Tag: نیلم منیر

  • کرونا ویکسین: نیلم منیر کا مداحوں کو اہم پیغام

    کرونا ویکسین: نیلم منیر کا مداحوں کو اہم پیغام

    کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی، انہوں نے اس حوالے سے اپنے مداحوں کو اہم پیغام بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نیلم منیر نے لکھا کہ انہوں نے اور ان کی والدہ نے کرونا وائرس ویکسی نیشن کی پہلی خوراک لے لی ہے۔

    نیلم نے لکھا کہ میں نے یہ ویڈیو صرف اس لیے بنائی ہے تاکہ دوسرے لوگوں کو ویکسین لگوانے کی ہمت اور حوصلہ مل سکے، کرونا وائرس سے خود کو بچائیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ براہ کرم اپنے آپ کو اور اپنے پیاروں کو لازمی کرونا ویکسین لگوائیں۔

    نیلم منیر کے علاوہ بھی متعدد پاکستانی فنکار کرونا وائرس ویکسین لگوا چکے ہیں جن میں عدنان صدیقی، بشریٰ انصاری، ارمینا خان، عفت عمر، حنا خواجہ، سیمی راحیل، ندا یاسر، یاسر نواز اور ثمینہ پیرزادہ وغیرہ شامل ہیں۔

  • نیلم منیر نے ڈپریشن سے نجات کا حل بتا دیا

    نیلم منیر نے ڈپریشن سے نجات کا حل بتا دیا

    کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے لیے ڈپریشن کے حوالے سے اہم پیغام شیئر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف ادکارہ نیلم منیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مداحوں کے نام پیغام میں کہا کہ زندگی کبھی بھی گلاب کے پھول کی سیج نہیں ہوتی، ہم سب ہی اپنی زندگی میں بہت سی پریشانیوں اور مسائل سے دوچار ہوتے ہیں اور ان میں سے کوئی ایک پریشانی ہمارے لیے ڈپریشن اور افسردگی کا سبب بنتی ہے۔

    اداکارہ نے لکھا کہ ’جب ہم احساس کمتری کا شکار ہوتے ہیں تو ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اس کے حل کے لیے اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کریں۔‘

    نیلم منیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کی رہنمائی کے لیے قرآن پاک نازل کیا ہے اور قرآن پاک مایوسی میں ہماری مدد کرنے کے لیے ایک ہدایت نامہ ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ ہمیں افسردگی اور اضطراب سے نجات حاصل کرنے کے لیے قرآن پاک کا مطالعہ کرنا چاہئے اس سے ناصرف ہماری رہنمائی ہوگی بلکہ ہمارے دل کو بھی سکون ملے گا۔

    نیلم منیر نے آخر میں دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ تعالیٰ ہم سب کو صلح اور صبر کی توفیق عطا فرمائے آمین۔‘

    واضح رہے کہ اداکارہ نیلم منیر اے آر وائی ڈیجیٹل سے نشر کیے جانے والے ڈرامے ’بکھرے موتی‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

  • یاسر نواز کی بہترین آن اسکرین کیمسٹری کس کے ساتھ ہے؟

    یاسر نواز کی بہترین آن اسکرین کیمسٹری کس کے ساتھ ہے؟

    کراچی: معروف اداکار اور ہدایتکار یاسر نواز کا کہنا ہے کہ ان کی آن اسکرین کیمسٹری ثانیہ سعید اور نیلم منیر کے ساتھ بہت اچھی رہی ہے۔ یاسر اور نیلم بہت جلد اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے بکھرے موتی میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو میں عید کے خصوصی شو میں معروف اداکار اور ہدایتکار یاسر نواز نے اپنی آن اسکرین کیمسٹری کے بارے میں بتایا۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر نے ان سے دریافت کیا کہ ان کی آن اسکرین کیمسٹری کس کے ساتھ زیادہ اچھی ہے تو انہوں نے ثانیہ سعید اور نادیہ جمیل کا نام لیا۔

    یاسر کا کہنا تھا کہ انہوں نے شروع میں ہر دوسرے ڈرامے میں ثانیہ سعید کے ساتھ کام کیا لہٰذا ان کے ساتھ ان کی بہت اچھی کیمسٹری ہے۔

    بعد میں انہوں نے اداکاری کم کردی، تاہم اب پھر سے ان کی آن اسکرین کیمسٹری نیلم منیر کے ساتھ بہت مقبول ہورہی ہے۔

    یاسر نے بتایا کہ نیلم کے ساتھ ان کا ڈرامہ دل موم کا دیا بے حد پسند کیا گیا تھا، دل موم کا دیا اے آر وائی ڈیجیٹل کا مقبول ترین ڈرامہ تھا۔ اب ان کا ایک اور ڈرامہ بکھرے موتی عید کے بعد پیش کیا جائے گا جس کے ٹیزرز ریلیز کردیے گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی نیلم منیر کے ساتھ ایک فلم ‘چکر‘ بھی آئے گی جس کی ریلیز حالات کے معمول پر آنے تک مؤخر کردی گئی ہے۔

  • اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے: نیلم منیر

    اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے: نیلم منیر

    معروف اداکارہ نیلم منیر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ اگر اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نیلم منیر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ڈوپٹہ اوڑھے ہوئے خوبصورت تصویر شیئر کی۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے لیے ہر دن عورت کا دن ہے، اگر ہم اسلام کے احکامات پر عمل کریں۔

    نیلم منیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جب ہمیں ان خواتین کی کامیابی کو منانا چاہیئے جنہوں نے اپنی زندگی کی تمام مشکلات پر قابو پایا۔

    انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ہمارا معاشرہ اسلام کی صحیح روح کو سمجھے اور خواتین کو وہ تمام حقوق فراہم کرے جو اسلام نے انہیں دیے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خواتین کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین نے مارچ کر کے ایک ہونے کا ثبوت دیا۔

  • نیلم منیر کا دل ٹوٹ گیا

    نیلم منیر کا دل ٹوٹ گیا

    کراچی: معروف اداکارہ نیلم منیر نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیرے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی اس دھمکی سے میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر آزادی مارچ سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے نیلم منیر نے لکھا کہ ہمارا ملک انتشار اور سول نافرمانی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم نوجوان کو اپنی تقدیر سنبھالنے کی ضرورت ہے اور اس کا واحد راستہ یہی ہے کہ افرا تفری پھیلانے والوں کی بات نہ سنیں۔

    نیلم منیر نے لکھا کہ ہم نوجوانوں کو ان اداروں کے خلاف اکٹھا ہونا پڑے گا جو ملک میں انتشار چاہتے ہیں اور ہمارے پیارے ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کون ہیں ، ہمیں ان کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔

    اداکارہ نے لکھا کہ میں تمام مذہبی اسکالرز کی دل کی گہرایوں سے عزت کرتی ہوں، روزانہ ان کی تقاریر اور لیچکرز سن کر اس سے رہنمائی حاصل کرتی ہوں مگر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو گھر سے گرفتار کرنے کی بات کرکے میرا دل توڑ دیا ہے۔

    انسٹاگرام کی گئی پوسٹ میں نیلم منیر نے پاکستانی جھنڈے کے ساتھ اپنی تصویر اور قومی پرچم بھی شیئر کیا۔

    واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے دوران وزیراعظم کو مستعفی ہونے کے لیے 2 دن کی مہلت دیتے کہا تھا کہ یہ مجمع قدرت رکھتاہےکہ وزیراعظم کوگھرسےگرفتارکرلے،ادارے2دن میں بتادیں موجودہ حکومت کی پشت پرنہیں کھڑے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ناموسِ رسالت ﷺ کے مقدس نام پر لوگوں کو ورغلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا، عمران خان عالمی سطح پر ناموسِ رسالت ﷺ کا دفاع کررہے ہیں، ہم اپنے جان و دل سے ناموس رسالت کا تحفظ کریں گے۔

  • بھارت میں پاکستان مخالف بیان سیاسی مقاصد کے لئے دیئے جاتے ہیں، نیلم منیر

    بھارت میں پاکستان مخالف بیان سیاسی مقاصد کے لئے دیئے جاتے ہیں، نیلم منیر

    کراچی: اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ بھارت میں اس وقت جو کچھ ہورہا ہے یہ سب سیاسی مقاصد کے لیے ہے اور انھیں مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کے خلاف زہر سرائی کی جارہی ہے۔

    اداکارہ نیلم منیر نے کہا کہ بھارتی عوام کی اکثریت انتہاپسندی مسترد کرتی ہے جس اس کی تازہ مثال بھارتی صوبہ بہار میں ہونے والے انتخابات ہیں جس میں انتہا پسندی عزائم رکھنے والی حکمران سیاسی جماعت کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔

    اداکارہ نیلم منیر کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام اور فنکار پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں، چند انتہا پسند عناصر ہی اس کے مخالف ہیں، بالی ووڈ کے بہت سے فنکاروں سے مل چکی ہوں اور وہ سب پاکستان کے حوالے سے مثبت سوچ رکھنے کے ساتھ کام بھی کرنا چاہتے ہیں ۔

    فلم کے بارے میں انھوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پاکستانی فلموں کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرزنے بھی رابطہ کیا ہے، ان میں سے جو بھی پروجیکٹ اچھا لگا تو ضرور کام کروں گی، انہوں نے کہا کہ اسکینڈلز کے حوالے سے پریشان ہونے کے بجائے لطف اندوز ہوتی ہوں۔