Tag: نیشنل ایکشن پلان

  • نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کا فیصلہ

    نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کااجلاس ہواجس میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قوم کو توقع ہے کہ ہم معاشرے کے شیطانوں سے چھٹکارہ حاصل کریں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم ہاوس میں نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ،آزادکشمیر کے وزیراعظم،گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ سمیت وفاقی وزیر داخلہ،آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی بھی اجلاس میں شریک تھے۔

    اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی ٹاسک فورس کےسربراہ اورقومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے شرکا کو بریفنگ دی۔

    وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے کوآرڈی نیشن مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں سیکیورٹی اداروں کی موثرکارروائیوں سےامن قائم ہوا،وزیراعظم نے عوام کےتحفظ کےلیےسیکیورٹی اداروں کی بے مثال قربانیوں کی تعریف کی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں،قوم کو توقع ہے ہم معاشرےکےشیطانوں سےچھٹکارہ حاصل کریں۔

    نیشنل ایکشن پلان کے اجلاس میں وزیراعظم نے واضح کردیا کہ ملک میں کسی صورت اورحالات میں دہشت گردوں کوپنپنےنہیں دیں گے۔

    وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ٹاسک فورس کی سفارشات کا جائزہ لیا گیااور اس کے ساتھ مدارس کی رجسٹریشن اور دہشت گردوں کی فنڈنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدسےمتعلق صوبوں کےمسائل پربھی بریفنگ دی گئی۔

    دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔

    اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز،وفاقی وزراءاسحاق ڈار، چوہدری نثار اور پرویزرشید بھی شریک ہوں گے۔

    سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری اجلاس کو پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بریفنگ بھی دیں گے۔اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ ،و زیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

  • سندھ حکومت کا چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ کرلیا،اپیکس ریویو کمیٹی نےعید قربان پرکھالیں جمع کرنے والوں کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے زیرصدارت اپیکس ریویو کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان اور نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں چندہ دینے والوں کو ریڈار میں لانے کی ٹھان لی گئی ہے، سائیں سرکار نے مشاورت کے بعد چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ کرلیا۔

    اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ عید قربان پرکھالیں جمع کرنے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا، حکام کو بتایا گیا کہ صوبےمیں نیشنل ایکشن پلان کےتحت گیارہ نکات پرعمل ہوا، صوبے کے آٹھ ہزار آٹھ سو پچپن مدارس کی رجسٹریشن کی گئی، ملٹری کورٹ کو بھیجے گئے ایک سو پانچ کیسز میں سے انسٹھ کیس وفاقی وزارت داخلہ نے منظور کئے۔

    اجلاس میں شکارپورخودکش حملے میں ملوث بلوچستان سےآئے دہشت گردوں کا معاملہ بھی بلوچستان حکومت کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا ۔

    وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نےکراچی فوری طور پرفرانزک لیب قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے،کراچی میں غیر قانونی تارکین وطن کےمعاملے پر بھی وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی۔

  • صرف فوج ہی نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے یہ کہنا درست نہیں، نثار

    صرف فوج ہی نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے یہ کہنا درست نہیں، نثار

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کہا ہے کہ یہ کہنا غلط ہے کہ فوج نیشنل ایکشن پلان پر عمل کررہی ہے حکومت نہیں، تنقید برائے تنقید نہ کی جائے حکومتی کوششوں کا اعتراف کیا جائے۔

    سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا،دہشت گردی روکنےکی ذمہ داری حکومت اور اداروں کی ہے،حالات میں بہتری کااعتراف کیا جانا چاہیے۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے ایجنسیوں پرغلط تنقید کی، ایجنسیاں ملک کی بقا کی جنگ لڑرہی ہیں اور اپنا کام کررہی ہیں، تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہیے۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد ی کے بعد وی آئی پیز کو اسپتال جانے سے گریز کرنا چاہیے،اسپتال میں دوروں کا معاملہ سیاسی اور فوجی قیادت سے اٹھاؤں گا۔

    واضح رہے کہ آرمی چیف نے یوم پاکستان کی تقریب میں نیشنل ایکشن پلان پر اظہارخیال کیا تھااور تقریر میں اداروں کو بدنام کرنے والوں پر بھی تنقید کی تھی۔

  • وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری

    وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری

    کراچی : وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے،اجلاس میں گورنر سندھ،ڈی جی رینجرز سمیت اعلیٰ حکام شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے،اجلاس میں گورنر سندھ،کور کمانڈرسندھ ،ڈی جی رینجرزسندھ،آئی جی سندھ،چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ،مشیر قانون، مشیر اطلاعات اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو شرکت کررہے ہیں۔

    اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ اجلاس کے شرکاء کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے سندھ حکومت کی کارکردگی اور اقدامات کی رپورٹ پیش کریں گے۔

    جب کہ آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز بھی صوبے کی سیکیورٹی اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے نیشنل ایکشن پلان میں طے کیے گئے اہداف کے حصول کے حوالے سے اپنی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔

    اس کے علاوہ سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے صوبائی کابینہ کی جانب سے منظور کیے گئے بل کو بھی سندھ اپیکس کمیٹی میں پیش کیا جائے گا اوراس بل پر عمل درآمد کرانے کے لیے اقدامات کا تعین بھی کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں 22 اگست کو ایم کیو ایم قائد کی جانب سے کی گئی پاکستان مخالف اور تشدد پر اکسانے والی تقریر کے بعد صوبے اور بالخصوص کراچی میں پیدا ہونے والی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے

    اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی اور کراچی کے حوالے سے ایک اہم بین الاصوبائی اجلاس جاری ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام متعلقہ اداروں کے درمیان روابط کو بھی مضبوط کیا جائے گا ۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف حکمت عملی اور اُس پر عمل درآمد تیز کرنے کے امور پربھی غورکیا گیا جب کہ صوبوں سے متعلقہ اموراور بعض رکاوٹوں کے بارے میں امور بھی زیر غور آئے۔

    اجلاس میں فاٹا ریفامز کی سفارشات پر مبنی رپورٹ بھی منظوری کےلئے پیش کی گئی جسے قومی عسکری اور سیاسی قیادت نے متفقہ طور پر قبول کر کے ہرقیمت پر ملکی سالمیت اور مفادات کے تحفظ کا اعادہ بھی کیا۔

    واضح رہے اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف راحیل شریف سمیت وفاقی وزراء چوہدری نثارعلی خان،اسحاق ڈار ، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر، ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان، ڈی جی ایم اوسمیت چاروں صوبوں کے نمائندگان شریک ہیں۔

    اسی سے متعلق : کراچی: ایم کیو ایم کارکنان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ

    وزیراعظم کی زیر صدارت جاری اجلاس کراچی میں ہونے والے بد امنی ،قائد ایم کیو ایم کے پاکستان مخالف بیانات سمیت نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد پر پیشرفت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    واضح رہے پیر کے روز قائد متحدہ قومی موومنٹ کے پاکستان مخالف بیانات اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے بعد کراچی میں امن عامہ کی صورت حال بگڑ گئی تھی۔

  • وزیر اعظم کی زیرصدرات اجلاس میں شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق

    وزیر اعظم کی زیرصدرات اجلاس میں شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدرارت اعلیٰ سطح کا اجلاس میں شرپسندعناصرکے خلاف کارروائیاں تیز کرنےپر اتفاق کیاگیا.

    تفصیلات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کے زیر صدارت قومی ایکشن پلان سے متعلق اہم اجلاس ختم ہوگیا.وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں امن وامان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیاگیا.

    اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان،وزیرخزانہ اسحاق ڈار سمیت ڈی جی آئی ایس پی آر اور مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈناصرجنجوعہ نے شرکت کی.

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی میں جاری رینجرز آپریشن کی صورتحال اور کراچی سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا.

    *وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے

    واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت قومی ایکشن پلان کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا تھا.

  • سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن کے لیےقانونی مسودہ تیار

    سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن کے لیےقانونی مسودہ تیار

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کا بل تیارکرلیا ہے جسے منظوری کے لیے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس صبح 10بجے شروع ہوا،اجلاس میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ امن و امان اورموثرانتظامی امور کے حوالے سے ضروری اور اہم قانونی مسودے منظور کیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی جس کے بعد صوبائی مشیر برائے قانون کی جانب سے مدارس کی رجسٹریشن کا مسودہ پیش کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے بل کی منظوری دیدی بل میں چند ترامیم کی جائیں گی اور 15دنوں میں مسودے کو اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔

    سندھ کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے علاوہ سوشل بل ترمیمی آرڈیننس ،ٹرانسپرنسی اور اطلاعات تک رسائی کا مسودہ قانون بھی منظور کر لیا ہے اجلاس میں سوشل ویلفیئر و ٹرانسپرنسی سمیت دیگر مسودات قانون کی بھی منظوری دی گئی۔

    اجلاس کے بعد سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے قانونی مشیر وہاب مرتضیٰ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے قانونی مسودے کی تفصیلات سے آگاہ کیا،اُن کا کہنا تھا کہ مدارس دین کے ترویج اور معاشرے کے اصلاح احوال کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    مدارس کی انتظامیہ کومدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے بنائے گئے قانونی مسودے سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہونا چاہیے یہ مسودہ نیشنل ایکشن پلان میں طے گئے متفقہ نکات کا حصہ ہے جسے اہل علم حضرات کی رضامندی حاصل ہے۔

  • وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے

    وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے

    اسلام آباد : وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت قومی ایکشن پلان کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت میں ملک کی اندرونی سلامتی اور بارڈرمینجمنٹ کے لیےسول آمڈ فورسزکے29 ونگ بنانےکا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے تمام انٹیلیجنس اداروں کے درمیان رابطوں کو مربوط اور منظم کیا جائے گا۔

    اجلاس میں چوہدری نثارعلی خان، اسحاق ڈار،آرمی چیف جنرل راحیل شریف،مشیروزیراعظم سرتاج عزیز،ڈی جی آئی ایس آئی، رضوان اختر،طارق فاطمی، مشیرقومی سلامتی ناصرخان جنجوعہ،ڈی جی آئی بی اوردیگراعلی حکام نے شرکت کی۔

    اس موقع پراجلاس کوبتایاگیا کہ قومی ایکشن پلان پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک مانیٹرنگ ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی جس کے سربراہ قومی سلامتی کے مشیر جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ ہوں گے۔

    اس کے علاوہ سیکرٹری داخلہ،ڈی جی نیکٹا،تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز،آئی جی پیز،ہوم سیکرٹریزوزیر اعظم آفس کے ایک ایڈیشنل سیکرٹری کمیٹی کے رکن ہوں گے جب کہ کمیٹی میں تمام انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے اورآرمی کی جانب سے ڈی جی ملٹری آپریشنز شامل ہوں گے۔

    اجلاس میں دہشتگردوں کوفنڈنگ کے حوالے سے بھی معاملات کاجائزہ لیا گیا اوراس کے سدباب کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سائبر کرائم بل پرفوری عمل درآمد کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

  • نیشنل ایکشن پلان کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، میاں رضا ربانی

    نیشنل ایکشن پلان کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، میاں رضا ربانی

    کوئٹہ : چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے نیشنل ایکشن پلان کی نگرانی کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بلوچستان ہائیکورٹ میں سانحہ کوئٹہ پر وکلاءرہنماﺅں سے تعزیت کی۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں وکلاء پرخود کش حملہ قتل عام کے مترادف اور ایک بڑا اشارہ ہے ہمیں محتاط ہونا پڑے گا۔

    میاں رضا ربانی نے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے متعلق الزامات کو دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن کیلئے اس جنگ کی اجتماعی ذمہ داری لینی ہوگی، جس کیلئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے سانحہ کوئٹہ میں بھاری جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق وکلاء کے پسماندگان کی دیکھ بھال اور بچوں کی تعلیم و دیگراخراجات کا ذمہ چاروں صوبوں کو اٹھانا چاہیئے جس کیلئے وہ چاروں وزراء اعلیٰ اور وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔

     

  • نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا،آرمی چیف

    نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا،آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا۔

    Army Chief says efforts to eliminate terrorism… by arynews

    آئی ایس پی آر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر میں‌ اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی، پرنسپل اسٹاف اور کور کمانڈر راولپنڈی نے شرکت کی۔ اس دوران آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے بریفننگ دی گئی جس پر جنرل راحیل شریف نے اطمینان کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد نہ کیا گیا تو دہشت گردی پر قابو پانا مشکل ہوجائے گا،آپریشن ضرب عضب آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں‘‘۔

    پڑھیں : کورکمانڈرز اپنے صوبوں میں بھرپور کومبنگ آپریشن کریں، راحیل شریف

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے جب کہ بعض حلقوں کی جانب سے ایسے بیانات دیے جارہے ہیں جو قومی اتحاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس طرح کے نامناسب تبصرے انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کے لیے مفید نہیں ہیں‘‘۔

    جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’نیشنل ایکشن پلان ہمارے مقاصد کی بنیادی کامیابی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا جلد پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرکے رہیں گے ‘‘۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستانی قوم، سیکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کی قربانیوں پر سلام پیش کیا۔