Tag: نیلامی

  • فائیو جی سروسز کا آغاز رواں سال دسمبر سے ہوجائے گا: وفاقی وزیر آئی ٹی

    فائیو جی سروسز کا آغاز رواں سال دسمبر سے ہوجائے گا: وفاقی وزیر آئی ٹی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق کا کہنا ہے کہ فائیو جی سروسز کا آغاز دسمبر 2022 یا جنوری 2023 تک کر دیا جائے گا، ٹیلی کام سیکٹرز کو جتنی مراعات دی جائیں ملک کو اتنا زیادہ ریونیو حاصل ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن نے فائیو جی نیلامی کے لیے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں ایڈوائزری کمیٹی 13 ارکان پر مشتمل ہوگی، ارکان میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق اور وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز بھی شامل ہیں۔

    وزیر صنعت و پیداوار، مشیر تجارت و سرمایہ کاری، محکمہ فنانس، آئی ٹی و قانون کے سیکریٹریز بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی اے اور ٹیلی کام، فریکونسی ایلوکیشن بورڈ سمیت اہم اداروں کے حکام بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

    وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا ہے کہ کمیٹی عالمی معیار کے مطابق پاکستان میں دستیاب اور استعمال ہونے والے اسپیکٹرم کا جائزہ لے گی، کمیٹی فائیو جی سروسز شروع کرنے کے لیے اسٹریٹجی پلان کے جائزے کے بعد اس کی منظوری دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجی پلان کے لیے اسٹیک ہولڈرز خصوصاً ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی، ٹیلی کام سیکٹرز کے لیے اصلاحات و مراعات کے معائنے کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کمیٹی کنسلٹنٹ کی تجاویز کی روشنی میں، فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے طریقہ کار کی منظوری بھی دے گی، فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی میں ٹیلی کام سیکٹرز کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے قابل عمل بنایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت فائیو جی ایکو سسٹم کا قیام عوام اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے اہم ہے، کوشش ہے کہ فائیو جی سروسز کا آغاز دسمبر 2022 یا جنوری 2023 تک کر دیا جائے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ملک کے 5 بڑے شہروں میں فائیو جی سروسز کی ابتدا کی جائے گی، ٹیلی کام سیکٹرز پر اضافی ٹیکسز کے نفاذ سے کچھ مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ اصولی طور پر ٹیلی کام سیکٹرز کو جتنی مراعات دی جائیں ملک کو اتنا زیادہ ریونیو حاصل ہوتا ہے۔

  • ہالی ووڈ کے سینئر اداکار کی مشہور فلموں میں استعمال ہونے والی اشیا کی نیلامی

    ہالی ووڈ کے سینئر اداکار کی مشہور فلموں میں استعمال ہونے والی اشیا کی نیلامی

    لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہالی ووڈ کے سینئر اداکار سلویسٹر اسٹیلون کی مشہور فلموں میں استعمال ہونے والی اشیا نیلام کی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایکشن فلموں کے ہیرو سلویسٹر اسٹیلون کی فلموں میں استعمال شدہ اشیا نیلامی کے لیے پیش کر دی گئیں۔

    سلویسٹر اسٹیلون کے مداحوں کے لیے فلم ‘راکی’ کے باکسنگ گلووز اور ‘ریمبو’ کے ہیڈ بینڈ سمیت کئی اشیا نیلامی کے لیے پیش کی گئی ہیں۔

    75 سالہ سلویسٹر اسٹیلون کی ان یادگار اشیا کی نیلامی لاس اینجلس میں اس سال 5 دسمبر کو ہوگی اور امید کی جا رہی ہے کہ اس نیلامی سے 15 لاکھ امریکی ڈالرز کی رقم جمع ہوگی، وہ اپنا گھر تبدیل کر رہے ہیں اسی لیے یہ اشیا نیلام کر رہے ہیں۔

    یہ اشیا جن مشہور فلموں میں استعمال ہوئی ہیں ان میں راکی، ریمبو، دی ایکسپینڈیبلز، کلف ہینگر، ڈیمولیشن مین، دی اسپیشلسٹ، اساسنز، اسکیپ پلان، کاپ لینڈ اور جج ڈریڈ شامل ہیں۔

    جولینز آکشنز کا کہنا ہے کہ سلویسٹر اسٹیلون کے ذاتی آرکائیو سے لگ بھگ 500 اشیا نیلام کی جا رہی ہیں، ان میں مشہور فلموں میں استعمال کیے گئے کاسٹیومز، پروپس، اسکرپٹس، نوٹ بُکس اور ایسی دیگر یادگار چیزیں شامل ہیں۔

    نیلامی کے ایک بلاک میں سلویسٹر اسٹیلون کی دیگر ذاتی اشیا بھی رکھی جا رہی ہیں، جن میں ایوارڈز، نفیس زیورات، فرنیچر، سگار کا سامان اور دیگر قیمتی چیزیں شامل ہیں۔

  • روس میں سب سے بڑا ہیرا نیلامی کے لیے تیار

    روس میں سب سے بڑا ہیرا نیلامی کے لیے تیار

    ماسکو: روس میں اب تک کا سب سے بڑا سمجھا جانے والا 100.94 قیراط کا ہیرا اس ماہ کے آخر میں جنیوا میں نیلام کیا جائے گا۔

    روسی میڈیا کے مطابق الروزا اسپیکٹکل نامی یہ ہیرا 12 مئی کو جب تراشا جائے گا تو اس کی مالیت 13 سے 19 ملین ڈالر کے درمیان ہوگی۔

    نیلامی گھر کے شعبہ زیوارت کی ماہر مریم سیسیل کا کہنا ہے کہ یہ خوبصورت ڈی ربگین ہیرا موٹے پتھر سے کاٹا گیا تھا جس کا وزن اصل میں 200 قیراط سے بھی زیادہ تھا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اسے سرگئی ڈیاگلیف کا کھردرا ہیرا کہا جاتا تھا اور اس کی کان کنی سنہ 2016 میں کی گئی تھی۔

    مریم سیسیل کے مطابق اس پتھر کو کاٹنے میں ایک سال اور 8 ماہ کا عرصہ لگا جس کے بعد یہ ہیرا اب ایک خوبصورت شکل میں آچکا ہے۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل، قومی خزانے میں 1 ارب سے زائد کا اضافہ

    وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل، قومی خزانے میں 1 ارب سے زائد کا اضافہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر عمل کے نتیجے میں قومی خزانے میں 1 ارب سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کی غیر استعمال پراپرٹیز کو نیلام کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس پر استعمال نہ ہونے والی سرکاری پراپرٹیز کی نیلامی کا آغاز کیا گیا۔

    حکومت کی غیر استعمال پراپرٹیز کی نیلامی کا آغاز 7 ستمبر سے ہوا، اس دوران اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں 20 پراپرٹیز کی نیلامی مکمل کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 26 میں سے 20 سرکاری جائیداداوں کو مقررہ قیمت سے زائد پر نیلام کیا گیا ہے، ان پراپرٹیز کی نیلامی سے قومی خزانے میں ایک ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

    اگلے مرحلے میں ملتان، وہاڑی، رحیم یار، نواب شاہ اور ایبٹ آباد میں سرکاری جائیدادوں کی نیلامی ہوگی، جس کے لیے وزارتِ نج کاری نے خواہش مند سرمایہ کاروں کو نیلامی میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

    وزارت مواصلات کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ: 75 کروڑ کی بچت، 50 ارب کا ریونیو

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے شروع ہی سے تمام وزرا اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ کفایت شعاری سے کام لیں اور اخراجات کم سے کم کر کے بچت کریں، تاکہ قومی خزانے پر بوجھ نہ پڑے۔

    جون میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے تحت 38 کروڑ 51 لاکھ 5 ہزار روپے کی بچت کی گئی ہے، یہ مالی سال 2019-20 کے دوران یہ دوسری بچت تھی۔ 18 اگست کو وزارت مواصلات کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے 2 سال میں 75 کروڑ کی بچت کی جب کہ ریونیو میں 50 ارب کا اضافہ کیا۔

  • عثمان بزدار کا کارنامہ، سرکاری خزانے کے لیے کروڑوں کے فنڈز مہیا کر دیے

    عثمان بزدار کا کارنامہ، سرکاری خزانے کے لیے کروڑوں کے فنڈز مہیا کر دیے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سرکاری دفاتر کی ناکارہ گاڑیوں، فرنیچر اور مشینری کی نیلامی مکمل ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عثمان بزدار کی ہدایت پر کی گئی شفاف ترین نیلامی سے 75 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز سرکاری خزانے میں جمع کرا دیے گئے، یہ ناکارہ گاڑیاں، فرنیچر اور مشینری سال ہا سال سے سرکاری دفاتر میں پڑی تھی۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے بغیر فنڈز جاری کیے 75 کروڑ روپے کے فنڈز جنریٹ کیے، ہمارا یہ اقدام دفاتر کو صاف، نظام کو شفاف بنانے کی عمدہ مثال ہے۔

    عثمان بزدار نے بتایا کہ یہ نیلامی ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ پولیس میں کی گئی، نیلامی سے حاصل رقم صوبائی خزانے میں جمع کرائی گئی ہے، دفاتر میں عملے، وزیٹرز کے لیے جگہ کم تھی اور بے کار سامان نے زیادہ جگہ گھیر رکھی تھی جس کے سبب ناکارہ سامان کی نیلامی کی گئی۔

    فضول خرچی کرنے والے افسران کے لیے عثمان بزدار کا دوٹوک پیغام

    انھوں نے کہا ہم عوام کے خون پسینے کی کمائی کے امین ہیں، ماضی کے ادوار میں سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، سابق حکمرانوں نے سرکاری امانت میں خیانت کی۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں خبردار کیا تھا کہ سرکاری سطح پر فضول خرچیوں کی پہلے اجازت دی گئی نہ ہی آئندہ دی جائے گی۔

  • عدالت نے اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی روک دی

    عدالت نے اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی روک دی

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے لاہور میں موجود گھر کی نیلامی سے روکتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی آج ممکن نہ ہوسکی، اسحاق ڈار کی اہلیہ نے ضلعی انتظامیہ کو نیلامی کے خلاف حکم امتناع تھما دیا، ضلعی انتظامیہ کی ٹیم آدھے گھنٹے بعد واپس روانہ ہوگئی ۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں موجود گھر 14 فروری 1989 کو اسحاق ڈار نے حق مہر کے عوض اپنی اہلیہ کو دیا تھا وکیل کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے تبسم اسحاق کی جانب سے نیب کے اقدام کے خلاف دائر دخواست 7 نومبر 2019 کو خارج کر دی تھی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کر دیا، عدالت نے 7 نومبر کے احتساب عدالت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نیب کو نیب کو نوٹس جاری کر کے 13 فروری کو جواب طلب کر لیا۔

  • چوری شدہ فن پارہ جو بیس سال بعد کچرے کے ڈھیر سے ملا

    چوری شدہ فن پارہ جو بیس سال بعد کچرے کے ڈھیر سے ملا

    میکسیکو کے مشہور مصور روفینو تومایو نے جب 1970 میں اپنی ایک پینٹنگ مکمل کی تو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ ایک روز گندگی کے ڈھیر پر پڑی ہو گی!

    یہ آئل پینٹنگ اس مصور کے مُو قلم کا شاہ کار تھی جسے کینوس پر اترنے کے صرف سات سال بعد یعنی 1977 میں نیلام کر دیا گیا۔ اسے نیلام گھر سے ایک قدر دان ساڑھے چھبیس ہزار پاؤنڈ میں لے گیا تھا۔

    چند برس بعد یہ پینٹنگ اس کے گودام سے کسی نے چوری کرلی اور لگ بھگ 20 سال بعد یہ کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہوئی۔ اس کا مالک اتنے برسوں میں یقینا اس پینٹنگ کا دکھ فراموش کر چکا تھا۔ تاہم الزبتھ گبسن نامی خاتون کے ہاتھ لگنے کے بعد جب اس کی خبر عام ہوئی تو چوری کا بیس برس پرانا وہ واقعہ کئی ذہنوں میں تازہ ہو گیا۔

    اس خاتون نے پینٹنگ کچرے کے ڈھیر سے اٹھائی تو وہ یہ جانتی تک نہ تھی کہ یہ کوئی شاہ کار ہے جسے منہگے داموں فروخت کیا جاسکتا ہے۔

    الزبتھ گبس آرٹ کو نہیں سمجھتی تھی اور اس کا خیال تھا کہ اس تصویر کو بس دیوار پر سجایا جاسکتا ہے، مگر ایک سہیلی نے کہا کہ شاید یہ کوئی قیمتی فن پارہ ہے، تم اس حوالے سے معلوم کرو۔

    اس فن پارے کے چوری ہونے کی رپورٹ 1988 میں کی گئی جس پر متعلقہ امریکی ادارے نے اس چوری کا کھوج لگانے کی کوشش کی تھی۔

    الزبتھ کو یہ معلوم ہوا تو وہ مالکان تک پہنچ گئی اور انھیں پینٹنگ لوٹا دی۔ کئی برس تک اس فن پارے کی جدائی کا غم سہنے والے مالکان نے الزبتھ کو خالی ہاتھ جانے نہ دیا اور سات ہزار پاؤنڈ بطور انعام دیے۔ بعد ازاں اس پینٹنگ کو نیویارک میں نیلام کر دیا گیا۔

  • نیلامی میں فروخت ہونے والی دنیا کی مہنگی ترین فراری گاڑیاں

    نیلامی میں فروخت ہونے والی دنیا کی مہنگی ترین فراری گاڑیاں

    دنیا بھر میں نیلامی کے ذریعے فروخت ہونے والی دنیا کی 6 مہنگی ترین فراری گاڑیاں منظر عام پر آگئیں۔

    جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لگژری فراری گاڑیاں جو نیلامی میں فروخت ہوئیں ان کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔

     

    1962 فراری 250 GTO اگست 2018 میں 48,405,000 ڈالر میں فروخت ہوئی، جو دنیا کی سب سے مہنگی ترین فراری تصور کی جاتی ہے۔

    Auto Ferrari

    اسی طرح ایک ہی ماڈل کی گاڑی 1962 فراری 250 GTO اگست2014 میں 38,115,000 ڈالر میں فروخت ہوئی۔ ماڈل ایک ہی طرح کی تھی تاہم اس گاڑی کا چیچس نمبر تبدیل تھا۔

    Auto Ferrari

    1957 فراری 335 S فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 35,730,510 ڈالر میں فروخت ہوئی۔

    Auto Ferrari

    1956 فراری 290 MM نیویارک میں 2015 میں فروخت ہوئی، جس کی قیمت 28,050,000 تھی۔

    Auto Ferrari

    1967 فراری 275 GTB سترہ اگست 2013 میں فروخت ہوئی جس کی نیلامی کے دوران 25 ملین ڈالر بولی لگی، تاہم گاڑی کے مالک نے فراری کو فلاحی کاموں میں تعاون کے لیے عطیہ کردیا۔

    Auto Ferrari

    اسی طرح 1964 فراری GTB 275 اگست 2014 میں 27,940,000 ڈالر میں فروخت ہوئی۔

  • میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

  • پیرس : تاریخی ایفل ٹاور کی بیش قیمت گول سیڑھی کی نیلامی

    پیرس : تاریخی ایفل ٹاور کی بیش قیمت گول سیڑھی کی نیلامی

    پیرس : فرانس کی پہچان ایفل ٹاور کی قدیم گول سیڑھی کے ایک حصہ کی نیلامی کردی گئی، تاریخی برج کی سیڑھی کو ایک لاکھ نوے ہزار امریکی ڈالر میں خرید ا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے مشہور شہر پیرس میں قائم تاریخی اہمیت کے حامل ایفل ٹاور کی سیڑھی کے ایک حصے کی نیلامی کی تقریب کینیڈا میں منعقد ہوئی۔

    مشرقی وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے ایک خریدار نے زینے کے900 کلو گرام وزنی حصے کی سب سے زیادہ بولی قریب دو لاکھ امریکی ڈالر(190,885$)لگا دی جسے منظور کرلیا گیا۔

    یہ آہنی زینہ ایفل ٹاور کی دوسری اور تیسری منزل کے درمیان نصب تھا۔ نیلام گھر کے منتظمین کے مطابق یہ حصہ نیلامی کے دوران منعقد کی گئی ابتدائی قیمت سے تین گنا زیادہ قیمت میں نیلام ہوا ہے۔

    قبل ازیں یادگاری سیڑھیوں کا ایک حصہ اس سے قبل 2009ء میں نیلام کیا جاچکا ہے، اور سال2016 میں ایفل ٹاور کا ایک اور حصہ سوا پانچ لاکھ یورو میں نیلام کیا گیا تھا۔

    ایفل ٹاور لوہے سے بنے ایک مینار کا نام ہے جو فرانس کے شہر پیرس میں دریائے سین کے کنارے واقع ہے۔ اس کا نام اس کو ڈیزائن کرنے والے شخص گستاف ایفل پر رکھا گیا، اس کے علاوہ ایفل ٹاور کو’آئرن لیڈی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

    پیرس کا یہ سب سے اونچا ٹاور دنیا میں سب سے زیادہ پہچانی جانے والی یادگار ہے اس کی بلندی 1063 فٹ / 324 میٹر ہے اسے 1889ء میں مکمل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: ایفل ٹاور کے 128سال مکمل ، 30کروڑ سیاحوں کی آمد کا جشن

    ایفل ٹاور سیاحوں کے لئے دنیا بھر میں سب سے زیادہ پرکشش جگہ ہے ، تعمیر سے اب تک تیس کروڑ سیاح ایفل ٹاور کا نظارہ کر چکے ہیں، اس سال ایفل ٹاور کو129سال مکمل ہوگئے، اس طویل مدت میں اسے دنیا بھر سے دیکھنے والوں کی تعداد 30کروڑ سے زائد ہوگئی ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔