Tag: نیب

  • نیب نے آصف زرداری کے خلاف کیسز کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں

    نیب نے آصف زرداری کے خلاف کیسز کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیسز کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین کے خلاف کیسز کو دیکھیں گی، یہ پراسیکوشن ٹیمیں 6 جعلی اکاؤنٹس ریفرنسز کے ٹرائل کے سلسلے میں بنائی گئی ہیں۔

    نیب کے مطابق ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل مظفر عباسی 6 رکنی پراسیکوشن ٹیم کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں مدثر نقوی کو پراسیکوٹر مقرر کیا گیا ہے۔

    غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس میں سہیل عارف، پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں وسیم جاوید، ہریش کمپنی ریفرنس میں عرفان احمد بولہ، جب کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ریفرنس میں مرزا عثمان مقصود کو پراسیکوٹر مقرر کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف زرداری اورفریال تالپورپر فرد جرم کی کارروائی ٹل گئی

    نیب نے مظفر عباسی کو روزانہ کی بنیاد پر ہیڈ کوارٹر کو پیش رفت سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کی گئی تھی، 4 اکتوبر کو احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کے دوران دونوں پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی تھی۔

    کیس میں ملوث تمام ملزمان کو مقدمے کی نقول فراہم نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا بھی اظہار کیا، وعدہ معاف گواہ بننے والے بینک ملازمین سے متعلق استفسار پر نیب پراسیکوٹر مظفر عباسی نے کہا کہ ملازمین کی درخواست پر کارروائی جاری ہے، جس پر عدالت نے سرزنش کی کہ یہ کارروائی کب تک جاری رہے گی۔

  • حکومت کا نیب آرڈیننس میں ترمیم کا فیصلہ

    حکومت کا نیب آرڈیننس میں ترمیم کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نیب آرڈیننس 1999 میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد 5 کروڑ سے زائد کی کرپشن کرنے والے کسی بھی شخص کو جیل میں سی کلاس دی جائے گی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق نئی ترمیم کے بعد ملزم کو انکوائری، انویسٹی گیشن یا ٹرائل کے دوران بھی سی کلاس میں رکھا جائے گا، سی کلاس جیل سے متعلق ترمیمی بل کے سب سیکشن 10 میں نئی شق بھی شامل کی گئی۔

    نیب ترمیمی آرڈیننس منظوری کے لیے آئندہ وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح حکومت نے بےنامی ٹرانزیکشن ایکٹ2017 میں بھی ترمیم کا فیصلہ کیا۔

    ترمیمی ایکٹ میں ’’وسل بلور‘‘ کی تعریف شامل کی گئی جبکہ سیکشن 2 میں شق نمبر 31 کا اضافہ بھی کیا گیا۔ نئی ترمیم کے مطابق اینٹی کرپشن کا کوئی بھی قانون بے نامی اثاثوں کی نشاندہی کرسکے گا۔ بےنامی ٹرانزیکشن ایکٹ میں آرڈیننس کی ترمیم اور منظوری کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔

    مزید پڑھیں: نیب قوانین میں ترمیم ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے ہوگی، فواد چوہدری

    قبل ازیں وفاقی حکومت نے بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے گرد گھریا تنگ کرنے کے لیے فہرستیں مرتب کیں، اسلام آباد میں 150 کنال سے زائد اراضی رکھنے والے 300 مالکان کو کارروائی کے لیے شارٹ لسٹ بھی کیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کی روشنی میں متعلقہ افراد سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، ابتدائی مرحلے میں 300 مالکان کو شارٹ لسٹ کیا گیا جن کا ایف بی آر سے بھی ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت بھی نیب قوانین میں ترامیم کے سلسلے میں بیانات جاری کر چکی ہے، تاہم پی ٹی آئی حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ نیب قوانین میں ترمیم چوروں کو کلین چٹ دینے کے لیے نہیں بلکہ قومی احتساب بیورو کو مضبوط بنانے کے لیے ہوگی۔

  • لاڑکانہ میں شکست: بلاول بھٹو کا انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    لاڑکانہ میں شکست: بلاول بھٹو کا انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ پی ایس 11 میں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے اپنے جیالوں پرفخر ہے، دباؤ کے باوجود جیالوں نے قابل عزت انتخاب کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب نے پی پی ورکرز، ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کرقبل از الیکشن دھاندلی کی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا اور پی پی کی حمایت والے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ پیلزپارٹی کے نامزد امیدوار کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا، ہم مسلسل صورت حال سنبھالنے کا کہتے رہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم اس دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے، سچائی چھپ نہیں سکتی، ہم دوبارہ انتخاب کرائیں گے اور اس نشست کو واپس لیں گے۔

    لاڑکانہ ضمنی انتخابات، پی پی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں پی پی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار نے ساڑھے پانچ ہزار ووٹوں سے میدان مارا۔

    غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے معظم علی 31 ہزار 557 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

  • نیب کا  منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے اہم اقدام

    نیب کا منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے اہم اقدام

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو میں اینٹی منی لانڈرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے ، سیل دہشت گردوں کومالی معاونت فراہم کرنے پر تحقیقات کرسکے گا، ڈی جی آپریشن ظاہرشاہ سیل کی سربراہی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اینٹی منی لانڈرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے، سیل پانچ افسران پرمشتمل ہوگا۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق ڈی جی آپریشن ظاہرشاہ سیل کی سربراہی کریں گے، ڈائریکٹرظفراقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹرمفتی عبدالحق، جہانزیب فرید،سہیل احمد اور ناصر محمود اینٹی منی لانڈرنگ سیل میں شامل ہوں گے۔

    سیل ایف اے ٹی ایف سیکریٹریٹ اورمتعلقہ اسٹیک ہولڈر کے درمیان کوآرڈینیشن بھی کرے گا اور دہشت گردوں کومالی معاونت فراہم کرنے پر تحقیقات کرسکے گا۔

    مزید پڑھیں : ایف بی آر کا منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے اہم اقدام

    یاد رہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کرنسی اسمگلنگ کے ذریعے دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے خلاف موثر اور بر وقت اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا سیل قائم کیا تھا۔

    یہ سیل ایف اے ٹی ایف کے کام سے متعلق ضروری معلومات ایف بی آر سے حاصل کرے گا، اس سیل کو ڈائریکٹر جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کے زیر انتظام قائم کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کی تجاویز میں سب سے اہم سرحد پار کرنسی کی نقل و حرکت کے ڈائریکٹریٹ کا قیام شامل تھا، جو قومی سطح پر رقم اسمگلنگ کرنے والوں کی پروفائل بنانے کے ذمہ دار ہیں۔

  • سابق وزیر داخلہ سندھ کے گرفتار کزنز احتساب عدالت میں پیش

    سابق وزیر داخلہ سندھ کے گرفتار کزنز احتساب عدالت میں پیش

    سکھر: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے گرفتار دونوں کزنز سمیت 3 ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سرکاری زمینوں پر قبضے کے کیس کی سماعت جاری ہے، نیب نے سہیل انور سیال کے 2 کزنز شاہد سیال، سعید سیال، اور منھیل جتوئی کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔

    احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، ذرایع کا کہنا ہے نیب کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    نیب نے تینوں ملزمان کو ضمانت رد ہونے پر سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا، ملزمان لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن اور جنگلات کی زمینوں پر قبضہ کیس میں ملوث ہیں، ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس بھی زیر سماعت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کے بعد نیب ٹیم کا عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر چھاپہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب کا کہنا تھا کہ ملزمان ضمانت مسترد ہونے کے بعد عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران انھیں اہل کاروں نے گرفتار کیا۔

    ایک ہفتہ قبل نیب کی ٹیم نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کے بعد ایک اور شخص عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، اور مختلف دستاویزات چیک کیں، اہم ریکارڈ تحویل میں لیا۔ بتایا گیا تھا کہ مشہور ٹھیکے دار عبدالرزاق کے گھر پر چھاپا اعجاز جاکھرانی کے گھر سے اہم ریکارڈ ملنے پر مارا گیا تھا۔

  • احسن اقبال کے خلاف کوئی نئی انکوائری شروع نہیں کی، نیب

    احسن اقبال کے خلاف کوئی نئی انکوائری شروع نہیں کی، نیب

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے سابق وفاقی وزیر داخلہ کی تحقیقات سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال کے خلاف کوئی نئی انکوائری شروع نہیں کی گئی۔

    نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال کے خلاف نئی تحقیقات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ ہی کسی نئی انکوائری کا آغاز کرنے کا مجاز ہے، احسن اقبال کے خلاف کوئی نئی انکوائری شروع نہیں کی گئی۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں نیب نے اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال سے تفتیش مکمل کی تھی۔

    مزید پڑھیں: ہائی پاورانکوائری کمیشن کو احسن اقبال کے خلاف پہلا کیس موصول

    احسن اقبال نے نیب کی جانب سے موصول ہونے والے سوالنامے کا بھی جواب جمع کرایا تھا جبکہ قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے اُن سے کرپشن سے متعلق پوچھ گچھ بھی کی تھی۔

    دوسری جانب رواں سال جولائی میں وزیراعظم کےقائم انکوائری کمیشن کواحسن اقبال کےخلاف پہلاکیس بھی موصول ہوا تھا۔دستاویز کےمطابق احسن اقبال نےقومی خزانےکوسترارب کانقصان پہنچایا۔

    احسن اقبال کے خلاف مبینہ کرپشن کاکیس وفاقی وزیر مواصلات مرادسعیدکی جانب سےبھیجاگیا تھا، کیس سےمتعلق اہم شواہداوردستاویزی ثبوت بھی انکوائری کمیشن کوموصول ہوگئے تھے۔

    دستاویزات میں کہا گیا تھا کہ احسن اقبال نےقومی خزانےکو مبینہ طور پر50سے70ارب کانقصان پہنچایا،2015میں بولی کےبعدٹھیکےسےپہلےہی کمپنی سے2013میں ایم اویوکیاگیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن نےدستاویزکاجائزہ لیناشروع کردیا اور ضرورت پڑنےپر حکام احسن اقبال کوطلب کرسکتے ہیں۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: خورشیدشاہ کے خلاف سماعت آج ہوگی

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: خورشیدشاہ کے خلاف سماعت آج ہوگی

    سکھر: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی آج احتساب عدالت میں سماعت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما خورشیدشاہ کو آج سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر نیب ٹیم خورشیدشاہ کو پیش کرے گی۔

    عدالت نے نیب ٹیم کو ٹھوس ثبوت پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ 21 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کےحوالے کیا تھا۔

    مذکورہ سماعت شروع ہوئی تو نیب کی جانب سے خورشید شاہ کے15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور فاضل جج کو خورشید شاہ کی گرفتاری کی وجہ بھی بتائی تھی۔

    آمدن سے زائداثاثہ جات کیس : خورشیدشاہ 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کےحوالے

    دریں اثنا نیب وکیل نے بتایا تھا کہ خورشیدشاہ پر آمدن سے زائداثاثے رکھنے پر انکوائری شروع کی ہے، خورشید شاہ انکوائری میں نیب سے تعاون نہیں کررہے، انکوائری میں تعاون نہ کرنے پرخورشید شاہ کو گرفتار کیا گیا۔ تمام دلائل سننے کے بعد جج نے خورشیدشاہ کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔

    واضح رہے 18 ستمبر کو نیب سکھر اور راولپنڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا ، بعد ازاں احتساب عدالت نے خورشید شاہ 21 ستمبر تک راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

  • احتساب عدالت میں ایل این جی کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی

    احتساب عدالت میں ایل این جی کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مفتاع اسماعیل اور عمران الحق کے خلاف ایل این جی کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایل این جی کیس کی سماعت کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

    عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران معزز جج نے ریمارکس دیے کہ جیل حکام سے پوچھیں گے ملزمان کی ملاقات کیسے ممکن ہوسکتی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ آپ سب کا وکیل مشترکہ نہیں ہوسکتا؟۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل نے جواب دیا کہ کیس میں ہم سب کا الگ الگ وکیل ہے۔

    وکیل صفائی نے کہا کہ ملزمان کواہل خانہ سے ٹیلی فون پربات کی اجازت دی جائے جس پر معزز جج نے ریمارکس دیے کہ جیل مینوئل میں لکھا ہے تو میں تب ہی اجازت دوں گا۔

    احتساب عدالت نے میڈیکل رپورٹ، لیپ ٹاپ کے استعمال، ملزمان کی ملاقات پرجیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے ایل این جی کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

    نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا

    یاد رہے 18 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • نواز شریف کو چوہدری شوگر مل کیس میں گرفتار کیے جانے کا امکان

    نواز شریف کو چوہدری شوگر مل کیس میں گرفتار کیے جانے کا امکان

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیے جانے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ چئیرمین نیب سے گرفتاری کی منظوری مانگ لی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب چوہدری شوگر ملز کیس میں میاں نواز شریف سے تفتیش کرنا چاہتی ہے، نیب جوائنٹ انوسٹی گیشن نے شکوہ کیا ہے کہ نواز شریف جیل میں تفتیش کے دوران بالکل تعاون نہیں کرتے۔

    نواز شریف کو گرفتاری کے بعد جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، نواز شریف کی گرفتاری کل ڈالے جانے کا امکان ہے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوہدری شوگر مل کیس میں نیب ٹیم آیندہ ہفتے جیل میں نواز شریف سے تحقیقات کے لیے جائے گی، نیب کو کیس میں نواز شریف سے تحقیقات کی اجازت مل گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کیخلاف نیب نے عدالت سے رجوع کرلیا

    اس کیس میں شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، نیب کو نواز شریف کے کیس میں بینیفشیری ہونے کے شواہد ملے تھے۔

    یاد رہے کہ آج نواز شریف نے جیل سے مولانا فضل الرحمان کو خط لکھر کر آزادی مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہر قسم کا تعاون کریں گے، اور ن لیگ کی پوری قیادت آپ کے مارچ کی حمایت کرتی ہے۔

    آج نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا ہے، نیب نے استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ میں پیش کی گئی دستاویزات ہائی کورٹ میں جمع کرانے کی اجازت دی جائے، دستاویزات میں نواز شریف کے ٹیکس ریکارڈ اور پراپرٹی کی تفصیلات شامل ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کے بعد نیب ٹیم کا عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر چھاپہ

    وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کے بعد نیب ٹیم کا عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر چھاپہ

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کے بعد ایک اور شخص عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ٹیم نے گزشتہ رات خیابان سحر میں مشہور ٹھیکے دار عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر چھاپہ مارا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم نے گھر کی تلاشی لی اور مختلف دستاویزات چیک کیں۔

    نیب ذرائع کے مطابق ٹیم نے گھر سے اہم ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا ہے، عبدالرزاق کے گھر پر چھاپہ اعجاز جاکھرانی کے گھر سے اہم ریکارڈ ملنے پر مارا گیا ہے۔

    بتایا گیا کہ چھاپے کے دوران نیب ٹیم نے عبدالرزاق بہرانی کے ملازمین سے ڈیڑھ گھنٹے پوچھ گچھ کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اعجاز جاکھرانی کے گھر نیب کا چھاپہ، اہم فائلیں تحویل میں لے لیں

    یاد رہے کہ منگل کے روز سکھر اور کراچی کی مشترکہ نیب ٹیم نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اعجاز حسین جاکھرانی کے گھر پر چھاپہ مار کر مختلف فائلیں تحویل میں لے لی تھیں۔

    اعجاز جاکھرانی کے گھر پر چھاپہ ان کے گرفتار کزن عباس جاکھرانی کی نشاندہی پر مارا گیا تھا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب کی 5 رکنی ٹیم نے گھر کی تلاشی لی اور اس دوران مختلف فائلیں تحویل میں لی گئیں۔

    چھاپے کے دوران جیکب آباد کے بلدیاتی اداروں سے متعلق اہم ریکارڈ تحویل میں لیا گیا تھا، نیب ٹیم نے اعجاز جاکھرانی کے اہل خانہ سے بھی پوچھ گچھ کی اور لاکرز سے متعلق سوالات کیے تھے۔