Tag: نیشنل پارک

  • امریکا کے نیشنل پارک میں آتش فشاں رات بھر لاوا اُگلتا رہا

    امریکا کے نیشنل پارک میں آتش فشاں رات بھر لاوا اُگلتا رہا

    امریکی ریاست ہوائی کے نیشنل پارک میں کیلا واکا آتش فشاں رات بھر لاوا اُگلتا رہا۔ کیمرے کی آنکھ نے مناظر قید کرلیے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کی ریاست ہوائی کے نیشنل پارک میں آتش فشاں پھٹنے کے باعث دھویں کے بادل میلوں دور تک پھیل گئے۔

    رپورٹس کے مطابق آتش فشاں گزشتہ سال دسمبر میں پہلی بار پھٹا تھا۔ مگر اب وقفے وقفے سے اٹھارہ بار آتش فشاں پھٹ چکا ہے۔

    واضح رہے کہ یورپی ملک آئس لینڈ ایسے ہی شان دار مقامات کا مرکز ہے جہاں سیاح آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کا نظارہ دیکھنے کی تمنا میں چلے آتے ہیں اور اس ملک میں سال بھر ’آتش فشاں کی سیاحت‘ کی گرماگرمی طاری رہتی ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ آئس لینڈ میں پچھلے ہفتے پھٹنے والے آتش فشاں سے لاوے کا آگ اگلتا دریا جیسے ہی کم ہوا، تو سیاحوں کی خوشی ماند پڑ گئی، روئٹرز کے مطابق لندن کی 49 سالہ خاتون ڈینٹل پریکٹس منیجر ہیزل لین نے جیسے ہی ٹی وی پر آتش فشاں پھٹنے کی فوٹیج دیکھی، انھوں نے فوراً ریکجاوک کے لیے ٹکٹ بک کروایا، تاکہ وہ پگھلے ہوئے سرخ آسمان کے نیچے شان دار لاوے کے دریا کا قریب سے مشاہدہ کر سکے۔

    ہیزل لین کا کہنا تھا کہ یہ خیال کتنا پاگل پن پر مبنی تھا کہ ریکجاوک جا کر آتش فشاں پھٹنے کا نظارہ کیا جائے، لیکن وہ اپنے بیٹے اور اس کی دوست کے ساتھ 22 دسمبر کو وہاں پہنچ گئیں لیکن افسوس کہ ریکجاوک سے تقریباً 40 کلومیٹر دور واقع آتش فشاں 18 دسمبر ہی کو پھٹ چکا تھا، اور اس سے لاوے کا بہاؤ بھی خاصا کم ہو چکا تھا۔

    4 لاکھ سے کم آبادی والے اس چھوٹے سے ملک آئس لینڈ میں 30 سے زیادہ فعال آتش فشاں ہیں، اس لیے سال میں کئی مرتبہ شوقین سیاحوں کے لیے مواقع دستیاب ہو سکتے ہیں، اور اسی لیے یہ یورپی جزیرہ آتش فشاں سیاحت کی اہم منزل ہے۔ آئس لینڈ کے علاوہ ہر سال ہزاروں سیاح میکسیکو اور گوئٹے مالا سے سسلی، انڈونیشیا اور نیوزی لینڈ کی آتش فشاں سائٹس کا رخ کرتے ہیں۔

  • پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل پارک کو نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف

    پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل پارک کو نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف

    اسلام آباد: پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل پارک کو نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راول ڈیم کے قریب وزیر اعلیٰ پنجاب کے کیمپ آفس کی تعمیر پر کام جاری ہے، جس کے لیے نیشنل پارک کے ایریا میں درجنوں درخت کاٹ دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاک ای پی اے اور سی ڈی اے سے منظوری تک نہیں لی، صوبائی حکومت نے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے نوٹس بھی نظر انداز کر دیے، پہاڑی کی کٹائی سے قدیم مندر کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلی کیمپ آفس کی تعمیر پنجاب کمیونکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کر رہا ہے، جب کہ راول ڈیم اور ریسٹ ہاؤس پنجاب ایری گیشن ڈپارٹمنٹ کی ملکیت ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو شروع کرنے سے پہلے پاک ای پی اے سے اجازت نہیں لی گئی۔

    ادارے کے حکام کے مطابق منصوبے سے نیشنل پارک اور ماحولیات کو نقصان پہنچ رہا ہے، پنجاب حکومت کو متعدد نوٹس بھیجے گئے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

    ادھر ڈپٹی ڈی جی انوائرنمنٹ سی ڈی اے کا بھی کہنا ہے کہ یہ تعمیرات سی ڈی اے ریگولیشنز کی خلاف وزی ہیں۔

  • گینڈے نے سیاحوں کی گاڑی کا پیچھا شروع کردیا، پھر کیا ہوا؟

    نئی دہلی: بھارت کے ایک نیشنل پارک میں سیر و تفریح کے لیے جانے والے سیاح اس وقت خوفناک صورتحال کا شکار ہوگئے جب ایک گینڈے نے ان کی گاڑی کا پیچھا شروع کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو بھارتی فارسٹ افسر پراوین کسون نے اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا۔

    ویڈیو بھارتی ریاست آسام کے کازی رانگا نیشنل پارک کی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گینڈا سیاحوں کی کھلی گاڑی کے پیچھے دیوانہ وار بھاگا چلا آرہا ہے۔ سیاحوں کی خوفزدہ آوازیں بھی ویڈیو میں شامل ہیں۔

    گینڈا تقریباً 1 کلو میٹر تک گاڑی کا پیچھا کرتا رہا، واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی بھی سیاح زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

    خیال رہے کہ 1 ہزار 90 کلومیٹر اسکوائر پر محیط کاضی رانگا نیشنل پارک دریائے برہم پترا کے ایک حصے، جنگلات اور آب گاہوں پر مشتمل ہے جس میں سینکڑوں دھاری دار شیر، ہاتھی اور دیگر جنگلی حیات موجود ہے۔

    اس نیشنل پارک میں دنیا میں گینڈے کی سب سے بڑی آبادی بھی موجود ہے، یہاں موجود گینڈوں کی تعداد 2 ہزار 613 ہے۔

  • پنجرے سے نکلتے اس تیندوے کے لیے وزیر اعظم نے کیوں ٹوئٹ کیا؟

    پنجرے سے نکلتے اس تیندوے کے لیے وزیر اعظم نے کیوں ٹوئٹ کیا؟

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جب سے منصب اقتدار سنبھالا ہے، اپنی ٹیم کے ساتھ وہ ملک میں سیاحت اور ماحولیات کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کے شعبے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔

    پاکستان میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے وزیر اعظم نے خصوصی توجہ دی ہے، وہ اس سلسلے میں اپنے ٹوئٹس میں ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہے ہیں، آج بھی ان کا اس سلسلے میں حوصلہ افزائی پر مبنی ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے۔

    ٹوئٹ میں عمران خان نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں جنگل میں رکھے ایک پنجرے سے تیندوا جھجھکتے ہوئے باہر نکلتا ہے، اور پھر زقند بھر کر لمحوں میں جنگل میں غائب ہو جاتا ہے۔

    اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم پاکستان نے یہ اطلاع دی کہ محکمہ وائلڈ لائف نے جنگل سے باہر نکلنے والے 2 عدد تیندوے پکڑے تھے، جن کی جان کو خطرہ لاحق تھا، محکمے نے انھیں واپس جنگل میں پہنچایا۔

    وزیر اعظم نے محکمے کو اس عمل پر سراہا، اور لکھا 2 تیندوے بچا کر مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چھوڑنے پر میں محکمہ وائلڈ لائف کو سراہتا ہوں۔

    وزیر اعظم نے اپنے عزم کو ایک بار پھر دہرایا، اور لکھا ہم جنگلی حیات کے تحفظ اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

  • چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نیشنل پارک میں چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی کو دانتوں سے اپنی طرف کھینچ لیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی ریاست کرناٹک کے نیشنل پارک میں ریکارڈ کی گئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیتا لوگوں سے بھری گاڑی کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔

    ویڈیو میں چیتے کو گاڑی کے پچھلے بمپر کو دانتوں سے دبوچتے دیکھا جا سکتا ہے، چیتے نے اپنی بھرپورطاقت سے لوگوں سے بھری گاڑی کو پیچھے کی طرف کھینچ لیا۔

    ویڈیو میں گاڑی میں موجود افراد کی چیخ و پکار بھی سنی جاسکتی ہے، پارک میں دوسری گاڑی میں موجود افراد نے اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو وائرل ہوگی۔

  • تیندوے کے ننھے بچوں کی سڑک پار کرنے کی خوبصورت ویڈیو

    تیندوے کے ننھے بچوں کی سڑک پار کرنے کی خوبصورت ویڈیو

    جنگلی حیات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے کسی جانور کی روزمرہ کی زندگی اور اس کے بچوں سے اس کا تعلق دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوسکتا ہے، ایسے ہی ایک خوشگوار تجربے سے جنوبی افریقہ کے سیاح بھی دو چار ہوئے۔

    جنوبی افریقہ کے کگر نیشنل پارک میں اس وقت سیاحوں کی سانسیں رک گئیں جب انہوں نے ایک مادہ تیندوا کو اپنے 2 ننھے منے بچوں کے ساتھ سڑک پار کرتے دیکھا۔

    گاڑیوں میں نیشنل پارک کی سیر کو آئے سیاحوں نے جب تیندوے کو گزرتے ہوئے دیکھا تو اپنی گاڑیاں روک لیں اور تیندوے کو گزرنے دیا۔

    مادہ تیندوا دراصل کسی ممکنہ خطرے سے بچوں کو بچانے کے لیے انہیں سڑک کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے لے جانا چاہتی تھی لیکن بیچ سڑک پر دونوں ننھے بچے رک گئے اور ناسمجھی میں واپس وہیں جانے لگے جہاں سے آئے تھے۔

     ماں واپس آئی اور ایک بچے کو گردن سے پکڑ کر واپس لے جانے لگی۔

    سیاح اس سارے منظر کو دم سادھے دیکھتے رہے اور اپنے موبائلوں سے اس نایاب منظر کی تصاویر بھی بنائیں۔

    ایک سیاح نے بعد میں میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو پہلی بار اس نیشنل پارک میں لے کر آئے اور اس خوبصورت منظر کی وجہ سے اس کا پہلا ہی دورہ نہایت یادگار بن گیا۔

    حکام کے مطابق نیشنل پارک میں تیندوے اور چیتے تو موجود ہیں تاہم ان کی ننھے بچوں کے ساتھ اس طرح حرکت بہت کم دیکھنے میں آتی ہے۔