Tag: نیتن یاہو

  • حملوں کا خوف، نیتن یاہو کا  بیٹے کی شادی مؤخر کرنے پر غور

    حملوں کا خوف، نیتن یاہو کا بیٹے کی شادی مؤخر کرنے پر غور

    ایران اور حزب اللہ کے حملے کے خطرے کے پیش نظر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیٹے کی شادی مؤخر کرنے پر غور شروع کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے بیٹے ایوینز نیتن یاہو کی شادی 26 نومبر کو تل ابیب کے ایک فارم ہاؤس میں ہونی ہے۔

    تاہم اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں کو بتایا ہے مقررہ دن پر بیٹے کی شادی کی تقریب منعقد کرنے سے شرکاء کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

    واضح رہے کہ حزب اللہ نے 19 اکتوبر کو ڈرون حملہ کیا تھا، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم کی نجی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا تھا، جو سیدھا اسرائیلی وزیراعظم کے بیڈروم کی کھڑکی کو جا کر لگا تھا۔

    دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ حملے کئے ہیں، جس کے باعث 5 افراد ہلاک جبکہ ایک کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے راکٹ حملہ شمالی سرحد کے قریب متولا قصبے کے قریب کیا، جس میں 5 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا ہے۔

    ’امریکا کے تمام مطالبات نہیں مان سکتے‘

    رپورٹس کے مطابق راکٹ حملوں میں مرنے والوں میں ایک اسرائیلی شہری تھا، جبکہ باقی 4 غیر ملکی شہری تھے، جبکہ زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

  • اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کی مصری تجویز مسترد کر دی

    اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کی مصری تجویز مسترد کر دی

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے دو وزراء نے قیدیوں کی رہائی کے لیے غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کی مصری تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی چینل نے رپورٹ کیا تھا کہ سیکورٹی ذمے داران کی سطح پر مصری تجویز کو منظور کرلیا گیا تھا، تاہم نیتن یاہو نے شاباک کے سربراہ رونین بار کو کہا کہ وہ تجویز میں ترمیم کے لیے مصر جائیں۔

    اس کے برعکس حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے مصری تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حماس اس تجویز کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے اگر یہ اس سمجھوتے کا حصہ ہو جو امریکی صدر جو بائیڈن نے جولائی میں پیش کیا تھا۔ حماس نے شمالی غزہ، نتساریم اور فلاڈلفیا کے علاقوں سے اسرائیلی انخلا سے قبل فائر بندی سے انکار کر دیا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ قاہرہ حکومت نے نئی تجویز کی پاسداری کے حوالے سے اسرائیل کی آمادگی حاصل کر لی ہے۔

    مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ مصر نے غزہ کی پٹی میں دو روز کی فائر بندی اور 4 اسرائیلی یرغمالیوں کا اسرائیلی جیلوں میں قید کچھ فلسطینیوں سے تبادلے کے لیے نئی تجویز پیش کی ہے۔

    یحییٰ سنوار کی حماس کو کی گئی وصیت سامنے آگئی

    مزید یہ کہ آئندہ 10 روز میں غزہ کی پٹی میں اقدامات مکمل کرنے سے متعلق مذاکرات ہوں گے، ا طرح مکمل فائر بندی اور غزہ کی محصور پٹی میں امدادات کو داخل کرنے کا عمل یقینی بنایا جا سکے گا۔

  • روس کا اعلیٰ سطح وفد نیتن یاہو سے ملاقات کیلئے اسرائیل پہنچ گیا

    روس کا اعلیٰ سطح وفد نیتن یاہو سے ملاقات کیلئے اسرائیل پہنچ گیا

    روس کا اعلیٰ سطح وفد نیتن یاہو سے ملاقات کیلئے اسرائیل پہنچ گیا ہے، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ روسی وفد آج اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کرے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے اعلیٰ سطح وفد کی اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    ایک اور اہم پیش رفت میں حماس کا وفد ماسکو پہنچ گیا ہے، جو روسی نائب وزیرخارجہ سے ملاقات کرے گا۔

    واضح رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے میں مدد کی پیشکش کر دی ہے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے قازان میں برکس پلس سربراہی اجلاس اور دوستوں کے پہلے مکمل اجلاس سے پہلے اپنے خطاب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کا بحران تاریخ کا سب سے خونی بحران بن گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے بحران سے تشویش پیدا ہوتی ہے، غزہ میں جنگی کارروائیاں لبنان تک پھیل گئی ہیں، خطے کے کئی ممالک متاثر ہوئے ہیں، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کو مکمل جنگ کے دہانے پر کھڑا کر رہی ہے۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس مشرق وسطیٰ میں ہونے والے واقعات پر فکر مند ہے اور اس کا خیال ہے کہ وہاں تنازعات کے حل کے لئے حالات پیدا کرنے میں اس کا کردار ہے۔

    اسرائیلی سفارت خانے پر دھاوا، توڑ پھوڑ

    پیوٹن نے مزید کہا کہ ماسکو نہیں چاہتا کہ تنازع پھیلے، ہم سمجھتے ہیں کہ خطے کا کوئی بھی ملک مکمل جنگ نہیں چاہتا، مشرق وسطیٰ مکمل جنگ کے دہانے پر ہے، انہوں نے تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

  • نیتن یاہو نے ’قتل کرنے کی کوشش‘ کی ذمہ داری ایران پر ڈال دی

    نیتن یاہو نے ’قتل کرنے کی کوشش‘ کی ذمہ داری ایران پر ڈال دی

    تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ڈرون حملے کے ذریعے ’قتل کرنے کی کوشش‘ کی ذمہ داری ایران پر ڈال دی۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے شمالی شہر قیصریہ میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملے کے چند گھنٹے بعد نیتن یاہو نے ایک بیان جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ ’’ایران کی پراکسی حزب اللہ کی جانب سے مجھے اور میری اہلیہ کو قتل کرنے کی کوشش ایک سنگین غلطی تھی۔‘‘

    انھوں نے بیان میں کہا ’’میں ایران اور اس کے پراکسیوں اور اس کے برائی کے محور سے کہتا ہوں، جو بھی اسرائیل کے شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔‘‘

    اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بیان کے جاری ہونے کے فوراً بعد نیتن یاہو کے قریبی سفارتی ذرائع نے بھی ایران پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے نیتن یاہو کے خلاف قاتلانہ حملہ کیا ہے، اور کہا کہ اس حملے پر جوابی کارروائی کی جائے گی۔

    خطہ اس وقت سخت کشیدگی کی لپیٹ میں ہے، کیوں کہ یکم اکتوبر کو اسرائیل پر بڑے اور وسیع ایرانی میزائل حملے کے بعد دنیا اسرائیلی رد عمل عمل کا انتظار کر رہی ہے، ایسے میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیا گیا۔

    اسرائیل کے ایران پر حملے کی خفیہ معلومات لیک ہو گئیں

    ایسے میں ایران پر اسرائیلی حملے کی تیاری کی خفیہ معلومات لیک ہو گئی ہیں اور یہ خفیہ معلومات مڈل ایسٹ اسپیکٹیٹر نامی ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر شائع کی گئی ہیں۔ ایران پر حملے کی اسرائیلی تیاریوں کے بارے میں دو مبینہ امریکی انٹیلی جنس دستاویزات کے شائع ہونے کے بعد سیکیورٹی کی بڑی خلاف ورزی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور اس حوالے سے امریکی حکام انتہائی فکر مند ہو گئے ہیں۔

  • نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر حزب اللہ نے ڈرون حملہ کر دیا

    نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر حزب اللہ نے ڈرون حملہ کر دیا

    تل ابیب: حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد حزب اللہ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کر دیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی رہائش گاہوں میں سے ایک کو حزب اللہ نے ڈرون حملے سے نشانہ بنا دیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت اسرائیلی وزیر اعظم اور ان کا خاندان گھر میں موجود نہیں تھے، اور اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا، ڈرون لبنان سے لانچ کیا گیا تھا اور قیصریہ میں وزیر اعظم کے گھر سے ٹکرا گیا تھا۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ پولیس حملے کی جگہ کا پتا لگانے کے لیے پہنچ گئی ہے، ڈرون حملے کے عین وقت پر تل ابیب میں سائرن بھی بجنا شروع ہو گئے تھے، اور اسی وقت لانچ کیے گئے دو دیگر ڈرونز کو روکا بھی گیا۔

    حماس نے یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کر دی

    دوسری طرف یحییٰ سنوار کے قتل کے بعد حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کو اب تب تک رہا نہیں کیا جائے گا، جب تک غزہ پر جارحیت بند نہیں ہوتی، اور اسرائیلی افواج مکمل طور پر غزہ سے واپس نہیں چلی جاتیں، اور اسرائیل میں قید فلسطینی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

    واضح رہے کہ شمالی غزہ کے جبالیہ اور مجازی پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، جن میں کم از کم 44 فلسطینی شہید اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں العودہ اور کمال عدوان اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا۔

  • اسرائیلی وزیر اعظم نے ایران پر حملے کے اہداف کی منظوری دیدی

    اسرائیلی وزیر اعظم نے ایران پر حملے کے اہداف کی منظوری دیدی

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے ایران پر حملے کے اہداف کی منظوری دیدی گئی ہے۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی کارروائی کیلئے ایرانی مخصوص اہداف کی منظوری دیدی ہے۔

    مخصوص اہداف کی تفصیلات کو ظاہر نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بات واضح کی گئی ہے کہ اسرائیل فوجی اہداف کو نشانہ بنائے گا یا نہیں، متوقع اسرائیلی کارروائی کے آغاز کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب ایران کی ایٹمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا امکان نہیں ہے۔

    ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال وندی نے نور نیوز ایجنسی کے ساتھ ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا امکان بہت کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی اہم سائٹ پر حملے کی صورت میں اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ کامیاب نہیں ہوگا اور ملک کسی بھی ممکنہ نقصان کی فوری تلافی کر سکتا ہے۔

    کمال وندی کے تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اکتوبر کے شروع میں تہران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف بیلسٹک میزائلوں کے حملے کے بعد اسرائیلی حکام نے ایران پر حملہ کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

    ایران کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ سمیت ایران سے قریبی اہم شخصیات کے قتل کا بدلہ ہے۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری، مزید 65 فلسطینی شہید

    چونکہ اسرائیل اس بات پر غور کر رہا ہے کہ کس چیز کو نشانہ بنانا ہے اسرائیلی حکام نے مبینہ طور پر امریکہ کو یقین دلایا کہ حملہ ایرانی تیل یا جوہری تنصیبات کے بجائے فوجی انفراسٹرکچر تک محدود ہوگا۔

  • فرانسیسی صدر اور نیتن یاہو کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

    فرانسیسی صدر اور نیتن یاہو کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

    فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک کال پر تلخ جملوں کا تبادلہ ہواہے۔

    فرانسیسی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے لبنان تنازع پر نیتن یاہو کو فون کیا اور کہا کہ نیتن یاہو کو بھولنا نہیں چاہئیے کہ انکا ملک اقوام متحدہ کے فیصلے کے نتیجے میں بنایا گیا تھا۔

    صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیلی وزیر اعظم کو کہا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے فیصلوں کی پابندی کرے،یہ اقوامِ متحدہ کے فیصلوں کو نظر انداز کرنے کا وقت نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایمانویل میکرون نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا۔

    فرانسیسی صدارتی دفتر کے مطابق صدر میکرون نے ایرانی صدر سے غزہ، لبنان کشیدگی ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    فرانسیسی صدارتی دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ایمانویل میکرون نے زور دیا کہ ایران کی ذمہ داری ہے کہ کشیدگی میں کمی کی حمایت کرے۔

    امریکا کی اسرائیل کو فوجی امداد روکنے کی دھمکی

    صدر ایمانویل میکرون نے ایران سے حزب اللّٰہ حملے کے رُکوانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کا کہا ہے۔

  • نیتن یاہو کی لبنان میں موجود امن فورس کو کھلی دھمکی

    نیتن یاہو کی لبنان میں موجود امن فورس کو کھلی دھمکی

    اقوام متحدہ کی لبنان میں تعینات عارضی امن فورس (UNIFIL) کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے جنوبی لبنان سے انخلا کی سنگین دھمکی دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں لبنان میں موجود UNIFIL فورسز پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے حوالے سے اپنا موقف پیش کیا۔

    اسرائیلی وزیراعظم نے زور دیا کہ UNIFIL کو اسرائیل کی انخلا کی درخواست پر غور کرنا چاہیے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ الزام سراسر غلط ہے کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر UNIFIL کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نے حزب اللہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ UNIFIL کی تنصیبات اور مقامات کو اپنی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز بھی اسرائیلی فوج کے UNIFIL پر حملے کے بعد امن فورسز کو جنوبی لبنان سے نکل جانے کی وارننگ دی تھی۔

    اسرائیلی فوج کے UNIFIL کے ٹھکانوں پر حملوں پر متعدد ممالک کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسرائیل سے ان حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    یہ واقعات علاقائی کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن رہے ہیں اور بین الاقوامی برادری کی تشویش کا سبب بن رہے ہیں۔

    اس سے قبل اسرائیلی فوج نے لبنان کے شمالی علاقوں کو پہلی بار فضائی بمباری کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 21 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    القسام بریگیڈ کے حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کاز غرتا ڈسٹرکٹ میں ایطو ٹاؤن میں 4 منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا، حزب اللّٰہ کے المنار ٹی وی چینل کے دفتر پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔

  • ایران میں اسرائیل کا ہدف کیا ہوگا؟ امریکی اخبار کا بڑا دعویٰ

    ایران میں اسرائیل کا ہدف کیا ہوگا؟ امریکی اخبار کا بڑا دعویٰ

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکا سے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کی جوہری یا تیل اہداف کی بجائے ایرانی فوج پر حملہ آور ہوسکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں معاملے سے واقف دو اہلکاروں کا حوالہ دیا گیا ہے، کہ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران میں جوہری یا تیل کی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنائے گا۔

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ نے اسرائیل پر حملے کے بعد ایرانی فوجی شخصیات پر پابندیاں عائد کر دیں۔

    یکم اکتوبر کو تہران کے اسرائیل پر حملے کے بعد برطانیہ نے ایرانی افراد اور تنظیموں کے خلاف پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    برطانیہ کے دفتر خارجہ کے مطابق پابندیوں میں ایران کی فوج، فضائیہ اور ایران کی بیلسٹک اور کروز میزائل کی ترقی سے منسلک تنظیموں کی اعلیٰ شخصیات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایک بیان میں کہا کہ ”بار بار وارننگ کے باوجود ایران اور اس کے پراکسیز کے خطرناک اقدامات مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں“۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر اس کے بیلسٹک میزائل حملے کے بعد ہم ایران کو احتساب کے کٹہرے میں لا رہے ہیں اور ان کارروائیوں میں سہولت کاروں کو بے نقاب کر رہے ہیں۔

    ایران نے امریکا سے بالواسطہ رابطہ ختم کر دیا

    ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر تقریباً 200 میزائل داغے جس میں کہا گیا کہ یہ حزب اللہ اور حماس کے رہنماؤں اور ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور کے ایک سینئر جنرل کی شہادت کا بدلہ ہے۔

  • بائیڈن اور نیتن یاہو کارابطہ، ایران پر حملے سے متعلق اہم فیصلہ

    بائیڈن اور نیتن یاہو کارابطہ، ایران پر حملے سے متعلق اہم فیصلہ

    امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک ہوا ہے، جس میں اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور نیتن نے آدھے گھنٹے تک ٹیلیفون پر بات کی اور ایران کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کا عہد کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے حماس سے جنگ بندی پر کوئی بات نہیں کی، حزب اللّٰہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے پر بھی غور کیا گیا۔

    وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری نے کہا کہ اختلافات کے باوجود جوبائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوئی۔

    دوسری جانب اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے لبنان کو خبردار کیا ہے کہ اگر حالات مزید بگڑے تو اسے بھی غزہ کی طرح تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اپنے ایک حالیہ جاری بیان میں نیتن یاہو نے لبنان کے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کے پاس موقع ہے کہ لبنان کو ایک طویل جنگ کے دلدل میں جانے سے بچالیں جو ویسے ہی تباہی اور تکلیف لائے گی جیسی ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں۔

    نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ میں لبنان کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے ملک کو حزب اللہ سے آزاد کرائیں تاکہ یہ جنگ ختم ہو سکے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف اپنی زمینی کارروائیوں کا دائرہ جنوبی لبنان کے ساحلی علاقوں تک پھیلا دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے گزشتہ رات جنوبی بیروت میں حملہ کرکے 4رہائشی عمارتوں کو تباہ کردیا۔

    ٹرمپ، پیوٹن رابطوں کا انکشاف، نیا پینڈورا باکس کھل گیا

    اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے، اور جنوبی بیروت میں بھی حملے کیے ہیں، جن میں اب تک مجموعی طور 1ہزار150 سے زائد لبنانی شہید اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔