Tag: نیل گائے

  • پشاور چڑیا گھر میں 3 ننھے مہمانوں کی آمد (تصاویر دیکھیں)

    پشاور چڑیا گھر میں 3 ننھے مہمانوں کی آمد (تصاویر دیکھیں)

    پشاور: چڑیا گھر میں تین ننھے جانوروں کا اضافہ ہو گیا ہے، نیل گائے نے 2 اور چنکارہ نے ایک بچے کو جنم دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عثمان دانش کے مطابق پشاور چڑیا گھر میں نیل گائے نے دو بچوں کو جنم دے دیا، جب کہ چنکارہ نے بھی ایک بچے کو جنم دے دیا ہے۔

    ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ تینوں بچے صحت مند ہیں اور چڑیا گھر میں ان کا بہترین خیال رکھا جا رہا ہے۔

    ڈائریکٹر چڑیا گھر اشتیاق نے بتایا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 2 سال میں متعدد جانوروں نے بچوں کو جنم دیا، انتظامیہ جانوروں کا اچھا خیال رکھ رہی ہے۔

    یاد رہے کہ 30 نومبر کو اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا بھیجا گیا تھا، دنیا کے تنہا ترین سمجھے جانے والے ہاتھی کاوان کو آخر کار 35 سال بعد تکلیف دہ صورت حال سے نجات مل گئی تھی، اور اسے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کیا گیا۔

    بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    یہ ہاتھی 1985 میں سری لنکا سے تحفے کے طور پر پاکستان لایا گیا تھا، اس وقت اس کی عمر صرف ایک سال تھی، مرغزار چڑیا گھر میں اسے نامناسب حالت میں ایک چھوٹے سے احاطے میں زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا۔ کاوان ہاتھی کے ساتھ متعلقہ حکام کی جانب سے ظالمانہ سلوک کے باعث رواں برس مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کی منتقلی کا فیصلہ سنایا تھا۔

  • بھارت میں گائے کی وجہ سے 2 طالب علموں کی موت

    بھارت میں گائے کی وجہ سے 2 طالب علموں کی موت

    نوئیدا: بھارت میں سڑک پر ہولناک حادثے کے نتیجے میں دو طالب علم ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہرنوئیدا میں پیش آیا جہاں سڑک کے بیچ نیل گائے آگئی، کار ڈرائیور نے گائے کو بچایا تو گاڑی درخت سے جا ٹکرائی۔

    کار میں ڈرائیور سمیت چار افراد سوار تھے، تاہم پیچھے بیٹھے دونوں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے، گاڑی کی اگلی سیٹ پر بیٹھے افراد حفاظتی انتظامات کے باعث جان لیوہ چوٹ سے محفوظ رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں نوجوان دسویں جماعت کے طالب علم تھے۔

    موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، ویڈیو وائرل

    سمت اور دنیش رنجینا گاؤں میں قائم اسکول سے گھر آرہے تھے کہ اچانک یہ حادثہ پیش آیا، نیل گائے اگر سڑک پر نہ آتی تو یہ جانی نقصان نہیں ہوتا، ابتدائی تفتیش میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار انتہائی تیز کررکھی تھی۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر اس طرح کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، یہ واقعات ان علاقوں میں زیادہ پیش آتے ہیں جہاں کی سڑکیں کسی گاؤں یا پھر جنگل جھاڑ علاقوں سے ہوتے ہوئے گزرتی ہیں، ایسے میں جھاڑیوں سے جانوروں کا نکلنا اور سڑک پر آنا عام ہے۔ اس سے قبل متعدد بار مذکورہ حادثات میں کئی اموات ہوچکی ہیں۔