Tag: نیشنل اسٹیڈیم کراچی

  • 1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا: سری لنکن وزیر کھیل

    1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا: سری لنکن وزیر کھیل

    کراچی: سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا، وہ دن یاد ہے جب پاکستانی عوام بھی سری لنکا زندہ باد کے نعرے لگا رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے آج کراچی میں پی سی بی چیئرمین کے ساتھ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا وہ لمحات ناقابل فراموش ہیں جب سری لنکا نے آسٹریلیا کو ہرا کر ورلڈ کپ جیتا اور پاکستانی کراؤڈ نے ہمیں سپورٹ کیا۔

    اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے کہا کہ احسان مانی کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں ہوں، سری لنکا ہمیشہ آپ کے ساتھ اچھا رشتہ برقرار رکھے گا۔

    شامی سلوا کا سیکورٹی کے حوالے سے کہنا تھا کھلاڑیوں کو ابھی تک گھومنے کا موقع نہیں ملا ہے، سیکورٹی اتنی سخت ہے کہ کھلاڑی کہیں نہیں جا سکتے۔

    دریں اثنا، سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے پاکستان کی جانب سے بہترین سیکورٹی ملنے پر اظہار تشکر بھی کیا، انھوں نے کہا پاکستان اور سری لنکا نے ہمیشہ مل کر کام کیا، ٹیسٹ سیریز کی درخواست آئے گی تو ضرور نظر ثانی کریں گے۔

    تازہ ترین:  سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    واضح رہے کہ پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    کپتان سرفراز نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر سری لنکا کے شکر گزار ہیں۔ سری لنکن چیف سلیکٹر نے کہا جیسی سیکورٹی کا وعدہ کیا گیا تھا ویسا ہی تحفظ فراہم کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کرکٹ کی بحالی کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا تھا دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں ہم بھرپور تحفظ دیں گے۔

    خیال رہے کہ اس وقت نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایکشن میں ہیں، پر جوش شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے، سیکورٹی کے فل پروف انتظامات سے غیر ملکی آفیشلز بھی مطمئن ہیں۔

    2009 کے بعد کراچی میں پہلا بین الاقوامی ون ڈے میچ ہوا، جس کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور ریاستی سربراہوں والی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، دنیا بھر سے کمنٹیٹیرز اور آفیشلز آئے ہیں۔

  • سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    کراچی: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکا سے سیریز سے پاکستان میں مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا، یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا سری لنکن بورڈ کے تعاون سے یہ سیریز ممکن ہوئی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا دہشت گردی کے واقعات تو نیوزی لینڈ میں بھی ہو چکے ہیں، مقصد سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنا ہوتے ہیں، سری لنکن بورڈ کی سیکورٹی ٹیم پہلے ہی انتظامات سے مطمئن ہے۔

    احسان مانی نے کہا سری لنکا سے سیریز پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل ہے، مزید ٹیمیں بھی پاکستان آنے لگیں گی۔

    تازہ ترین:  دوسرا ون ڈے، بابر اعظم کی سنچری، سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف

    خیال رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جا رہی ہے، جس کا دوسرا میچ آج کھیلا جا رہا ہے۔ پہلا میچ جو 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، شہر قائد میں بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم کی شان دار سنچری کی بہ دولت پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

  • مصباح الحق اور وقار یونس دونوں ہی میرے مزاج کو سمجھتے ہیں، شاداب خان

    مصباح الحق اور وقار یونس دونوں ہی میرے مزاج کو سمجھتے ہیں، شاداب خان

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس دونوں ہی میرے مزاج کو سمجھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے، کوشش یہی ہے سری لنکا کے خلاف دونوں میچز میں کامیابی حاصل کیں۔

    شاداب خان نے کہا کہ کنڈیشن اسپن بولنگ کے لیے سازگار دکھائی دیتی ہے، آل راؤنڈر کے طور پر کھیل رہا ہوں، فرسٹ کلاس کھیل کر اچھی پرفارمنس دینے کا خواہش مند ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف انڈر 19 ایونٹ کھیل چکا ہوں، تمام تر توجہ سری لنکن سیریز پر مرکوز ہے، سینئر اسپنرز کی کمی پوری کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ فاسٹ بولر حسن علی کو سب لوگ مس کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کے سبب منسوخ ہوگیا تھا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • ویسٹ انڈیزکے سابق فاسٹ باؤلرمائیکل ہولڈنگ کی دعوت حلیم میں شرکت

    ویسٹ انڈیزکے سابق فاسٹ باؤلرمائیکل ہولڈنگ کی دعوت حلیم میں شرکت

    کراچی: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور کرکٹ لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے دعوت حلیم میں شرکت کی، اس موقع کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں شوبز کی دنیا سے وابستہ نوید رضا نے اپنے گھر پر نیازِ امام حسین منعقد کی تھی جس میں ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر سمیت کئی نامور شخصیات شریک ہوئیں۔

    سابق بین الاقوامی فاسٹ باؤلر کے ہمراہ ویسٹ انڈیز کے صحافی بیری والکسن بھی اس دعوت میں شریک ہوئے۔ دونوں غیر ملکی شخصیات نے حلیم بہت رغبت سے تناول کیا اور تعریف کی۔

    شوبز اسٹار کے گھر پر منعقدہ نیاز حلیم میں عمیر ثنافاؤنڈیشن کے ڈاکٹرثاقب انصاری، ندا یاسر، کامران جیلانی، نیبل ظفر، یاسر نواز، ذوالفقار شیخ، دانش نواز، فیضان شیخ، ایاز سموں اور عمران اسلم نے بھی شرکت کی۔

    اس موقع پر فیشن ڈیزائنرعمران راجپوت اور پاکستان کے سابق سفارت کارحسن حبیب نے بھی مائیکل ہولڈننگ کے ساتھ دعوت حلیم میں شرکت کی ۔نارتھ کوریامیں پاکستان کے سابق سفیر حسن حبیب اور فیشن ڈیزانئر عمران راجپوت نے بھی نیاز حلیم میں موجود تھے۔

    سید نوید رضا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مائیکل ہولڈنگ کو حلیم بہت پسند آیا ۔انہوں نے بتایا کہ دورہ امریکا کے دوران ان کی اور مائیکل ہولڈنگ کی ملاقات ہوئی تھی جو دوستی میں تبدیل ہوگئی۔

    خیال رہے کہ مائیکل ہولڈنگ ان دنوں پاک بمقابلہ سری لنکا کرکٹ میچوں میں کمنٹری کرنے کے لیے کراچی میں موجود ہیں ، سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔ دوسرا میچ آئندہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی: فواد چوہدری

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فور کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئٹہ کی ٹیم نے کمال کرکٹ کھیلی ہے۔

    انھوں نے کہا ’میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مبارک باد دیتا ہوں، پشاور زلمی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

    فواد چوہدری نے ملک میں کرکٹ کی واپسی پر تمام پی ایس ایل فرنچائز کا بھی شکریہ ادا کیا، کہا ’تمام فرنچائز کا مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ کے لیے ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

    وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا، زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل فور کا چیمپئن بن گیا ہے، دوسری طرف پشاور زلمی کو مسلسل دوسری بار پی ایس ایل فائنل میں شکست ہو گئی ہے، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔

    فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹ سے شکست دی، احمد شہزاد 59 اور رائلے روسو 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

  • پی ایس ایل میچز سے پاکستان میں حالات خراب ہونے کی سوچ غلط ثابت ہوئی: ڈیوڈ رچرڈسن

    پی ایس ایل میچز سے پاکستان میں حالات خراب ہونے کی سوچ غلط ثابت ہوئی: ڈیوڈ رچرڈسن

    کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز سے پاکستان میں حالات خراب ہونے کی سوچ غلط ثابت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ایک سوچ ہے کہ یہاں حالات خراب ہیں، پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے یہ سوچ غلط ثابت ہوئی۔

    [bs-quote quote=”آئی سی سی ٹورنامنٹس میں قانون کے تحت بھارت پاکستان سے کھیلنے کا پابند ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ڈیوڈ رچرڈسن” author_job=”آئی سی سی چیف ایگزیکٹو”][/bs-quote]

    ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ’پی سی بی کا شکر گزار ہوں کہ مجھے پی ایس ایل فائنل میں بلایا، پی سی بی کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ جو پاکستان آئے۔‘

    آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں گزشتہ دنوں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، سیکورٹی کے حوالے سے آئی سی سی کام کر رہا ہے، ورلڈ کپ کے لیے سیکورٹی کے حوالے سے تمام خدشات دور کیے جائیں گے۔

    سابق جنوبی افریقی کرکٹر اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ کوشش ہوتی ہے ممبر ممالک کے ساتھ تعاون کریں، پی ایس ایل کے انتظامات اچھے ہیں، پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے رکن ممالک کو دعوت دے ہم تعاون کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل میچز میران شاہ میں بھی کرائے جائیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ آئی سی سی کے سی ای او کی ذمہ داری ایک غیر جانب دار ذمہ داری ہے، امید ہے میرے جانے کے بعد بھی آئی سی سی کی پالیسی جاری رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں رکن ممالک کا آپس میں کھیلنا ضروری ہے، آئی سی سی ٹورنامنٹس میں قانون کے تحت بھارت پاکستان سے کھیلنے کا پابند ہے۔

  • امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا: مکی آرتھر

    امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا: مکی آرتھر

    کراچی: پی ایس ایل ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کراچی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان دل چسپ میچ کے بعد کہا ہے کہ ہماری ٹیم میں میچ وننگ بالر اور بیٹسمین موجود ہیں۔

    مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ آنے والے میچز میں جیتنے کی کوشش کریں گے، میں اور انضمام الحق ایک پیج پر ہیں۔

    سابق جنوبی افریقی پلیئر نے کہا کہ اگر انگرام کے ساتھ کوئی پارٹنر شپ لگاتا تو پشاور زلمی کے مقابل میچ کا نقشہ کچھ اور ہوتا، اچھی پلینگ الیون کھلا سکتے ہیں، سب کو موقع نہیں دیا جا سکتا۔

    کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کراچی میں میچز ہونا بہت اچھا ہے، امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا، ہماری ٹیم میں میچ وننگ بالر اور بیٹسمین موجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ جیت لیا

    مکی آرتھر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کھلاڑیوں کو جانچنے کا موقع ملے گا، ورلڈ کپ سے قبل ٹف شیڈول ہے، زیادہ میچز کھیلنے کو ملیں گے، یہ ایک بہترین موقع ہے کہ اہم کھلاڑیوں کو آرام کرایا جائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے دی، میزبان ٹیم ایلیمنٹری راؤنڈ کا میچ 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔

  • دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 82 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 82 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    کراچی: ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون ٹیم پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو82 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سرفراز الیون نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 206 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ پاکستان کی طرف سے  بابر اعظم نے 58 گیندوں پر97 رنز کی متاثر کن اننگز کھیلی، طلعت حسین نے41 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے۔

    رنز کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ پوری ٹیم 123رنز ہی بنا سکی۔ اسپیڈ اسٹار محمد عامر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچیز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج کراچی میں کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تین وکٹوں کے نقٓصان پر 206  رنز بنائے۔ 

    ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ وہ بڑا ہدف دے کر میچ جینے کی کوشش کریں۔ اس مقابلے کے لیے گذشتہ میچ کے وننگ کمبونیشن برقرار رکھا گیا تھا۔

     ٹی ٹوئنٹی کے نمبرون کھلاڑی بابر اعظم کو اپنی شان دار اننگز کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا آخری میچ کل نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    پہلا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو143رنز سے شکست دے دی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 60 رنز پرٹھکانے لگا کر میچ میں 143 رنز سے شکست دی تھی۔

    ویسٹ انڈیز کےخلاف ڈیبیو کرنے والے حسین طلعت کو میچ میں بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

    ٹیم نے شاندارپرفارمنس دی، شاہین آفریدی کو جلد موقع دیں گے، سرفرازاحمد

    یاد رہے کہ گزشتہ روز میچ کے بعد رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم نے شاندار پرفارمنس دی، شاہین آفریدی کو بھی جلدی موقع دیں گے۔

    دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن محمد کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مایوسی ہوئی تاہم اگلے میچ میں ہم کم بیک کریں گے۔

    واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 20 اپریل 2008 کو پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں 102 رنز سے شکست دی تھی اور اس میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر203 رنز بنائے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل فائنل، شائقین کیلئے آخری وقت میں بڑی خوش خبری

    پی ایس ایل فائنل، شائقین کیلئے آخری وقت میں بڑی خوش خبری

    کراچی : پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے لیے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، عوام کی بڑی تعداد کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹیڈیم میں داخلے کا وقت دو گھنٹے بڑھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 9 سال بعد آج کرکٹ کا میلہ سجے گا، جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، پی ایس ایل تھری کے فائنل میچ میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    اپ ڈیٹ

    دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل سے اسٹیڈیم لایا گیا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت مختلف معروف شخصیات بھی اسٹیڈیم پہنچ چکی ہیں۔

    شائقین کرکٹ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے دورازے سہہ پہر12 بجے کھول دیے گئے اور پارکنگ سے اسٹیڈیم کے قریب تک شائقین کو لے جانے کے لیے شٹل سروس چلائی جارہی ہے، عوام کی بڑی تعداد اسٹیڈیم پہنچنے سے رہ گئی جس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے داخلے کا وقت دو گھنٹے بڑھاتے ہوئے اسے شام 5 بجے کے بجائے 7 بجے تک کردیا۔

    سیکورٹی انتظامات

    پی ایس ایل فائنل کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے، 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    سیکورٹی پلان کے مطابق مخصوص شاہراوں کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا جبکہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لیے 1600 اہلکاروں نے ٹریفک کا نظام سنبھالا ہے۔

    ٹریفک پلان

    ٹریفک پلان کے مطابق پی ایس ایل فائنل کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم آنے والی 4 اہم سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند ہیں، کار ساز شارع فیصل سے اسٹیڈیم آنے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند جبکہ لیاقت آباد 10 نمبر سے اسٹیڈیم تک کی سڑک کو بھی رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا۔

    نیوٹاؤن سے اسٹیڈیم جانے والے شارع کو بھی عام ٹریفک کے لیے بند کیا گیا جبکہ میلینئم مال سے ڈالمیا روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، نیپا سے جیل چورنگی تک یونیورسٹی روڈ جبکہ کشمیر روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

    پارکنگ پلان

    راشد منہاس روڈ سے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شہری غریب نواز گراؤنڈ اور ڈالمیا میں گاڑیاں پارک کرنے کی جگہ فراہم کی گئی جبکہ نیپا سے آنے والے شہری اردو یونیورسٹی اور حکیم سعید گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرنے کی ہدایت دی گئی۔

    علاوہ ازیں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے پاس گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کی گئی ہیں جبکہ  کشمیر روڈ پراسپورٹس کمپلیکس اور چائنا گراؤنڈ بھی پارکنگ کے اتنظامات کیے گئے اور  نیو ایم اے جناح روڈ پر میرعثمان پارک بھی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم

    پاکستان سپرلیگ کے آخری معرکے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم بنایا گیا، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر80 کیمروں کی مدد سے نقل وحرکت کا جائزہ لیا جارہا  ہے جس کے لیے کنٹرول روم میں 20 ایل سی ڈیر نصب کی گئی ہیں۔

    ضروری ہدایات

    پاکستان سپرلیگ کا فائنل دیکھنے کے لیے آنے والے ٹکٹ ہولڈرز اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لائیں جبکہ کسی اور کے نام والے ٹکٹ پراپنا اصل شناختی کارڈ دکھانا ہوگا اور ٹکٹ جس کے نام پرہے اس کے شناختی کارڈ کی کاپی لازمی ساتھ لانا ہوگی۔

    اسٹیڈیم میں پاور بینک، اسلحہ ، چھری، چاقو، نیل کٹر، سگریٹ، ماچس اورلائٹر لے جانے پرپابندی ہوگی جبکہ قومی اورٹیم پرچم کےعلاوہ کوئی اورجھنڈا اسٹیڈیم لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اسٹیڈیم میں باہر سے کھانے کی کوئی بھی چیز لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی صرف اسٹیڈیم میں موجود اسٹالز سے کھانے پینے کی چیزیں خریدیں جاسکتی ہیں۔

    رنگا رنگ اختتامی تقریب شام چھ بجے شروع ہوگی

    پی سی بی اعلامیے کے مطابق سیزن تھری کا اختتام یادگار بنانے کے لیے پی ایس ایل تھری کے فائنل کے موقع پر شائقین کرکٹ ایک ٹکٹ میں دومزے لیں گے، اختتتامی تقریب چھ بجے شروع ہوگی جبکہ میچ کا آغاز آٹھ بجے ہوگا، اس رنگا رنگ تقریب میں ملک کےمعروف گلوکار پرفارم کریں گے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا افتتاحی ایڈیشن جیتا تھا جبکہ دوسرا ایڈیشن پشاور زلمی کے نام رہا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں‘ وزیراعظم

    پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں‘ وزیراعظم

    اسلام آباد: پاکستان سپرلیگ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے قوم کو نئی خوشی اورجذبہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل شہر کے عالمی تشخص میں تبدیلی لائے گا۔

    وزیراعظم پاکستان نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے قوم کونئی خوشی اورجذبہ دیا ہے، حکومت ان خوشیوں کوبڑھانے کے لیے اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد میں صوبائی حکومت کا تعاون شامل ہے جبکہ اس میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے امن اور خوشیوں کی بحالی میں نوازشریف کا ویژن شامل ہے، نوازشریف اور ویژن کے تحت حکومت قوم کو خوشیاں واپس لوٹا رہی ہے، معیشت کی بحالی، قیام امن، کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ ملک کواندھیروں سے نکال کرروشنیوں سے ہمکنارکیا، حکومت ان خوشیوں کوبڑھانے کے لیے اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا جشن دیکھ کر خوشی ہورہی ہے، میگاایونٹ کے لیے تعاون کرنے والوں کا شکرگزارہوں۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کرانے کا وعدہ پورا کردیا، ایک سال پہلے کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا وعدہ کیا تھا، امید ہے کہ کراچی میں مزید کرکٹ بھی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے لیے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔