کراچی: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین مشکل میں پڑ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سفارت خانے کی ترسیلات زر اور عملے کی تنخواہیں فرینکفرٹ کے نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں آ رہی ہیں۔
پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ کی بندش سے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق اکتوبر 2022 میں پیرس میں نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ کچھ وجوہ پر بند کر دی گئی تھی۔
اب ذرائع نے امید ظاہر ہے کہ فرانس میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے بعد قوی امید ہے کہ پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ بھی دوبارہ سے بحال ہو جائے گی۔
بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں
واضح رہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اور پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں بہتری پر یو کے ایئر سیفٹی کمیٹی نے کیا ہے، اب ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔