشید شاہ کی رہائی کا حکم دیا تھا، میرے مؤکل کو نوٹس کی تعمیل نہیں ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور

    عدالت نے احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کر کے کیس کی سماعت 16 جنوری تک ملتوی کر دی۔ خیال رہے کہ سماعت سندھ ہائی کورٹ سکھر کی دو رکنی بینچ نے کی۔

    دریں اثنا، خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شامل 5 ملزمان نے ضمانت کی درخواست دے دی، ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرا دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    یاد رہے کہ سترہ دسمبر کو سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے ہیں اور نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کر سکی، خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

    مد نظر رہے کہ 19 دسمبر کو قومی احتساب بیورو نے خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک ارب 23 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

  • خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    سکھر: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک ارب 23 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف نیب نے سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر کر دیا، نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں 18 لوگوں کے نام شامل ہیں۔

    ذرایع کے مطابق ریفرنس میں خورشید شاہ کی 2 بیگمات، 2 بیٹے فرخ شاہ، زیرک شاہ، خورشید شاہ کے بھتیجے اویس قادر شاہ کے علاوہ رحیم بخش اعوان، نثار احمد پٹھان، عبد الرزاق، محمد اکرم جنید قادر شاہ، محمد شعیب، طفیل احمد، زوہیب میر، ثاقب رضا اور محمد ثاقب کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ریفرنس میں 600 ایکڑ زرعی زمین، متعدد اکاؤنٹس، کراچی اور سکھر میں پلاٹس کا بھی تذکرہ ہے، خیال رہے کہ خورشید شاہ کو دو روز قبل احتساب عدالت نے ریفرنس دائر نہ ہونے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم احتساب عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث ان کی رہائی عمل میں نہ آ سکی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور

    پی پی رہنما خورشید شاہ اس وقت امراض قلب کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کے وکلا آج سیشن جج کے پاس ضمانتی مچلکے جمع کرائیں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے، نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کر سکی۔ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

    عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ریفرنس فائل کیا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرعبوری ریفرنس تیار کیا جا چکا ہے، خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس میں 1 ارب 24 کروڑ کے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں، عدالت نے 50 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی کے اسپیشل پراسکیوٹر پر فائرنگ

    جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی کے اسپیشل پراسکیوٹر پر فائرنگ

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیروری کرنے والے نیب راولپنڈی کےاسپیشل پراسکیوٹر پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے نیو سوہان گارڈن کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے نیب راولپنڈی کےاسپیشل پراسکیوٹر واصف خان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واصف خان کی گاڑی پر 2 فائر لگے اور خوش قسمتی سے وہ اس جان لیوا حملے میں محفوظ رہے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں۔ مقامی پولیس نے واقعے سے متعلق شہریوں سے تفصیلات حاصل کی ہیں اور واصف خان کا بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب واقعے پر نیب نے ردعمل دیتے ہوئے حملے کو ملزمان کی جانب سے تاخیری حربہ قرار دیا ہے، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان چاہتےتھےکہ پراسکیوٹرکیس میں تاخیری حربےاستعمال کریں۔

  • شہباز شریف کی مشکلات میں اضافہ ، ایک اورکیس میں باقاعدہ تفتیش کاآغاز

    شہباز شریف کی مشکلات میں اضافہ ، ایک اورکیس میں باقاعدہ تفتیش کاآغاز

    لاہور: اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، قومی احتساب بیورو (نیب ) نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹس کا ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف ایک اور کیس میں باقاعدہ تفتیش کا آغاز کردیا ، نیب نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹس کا ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کردیا۔

    اس سلسلے میں نیب لاہورنے محکمہ بورڈ آف ریونیو، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سمیت دیگر سے تفصیلات طلب کرلیں ہیں ، سابق وزیر اعلی میاں محمد شہباز شریف پر من پسند افراد کو سرکاری اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کرنے کا الزام ہے۔

    سابق رکن اسمبلی بلیغ الرحمن، چوہدری عمر سمیت چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران و اہلکار کیس میں نامزد ملزم ہیں۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم

    یاد رہے 2 روز قبل لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز ، نصرت شہباز، تحمینہ درانی کے 15 اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ شریف فیملی بیرون ملک سےمنتقل ہونیوالی رقوم پرمطمئن نہ کر سکی ،عدالت قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیتی ہے۔

  • خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کے گرد گھیرا تنگ ، کل نیب میں طلبی

    خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کے گرد گھیرا تنگ ، کل نیب میں طلبی

    لاہور : سیالکوٹ نجی ہاؤسنگ اسکیم کرپشن اسکینڈل میں نیب نے خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کو کل طلب کرلیا اور ریکارڈلانے کی ہدایت کردی، ملزمان پر مبینہ طور پرپلاٹس کی غیرقانونی فروخت کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کو کل طلب کرلیا اور دونوں کو ریکارڈلانے کی ہدایت کی ہے جبکہ سابق میئرسیالکوٹ توحیداخترچوہدری بھی کل 11بجے طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان پر مبینہ طور پرپلاٹس کی غیرقانونی فروخت کا الزام ہے ، ملزمان کے پاس 150کینال منظورشدہ اراضی تھی جبکہ ملزمان نے 400 کینال اراضی فروخت کردی۔

    مزید پڑھیں : کروڑوں کاگھپلا، خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کیخلاف تحقیقات کا آغاز

    یاد رہے چند روز قبل نیب لاہور نے سیالکوٹ میں ہاؤسنگ اسکیم کی انکوائری کا آغاز کیا تھا اور متاثرین کی شکایات پر چیئرمین نیب نے انکوائری شروع کرنےکی منظوری دی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب نے خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کے اثاثوں کی تفصیل کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے مالیاتی اداروں کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سابق میئر سیالکوٹ توحید اختر، نوید اختر بھی شامل تفتیش ہیں جبکہ ڈویلپر زاہد مقبول، شاہد مقبول کے اثاثہ جات بھی چیک کئے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان پرہاؤسنگ اسکیم سیالکوٹ کےنام پرکروڑوں وصول کرنےکاالزام ہے، شامل تفتیش چندملزمان نیب لاہورمیں ابتدائی بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔