Tag: نیلامی

  • سرکاری پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل، 3 میں سے صرف ایک کی بولی لگی

    سرکاری پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل، 3 میں سے صرف ایک کی بولی لگی

    سرکاری پیداواری یونٹس کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور تین پاور پلانٹس میں سے صرف ایک کی بولی لگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرکاری پیداواری یونٹس کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ آج اسلام آباد میں مکمل ہو گیا۔ نیلامی میں تین پاور پلانٹس کو رکھا گیا تھا، تاہم صرف ایک سرکاری پلانٹ کی بولی لگی۔

    پاور ڈویژن حکام کے مطابق آج مجموعی طور پر 2362 میگا واٹ کے تین پاور پلانٹس نیلامی کے لیے پیش کیے گئے تھے۔ ان میں سے صرف 800 میگاواٹ والے جامشورو پاورپلانٹ کے لیے خریدار کمپنی سامنے آئی۔

    صدیق اینڈ سنز کمپنی نے جامشورو تھرمل پاور پلانٹ کی خریداری کیلیے بولی لگائی۔ حکومت نے جامشورو پاور پلانٹ کی ریزرو پرائس 9 ارب 97 کروڑ مقرر کی تھی۔

    پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ جنکو ٹو کے 6 پاور پلانٹس کی نیلامی کا عمل مؤخر کردیا گیا ہے اور اب یہ نیلامی 30 مئی کو دوبارہ شروع کی جائے گی۔

    اس نیلامی میں جنکو تھری کیلیے کوئی بھی بولی دہندہ نیلامی میں شامل نہ ہوا۔ اس میں مظفر گڑھ اور فیصل آباد پاور اسٹیشن شامل ہیں اور دونوں پاور پلانٹس کی پیداواری صلاحیت 1482 میگاواٹ ہے۔ حکومت نے جنکو تھری پاور پلانٹس کی ریزرو پرائس 26 ارب 62 کروڑ مقرر کی تھی۔

    پاور ڈویژن کے مطابق پرانے پلانٹس کی بولی کا انتظام کیا تھا جس کا پہلا فیز مکمل ہوگیا تھا۔ پہلے فیز میں 9 ارب کی بولیاں موصول ہوئیں۔ نیسپاک نے بولی کے عمل میں معاونت کی جب کہ مظفر گڑھ اور فیصل آباد کیلیے کوئی بولی نہیں آئی۔

  • جاپانی حکومت چاول کے ذخائر کیوں نیلام کررہی ہے؟

    جاپانی حکومت چاول کے ذخائر کیوں نیلام کررہی ہے؟

    جاپان کی حکومت نے اپنے قومی ذخیرے سے دوسری بار چاول کی نیلامی کا آغاز کردیا ہے تاکہ چاول کی تقسیم اور قیمتوں میں استحکام لایا جاسکے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جاپان کی سپر مارکیٹوں میں چاول کی قیمتیں دوگنی سے زیادہ ہو گئی ہیں، اسی کے پیش نظر جاپانی حکومت نے چاول کی تقسیم اور قیمتوں کو مستحکم کرنے کےلیے یہ اقدام کیا ہے۔

    جاپانی وزارت زراعت نے بدھ کے روز قومی ذخیرے سے چاول کی دوسری نیلامی شروع کی ہے، وزارت 3 روزہ بولی کے دوران ملک کے 70,000 ٹن چاول منڈی میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    جاپان میں غیر ملکیوں کیلیے ملازمت کا شاندار موقع

    وزارت کے عہدیداروں نے چاول کی فروخت کے سلسلے میں کم سے کم قیمت مقرر کی ہے، تھوک فروش ای میل کے ذریعے اپنی بولی جمع کراسکتے ہیں۔

    ایسی صورت میں کہ مذکورہ اناج کا کچھ حصہ فروخت ہونے سے رہ گیا تو وزارت زراعت جمعرات کو ایک اور بولی لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    فیڈریشن نے منگل کے روز بتایا تھا کہ نیلامی میں خریدے گئے زیادہ تر چاول کے اسٹاک اگلے ماہ سے ریٹیل اسٹورز پر فروخت کیلئے پیش کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ جاپان نے رواں ماہ کے اوائل میں پہلی نیلامی میں اپنے ہنگامی ذخائر سے ایک لاکھ 50 ہزار ٹن چاول فروخت کے لیے پیش کیے تھے، زرعی تعاون کی ایک فیڈریشن نے فروخت شدہ چاول کا 90 فیصد سے زائد حصہ خرید لیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/japan-forest-fire-forces-thousands-evacuate/

  • پی آئی اے کی نیلامی کب ہوگی؟ اسحاق ڈار نے بتا دیا

    پی آئی اے کی نیلامی کب ہوگی؟ اسحاق ڈار نے بتا دیا

    اسلام آباد : قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ گزشتہ کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہے اور ہر بار نیلامی کی تاریخ میں توسیع کردی جاتی ہے۔

    سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس قومی ادارے کی نجکاری کا اونٹ کس روز کس کروٹ بیٹھے گا؟ اس بات کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت ہی کرے گی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    پروگرام کے میزبان عبدالمالک کے سوال کیا کہ پی آئی اے کی نیلامی میں تاخیر کیوں ہورہی ہے؟ کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قومی ادارے کی خریداری کیلئے جن لوگوں نے کاغذات لیے ہوئے ہیں صرف وہی لوگ نیلامی کے عمل میں شریک ہوسکتے ہیں۔

    اسحاق ڈار نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک کے سوا تمام خریداروں نے مزید وقت مانگا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ٹرانزیکشن ایڈوائزرز نے حکومت سے رجوع کرکے اس کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کیا اور امید ہے اس بار یہ مسئلہ حل کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ نجکاری کمیشن کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بڈنگ کی تاریخ میں توسیع کر کے 31 اکتوبر کر دی گئی ہے جبکہ معاہدے کے مسودے پر دستخط کی نئی تاریخ 25 اکتوبر مقرر ہے۔

    کمیشن کے مطابق نیلامی کیلئے پیشگی رقم 28 اکتوبر تک جمع کرائی جاسکتی ہے، اس سے قبل یہ پیشگی رقم 27 ستمبر تک جمع کروانی تھی۔

  • 6 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے والے اس ہیٹ کی خاص بات کیا ہے؟

    6 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے والے اس ہیٹ کی خاص بات کیا ہے؟

    امریکا کی آن لائن نیلامی کمپنی پراپسٹور پر ایک ہیٹ نیلامی میں 6 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہو گیا ہے۔

    ایک آن لائن نیلامی میں ایک ٹوپی (فیڈورا-مخصوص قسم کی ہیٹ) چھ لاکھ سے زائد ڈالر میں فروخت ہو گئی ہے، اس کی خاص بات یہ ہے کہ مشہور فلم ’انڈیانا جونز‘ کے ہیرو نے اسے فلم میں پہنا تھا۔

    یہ ہیٹ 1984 کی فلم ’انڈیانا جونز‘ اور ’دی ٹیمپل آف ڈوم‘ میں اداکار ہیریسن فورڈ نے پہنا تھا، یہ فلموں میں اسٹنٹ کا کام کرنے والے ڈین فیرانڈینی کی ملکیت تھا اور انھوں نے بھی فلم کے ان خطرناک مناظر میں یہ پہنا تھا جن میں انھوں نے ہیریسن فورڈ کے ڈبل کے طور پر کردار کیا تھا، ان کا انتقال گزشتہ برس 2023 میں ہوا تھا۔

    پرانی یادگار اشیا کی نیلامی کرنے والے کمپنی پراپسٹور نے کہا کہ فلمی ہیرو کا یہ یادگار ہیٹ ان 450 اشیا میں سے ایک تھا، جو ’یو ایس انٹرٹینمنٹ میمورابیلیا لائیو آکشن‘ میں بولی کے لیے پیش کی گئی تھیں۔

    کمپنی کے مطابق یہ ہیٹ انڈیانا جونز سیریز کی دوسری قسط کے لیے خاص طور پر بنایا گیا تھا، اور اس فلم کے مناظر، فلم بندی کے دوران لی گئی تصاویر، اور سری لنکا میں شوٹنگ لوکیشن پر ہیریسن فورڈ کی جو فوٹیجز دستیاب ہیں، ان میں دکھائی دینے والے ہیٹ سے بالکل میچ کرتا ہے۔

    نیلامی کی فہرست کے مطابق ایلسٹری اسٹوڈیو میں ایک سین شوٹ کیا گیا تھا، جس میں ایک کان کا منظر تھا جس میں ہیریسن فورڈ کان کنی والی گاڑی میں فرار ہوتا ہے، اس منظر کے علاوہ امریکا میں فلمائے گئے دریا والے سین کے ساتھ بھی یہ ہیٹ میچ ہوتا ہے۔ (واضح رہے کہ کان کے اندر والے منظر میں بالی ووڈ ولن امریش پوری نے بھی اداکاری کی تھی)۔

  • گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے حوالے سے اہم اعلان

    گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے حوالے سے اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعہ گاڑیوں کے نمایاں نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوگی، نیلامی بدھ تک جاری رہے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ آج اتوار سے ابشر کے ذریعہ گاڑیوں کے نمایاں نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوگی۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ نیلامی اتوار سے بدھ 21 دسمبر تک جاری رہے گی۔

    حکام کے مطابق نیلامی میں سعودی شہریوں سمیت مقیم غیر ملکی بھی حصہ لے سکتے ہیں اور اپنی پسند کی نمبر پلیٹ خرید سکتے ہیں۔

    حکام نے مزید کہا ہے کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمایاں نمبر پلیٹ کی نیلامی میں شرکت کے لیے ابشر اکاؤنٹ کا ہونا ضروری ہے۔

  • اسٹیو جابز کے استعمال کردہ چپل 2 لاکھ سے زائد ڈالرز میں فروخت

    اسٹیو جابز کے استعمال کردہ چپل 2 لاکھ سے زائد ڈالرز میں فروخت

    لاس اینجلس: اسٹیو جابز کے استعمال کردہ چپل ایک نیلامی میں 2 لاکھ سے زائد ڈالرز میں فروخت ہو گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 1970 کی دہائی کے وہ سینڈل جو اسٹیو جابز نے پہنے تھے، ایک نیلامی میں 218 ہزار ڈالرز میں نیلام ہو گئے۔

    اسٹیو جابز نے کیلیفورنیا میں اپنے جس گھر میں ایپل کی مشترکہ بنیاد رکھی تھی، اب ایک تاریخی مقام کی حیثیت حاصل کر چکا ہے، اس گھر کے فرش پر چلتے ہوئے اسٹیو جابز نے جو چپل پہنے تھے، وہ اب تقریباً 220,000 ڈالر میں فروخت ہو گئے ہیں۔

    جولینز آکشنز نے اتوار کو کہا کہ یہ چپل ’اچھی طرح‘ سے استعمال شدہ ہیں، یہ براؤن رنگ کے سابر چپل ہیں جو برکن اسٹاکس نے بنائے تھے، اور ان چپلوں کے لیے ادا کی گئی رقم اب تک کسی چپلوں کے جوڑے کے لیے ادا کی جانے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔

    نیلام گھر نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ کارک اور جوٹ کے فُٹ بیڈ پر اسٹیو جابز کے پیروں کا نقش ابھی تک برقرار ہے، جو برسوں کے استعمال کی وجہ سے پڑ گیا تھا۔

    جولینز نے کہا کہ انھیں یہ سینڈل 60,000 ڈالرز میں نیلام ہونے کی توقع تھی، تاہم NFT (نان فنجیبل ٹوکن) کے ساتھ اس کی حتمی فروخت کی قیمت 218,750 ڈالر نکلی۔ یہ چپل کس نے خریدے ہیں، اس سلسلے میں کمپنی کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا۔

    یاد رہے کہ جابز اور اسٹیو ووزنیاک نے 1976 میں لاس آلٹوس، کیلیفورنیا میں جابز کے والدین کے گھر پر ایپل کی مشترکہ بنیاد رکھی تھی، 2013 میں اس پراپرٹی کو لاس آلٹوس ہسٹوریکل کمیشن نے ایک تاریخی علامت قرار دے دیا تھا۔

    جابز 2011 میں لبلبے کے کینسر کی پیچیدگیوں کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔

  • بولی لگانے والوں کو غلط فہمی، عام سا گلدان اربوں روپے میں فروخت

    بولی لگانے والوں کو غلط فہمی، عام سا گلدان اربوں روپے میں فروخت

    فرانس میں 2 ہزار ڈالر مالیت کا ایک عام سا گلدان نیلامی میں 75 لاکھ ڈالرز کا فروخت ہوگیا، بولی لگانے والوں نے گلدان کو اٹھارویں صدی کے نوادرات میں شامل سمجھ لیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانس سے باہر رہنے والی ایک خاتون نے یہ گلدان نیلامی سینٹر کو دیا تھا، خاتون نے اسے خود بھی نہیں دیکھا تھا اور فرانس کے خود مختار علاقے برٹنی میں قیام پذیر اپنی والدہ کے انتقال کے بعد ان کے سامان کو نیلامی سینٹر بھجوا دیا تھا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نوادرات جمع کرنے کی شوقین تھیں، ان کے انتقال کے بعد انہوں نے آن لائن نیلامی سینٹر سے رابطہ کیا اور والدہ کے گھر سے تمام نوادرات اٹھوا کر، ان کی جانچ پڑتال کر کے انہیں نیلام کرنے کی درخواست کی تھی۔

    ان نوادارت میں مذکورہ گلدان بھی شامل تھا، نیلے نقش و نگار کا حامل یہ گلدان چین سے خریدا گیا تھا۔

    نیلام گھر کی جانب سے اسے اٹھارویں صدی کا قیمتی تاریخی گلدان سمجھا گیا، بعد ازاں نیلامی میں اس پر لگائی جانے والی بولی بڑھتی گئی اور بالآخر یہ 7.59 ملین ڈالر (ڈیڑھ ارب سے بھی زائد پاکستانی روپے) میں فروخت ہوگیا۔

    اس کی اصل قیمت 2 ہزار ڈالرز (لگ بھگ ساڑھے 4 لاکھ پاکستانی روپے) تھی اور یہ اپنی اصل قیمت سے 4 ہزار گنا زائد قیمت پر فروخت ہوا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ گلدان 200 سال قدیم ہوا تو یہ واقعی ایک اہم نایاب شے ہوسکتی تھی۔

  • نیلامی میں خریدے گئے سوٹ کیس کھول کر گھر والوں پر دہشت طاری ہو گئی

    نیلامی میں خریدے گئے سوٹ کیس کھول کر گھر والوں پر دہشت طاری ہو گئی

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں ایک خاندان نے نیلامی میں سامان خریدا، لیکن جب گھر میں خریدے گئے سوٹ کیس کھول کر دیکھا تو خوف سے ان کے اوسان خطا ہو گئے۔

    رپورٹس کے مطابق جنوبی آکلینڈ کے رہائشی خاندان نے ایک آکشن میں لاوارث سامان خریدا جو سوٹ کیسوں میں بند تھا، جب وہ سامان گھر لے کر آئے تو سوٹ کیسوں کے اندر سے انسانی باقیات نکل آئیں۔

    اس خاندان نے نیلامی کے دوران سب سے زیادہ بولی لگائی تھی، لیکن انھیں کیا پتا تھا کہ وہ ایک مصیبت میں پھنسنے جا رہے ہیں، انسانی باقیات دیکھتے ہی انھوں نے گھبرا کر پولیس کو اطلاع کر دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سوٹ کیس ایک اسٹوریج یونٹ میں پائے گئے تھے، خریدنے والے خاندان نے قتل کی کوئی واردات نہیں کی ہے۔

    پولیس نے لاشوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے، اور یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ انھیں کیوں اور کس نے قتل کیا تھا، تاحال یہ بھی واضح نہیں ہے کہ لاشیں کتنے افراد کی ہیں۔

    پولیس کے مطابق انسانی باقیات کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا اور فرانزک تفتیش کار متاثرین کی تعداد کا تعین کرنے کی کوشش بھی کریں گے۔

    اسٹوریج مالک کا کہنا تھا کہ لاوارث مواد کی نیلامی معمول کی بات ہے، ہم پولیس کے ساتھ تعاون کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

  • حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ

    حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ کیا ہے، پی آئی اے نے طیارے کو ناقابل مرمت قرار دے کر انجن سمیت تمام آلات نکال لیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق 3 برس قبل حادثے کا شکار پی آئی اے اے ٹی آر طیارے کی پھر نیلامی کا فیصلہ کیا گیا ہے، طیارہ 20 جولائی 2019 کو لینڈنگ کے دوران کچے میں اتر گیا تھا۔

    پی آئی اے نے طیارے کو ناقابل مرمت قرار دے کر انجن سمیت تمام آلات نکال لیے تھے، گلگت ایئر پورٹ پر موجود طیارے کا ڈھانچہ پہلے بھی نیلامی کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔

    پہلی نیلامی ایک مقامی تاجر کی جانب سے 83 لاکھ روپے کی دی گئی تھی، پی آئی اے کی جانب سے نیلامی کے لیے کم از کم بولی 0.84 ملین رکھی گئی تھی۔

    اے ٹی آر طیارے کے ڈھانچے کی نیلامی 11 مئی کو ہوگی۔

  • 3 کروڑ ڈالر سے زائد قیمت رکھنے والے ہیرے کی نمائش

    3 کروڑ ڈالر سے زائد قیمت رکھنے والے ہیرے کی نمائش

    دنیا کے ایک بڑے سفید ہیرے کو، جسے دی راک کا نام دیا گیا ہے، نیلامی سے قبل گزشتہ روز پہلی بار دبئی میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ہیرا 3 کروڑ ڈالر سے زائد قیمت میں نیلام ہوجائے گا۔

    آکشن ہاؤس کرسٹیز نے بتایا کہ ناشپاتی کی شکل کا 228 اعشاریہ 31 کیرٹ کا یہ ہیرا جو 20 سال قبل جنوبی افریقہ کی ایک کان سے نکالا اور پالش کیا گیا تھا، نیلامی کے لیے آنے والا اب تک کا سب سے بڑا سفید ہیرا ہے۔

    کرسٹیز کے مطابق سفید ہیرا دی راک دبئی میں 26 سے 29 مارچ تک نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ڈیبیو کرنے کے بعد اسے تائی پے، نیویارک اور جنیوا لے جایا جائے گا جہاں 11 مئی کو اس کی نیلامی ہوگی۔

    کرسٹیز کے زیورات کے بین الاقوامی سربراہ راہل کیڈکیا کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ہمیشہ سے ہی اہم جواہرات اور قیمتی پتھروں کے بڑے قدر دان موجود رہے ہیں، اسی وجہ سے ہم نے سوچا کہ ایک ایسے خطے میں اس ہیرے کو لانچ کرنا ہمارے لیے اچھا ہوگا جہاں اس قسم کے اہم جواہرات کو جمع کرنے والے عظیم کلیکٹرز موجود ہیں۔