Tag: نیشنل اسٹیڈیم

  • کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ ، آج رات کون کون سے راستے بند ہوں گے؟

    کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ ، آج رات کون کون سے راستے بند ہوں گے؟

    کراچی: جشن آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر  میں نیشنل اسٹیڈیم میں میوزیکل نائٹ کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی خوشی میں نیشنل اسٹیڈیم میں میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس نے اس موقع پر خصوصی ٹریفک پلان اور پارکنگ کے انتظامات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

    ٹریفک پولیس نے بتایا کہ وہ گاڑیاں جنہیں اسٹیکر جاری ہوئے ہیں، وہ نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ نمبر 1 اور 11 سے داخل ہوں گی۔

    تقریب میں آنے والے شہری ایکسپو سینٹر اور چائنا گراونڈ میں پارکنگ کر سکیں گے جبکہ انہیں شٹل سروس کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔

    ٹریفک پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم اور سر شاہ سلیمان روڈ پر متوقع ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ بس، منی بس اور دیگر کمرشل گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب بھیجا جائے گا اور ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سروس روڈ پر نہ کھڑی کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ تقریب کے دوران آمد و رفت آسان اور محفوظ ہو۔

  • کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ، نیشنل اسٹیڈیم آنے والوں کے لیے اہم ہدایات جاری

    کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ، نیشنل اسٹیڈیم آنے والوں کے لیے اہم ہدایات جاری

    کراچی : معرکہ حق اورجشن آزادی کے سب سے بڑے ایونٹ میں نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شہریوں کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ کی جانب سے جشنِ آزادی اور "معرکہ حق” کے سلسلے کا سب سے بڑا ایونٹ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں معروف گلوکار راحت فتح علی خان، سجاد علی، حدیقہ کیانی سمیت دیگر فنکار پرفارم کریں گے۔

    وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایونٹ میں شرکت کے لیے شہریوں کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا اور ہر شہری صرف قومی پرچم ساتھ لاسکے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے کچھ انکلوژرز صرف فیملیز کے لیے مختص کیے گئے ہیں جن میں یونس خان اور جاوید میانداد سمیت پانچ انکلوژرز شامل ہیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ اسٹیڈیم میں آمد کے لیے دو اطراف سے راستے ہوں گے، ڈسٹرکٹ سینٹرل سے آنے والے شہریوں کے لیے ایکسپو سینٹر میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جہاں سے نیشنل اسٹیڈیم تک شٹل سروس فراہم کی جائے گی، شٹل سروس مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ گیٹ نمبر 12، 13 اور 14 مردوں کی انٹری کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

  • نیشنل اسٹیڈیم کے باہر پی ایس ایل 10 کا کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نصب

    نیشنل اسٹیڈیم کے باہر پی ایس ایل 10 کا کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نصب

    کراچی میں پی ایس ایل کی رونقیں لگنا شروع ہوگئی ہیں نیشنل اسٹیڈیم کے باہر سیزن 10 کا کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نصب کر دیا گیا ہے۔

    دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے آغاز میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے اور کراچی میں اس کی رونقیں لگنا شروع ہو گئی ہیں۔

    نیشنل اسٹیڈیم کے باہر پی ایس ایل سیزن 10 کا کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نصب کر دیا گیا ہے. ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی شروع ہو گئی ہے جب کہ ملک بھر میں فینز فزیکل ٹکٹس پیر سے خرید سکیں گے۔

    چاروں وینیوز پر ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 650 روپے رکھی گئی ہے۔پنڈی میں افتتاحی میچ کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار سے 850 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔

    شائقین کا جوش بڑھانے کے لیے لاہور میں بھی سڑکیں سجا دی گئی ہیں۔ لاہور کے مین بلیوارڈ لبرٹی مارکیٹ چوک کو پی ایس ایل کی ٹیموں کے ناموں سے سجا دیا گیا ہے۔ اسی مقام پر دیوہیکل پی ایس ایل ایکس بھی سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

    فوٹو: جنگ

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا آغاز جمعہ 11 اپریل سے ہوگا۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    کراچی کنگز اپنا پہلا میچ ہفتہ، 12 اپریل 2025 کو اپنے ہوم گراؤنڈ، نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

    11 اپریل سے 18 مئی تک 6 ٹیمیں ٹرافی کیلیے ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان، راولپنڈی کے میدانوں میں جنگ لڑکیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔

  • پاک جنوبی افریقہ میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کیلیے ہدایات نامہ جاری

    پاک جنوبی افریقہ میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کیلیے ہدایات نامہ جاری

    سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کیلیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے سلسلے میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ کھیلا جائے گا۔ میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد میمن کے مطابق اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز، مشروبات، گلاس، پلاسٹک بوتلیں، یا کوئی بھی نشہ آور اور ممنوع اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کی اشیاء اسٹیڈیم کے اندر لگے اسٹالز پر دستیاب ہوں گی۔

    ممنوعہ اشیاء میں آتشیں اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکہ خیز مواد، آتشبازی، سگریٹ، میچ باکس، لائٹر، خواتین کے ہینڈبیگ، تیز دھار اشیاء (جیسے چاقو) اور دھاتی/لکڑی کی اشیاء شامل ہیں۔ تمام تماشائیوں کو داخلی دروازوں پر سیکیورٹی چیکنگ سے گزارا جائے گا۔

    تماشائیوں اور ہر ٹکٹ ہولڈر کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور ٹکٹ یا میچ پاس کارڈ (اصل) دکھانا ضروری ہوگا۔ شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے فزیکل میچ ٹکٹ (اصل میچ ٹکٹ کی ہارڈ کاپی) کا ہونا لازمی ہے۔ آن لائن ٹکٹس پر اسٹیڈیم میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

    شائقین کے لیے اسٹیڈیم سے متصل چائنا گراؤنڈ میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی جائے گی۔

    اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے صرف مرکزی گیٹ اور گیٹ نمبر 12، 13 اور 14 استعمال کیے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ تمام گیٹس تماشائیوں کے داخلے کے لیے بند رہیں گے۔ صرف وی آئی پیز اور اسٹیکر، یا پاسز کی حامل گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہو سکیں گی۔

    اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب شدہ گاڑیوں کے داخلے اور ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور میچ والے دن ٹریفک پلان کو فالو کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 اردو خبریں

  • چیمپئنز ٹرافی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا تعمیراتی کام کب مکمل ہوگا؟

    چیمپئنز ٹرافی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا تعمیراتی کام کب مکمل ہوگا؟

    چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تزئین وآرائش کا کام جاری ہے جس کا بیشتر کام ہوچکا ہے اور یہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جا رہی ہے اور ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تزئین وآرائش کے لیے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر سے متعلق بھارتی میڈیا میں منفی پروپیگنڈا کیا گیا تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام 30 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے مشن امپوسیبل کو کنسٹرکشن ورکرز اور ٹیم نے ممکن بنا ڈالا۔

    گراؤنڈ کی جانب گرل لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ فلڈ لائٹس کے لیے نئے فریم لگائے جا رہے ہیں۔ 2 انکلوژر پر ڈیجیٹل اسکرین نصب کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے پراجیکٹ ڈائریکٹر بلال چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل اسکرین اس انداز سے نصب کی جائیگی تاکہ شائقین کو مشکلات نہ آئیں۔

    نیشنل بینک اسٹیڈیم کے اپ گریڈیشن منیجر ارشد خان نے بتایا کہ نئی عمارت کے فرسٹ فلور پر کھلاڑیوں کا ڈریسنگ روم ہو گا، عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر ہاسپٹیلٹی باکس ہوں گے جب کہ جنرل انکلوژرز میں فولڈنگ چیئر لگائی جاری ہیں۔ اس کے علاوہ چائنا گراونڈ سے ایک خاص برج اسٹیڈیم سے منسلک کیا جائیگا۔

    ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر جواد قاضی نے بتایا کہ جدید طرز کی عمارت کے فلورز کی فنشنگ جاری ہے، پولز پر نئی ایل ای ڈی لائٹس لگائی جا رہی ہیں اور لائٹس لگانے کا 91 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے گزشتہ ماہ دبئی روانگی سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا اور تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-india-objects-to-pakistans-logo-on-jersey/

  • کراچی پولیس چیف آفس حملہ:  نیشنل اسٹیڈیم اور ہوٹلز کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا

    کراچی پولیس چیف آفس حملہ: نیشنل اسٹیڈیم اور ہوٹلز کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا

    کراچی : سندھ حکومت نے پی سی بی حکام کو تمام کھلاڑیوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا یشنل اسٹیڈیم اور ہوٹلز کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت اور پی سی بی حکام میں رابطہ ہوا ، جس میں پی ایس ایل کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    سندھ حکومت نے پی سی بی حکام کو تمام کھلاڑیوں کو بہترین سکیورٹی کی یقین دہانی کرادی۔

    پی سی بی حکام کو آگاہی دی گئی کہ نیشنل اسٹیڈیم اور ہوٹلز کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

    پی سی بی اور سندھ حکومت حکام میں اتفاق ہوا ہے کہ میچز شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

    سندھ حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے ناپاک منصوبے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    گذشتہ روز کراچی کی مصروف ترین شارع فیصل پر صدر تھانے سے متصل پولیس چیف آفس میں دستی بموں اورجدید آتشیں ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے گھس گئے ، جس کے بعد فائرنگ اور دھماکوں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔

    دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے پولیس اور رینجرزکی بھاری نفری اور فوج کےکمانڈوز پہنچے اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    سی پی اوآفس کی ایک کے بعد منزل کلیئر کرائی گئی، سکیورٹی ادارے چوتھی منزل پر پہنچے توایک اورخوفناک دھماکا ہوا،مبینہ طور پر دہشت گرد نے خود کواڑالیا۔

    دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی،اطراف کی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم اسنائپرز نے ڈرون فوٹیج کی مدد سے دہشت گردوں کی پوزیشن کا تعین کرکے ہلاک کیا۔

  • انگلش بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج نیشنل اسٹیڈیم کا جائزہ لے گا

    انگلش بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج نیشنل اسٹیڈیم کا جائزہ لے گا

    کراچی: انگلش بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج نیشنل اسٹیڈیم کا جائزہ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج دوپہر نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا، 4 رکنی وفد میں رچرڈ اسنوبال، رابرٹ لنچ، جان کار اور ریج ڈکاسن شامل ہیں۔

    سیکیورٹی وفد اسٹیڈیم کے مختلف مقامات کا جائزہ لے گا، اس موقع پر پی سی بی سیکیورٹی آفیشل اور اسٹیڈیم کی انتظامیہ انتظامات پر بریفنگ دے گی۔

    ایئر پورٹ سے ہوٹل تک اور ہوٹل سے اسٹیڈیم کے روٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اسٹیڈیم میں سیکیورٹی وفد کی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے میٹنگ بھی شیڈول ہے۔

    کراچی کے بعد سیکیورٹی وفد لاہور اور ملتان میں بھی انتظامات کا جائزہ لے گا۔

    انگلش بورڈ کے سیکیورٹی وفد کی پاکستان آمد

    واضح رہے کہ انگلش ٹیم رواں سال 7 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 3 ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان آئے گی، تاہم حتمی شیڈول کا فیصلہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

    آسٹریلیا کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد غیر ملکی ٹیموں کے سیکیورٹی خدشات ختم ہو چکے ہیں، اور بین الاقوامی ٹیمیں اب پاکستان کا دورہ کرنے میں دل چسپی رکھتی ہیں۔

  • نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں: عقیل کریم ڈھیڈی

    نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں: عقیل کریم ڈھیڈی

    کراچی: شہر قائد کی معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ وہ نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پہلے دورے پر کراچی آئے اور عقیل کریم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ اراضی میں ہوٹل کا ہونا بہت اہمیت کا حامل معاملہ ہے، وہ یہ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں۔

    انھوں نے عندیہ دیتے ہوئے کہا ہوٹل میں سرمایہ کاری شاید میں اکیلا کروں گا یا پھر اور لوگ بھی ہوں گے، تاہم آٹھ نو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا آنے والے برس اسپورٹس کے لیے اچھے سال ہوں گے، کرونا کی وجہ سے جو نقصان ہوا اب وہ ختم ہو جائے گا، رمیز راجہ نے تاجروں سے ملاقات کر کے ان کی اہمیت کو سمجھا ہے۔

    عقیل کریم نے کہا ہم پاکستان میں کھیل کو فروغ دینا چاہتے ہیں، صرف کرکٹ نہیں ہر کھیل کی ترقی چاہتے ہیں، اور جو کام کل کرنا ہے وہ آج کر نا چاہتے ہیں، آنے والے وقتوں میں سرمایہ کار پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہوں گے۔

    کاروباری شخصیت کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ معاشی طور پر مقابلے کے لیے ہم تیار ہیں، پی ایس ایل نہیں بلکہ ہر ٹورنامنٹ کو اسپانسر کر سکتے ہیں۔

    کرکٹ کی بہتری کے لیے کراچی میں رمیز راجہ کا بڑا قدم

    واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ایک اہم دورے پر کراچی آئے ہیں، کچھ دیر بعد رمیز راجہ اور کاروباری شخصیات کی ایک اہم میٹنگ ہوگی، جس میں کراچی کنگز کے صدر سلمان اقبال بھی موجود ہوں گے۔

    چیئرمین پی سی بی اور بزنس مینز کی میٹنگ کے نکات میں انٹر اسکول اور کلب کرکٹ کو بحال کرنا، اسٹیڈیم کو ملٹی مقاصد کے لیے استعمال کرنا، نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر شامل ہیں۔

    ہوٹل میں جدید سہولیات اور 200 کمرے ہوں گے، اسکول، کالج اور انڈر 19 کرکٹ بحال کی جائے گی، بزنس کمیونٹی کو کرکٹ میں لایا جائے گا، اور اس سب سرگرمی کا مقصد کرکٹ ٹورنامنٹس کو بڑھانا ہے۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز، سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جانے کے لیے پُر عزم

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز، سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جانے کے لیے پُر عزم

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا 8 ماہ بعد آج سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، یہ ایونٹ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث ملتوی ہوگیا تھا، پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کے لیے چاروں ٹیموں نے پریکٹس میچز کےذریعے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    آج پہلے کوالیفائر میں سہ پہر 3 بجے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز میں زور کا جوڑ پڑے گا، کوالیفائر جیتنے والی ٹیم فائنل میں جائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم ایک اور قسمت آزمائے گی، شام ساڑھے 7 بجے ایلیمنیٹر ون میں لاہور قلندر اور پشاور زلمی ٹکرائیں گے۔

    کرونا وائرس کے باعث شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں، ٹیمیں بائیو سیکیورببل میں ہوٹل اور اسٹیڈیم میں رہیں گی، طبی امداد کے لیے موبائل اسپتال بھی اسٹیڈیم میں بنا دیاگیا ہے۔

    پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کو ملتان سلطانز پر برتری حاصل ہے، ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 7 ویں بار مدِ مقابل آ رہی ہیں۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 6 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جس میں کراچی کنگز نے 3 میچز میں سلطانز کو شکست دی، جب کہ 2 میچز بغیر نتیجے کے ختم ہوئے، اور صرف ایک میچ سلطانز کے نام رہا۔

    پی ایس ایل فائیو سے متعلق اہم معلومات

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کوالیفائر میں سلطانز کے خلاف جیت کے لیے پُرعزم ہیں، ویڈیو کانفرنس میں انھوں نے کہا ہم ملتان سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائیں گے، کراچی اور لاہور کا فائنل ہو جائے تو مزہ آ جائےگا، ٹائٹل جیت کر ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔

    کراچی کنگز کے بہترین بلے بازوں میں ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، بابر اعظم، کیمرون ڈیل پورٹ، شرجیل خان شامل ہیں اور اگر ملتان سلطانز کی بولنگ اٹیک کی بات کی جائے تو عمران طاہر، سہیل تنویر، محمد عرفان اور شاہد خان آفریدی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    کوالیفائرز جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو ایلیمنیٹر ٹو تک انتظار کرنا پڑے گا، آج شامل ایلیمنیٹر ون میں لاہور قلندرز اور سابق چیمپیئن پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔ اس میچ کی فاتح ٹیم کو کوالیفائرز کی شکست خوردہ ٹیم کا سامنا کرنا پڑے گا تب جا کر دوسری فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگا۔ میگا ایونٹ کا فائنل مقابلہ 17 نومبر کو شیڈول ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے اہم مرحلے میں کراچی کنگز بہترین کوچ ڈین جونز کی خدمات سے محروم ہوگا، ڈین جونز 24 ستمبر کو ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ ڈین جونز کی کمی شدت سے محسوس کریں گے۔

    ڈین جونز کی جگہ کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، سلطانز کے خلاف اہم میچ سے قبل وسیم اکرم نے کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دی ہیں۔

  • پی ایس ایل میچز کی سیکورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی ہے: ڈی جی رینجرز

    پی ایس ایل میچز کی سیکورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی ہے: ڈی جی رینجرز

    کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز کی سیکورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ‏ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کر کے پی ایس ایل میچز کی تیاریوں کا جائزہ لیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میچز کی سیکورٹی کے سلسلے میں پولیس، رینجرز اور تمام اداروں نے ہر معاملے کا خیال رکھا ہے۔

    ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ہماری پلاننگ کافی مربوط ہے، سیکورٹی پلان اچھا بنایا گیا ہے، رینجرز، پولیس اور تمام ادارے مل کر کام کریں گے، سڑکیں بندش کے حوالے سے ماضی والا پلان ہے، پارکنگ ایریاز بڑھائے گئے ہیں۔

    پی ایس ایل پاکستان آگیا، اب فٹبال کی واپسی کے لیے کوشاں ہیں، سلمان اقبال

    میجر جنرل عمر احمد نے کہا کہ دعائیں رنگ لائی ہیں، سب پی ایس ایل میچز کو انجوائے کریں گے، خوشی کی بات ہے کہ کرکٹ سے کراچی کی روشنیاں بحال ہوں گی، پی ایس ایل فارمیٹ بہت مقبول ہے، زیادہ لوگ آنے کے امکانات ہیں۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کنگز کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد پہلے بیرونِ ملک ہوتا تھا جس پر ہمیں دکھ تھا، اب پی ایس ایل پوری طرح سے پاکستان میں آ گیا ہے، جس سے قوم میں بڑا جذبہ پایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا تھا کہ پی ایس ایل بڑا ایونٹ ہے، جو پرفارم کرے گا وہ ہیرو بن جائے گا، ایونٹ جو بھی جیتے گا جیت پاکستان کی ہوگی۔