Tag: نیواسلام آباد ایئرپورٹ

  • نیواسلام آباد ایئرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، مسافروں کو پریشانی کا سامنا

    نیواسلام آباد ایئرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، مسافروں کو پریشانی کا سامنا

    اسلام آباد : نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی لفٹ خراب ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑہا ہے، سفر کی تھکان کے بعد سیڑھیاں چڑھنا اور اترنا مزید تکلیف کا باعث بن رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، بین الاقوامی آمد (انٹرنیشنل ارائیول) کی لفٹ خراب ہوگئی۔

    لفٹ خراب ہونے کی وجہ سے بیرون ملک آنے والے مسافروں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑرہا ہے، لفٹ کی مرمت کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری ایوی ایشن نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لفٹ خراب ہونے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے کر تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی فوری طور پر تحقیقات کرکے رپورٹ ڈی جی سی اے اے کو پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ سابق نون لیگی دور حکومت میں116ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا عجلت میں افتتاح کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: نیواسلام آباد ایئرپورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے گئے

    نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر معمولی بارش ہوجائے تو چھتوں سے پانی رسنا شروع ہوجاتا ہے، اس کے علاوہ بھی نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا اے ویو برج بھی اکثر خراب ہونے کی شکایت موصول ہوتی رہی ہیں۔

  • نیواسلام آباد ایئرپورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے گئے

    نیواسلام آباد ایئرپورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے گئے

    اسلام آباد : نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پسنجر برج گرنے کے بعد تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے، رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پسنجر بورڈنگ برج گرنے کے بعد ڈائریکٹر انجینئرنگ نے ایئر پورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر انجینئرنگ کی رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، پسنجر بورڈنگ برجز آپریشن اسلام آباد کے نام سے رپورٹ ڈپٹی ڈی جی کو ارسال کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ کے تمام پسنجر بورڈنگ برج پہلے دن سے ہی خراب اور نقائص کا شکار ہیں، برجز بنانے والی کمپنی سمیت کنٹریکٹر نے برجز کے نقائص کی جانب کبھی توجہ نہیں دی، نقائص ٹھیک نہ کئے جانے کے باعث تمام برجز مسافروں کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر قائم تمام برجز کو خطرناک ہونے کے باعث ان کا استعمال فوری روک دیا جائے، پسنجر بورڈنگ برجز کو تمام نقائص ٹھیک ہونے کے بعد استعمال کیا جائے۔

    رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حقائق جاننے کے لئے غیرجانبدار بورڈ آف انکوائری کا قیام اور برجز تیار کرنے والی غیر ملکی کمپنی سے اعلی سطح پر رابطہ کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد ایئرپورٹ پرغیرملکی پرواز سے لگا پسنجربرج گرگیا

    اس کے علاوہ کمپنی سمیت برجز کی تنصیب کے ذمہ دار کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ کیا جائے اور اسلام آباد سمیت دیگر ائرپورٹس پر حالیہ نصب برجز میں نقائص کی نشاندہی کے لئے ٹاسک فورس قائم کی جائے۔