Tag: نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی

  • ہم ہنر مند افراد کو بیرون ملک بھیج کر تجارتی خسارہ کم کرسکتے ہیں، وزیراعظم

    ہم ہنر مند افراد کو بیرون ملک بھیج کر تجارتی خسارہ کم کرسکتے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہنر مند افراد کو بیرون ملک بھیج کر تجارتی خسارہ کم کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

    وزیراعظم نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کوترقی کی دوڑمیں آگے لے جانے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن ضروری ہے، یقین ہے آپ کی مینجمنٹ برق رفتاری سےآپ کو آگے لیکر جائے گی اور آپ پاکستان سمیت دوسرےممالک میں اپنانام روشن کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف نےاس ادارےکی ابتداکی تھی، سب کوخراج تحسین پیش کرتاہوں جوشانداروژن لیکرچلے، آج یہ پاکستان کا بہت بڑاادارہ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ 1997 میں پہلی بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوا، بطور وزیراعلیٰ میں نے ووکیشنل ٹریننگ پر فی الفور توجہ دی، لیبر، ایجوکیشن اور سوشل ویلفئر ڈیپارٹمنٹ کا اپنا اپنا ادارہ تھا، بطوروزیراعلیٰ میں ان تمام اداروں کوایک چھتری تلے لیکر آیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ زکوة فنڈ بڑھانے کی کوشش کی توعلما نے کہا آپ یہ فنڈز استعمال نہیں کرسکتے، میں نےکہا سفید پوش طبقہ اس فنڈز کا حق دارہیں، یہ فنڈز سفید پوش لوگوں کا ہے، ٹریننگ والوں کیلئے نہیں، تعلیم کیلئے یہ پیسہ جائزنہیں باقی چیزوں کیلئے جائز ہوگیا یہ کہاں کااصول ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کرنی ہے تو مسائل کا حل نکالنا ہے تاکہ بچے آگے بڑھیں، تعلیم حاصل کریں، اگرہمیں ترقی کرنی ہے تو ایسی باتوں کوپاؤں کی زنجیرنہیں بنانا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ہم نے 2008 میں پنجاب انڈوومنٹ ایجوکیشن فنڈ کا اجرا کیا، پنجاب انڈوومنٹ ایجوکیشن فنڈ کیلئے سالانہ 2 ارب روپے مختص کیے، اللہ کا شکر ہے 10 سال میں 4 لاکھ 50 ہزار بچوں میں وظائف دیے، آج وہ بچے، بچیاں پاکستان اور دنیا میں اپنی محنت کا لوہا منوا رہے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہم نےدانش اسکول بنائے، دانش اسکولز کی بدولت آج غریب بچے امیر بچوں کیساتھ آگےبڑھ رہےہیں، جب دانش اسکول کاآغازکیاتوامرا نےاسکی مخالفت کی، میں نے کہا جب غریبوں کی باری آئی تومروڑاٹھ رہےہیں، تعلیم سب کاحق ہےکسی ایک طبقےکانہیں، تعلیم،علاج،نوکریاں ہوں ان پرسب کاحق ہے۔

    شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں تب تک ہوسکتاجب تک امیر،غریب کافرق ختم نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسکلزڈویلپمنٹ ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہئے، انڈونیشیا اپنے ہائی ایجوکیشن اسکلز ڈویلپرز باہر بھجواتے ہیں، ہائی اسکلز ڈویلپرز سے انڈونیشیا کی آمدن دگنی ہوجاتی ہے، ہم بھی ہائی ایجوکیشن اسکلز ڈویلپر باہر بھیجیں گے تو تجارتی خسارہ ختم ہوگا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کوصرف ایک ماہ رہ گیاہے، میری لئےکوئی خدمت ہوتوجان نچھاور کرنے کو تیارہوں۔

  • آرمی چیف نے نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا

    آرمی چیف نے نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج نیشنل یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا، آرمی چیف نے کم مدت میں یونی ورسٹی کے کام یاب آغاز پر انتظامیہ کی تعریف کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یونی ورسٹی ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد اصغر نے آرمی چیف کو یونی ورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں اور تزویراتی ایجوکیشن پلان پر بریفنگ دی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیو ٹیک کو دو سال کے مختصر عرصے میں کام یابی سے آغاز پر انتظامیہ کو مبارک باد بھی دی۔

    آرمی چیف نے انتظامیہ کو یونی ورسٹی میں اعلیٰ تعلیمی معیار اپنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ نیوٹیک کی بہ طور ’یونی ورسٹی فار انڈسٹری‘ کا نظریہ قابل تعریف ہے۔

    نیو ٹیک یونی ورسٹی کو انڈسٹری کے لیے لیڈرز اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ماہر ورک فورس مہیا کرنے کے مقصد کے تحت قائم کیا گیا، آرمی چیف نے انڈسٹری کے ساتھ یونی ورسٹی کے اس مؤثر ربط کو سراہا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی اسلام آباد کے مضافات میں نیو ٹیک کے مستقبل کے مین کیمپس کی تعمیر کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس میں 30 سے 50 ہزار طلبہ کی گنجایش ہوگی۔

    آرمی چیف نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے تعاون کو بھی سراہا جس نے نیو ٹیک کے لیے ابتدائی کیمپس کی تعمیر میں کردار ادا کیا۔