Tag: نیشنل بینک

  • نیشنل بینک میں احتساب عدالت کے اکاؤنٹ سے کروڑوں کی خُردبُرد کا انکشاف

    نیشنل بینک میں احتساب عدالت کے اکاؤنٹ سے کروڑوں کی خُردبُرد کا انکشاف

    سکھر: نیشنل بینک میں احتساب عدالت کے اکاؤنٹ سے کروڑوں کی خُردبُرد کا انکشاف سامنے آیا ہے، 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک میں موجود احتساب عدالت کے اکاؤنٹ میں خُردبُرد کرنے والے ملزمان مفرور تھے، کئی ماہ سے مفرور برانچ منیجر سومرو سمیت 5 افراد کیلئے مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی اے نے گرفتار ملزم کو گزشتہ دنوں جسمانی ریمانڈ کیلئےعدالت میں پیش کیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم سرکاری اداروں کے اکاؤنٹس سے رقم نکال کرخُردبُرد کرتا رہا، ملزم منصور سومرو انکشاف کے بعد بیرون ملک فرار ہوگیا تھا

    وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں 27 کروڑ روپے سے زائد رقم خُردبُرد کرنے کے شواہد ملے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نیشنل بینک ملٹری روڈ برانچ میں تعینات تھا، فراڈ کا کیس برانچ منیجر غلام رضا تالپور کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    بینک کے 6 افسران کےخلاف کروڑوں کے فراڈ کامقدمہ درج کیا گیا ہے، مزید تفتیش کیلئے گرفتار ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/national-bank-currency-notes-with-misprinting-1/

  • نیشنل بینک شوگر ملز سے 23 ارب 35 کروڑ روپے کے قرضے واپس لینے میں ناکام

    نیشنل بینک شوگر ملز سے 23 ارب 35 کروڑ روپے کے قرضے واپس لینے میں ناکام

    اسلام آباد: نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) شوگر ملز سے 23 ارب 35 کروڑ روپے کے قرضے واپس لینے میں ناکام رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے شوگر ملز کے قرضوں کے حوالے سے ایک آڈٹ رپورٹ 23-2024 جاری کی ہے جس میں قرضوں کی عدم واپسی کی نشان دہی کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نیشنل بینک نے 2022 میں شوگر ملز کو 15 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد قرضے دیے، اور قرضے کی اصل رقم پر سود 8 ارب 6 کروڑ روپے سے زائد بنتا ہے، لیکن نیشنل بینک نے 23 ارب 35 کروڑ روپے کی رقم نقصان میں ڈال دی۔

    آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل بینک نے اسٹیٹ بینک کی مروجہ پالیسیوں کو مد نظر نہیں رکھا، نان ریکوری بینک کی سنگین غفلت اور ناقص فنانشل مینجمنٹ کو ظاہر کرتی ہے۔

    ادھر نیشنل بینک نے آڈٹ رپورٹ میں مؤقف ظاہر کیا ہے کہ نادہندہ شوگر ملز سے ریکوری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

  • نیشنل بینک کا جدید بینکاری سے متعلق بڑا اقدام

    نیشنل بینک کا جدید بینکاری سے متعلق بڑا اقدام

    کراچی : نیشنل بینک آف پاکستان نے بینکاری میں جدت لانے کیلئے ڈیجیٹل اکاﺅنٹ اوپننگ کے پائلٹ لانچ کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے ٹیکنالوجی کے ذریعے بینکاری میں جدت لاتے ہوئے ڈیجیٹل اکاﺅنٹ اوپننگ کے پائلٹ لانچ کا آغاز کیا ہے۔ نئی سروس کے باقاعدہ آغاز کے بعد صارفین ڈیجیٹل طور پر اپنا اکاﺅنٹ کھول سکیں گے۔

    ملک بھر میں صارفین کسی بھی وقت کسی بھی جگہ سے این بی پی ڈیجیٹل ایپ ڈاﺅن لوڈ کرنے کے بعد ’اوپن اکاﺅنٹ پر ٹیپ کرکے آسانی کے ساتھ نیشنل بینک کے ساتھ اپنا اکاﺅنٹ کھول سکیں گے۔

    NBP

    جدت پر مبنی پلیٹ فارم پاکستانی صارفین کیلئے بینکاری کے تجربے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    این بی پی کی ڈیجیٹل اکاﺅنٹ اوپننگ سروسز جو کسٹمرز ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک (سی ڈی او ایف) سے ہم آہنگ ہیں، صارفین کو بہت سارے فوائد پیش کرتی ہے۔

    نیشنل بینک

    این بی پی کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کھولا، انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل اکاﺅنٹ سروس سے صارفین آسانی، سیکیورٹی اور سہولت کے ساتھ بینکنگ سروسز استعمال کرسکتے ہیں۔

  • صدر نیشنل بینک کی تعیناتی تاخیر کا شکار

    صدر نیشنل بینک کی تعیناتی تاخیر کا شکار

    اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک کی طرح صدر نیشنل بینک کی تعیناتی بھی تاخیر کا شکار ہوگئی، آج ہونے والے انٹرویو بھی منسوخ کردیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کی طرح صدر نیشنل بینک کی تعیناتی بھی تاخیر کا شکار ہوگئی، صدر نیشنل بینک کی تعیناتی پر اتحادی حکومت میں اختلافات سامنے آگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر نیشنل بینک کی تعیناتی کے لیے انٹرویو میٹنگ بھی منسوخ ہوگئی۔ خورشید ظفر کو صدر نیشنل بینک مقرر کیے جانے کے زیادہ امکانات ہیں جبکہ جاوید قریشی، سلطانہ ناہید، طارق حسن قریشی، حسن رضا، طاہر یعقو اور فرخ اقبال خان کا نام بھی امیدواروں میں شامل ہے۔

    صدر نیشنل بینک کے لیے 10 امیدواروں کے آج انٹرویو کیے جانے تھے تاہم وزیر خزانہ کی مصروفیات کے باعث آج انٹرویو نہیں کیے جا سکیں گے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدر نیشنل بینک کی تعیناتی کے لیے جلد انٹرویو ہوں گے۔

  • ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین گرفتار

    ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین گرفتار

    کراچی: ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل نے ایک کارروائی میں آج نیشنل بینک کے 3 ملازمین اور ایک پرائیوٹ ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملازمین میں اشہد صدیقی، جہانزیب بشیر، کریم بخش، اور محمد اوصاف نامی افراد شامل ہیں، ملزمان 84 لاکھ روپے سے زائد کی خورد برد میں ملوث ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق بینک ملازمین نے ملی بھگت سے جعل سازی اور فراڈ کی واردات کی تھی، اشہد صدیقی نے ملی بھگت سے اپنے ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرائی۔

    ایف آئی اے کا جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹرگرفتار

    بینک منیجر کی جانب سے اس واقعے کی شکایت پر 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر فہد خواجہ کا کہنا ہے کہ فراڈ میں ملوث خالد رشید، حسین میمن اور مزید 2 بینکار بھی گرفتار ہوں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے ایک کارروائی میں اسلام آباد سے آفاق نامی جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو گرفتار کیا تھا، جو نوشہرہ کا رہائشی تھا، ملزم نے شہری سے انٹیلیجنس بیورو میں بھرتی کے نام پر 15 لاکھ روپے لیے تھے۔

  • کوئٹہ:نیشنل بینک کے عملے کے 8 افراد کرونا وائرس میں مبتلا

    کوئٹہ:نیشنل بینک کے عملے کے 8 افراد کرونا وائرس میں مبتلا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نیشنل بینک کے عملے کے 8 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں نیشنل بینک کے عملے کے 8 افراد میں کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک کے عملے کے گزشتہ روز ٹیسٹ کیےگئے تھے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے صوبہ بلوچستان میں سیکرٹری،ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈرگ انسپکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا تھا کہ 100سے زائد ڈاکٹر،نرسنگ وپیرامیڈیکل اسٹاف میں بھی کرونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔

    پاکستان میں چوبیس گھنٹوں میں 2,255 نئے کیسز ریکارڈ، اموات 737 ہو گئیں

    دوسری جانب پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 31 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 737 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 34,336 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 24 ہزار 787 ہے۔

    کوئٹہ: ایف بی آر کے 14 ملازمین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ ریجنل ٹیکس آفس کوئٹہ کے 14 ملازمین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد آر ٹی او کوئٹہ فوری بند کر دیا گیا۔

  • نیشنل بینک اوریو آئی سی کے درمیان زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ

    نیشنل بینک اوریو آئی سی کے درمیان زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ

    نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈانشورنس کمپنی (یو آئی سی) کے درمیان ملک کے زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔

    معاہدے کے تحت یو آئی سی زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں کام کرنے والے کاشت کاروں کو بیمے کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ انھیں نقصانات سے بچایا جاسکے۔

    اس موقع پریونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چیئرمین میاں ایم اے شاہد نے کہا کہ زرعی شعبہ موسمی تغیرات اور دیگر عوامل کی وجہ سے غیر مستحکم رہتا ہے جس کے لئے انشورنس کاتحفظ ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ قومی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ اکیس فیصد سے گر کے اٹھارہ فیصد رہ گیا ہے مگر اسکے باوجود یہ شعبہ بیالیس فیصد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے جبکہ پچھتر فیصد برامدات بھی اسی شعبے سے متعلق ہیں۔

    مزید پڑھیں: زراعت کے شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وزیرِ اعظم

    میاں ایم اے شاہدنے کہا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ افراد زراعت سے براہ راست وابستہ ہیں جبکہ چالیس لاکھ لائیو سٹاک سے وابستہ ہیں اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ یا کسی قسم کی کمی بیشی سے اس شعبہ پر دارومدار رکھنے والے افراد متاثر ہوتے ہیں۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدرنیشنل بینک کی برطرفی کودرست قراردے دیا

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدرنیشنل بینک کی برطرفی کودرست قراردے دیا

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کی برطرفی کو درست قرار دے دیا، عدالت نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے الزام پر خود استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق سعید احمد کے خلاف ریفرنسز فائل ہیں، ان کے خلاف الزامات بھی دیکھے گئے ہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ سعید احمد پراسحاق ڈارکے لیے منی لانڈرنگ کرنے کا الزام تھا توخود استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ سعیداحمد کا منی لانڈرنگ کا ریفرنس زیرسماعت ہے توہائی کورٹ کیا کرے، سعیداحمد کے حق میں فیصلہ دیں توانصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔

    بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدرنیشنل بینک سعید احمد کی برطرفی کودرست قرار دے دیا۔

    وفاقی کابینہ کا صدر نیشنل بینک کو ہٹانے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی کابینہ کی جانب سے عہدے سے برطرف کیے جانے والے سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد نے برطرفی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کی تھی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نہ قانون وضوابط کی کبھی خلاف ورزی کی اور نہ ہی کوئی ڈیپارٹمنٹل انکوائری میرے خلاف زیرالتواہے جبکہ نہ کوئی چارج فریم ہوا، بغیر سنے برطرفی غیرقانونی ہے۔

  • مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری کی برانچ کا افتتاح

    مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری کی برانچ کا افتتاح

    مہمند ایجنسی : نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد نے مہمند ایجنسی کے علاقہ غالانائی میں نیشنل بینک آف پاکستان اعتماد اسلامی بینکاری برانچ کا افتتاح کردیا۔

    بینک کے اس اقدام کا مقصد شدت پسندی سے متاثرہ علاقہ میں اسلامی فنانسنگ کے طریقوں سے مالی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

    تقریب کے موقع پر سعید احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کی جانب سے کی جانے والی سخت کوششوں سے بالآخر مہمند ایجنسی میں امن قائم ہو گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک نے خطے کے اس حصے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کے لیے علاقے میں اعتماد اسلامی بینکاری کی شاخ کھولی ہے۔

    ہم تاجروں اور مقامی لوگوں کے لیے اسلامی طریقہ کار پرمبنی فنانسنگ کی سہولت کی منظوری دے رہے ہیں جو انہیں مالی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

    نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے10چنگ چی رکشوں کا اعلان بھی کیا جو تعلیم کے فروغ کی غرض سے طالب علموں کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت فراہم کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • نیشنل بینک بنگلہ دیش میں ہونے والے نقصان میں سے 9 ارب روپے کی واپسی کی امید

    نیشنل بینک بنگلہ دیش میں ہونے والے نقصان میں سے 9 ارب روپے کی واپسی کی امید

    اسلام آباد: نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے کل نقصان میں سے 9 ارب روپے کی ریکوری کی امید ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نیب حکام نے نیشنل بینک بنگلہ دیش برانچ میں ساڑھے 18 ارب روپے کے فراڈ پر بریفننگ دی۔

    کمیٹی کو بتایا گیا کہ بینک کے سابق صد ر علی رضا سمیت 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فراڈ میں ملوث افراد کو سزا ملے گی۔ قرضے بنگلہ دیش میں دیے گئے اس لیے رقم کی مکمل ریکوری مشکل ہے۔

    صدر نیشنل بینک سعید احمد کا کہنا تھا کہ معاملہ پرانا ہے اور اسٹیٹ بینک کو بھی معاملے سے آگاہ کیاتھا۔


    کرپشن کیس سے متعلق سماعت

    دوسری جانب نیشنل بینک کی بنگلہ دیش برانچ میں 18 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق سماعت احتساب عدالت کراچی میں ہوئی۔

    جنرل مینیجر بنگلہ دیش برانچ وسیم خان سمیت 7 سے زائد ملزمان کو پیش کیا گیا تاہم سابق صدر نیشنل بینک علی رضا پیش نہیں ہوئے۔

    علی رضا کے وکیل کے مطابق وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور اسپتال سے کسٹڈی نہیں لی گئی۔ سماعت پر تفتیشی افسر بھی پیش نہیں ہوا جس پر احتساب عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ مفرور بنگلہ دیشی شہریوں کی گرفتاری کے لیے سارک ممالک کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کردی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔