Tag: نیشنل ایکشن پلان

  • حافظ سعید کی گرفتاری اندرونی معاملہ ہے، شہباز گل

    حافظ سعید کی گرفتاری اندرونی معاملہ ہے، شہباز گل

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی گرفتاری نیشنل ایکشن پلان کے تحت عمل میں لائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کی گرفتاری نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہے، نیشنل ایکشن پلان ملک بھرمیں جاری ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حافظ سعید کی گرفتاری میں کوئی بیرونی تعلق شامل نہیں بلکہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے حافظ سعید پر مقدمات ہیں اور وہ ان کا سامنا کریں گے۔

    حافظ سعید کی گرفتاری کے حوالے مزید معلومات فراہم کرنے کے سوال پر ان کا یہ کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد جاری ہے، مزید انفارمیشن شیئرنہیں کرسکتا۔

    کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نیشنل ایکشن کے تحت گرفتار

    یا درہے کہ آج صبح کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں جماعت الدعوۃ  کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں بعدازاں سال 2014 میں امریکا نے بھی جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    حافظ سعید نے پہلے لشکر ِ طیبہ کے نام سے اپنی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی جب اس پر پابندی لگی تو انہوں نے جماعت الدعوۃ کے نام سے اپنی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔

  • نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پیپلزپارٹی کا دیرینہ مطالبہ ہے، بلاول بھٹو زرداری

    نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پیپلزپارٹی کا دیرینہ مطالبہ ہے، بلاول بھٹو زرداری

    گھوٹکی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد پیپلز پارٹی کا دیرینہ مطالبہ ہے، حکومت کو انتہا پسندوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھوٹکی میں علی محمد مہر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ایک بار پھر کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتا ہوں۔

    بلوچستان میں بار بار کی دہشت گردی کے معاملے پر توجہ کی ضروری ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پیپلز پارٹی کا دیرینہ مطالبہ ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر سنجیدہ نہیں ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے نیکٹا کا آج تک ایک اجلاس نہیں بلایا گیا، انتہاپسندی، دہشت گردی سے متعلق پیپلزپارٹی کی پالیسی واضح ہے۔

    پیپلزپارٹی جب بھی حکومت میں آئی، دہشت گردی کیخلاف واضح اقدامات کئے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں جگہ جگہ پھر سے دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں، حکومت کو انتہا پسندوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مہر فیملی سے ہمارا خاندانی و سیاسی تعلق ہے، دعاگو ہوں کہ خدا مشکل وقت میں سوگوار خاندان کو ہمت دے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی وزیر سردارعلی محمدمہر حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کرگئے

    واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیرسردارعلی محمد مہر گزشتہ دنوں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے، ان کی عمر باون سال تھی ، سردارعلی محمد مہر عمران خان کابینہ میں اینٹی نارکوٹکس کے وزیر تھے۔

  • رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ رمضان میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں قومی سلامتی کی پالیسی کے حوالے سے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کی کمیٹی 9 ماہ بعد بنی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پر ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم کا ایک بیان نہیں آیا، وہ سینیٹ میں کیوں نہیں آ رہے، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ اجلاس میں آنے کے لیے پابند کیا جائے، ایوان کو کیسے چلایا جا رہا ہے، وزیر اعظم اور وزرا ایوان میں نہیں آتے۔

    شیری رحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم قومی اسمبلی میں بھی مشکل سے آتے ہیں، سینیٹ میں تو آتے ہی نہیں، وزیر اعظم کو سینیٹ میں آنے کا پابند کیا جائے۔

    انھوں نے کہ پاکستان کا مستقبل نیلام ہوتا نظر آ رہا ہے، تبدیلی سرکار کہتی ہے فکر نہ کریں سب ٹھیک ہو جائے گا، سب ٹھیک ہے کہتے کہتے کابینہ میں تبدیلی کر دی گئی، وزیر اعظم ایوان میں آکر بریفنگ دیا کریں۔

  • پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، چینی وزارت خارجہ

    پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، چینی وزارت خارجہ

    بیجنگ : چین کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر گائیڈلائنز کے اجرا سے پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمے کاعزم ظاہرہوتا ہے، پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ک دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کے لئے گائیڈ لائنز کا اجرا  پاکستان کا تازہ اقدام ہے، چین ان اقدام کوسراہتا ہے ، اس اقدام سے پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمے اور یو این ایس سی کی پابندیوں سے متعلق قرارداد کے نفاذ کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا اہم کردارہے اور دہشت گردی کیخلاف پاکستان نے بہت قربانیاں دیں ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    چینی وزارت خارجہ نے کہا چین کو پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اعتماد ہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی کی پالیسیوں کے مطابق نیشنل ایکشن پروگرام پر مکمل عملدرآمد کرے گا اور چین پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا امید ہے  عالمی برادری پاکستان کے اس اقدام کو سراہے اور  عالمی اور علاقائی امن و استحکام کی بحالی کیلئے تعاون کرے گی۔

    یاد رہے چند روز قبل انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق قرارداد پر پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی تھی۔

    مزید پڑھیں : دہشت گردی کا خاتمہ، پاکستان کا ایک اور بڑا اقدام

    سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے کہا  تھا کہ بےمثال قومی عزم،اجتماعی دانش و قربانی سے ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور اس میں فتح حاصل بھی کیا، سیکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی مؤثرحکمت عملی کارگرثابت ہوئی،  پالیسی گائیڈلائنز سے تمام فریقین کو قرارداد کو سمجھنے میں مددملےگی۔

    خیال رہے چین کے صدر نےوزیراعظم عمران خان 25 اپریل کو چین کا دورہ کریں گے  اور بیلٹ اینڈروڈشوکی خصوصی تقریب میں وزیراعظم بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

     

  • کشمور: پولیس کا دہشت گردوں سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    کشمور: پولیس کا دہشت گردوں سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    کشمور: صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں پولیس کا نواحی علاقے میں دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، جس میں پولیس نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے کشمور کے نواح میں کشمور پولیس کا دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا، جس میں پولیس نے ایک دہشت گرد کو پکڑ لیا۔

    ایس ایس پی کشمور پولیس نے بتایا کہ مقابلے میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ 3 کلو بارودی مواد، 2 ہینڈ گرینیڈ اور 3 ڈیٹو نیٹر بھی برآمد کیے گئے۔

    کشمور پولیس کے مطابق ملزم نے 2009 میں ڈیڑہ موڑ پر ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکا تھا، جس میں پاک فوج کے 5 جوان زخمی ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن میں تمام اداروں، اپوزیشن کو آن بورڈ لیا: شہریار آفریدی

    ایس ایس پی کشمور سید اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار کیا جانے والے دہشت گرد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے۔

    خیال رہے کہ تین دن قبل وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن میں تمام اداروں اور اپوزیشن کو آن بورڈ لیا گیا ہے، انھوں نے کہا فرقہ واریت پھیلانے والے ملک دشمن ہیں۔

    انھوں نے کہا حالیہ ایکشن کالعدم تنظیموں اور انفرادی شخصیات کے خلاف ہو رہا ہے، ان کے اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں، عالمی ذمہ داری کے تحت دہشت گردوں کی فنانسنگ بند کی جا رہی ہے، نیز یہ ایکشن نا قابل واپسی ہے۔

  • کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن میں تمام اداروں، اپوزیشن کو آن بورڈ لیا: شہریار آفریدی

    کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن میں تمام اداروں، اپوزیشن کو آن بورڈ لیا: شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن میں تمام اداروں اور اپوزیشن کو آن بورڈ لیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سفیروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ آپ صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے انسانیت کے سفیر ہیں۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، فرقہ واریت پھیلانے والے ملک دشمن ہے، پاکستان کے تمام ادارے اور پورا ملک ایک پیچ پر ہیں۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کوئی دشمن ہمیں ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، ایف اے ٹی ایف ایکشن کسی ڈکٹیشن پر نہیں، اپنی آئندہ نسلوں کے لیے کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان قومی سیکورٹی کے لیے ایک قدم ہے، اس میں موجود کمیٹیوں میں علماے کرام بھی شامل ہیں، امن کے بغیر ہم کبھی بھی اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیشنل ایکشن پلان پر غیرملکی سفیروں کو بریفنگ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار پر روشنی

    شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم نے بارڈر کے پاس منشیات اور انسانی اسمگلنگ ختم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔

    خیال رہے کہ آج دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کو نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی، اس دوران دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

    سفرا کو بتایا گیا کہ حالیہ ایکشن کالعدم تنظیموں اور انفرادی شخصیات کے خلاف ہو رہا ہے، ان کے اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں، عالمی ذمہ داری کے تحت دہشت گردوں کی فنانسنگ بند کی جا رہی ہے، نیز یہ ایکشن نا قابل واپسی ہے۔

  • نیشنل ایکشن پلان پر غیرملکی سفیروں کو بریفنگ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار پر روشنی

    نیشنل ایکشن پلان پر غیرملکی سفیروں کو بریفنگ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار پر روشنی

    اسلام آباد: دفترخارجہ میں غیرملکی سفیروں کو نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی، اس دوران دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

    تفصیلا ت کے مطابق سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری داخلہ نے غیرملکی سفیروں کو بریفنگ دی، سیکریٹری داخلہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔

    سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان کا کہنا تھا کہ یکم جنوری کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف اقدامات کا فیصلہ کیا، اقدامات کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی میں کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا، حالیہ ایکشن کالعدم تنظیموں اور انفرادی شخصیات کے خلاف ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں اور افراد پر مالی پابندیوں پر عمل درآمد کرایا جارہا ہے، ان تنظیموں اور افراد کے اثاثے منجمد کیے جارہے ہیں، پاکستان دہشتگردوں کیخلاف انتظامی، قانونی اقدامات کررہا ہے۔

    سیکریٹری داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عالمی ذمہ داری کے مطابق دہشت گردوں کی فنانسنگ بند کی جارہی ہے۔

    دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حالیہ اقدامات ٹھوس اور مستند اور ناقابل واپسی ہیں، ایکشن دہشت گردی، انتہاپسندی کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔

    ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی : بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    دوسری جانب پاکستان نے یکم اور دو اپریل کو بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا، ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل نے مطالبہ کیا کہ بھارت2003 کے سیز فائر سمجھوتے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

  • ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے اور ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے، ریاست کی بقا اور سلامتی کے لیے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر کوئی تنازع نہیں ہے۔

    سابق وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مجھ سمیت، آصف علی زرداری، میاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمن اور دیگر پارٹی سربراہوں نے دستخط کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایوان کو بریفنگ دے: اپوزیشن کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے جو رہنما آج فوجی عدالتوں کی مخالفت کر رہے ہیں انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ نیشنل ایکشن پلان پر ان کے لیڈروں نے بھی دستخط کیے تھے۔

    ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ 18 ویں ترمیم نے آنے والی نسلوں کے ساتھ ظلم کیا، تعلیم کو صوبوں کے حوالے کر کے بڑی زیادتی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ یکساں قومی نصاب ہمارے بچوں اور پاکستان کی ضرورت ہے، ہمیں عصبیت اور نفرتوں سے پاک ایک ایسے قومی نصاب کی ضرورت ہے جو تمام صوبوں میں یکساں پڑھایا جا سکے اور اس سے قومی یک جہتی کو فروغ ملے۔

  • پاکستان کسی بھی دہشت گردتنظیم کواپنی سرزمین استعمال کرنےکی اجازت نہیں دےگا، وزیراعظم

    پاکستان کسی بھی دہشت گردتنظیم کواپنی سرزمین استعمال کرنےکی اجازت نہیں دےگا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمدحکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی داخلی سلامتی کمیٹی کااجلاس ہوا ، اجلاس میں وفاقی وزرا، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی آئی بی ، چیف سیکریٹریز شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ملکی داخلی سلامتی کی صورتِ حال اور مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمدحکومت کی اولین ترجیح ہے، د ہشت گردی کےخلاف پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دیں اور دہشت گردی کے باعث پاکستان نے بہت جانی اور مالی نقصان برداشت کیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدکی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دےگا۔

    مزید پڑھیں :  سرزمین پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں: عمران خان

    گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے سلامتی امور سے متعلق بہت واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے  کہا تھا  نئے پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

    انھوں نے کہا  تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا۔

    بھارت کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا نریندر مودی میزائل حملے سے دونوں ملکوں کو جنگ کے دہانے پر لے آئے، پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا۔

  • وزیر خارجہ محمود قریشی نے اہم قومی امور پرپارلیمانی جماعتوں کی مشاورتی کانفرنس بلالی

    وزیر خارجہ محمود قریشی نے اہم قومی امور پرپارلیمانی جماعتوں کی مشاورتی کانفرنس بلالی

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم قومی اموراور نیشنل ایکشن پلان پرپارلیمانی جماعتوں کی مشاورتی کانفرنس بلالی، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کےخلاف جہد مسلسل کےاعادے کیلئے شرکت کی دعوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم قومی اموراور نیشنل ایکشن پلان پر مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے پارلیمانی جماعتوں کی مشاورتی کانفرنس بلالی، پارلیمانی پارٹیوں سےمشاورت کا فیصلہ وزیر اعظم کی ہدایت پرکیاگیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو خطوط لکھ دیا گیا ہے، مشاورتی کانفرنس 28 مارچ کو شام 4بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگی۔

    خط میں شاہ محمود قریشی نے کہا آرمی پبلک اسکول پشاور کے واقعے کے بعدنیشنل ایکشن پلان مرتب ہوا ، نیشنل ایکشن پلان متفقہ مشاورت کے نتیجے میں قومی اتفاق رائے کا مظہر تھا، دہشت گردی کےخاتمے کے لیےنیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلو ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کی جہات کے حامل مختلف پہلو نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں ، کسی کےخلاف سرزمین استعمال نہ ہونےدینےکےوعدےکی پاسداری شامل ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق ذمےداریاں قومی حکمت عملی کاحصہ ہیں، انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق عالمی تقاضوں پر عمل بھی شامل ہے، دہشت گردی کےخلاف جہد مسلسل کےاعادے کیلئے شرکت کی دعوت ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مشاورت قومی حکمت عملی پرتیزی سےعمل ہمارے عزم کے تسلسل کواجاگرکرےگا، نیشنل ایکشن پلان پرعمل واضح طور پر پاکستان کےعوام کے طویل مدتی مفاد میں ہے۔