Tag: نیروبی

  • ارشد شریف کی جائے شہادت سے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو گولیوں کے 3 خول مل گئے

    ارشد شریف کی جائے شہادت سے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو گولیوں کے 3 خول مل گئے

    نیروبی / مگاڈی: معروف اینکر پرسن اقرار الحسن نے مقتول صحافی ارشد شریف کی جائے شہادت سے گولیوں کے 3 خول دریافت کرلیے، مذکورہ شواہد انڈپینڈنٹ پولیس اتھارٹی کے حوالے کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی ٹیم اور معروف اینکر پرسن اقرار الحسن کینیا کے مضافاتی علاقے مگاڈی پہنچے جہاں معروف صحافی ارشد شریف کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔

    اقرار الحسن نے ارشد شریف کی جائے شہادت کا جائزہ لیا جس کے بعد کچھ ایسی باتیں سامنے آئیں جو مقامی پولیس کی دی گئی معلومات سے بالکل مختلف ہیں۔

    اقرار الحسن جس جگہ پر موجود ہیں وہ پکی سڑک ہے جبکہ کینین پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ارشد شریف کی گاڑی کچی سڑک پر تھی۔

    ارشد شریف کی گاڑی کے دونوں طرف گولیوں کے نشانات موجود ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گاڑی کو دو طرف سے اور بہت قریب سے نشانہ بنایا گیا۔

    اقرار الحسن کے مطابق نہ تو کرائم سین کو محفوظ کیا گیا اور نہ ہی وہاں سے خاطر خواہ شواہد اکھٹے کیے گئے، مذکورہ مقام سے 18 دن بعد اقرار الحسن کو گولیوں کے 3 خول ملے جو مختلف ہتھیاروں کے معلوم ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ کینیا کی پولیس کے 3 شوٹرز سے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی، تینوں اہلکاروں کے بیانات میں گھمبیر نوعیت کا تضاد تھا اور وہ غیر منطقی تھے۔

    محسن حسن بٹ کا کہنا ہے کہ کینین پولیس کے 4 میں سے 1 افسر کو پاکستانی تحقیقات کاروں کے سامنے پیش نہیں کیا گیا، جس افسرکو پیش نہیں کیا گیا وہ ارشدشریف پر گولیاں چلانے والوں میں شامل تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگلا قدم ارشد شریف کی موت کے مقدمے کا پاکستان میں اندراج ہونا ہے، مقدمے کا اندراج اس وقت ہو گا جب وفاقی حکومت اس کے احکامات جاری کرے گی۔ کینیا پولیس عالمی قوانین کے مطابق صحافی کے سفاکانہ قتل کی تحقیقات میں تعاون کی پابند ہے۔

  • ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے نواحی علاقے میں صبح صبح ایک شیر نے پہنچ کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شیر کا تعلق شہر کے جنوب میں واقع نیشنل پارک سے ہے جو اچانک رہائشی علاقے میں نکل آیا۔ خوفزدہ افراد نے فوری طور پر پولیس اور کینین وائلڈ لائف سروس کو مطلع کیا۔

    شہریوں کی حفاظت کے لیے انتظامی حکام نے فوری طور پر رینجرز کی تعیناتی بھی کر دی جبکہ شیر کے زخمی ہونے کی صورت میں خصوصی ویٹرنری ڈاکٹر کو بھی موقع پر روانہ کر دیا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ سروس کے اہلکاروں نے شیر کو دور سے انجیکشن ڈارٹ کے ذریعے بے ہوش کر کے اپنی تحویل میں لے لیا۔ شیر کو نیشنل پارک منتقل کردیا گیا اور نیشنل پارک کے حکام کے مطابق ہوش اآنے پر شیر کو واپس جنگلاتی علاقے میں چھوڑ دیا جائے گا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت بچے اسکولوں کی طرف جبکہ دیگر افراد اپنے روزگار و دفاتر کی جانب روانہ ہورہے تھے۔

    نیشنل پارک سے صرف 7 کلو میٹر دوری پر واقع اس علاقے کے شہریوں کا کہنا ہے کہ نیشنل پارک کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ کسی خوفناک اور ناخوشگوار حادثے سے بچا جاسکے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق دسمبر سنہ 2019 میں بھی ایک شیر نے نیشنل پارک سے باہر نکل کر ایک شخص پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا تھا۔ مارچ سنہ 2016 میں نیشنل پارک سے نکلنے والے شیر کو اس وقت گولی مار دی گئی جب اس نے ایک شہری کو حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

  • کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    نیروبی: کینیا میں ایک شخص پھاؤڑے، کلہاڑی اور بیلچے کی مدد سے دیہاتیوں کے لیے دشوار گزار جھاڑیوں میں راستہ نکال کر لوگوں کی نظروں میں ہیرو بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوگ نکولس میوشامی کی ہمت اور کارنامہ دیکھ کر اس وقت حیران رہ گئے جب اس نے اپنی مدد آپ کے تحت دیہاتیوں کے لیے دشوار جھاڑیاں کاٹ کر ایک لمبی سڑک کھودی۔

    نکولس نے تن تنہا چھ دن کے اندر جنگل میں ڈیڑھ کلو میٹر (ایک میل) لمبا راستہ نکالا۔

    باہمت دیہاتی نے میڈیا کو بتایا کہ جہاں انھوں نے سڑک بنائی ہے وہاں سرکاری طور پر سڑک کی نشان دہی کی جا چکی تھی لیکن مقامی لیڈر سڑک بنانے میں ناکام ہو گئے تھے۔

    مرانگا کاؤنٹی میں واقع گاؤں کگانڈا جو کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے 80 کلو میٹر شمال میں واقع ہے، کے رہائشی مقامی شاپنگ سینٹر تک پہنچنے کے لیے 4 کلو میٹر کا طویل راستہ کاٹنے پر مجبور تھے۔

    دیہاتیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ جھاڑیوں میں سڑک نکال کر ان کے لیے سہولت فراہم کی جائے لیکن حکومت کی جانب سے ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

    دیہاتی نکولس نے بتایا کہ وہ دن میں ایسے ہی عجیب و غریب کام کر کے اور رات کو چوکیداری کر کے روزی روٹی کماتا ہے۔

    ’ہیرو‘ نے بتایا کہ لوگ پوچھتے تھے کہ کیا یہ کام کرتے ہوئے کوئی معاوضہ بھی دے رہا ہے۔ تاہم آج سب خوش ہیں، بچے اس راستے اسکول جاتے ہیں، اور میں بھی خوش ہوں۔

  • نیروبی کے فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، 15 افراد ہلاک

    نیروبی کے فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، 15 افراد ہلاک

    نیروبی : کینیا کے دارالحکومت میں واقع ایک فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ضلع ویسٹ لینڈ میں واقع ڈوسٹ ڈی 2 نامی پُر تعیش ہوٹل پر منگل کے روز دہشت گردوں نے حملہ کرکے متعدد افراد کو قتل کردیا۔

    نیروبی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ابھی بھی عمارت کے اندر موجود ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز نے سات منزلہ عمارت کی چھ منزلیں دہشت گردوں سے خالی کروالی لی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تقریباً تمام لوگوں کو ہوٹل سے نکال لیا گیا ہے جبکہ 100 افراد بدھ کی صبح عمارت سے ریسکیو کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری صومالیہ کی دہشت گرد تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔

    کینین حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل کا محاصرہ ختم ہوگیا لیکن سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے جبکہ مسلسل دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ حملے میں 15 افراد لقمہ اجل بنے ہیں لیکن سرکاری ذرائع نے تاحال ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 30 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : کینیا کے اسکول میں فائرنگ‘ 6 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک

    مزید پڑھیں : صومالیہ میں کینیا کی فوج کا آپریشن،الشباب کے 52 جنگجو ہلاک

    برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ داخلہ نے نیروبی ہوٹل حملے میں ایک امریکی شہری کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

     

    اس حملے کا آغاز اس وقت ہوا جب 101کمروں کے ہوٹل، ایک ریسٹورنٹ اور متعدد دفاتر پر مشتمل ڈوسٹ ڈی 2 کمپلیکس میں ایک زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز پانچ کلو میٹر دور تک واضح طور پر سنی گئی۔

  • نیروبی میں تاریخی اننگز نے میری زندگی بدل دی تھی ، شاہدآفریدی کا ٹوئٹ

    نیروبی میں تاریخی اننگز نے میری زندگی بدل دی تھی ، شاہدآفریدی کا ٹوئٹ

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی نیروبی میں تاریخی اننگزکوبائیس سال مکمل ہوگئے، آفریدی کا کہنا ہے کہ ایک اننگز نے ان کی زندگی بدل دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا نیروبی میں تاریخی اننگز کو بائیس سال مکمل ہوگئے، جس کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، اس لمحے نے میری زندگی بدل دی تھی، آپ سب کی سپورٹ اورمحبت کا شکریہ۔

    شاہدآفریدی نے کہا کہ بھروسہ کرنے پر ساتھیوں کا شکرگزار ہوں۔

    یاد رہے کہ نیروبی کے میدان میں بائیس سال پہلے چار اکتوبر انیس سو چھیانوے کو شاہد خان آفریدی پاکستان کرکٹ کی پہنچان بنے تھے۔

    شاہد آفریدی نے بائیس سال پہلے نیروبی میں سری لنکا کے خلاف صرف سنتیس گیندوں پراس وقت دنیا کی تیزترین سنچری اسکور کرکے ون ڈے کھیل کو نئی جدت دی۔

    آفریدی نے گیارہ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے ایک سو دو رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیلی تھی۔

  • کینیا میں سیسنا طیارہ گر کر تباہ، دس افراد ہلاک

    کینیا میں سیسنا طیارہ گر کر تباہ، دس افراد ہلاک

    نیروبی: کینیا میں دو دن قبل لاپتا ہونے والے سیسنا طیارے کا ملبہ بلند پہاڑوں پر مل گیا، حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں موجود دس افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

    تفصیلات کے مطابق بد قسمت طیارے میں دو پائلٹوں کے علاوہ آٹھ افراد سوار تھے، کینیا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکریٹری پال مرنگا کا کہنا تھا کہ فلائی سکس نامی طیارہ آبر ڈیرس میں گر کر تباہ ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا ہے تاہم کینیا کے حکام نے اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    کینیا کے حکام کا کہنا ہے کہ بد قسمت طیارہ منگل کو کٹالی ایئرپورٹ چھوڑتے ہی کھو گیا تھا اور جومو کینیاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔

    کینیا سے امپورٹ کی جانے والی چائے میں مضر صحت کیمیکل کے اجزا ہونے کا انکشاف


    تباہ شدہ طیارے کا ملبہ آج سطح سمندر سے گیارہ ہزار فٹ بلند مقام ایلیفینٹ پوائنٹ پر فضائی تلاش کے دوران ملا، طیارہ کٹالی سے نیروبی جا رہا تھا جسے خراب موسم کے باعث جومو کینیاٹا موڑ دیا گیا تھا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق طیارے کے ملبے تک کینیا کی وائلڈ لائف سروس کی ماؤنٹین ریسکو ٹیم نے رسائی کی، جن کے پہنچنے تک وہاں کوئی زندہ نہیں بچا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کینیا، مسافر بس کو حادثہ 27 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    کینیا، مسافر بس کو حادثہ 27 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    نیروبی : کینیا میں تیز رفتار مسافر ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیا کے علاقے نیروبی میں تیز رفتار مسافر بس سامنے ست آتے ہوئے آئل ٹینکر ٹکرا گئی جس کی وجہ سے 27 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تصادم اتنا شدید تھا کہ مسافر بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ بس میں 50 سے زائد مرد، خواتین اور بچے سوار تھے جن میں سے 27 افراد موق پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا اور ہلاک و زخمی ہونے والے مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی اج رہی ہے۔

    کینیا کے صدر نے نیروبی میں ہونے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

  • کچی بستی کے نوجوانوں کا آرکسٹرا

    کچی بستی کے نوجوانوں کا آرکسٹرا

    نیروبی: کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں واقع کورگوچو نامی کچی آبادی کینیا کی سب سے بڑی کچی آبادی ہے۔ یہاں دیڑھ سے 2 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں۔ یہ کچی آبادی غربت، جرائم اور منشیات کا گڑھ ہے اور یہاں گھریلو تشدد کی سماجی برائی نہایت عام ہے۔

    یہی نہیں یہاں رہنے والے زیادہ تر افراد ایڈز یا اس کے خطرے کا شکار ہیں۔

    اس تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ امید دیوانے کا خواب لگتی ہے کہ یہاں پیدا ہونے والے بچے معاشرے کا کوئی کارآمد حصہ ثابت ہوسکیں گے۔

    2

    تاہم السبتھ نوروج نامی ایک موسیقار کا خیال اس سے مختلف تھا۔ 80 نوجوان موسیقاروں کا آرکسٹرا ترتیب دینے والا یہ موسیقار اس بات پر یقین رکھتا تھا کہ موسیقی کے ذریعہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔

    یہی سوچ کر اس نے اس جھونپڑ بستی کے بچوں کو موسیقی سکھانی شروع کردی جو تعلیم و تربیت سمیت ہر طرح کی بنیادی سہولت سے محروم تھے۔

    10

    9

    نوروج کا کہنا ہے، ’موسیقی آپ کو آپ کے آس پاس کی دنیا بھلا دیتی ہے۔ آپ اپنے دکھوں اور تکالیف کو بھول کر زندگی کی مثبت چیزوں کی طرف متوجہ ہوسکتے ہیں‘۔

    ان بچوں کو موسیقی کی تربیت دینے کے لیے ایک ٹوٹی پھوٹی ادھ تعمیر شدہ عمارت میں میوزک سینٹر قائم کیا گیا ہے جو ایک کچرے کے ڈھیر کے قریب واقع ہے۔

    4

    5

    6

    البتہ یہاں آںے والے بچے نہایت بلند حوصلہ ہیں اور اپنی زندگی بدلنے کے خواہاں ہیں۔

    ان بچوں کے زیر استعمال مختلف آلات موسیقی مختلف اداروں کی جانب سے عطیہ کردہ ہیں۔

    3

    7

    انہیں امید ہے یہ موسیقی انہیں دنیا کے ان حصوں میں لے جائے گی جہاں وہ پہلے کبھی نہیں گئے اور وہ پر یقین ہیں کہ یہ موسیقی ان کی زندگی بدلنے میں معاون ثابت ہوگی۔

    12

    11

    8

    بچوں کے والدین بھی ان کی اس سرگرمی سے خوش ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ بچے اگر اپنا فارغ وقت موسیقی کو نہ دیں تو یقیناً یہ بستی کی گلیوں میں گھومتے ہوئے وقت گزاریں گے جہاں یہ جرائم اور منشیات کا آسان شکار بن سکتے ہیں۔

    آہستہ آہستہ وسیع ہوتا یہ آرکسٹرا کبھی کبھار قریبی چرچ میں بھی جاتا ہے جہاں یہ اپنے فن کا مظاہرہ کرتا ہے۔

  • کینیا:آئل ٹینکرکےگاڑیوں سےتصادم میں30افرادہلاک

    کینیا:آئل ٹینکرکےگاڑیوں سےتصادم میں30افرادہلاک

    نیروبی : کینیا کےشہر نیروبی کی اہم شاہراہ پرتیز رفتار آئل ٹینکر کےگاڑیوں سےتصادم کے نتیجےمیں کم از کم 30افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر جو نیروبی سے نیواشا جارہا تھاجو بے قابو ہو کر شاہراہ پر معتدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔

    گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 30افراد ہلاک اورمتعددافرادزخمی بھی ہوگئے ہیں۔پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔

    ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال پہنچانا شروع کردیا ہے۔جہاں زخمیوں کا علاج کر جارہا ہےجبکہ ہلاک ہونےوالےافراد کی لاشوں کو مزید کارروائی کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں:افغانستان میں مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم،38 ہلاک

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 38 افرادجاں بحق اور 20 شدید زخمی ہوگئےتھے۔

    مزید پڑھیں:افریقی ملک موزمبیق میں‌ دھماکہ،73 افراد ہلاک، 110سے زائد زخمی

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ افریقی ملک موزمبیق کےشہربیرہ میں آئل ٹینکر میں ہونے والے دھماکے سے کم ازکم 73افراد ہلاک اور 100سے زائد افراد زخمی ہوگئےتھے۔

  • زرافوں کے ساتھ ناشتہ کرنا چاہیں گے؟

    زرافوں کے ساتھ ناشتہ کرنا چاہیں گے؟

    دنیا کے مختلف ممالک اپنی سیاحت میں اضافہ کے لیے سیاحوں کو انوکھے اور عجیب و غریب تجربات سے روشناس ہونے کا موقع دیتے ہیں۔ بعض سیاحتی مقامات پر ایسے ریستوران بنائے جاتے ہیں جو برف سے، غار کے اندر، زیر سمندر یا کسی پہاڑ کی اونچی چوٹی پر بنے ہوتے ہیں۔

    مہم جو افراد ان مقامات پر جا کر انوکھے تجربات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی تصور کیا ہے کہ آپ کسی ریستوران میں جائیں اور وہاں ناشتے میں آپ کے ساتھ جانور بھی شریک ہوں؟

    اور جانور بھی کوئی اور نہیں بلکہ زرافہ جو کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

    اس انوکھے ناشتے سے لطف اندوز ہونے کے لیے آپ کو افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کا سفر اختیار کرنا پڑے گا۔

    giraffe-2

    giraffe-3

    نیروبی کے اس ریستوران میں جس کا نام ’زرافوں کی جائیداد‘ ہے، آپ اپنے ناشتے کے دوران زرافوں سے ملاقات کا موقع حاصل کرسکتے ہیں۔

    giraffe-7

    giraffe-4

    ایک نجی زمین پر قائم اس ریستوران کی مالکہ نے کئی سال قبل کچھ ننھے زرافے یہاں پالے تھے۔

    جب یہ زرافے بڑے ہوگئے اور ان کی آبادی میں بھی اضافہ ہوگیا تو اس خاتون نے جسے اب ’جراف لیڈی‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، زرافوں کے رہنے کے لیے ایک باقاعدہ سینٹر قائم کرلیا جو ریستوران کے برابر میں ہی واقع ہے۔

    giraffe-5

    اب یہ زرافے اس ریستوران میں بھی آتے ہیں اور کھڑکیوں سے اپنی لمبی گردن ڈال کر سیاحوں کے ناشتہ میں ان کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔

    giraffe-8

    giraffe-6

    یہاں کا عملہ سیاحوں کو ہدایت دیتا ہے کہ اگر وہ زرافوں کے ساتھ ناشتے جیسے انوکھے تجربے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو انہیں ٹھیک 7 بجے ناشتے کی میز پر موجود ہونا چاہیئے کیونکہ زرافے جلدی اٹھتے ہیں اور ناشتہ کے بعد واپس چلے جاتے ہیں۔