Tag: نیب

  • 8 سال میں سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 46 کروڑ منتقل کیے گئے: تفتیشی رپورٹ

    8 سال میں سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 46 کروڑ منتقل کیے گئے: تفتیشی رپورٹ

    لاہور: سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تفتیشی رپورٹ منظر عام پر آگئی جس کے مطابق سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 8 سال کے دوران 46 کروڑ 60 لاکھ منتقل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تفتیشی رپورٹ منظر عام پر آگئی۔

    رپورٹ کے مطابق سلمان رفیق اور ندیم ضیا کے صاحبزادے پیراگون سٹی کے ڈائریکٹر ہیں، خواجہ سلمان اور ندیم ضیا کے بیٹوں کے نام پر 2 ارب 96 کروڑ کی رقم جاری ہوئی، سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 8 سال کے دوران 46 کروڑ 60 لاکھ منتقل ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 500 سے زائد ٹرانزیکشنز 2010 سے 2018 کے درمیان ہوئیں، سعد رفیق کے ڈی ایچ اے بینک اکاؤنٹس میں 13 کروڑ 30 لاکھ منتقل ہوئے جبکہ دوسرے اکاؤنٹ میں 7 کروڑ 50 لاکھ منتقل ہوئے۔

    تفتیشی رپورٹ کے مطابق سعد رفیق کے مزید 3 اکاؤنٹس میں 6 کروڑ 70 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سعدان ایسوسی ایٹ کے بینک اکاؤنٹس میں 15 کروڑ منتقل ہوئے۔ ایسوسی ایٹ کے 2 اکاؤنٹس میں 2012 سے 2018 تک رقم منتقل ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق سعد رفیق کے 5 بینک اکاؤنٹس میں ایگزیکٹو بلڈر نے 23 کروڑ 28 لاکھ رقم منتقل کی۔

    خیال رہے کہ 11 دسمبر کو احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد نیب نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

    اس سے قبل آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

    نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

    دوسری جانب سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پیراگون ہاؤسنگ اسکیم میں خواجہ برادران کے شراکت دار قیصر امین بٹ نے اپنی حراست کے دوران نیب کو بتایا تھا کہ پیراگون سوسائٹی کے کمرشل پلاٹوں کو فروخت کر کے 14 ارب روپے کمائے گئے، سال 2003 میں پیراگون کو ٹی ایم اے سے سعد رفیق نے دباؤ ڈال کر رجسٹرڈ کرالیا۔

    قیصر امین بٹ کے مطابق پیراگون کے کاغذات میں وہ خود اور ندیم ضیا مالک ہیں مگر خواجہ برادران ہی پیراگون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں۔

    احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے وکیل نے کہا تھا کہ نیب کے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں، خواجہ برادران پیراگون کے ڈائریکٹر یا شیئر ہولڈر نہیں ہیں۔

    وکیل خواجہ برداران نے کہا تھا کہ نیب نے جو باتیں عدالت کو بتائیں، درخواست میں ان کا ذکر نہیں، کے ایس آر اور سعدین ایسوسی ایٹس ٹیکس ریٹرن میں ڈکلیئر ہیں۔ انہوں نے کہا تھا خواجہ برداران کے بتائے ہوئے حقائق کو مسخ کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔

  • آمدن سےزائداثاثے کیس، نیب کو شہباز شریف سےجیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی

    آمدن سےزائداثاثے کیس، نیب کو شہباز شریف سےجیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی

    لاہور : احتساب عدالت نے نیب کو شہباز شریف سے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی، نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے اثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورکی احتساب عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے آمدن سےزائداثاثوں کےمقدمے میں شہبازشریف سےجیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

    نیب نے شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی، نیب کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہباز شریف کے اثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں شہباز شریف سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔

    نیب کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دے۔

    دوسری جانب شہباز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، نیب شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیخلاف تحقیقات کر رہا ہے۔

    نیب کو موصول ہونے والے ریکارڈ میں شہباز شریف کی ظاہر کردہ جائیداد، اکاؤنٹس اور زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات شامل ہیں، شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری 28 اکتوبر 2018 سے چل رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف بیٹوں کوتحائف کی مدمیں 17کروڑکےذرائع آمدن نہ بتاسکے، نیب رپورٹ

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ موصول ریکارڈ میں 1997 سے 2004 تک کے تمام اکاؤنٹس کی تفصیل شامل ہے۔ نیب کو 2007 سے 2018 تک کے اکاؤنٹس اور جائیداد کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔

    یاد رہے نیب نے تفتیشی رپورٹ میں کہا تھا کہ شہباز شریف بیٹوں کوتحائف کی مدمیں 17کروڑکےذرائع آمدن نہ بتاسکے، اکاؤنٹ میں 2011 سے 2017 کے دوران 14 کروڑآئے، مسرور انوراور مزمل رضا متعددبارشریف فیملی کےاکاؤنٹ میں رقم منتقل کرتےرہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ رقوم آشیانہ ہاؤسنگ کے ٹھیکے کے پروسس کے دوران منتقل کی گئی۔ شہباز شریف رقم کی ترسیل کے حوالے سے بھی نیب کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

    واضح رہے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا اور نیب کی جانب سے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی تھی اور بعد ازاں انھیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • نیب کی چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش

    نیب کی چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نے چوہدری پرویزالہی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش کردی، نیب کے مطابق دونوں رہنماؤں کیخلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت سے سفارش کی ہے کہ چوہدری پرویزالہی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف کیس بند کردیا جائے۔

    نیب نے ریفرنس دائر کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کیخلاف ایل ڈی اے کے پلاٹس خریدنے کی انکوئری بند کردی جائے، ریفرنس کے مطابق چوہدری برادران کےخلاف ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹس کا کیس چل رہا تھا۔

    مزید پڑھیں: ناجائز اثاثہ جات کیس، چوہدری برادران نے نیب کو دستاویزات جمع کروا دیں

    دونوں رہنماؤں پر28پلاٹس کی غیر قانونی فروخت کا الزام تھا، نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ پلاٹس چوہدری برادران کے ملازم نے خریدے تھے، چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد نہیں ملے۔

    نیب نے اس سے قبل 6 نومبر کو چوہدری برادران کو ناجائز اثاثہ جات کیس میں طلب کیا تھا اور انہیں 50 صفحات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا تھا جس میں چوہدری برادران اور ان کے اہلخانہ کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں جو آج نیب کو جمع کروا دی گئیں۔

    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنہیں سنہ 2015 میں درج کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور ناجائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔

  • علی جہانگیر صدیقی کی مشکلات میں اضافہ، نیب نے انکوائری مکمل کر لی

    علی جہانگیر صدیقی کی مشکلات میں اضافہ، نیب نے انکوائری مکمل کر لی

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نےعلی جہانگیرصدیقی کے خلاف کیس کی انکوائری مکمل کرلی.

    تفصیلات کے مطابق نیب نے انکوائری مکمل کرکے انویسٹی گیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے.

    نیب ذرائع کے مطابق علی جہانگیر کے خلاف چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے انویسٹی گیشن کی جلد منظوری لی جائے گی.

    سابق امریکی سفیرکے عدم تعاون پر وارنٹ بھی جاری کئے جا سکتے ہیں، نیب کے پاس علی جہانگیر صدیقی کے کاروباری شراکت کے شواہد ہیں.

    علی جہانگیرپرآشیانہ اقبال کیس میں فواد حسن فواد سے مل کر کرپشن کے الزامات ہیں، نیب کے متعدد بار طلب کرنے کے باوجودعلی جہانگیر دو بارپیش ہوئے.

    علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے سفیر تعینات ہونے سے قبل فواد حسن فواد کے اکاؤنٹ میں پندرہ کروڑ منتقل کئے تھے۔


    مزید پڑھیں: آشیانہ اقبال ریفرنس: شہباز شریف کے خلاف گواہوں کی فہرست تیار


    یاد رہے کہ اس وقت فواد حسن فواد نیب کے زیر حراست ہیں. آشیانہ اقبال کیس میں شریف خاندان کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں.

    خیال رہے کہ ن لیگ کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی کو امریکی سفیر تعینات کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی.

  • نواز شریف کے خلاف کرپشن ریفرنسز: نیب اپیلوں کی سماعت اگلے ہفتے ہوگی

    نواز شریف کے خلاف کرپشن ریفرنسز: نیب اپیلوں کی سماعت اگلے ہفتے ہوگی

    اسلام آباد: کرپشن ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بریت کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیلوں پر اعتراضات دور کرلیے گئے جس کے بعد اپیلوں کو اگلے ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی اپیلوں کو سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

    نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اور العزیزیہ ریفرنس میں ان کی سزا بڑھانے کی درخواست دائر کی تھی تاہم رجسٹرار آفس نے دونوں اپیلوں پر اعتراض عائد کردیا تھا۔

    آج نیب حکام نے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ کر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے جس کے بعد نیب کی اپیلیں آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرلی گئیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 24 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔

    فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا، بعد ازاں ان کی درخواست پر انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے بجائے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔

    فیصلے کے بعد نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل دائر کی جبکہ دوسری اپیل میں ان کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانے کی استدعا کی گئی۔

  • شاہد خاقان، سہیل سیال سمیت 20 افراد کے خلاف انکوائریوں کی منظوری

    شاہد خاقان، سہیل سیال سمیت 20 افراد کے خلاف انکوائریوں کی منظوری

    اسلام آباد: قومی احستاب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور سہیل انور سیال سمیت 20 افراد کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کی زیرِ صدارت اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ نے شاہد خاقان عباسی، سہیل انور سیال، سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم سمیت 20 افراد کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دے دی۔

    [bs-quote quote=”شاہد خاقا ن عباسی کے خلاف بہ طور وفاقی وزیر پٹرولیم تحقیقات کی منظوری دی گئی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ نے منشا گروپ کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی بھی منظوری دے دی ہے۔

    نیب اعلامیے کے مطابق سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقا ن عباسی کے خلاف بہ طور وفاقی وزیر پٹرولیم تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔

    نیب نے سابق سیکریٹری پٹرولیم ارشد مرزا، پیپلز پارٹی کے رہنما جام خان شورو، زاہد علی بھرگڑی اور سابق ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی۔

    ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، بد عنوانی کے خاتمے کے لیے احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  میگا کرپشن کے مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا‘ چیئرمین نیب


    یاد رہے کہ دو روز قبل چیئرمین نیب نے نیب قوانین میں متوقع تبدیلی کی مخالفت کرتے ہوئے 90 دن کی بہ جائے 15 دن کے ر یمانڈ کی تجویز پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کوئی چوری یا ڈکیتی کا کیس نہیں، جو 15 دن میں حل کر لیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ وائٹ کالرکرائم ہے، جسے ڈھونڈنا اتنا آسان نہیں، اگر وائٹ کالر کرائم لاہور سے شروع ہو، تو خلیجی ریاستیں اور پھر امریکا میں پلازے خرید لیے جاتے ہیں، وہ رقم منی لانڈرنگ سے وہاں پہنچائی جاتی ہے۔

  • فلیگ شپ ریفرنس: نوازشریف کی بریت اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

    فلیگ شپ ریفرنس: نوازشریف کی بریت اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت سے بریت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، نیب کا موقف ہے کہ سابق وزیراعظم کو ملنے والی 7 سال قید کی سزا کم ہے، اس میں اضافہ کیا جائے۔

    العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف کو سات سال قید کی سزا، کمرہ عدالت سے گرفتار

    نیب کے مطابق نوازشریف پر جرم ثابت ہوچکا ہے اور نیب آرڈیننس میں دفعہ 9 اے 5 میں زیادہ سے زیادہ سزا 14 سال قید ہے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف دونوں ریفرنسز میں نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کردیں۔ نیب کی جانب سے دونوں درخواستوں میں نواز شریف کوفریق بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 24 دسمبر کو نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید وجرمانے کی سزا سنائی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

    العزیزیہ ریفرنس پر فیصلے کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کردی

    نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گزشتہ روز العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس میں احتساب عدالت کے 24 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

    خواجہ حارث نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے جس میں کئی قانونی سقم موجود ہیں۔

  • نواز شریف کے خلاف بلٹ پروف گاڑیوں کے غلط استعمال پر انکوائری شروع

    نواز شریف کے خلاف بلٹ پروف گاڑیوں کے غلط استعمال پر انکوائری شروع

    لاہور: سابق وزیرِ اعظم اور العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں سزا یافتہ نواز شریف کے خلاف بلٹ پروف گاڑیوں کے غلط استعمال پر بھی انکوائری شروع ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گھر کے بھیدی نے پھر لنکا ڈھا دی، فواد حسن فواد کے انکشاف پر نواز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

    [bs-quote quote=”دو بلٹ پروف گاڑیاں سارک کانفرنس کے لیے منگوائی گئی تھیں، لیکن گھر پہنچا دی گئیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے انکشاف پر نواز شریف کے خلاف بلٹ پروف گاڑیوں کے غلط استعمال پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

    دو بلٹ پروف گاڑیاں سارک کانفرنس کے لیے منگوائی گئی تھیں، لیکن یہ دونوں گاڑیاں گھر پہنچا دی گئی تھیں۔

    سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے یہ انکشاف تفتیش کے دوران کیا، تفتیش کی اطلاع ملتے ہی ایک گاڑی وزارتِ خارجہ واپس بھجوا دی گئی، دوسری کی تلاش جاری ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  العزیزیہ ریفرنس پر فیصلے کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کردی


    خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں ہمارا مؤقف نہیں سنا گیا، اس لیے حکم نامے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ نواز شریف کے وکلا کے مطابق نواز شریف نے عدالت کی کارروائی میں پوری مدد کی، تاہم عدالت میں ہمارا مؤقف ٹھیک سے نہیں سنا گیا۔

  • آشیانہ اقبال ریفرنس: شہباز شریف کے خلاف گواہوں کی فہرست تیار

    آشیانہ اقبال ریفرنس: شہباز شریف کے خلاف گواہوں کی فہرست تیار

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس میں گواہوں کی فہرست تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے آشیانہ اقبال اسکینڈل میں شہباز شریف کے خلاف گواہوں کی فہرست تیار کر لی، گواہان کی فہرست 29 گواہان پر مشتمل ہے۔

    [bs-quote quote=”سابق چیئرمین پی ایل ڈی سی طاہر خورشید، چیف انجینئر عارف مجید بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ بھی نیب کے گواہان کی فہرست میں شامل ہیں۔

    نیب ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن کی جانب سے 29 گواہان عدالت میں بیان دیں گے، نیب کی فہرست میں وعدہ معاف گواہ، سابق بیوروکریٹس، اور نیب افسر بھی شامل ہیں۔

    سابق چیئرمین پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی) طاہر خورشید، چیف انجینئر عارف مجید بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

    سابق فنانس سیکریٹری طارق باجوہ، سابق چیف ایگزیکٹو پی ایل ڈی سی شیخ لطیف بھی گواہان میں شامل ہیں، جب کہ نیب کے 6 اپنے افسران بھی گواہوں کی فہرست میں موجود ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  آشیانہ اسکینڈل: شہبازشریف اورفواد حسن فواد کے خلاف ریفرنس منظور


    خیال رہے کہ شہباز شریف کے خلاف دائر کردہ ریفرنس کی نقول 3 جنوری کو ملزمان کو فراہم کی جائے گی، فردِ جرم عائد ہونے کے بعد گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنے کا عمل شروع ہوگا۔

    یاد رہے کہ نیب نے 21 نومبر 2018 کو آشیانہ اقبال اسکینڈل کے حوالے سے ریفرنس تیار کیا تھا، شہباز شریف پر الزام ہے کہ انھوں نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی، اور بہ حیثیت وزیرِ اعلیٰ غیر قانونی طور پر پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیر قانونی استعمال کیا۔

  • چیئرمین نیب نے قوانین میں متوقع تبدیلی کی مخالفت کر دی

    چیئرمین نیب نے قوانین میں متوقع تبدیلی کی مخالفت کر دی

    اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کے 900 ارب مالیت کے 1210 ریفرنسز زیر سماعت ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    [bs-quote quote=” بدعنوان عناصرملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں” style=”style-7″ align=”left” author_name=”چیئرمین نیب”][/bs-quote]

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، ملک سےبد عنوانی کاخاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے.

    انھوں نے کہا کہ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے، نیب کے900ارب مالیت کے 1210 ریفرنسز زیر سماعت ہیں.

    چیئرمین نیب کے مطابق ادارہ کرپشن کے خاتمے کے لئے اہم ذمہ داری انجام دے رہا ہے، نیب راولپنڈی کا نیب کی مجموعی کارکردگی میں کلیدی کردار رہا، بدعنوان عناصرملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں.


    مزید پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس، نیب فیصلہ چیلنج کرنے کے لیے تیار، اپیل کل دائرکیے جانے کا امکان


    ان کا کہنا تھا کہ نیب کی موجودہ قیادت نے میگا کرپشن کیسز کو الماریوں سے نکالا، میگا کرپشن مقدمات قانون کے مطابق انجام تک پہنچائیں گے.

    اس موقع پر چیئرمین نیب نےقوانین میں متوقع تبدیلی کی مخالفت کرتے ہوئے 90 دن کےبجائے15دن کے ر یمانڈ کی تجویز پر  تنقید  کی، انھوں نے کہا کہ یہ کوئی چوری یاڈکیتی کاکیس نہیں، جو 15دن میں حل کر لیاجائے۔

    چیئرمین نیب کے مطابق یہ وائٹ کالرکرائم ہے، جسے ڈھونڈنا اتناآسان نہیں،  اگر وائٹ کالر کرائم لاہور سےشروع ہو، تو خلیجی ریاستیں اورپھر امریکامیں پلازےخریدلیے جاتے ہیں،  وہ رقم منی لانڈرنگ سے وہاں پہنچائی جاتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیب پربلاجوازتنقیدکی جارہی ہے، اکثر وہ لوگ تنقیدکرتے ہیں، جن کوآئین کاپتہ ہی نہیں، یہاں جہاز غائب ہو جاتے ہیں اور پوچھو تو کہتے ہیں کہ نیب غلط کام کررہا ہے۔

    اس موقع پر ڈی جی نیب راولپنڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال7 ہزار841 شکایات موصول ہوئیں، 7 ہزارکو قانو ن کے مطابق نمٹا دیا گیا.

    انھوں نے مزید کہا کہ بدعنوانی کے مجموعی50 ریفرنس دائرکیے، 218 ملین روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے.