Tag: نیوزی لینڈ

  • نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے معروف اینکر سے منگنی کرلی

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے معروف اینکر سے منگنی کرلی

    آکلینڈ : نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر اپنے دیرینہ دوست کلارک گیفورڈ سے منگی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو ہونے والے سفید فام دہشت گرد کے حملے میں پچاس مسلمانوں کی شہادت کے بعد متاثرین سے اظہار یکجہتی و مسلمانوں سے اظہار ہمدردی کرنے پر شہرت پانے والے کیوی وزیراعظم جیسنڈا نے منگنی کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 38 سالہ جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دیرینہ دوست 41 سالہ کلارک گیفورڈ سے ایک ہفتہ قبل ساحل سمندر پر منگنی کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو ان کے منگیتر کلارک نے تقریب کے موقع پر ہیرے کی انگھوٹی پہنائی تھی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ جوڑے کی ملاقات سنہ 2012 میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ہوئی تھی، اگرچہ اینکرپرسن کلارک گیفورڈ اور کیوی وزیر اعظم کی منگنی اب ہوئی لیکن دونوں کے گھر 21 جون 2018 میں پہلی بچی کی پیدائش بھی ہوگئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں نے ایسے موقع پر منگنی کی ہے جب نیوزی لینڈ کے عام انتخابات میں ایک سال باقی رہ گیا ہے، خیال رہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے سنہ 2017 میں نیوزی لینڈ کا اقتدار سنبھالا تھا.

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جیسنڈا آرڈرن نے کچھ سال قبل میڈیا کے سامنے خود کو جوڑا ثابت کرکے پذیرائی پائی تھی جبکہ 2018 میں ان کے ہاں بچی کی پیدائش میں جیسنڈا کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا جبکہ کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرکے عالمی سطح پر خوب شہرت حاصل کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کیوی وزیر اعظم نے گزشتہ برس دوران وزارت عظمیٰ بیٹی کو جنم دیا تھا جبکہ اس سے قبل یہ اعزاز 1990 میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو صاحبہ کو حاصل ہوا تھا جب انہوں نے اپنی بڑی بیٹی بختاور زرداری کو جنم دیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ 38 سالہ وزیر اعظم کو نیوزی لینڈ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ میں تیسری خاتون وزیر اعظم اور اب تک کی نوجوان وزیر اعظم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

  • نیوزی لینڈ، پولیس اسٹیشن میں چوری کی واردات، چور 11 بندوقیں لے اڑا

    نیوزی لینڈ، پولیس اسٹیشن میں چوری کی واردات، چور 11 بندوقیں لے اڑا

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی پولیس نے بتایا ہے کہ جمعے کے روز ایک چور پولیس اسٹیشن سے 11 جدید خود کار ہتھیار چوری کر کے لے گیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کارروائی میں ایک ہی چور نے حصہ لیا اور اُس نے وہ بندوقیں چرائی جو لوگوں نے کرائسٹ چرچ حملے کے بعد پولیس کو جمع کرائی تھیں۔ پولیس حکام کے مطابق مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے، ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں تھانے سے فرار ہوتا بھی دیکھاگیا۔

    رپورٹ کے مطابق چوری کا واقعہ نیوزی لینڈ کے شمالی آئس لینڈ میں پیش آیا، پولیس نے کارروائی کر کے وہ گاڑی برآمد کرلی جس میں مشتبہ شخص اسلحہ لے کر فرار ہوا تھا۔ ڈسٹرکٹ کمانڈر انسپیکٹر سارا سٹورٹ کا کہنا تھا کہ ’ جمعرات کے روز ہونے والے واقعے میں 1 تھانے کے اسٹور روم سے جدید ہتھیار چوری ہوئے، مذکورہ اسلحے کے حوالے سے معلومات جمع کی جارہی ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں‌ جدید اسلحہ رکھنے پر پابندی کا بل منظور

    یاد رہے کہ کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ دو مساجد پر مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس میں 50 سے زائد نمازی شہید ہوگئے تھے، بعد ازاں نیوزی لینڈ کی حکومت نے ہتھیار رکھنے کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے سخت قوانین متعارف کرائے تھے جس کے تحت لوگ اپنے خودکار اور نیم خودکار ہتھیار پولیس کے پاس جمع کراہے ہیں۔

    حکومت کی جانب سے عوام کو ازخود ہتھیار جمع کرانے کے لیے 30 ستمبر تک کی مہلت دی گئی ہے، بعد ازاں جس شخص کے پاس سے اسلحہ برآمد ہوگا اسے سزا کے طور پر جیل بھیجا جائے گا۔

  • سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار

    سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار

    پیرس: کرائسٹ چرچ حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں سے نمٹنے کے لیے فرانس اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں ہونے والے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں سے نمٹنے کے لیے فرانس اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ حکمت عملی بنائی ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعذظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ فرانس کے ساتھ مل کر دوسرے ممالک اور ٹیک کمپنیوں سے سوشل میڈیا پر شدت پسندی روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

    جینسڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کو روکنے کے لیے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا ہوگا، کوشش کریں گے دوسرے ملکوں کو بھی اس عمل میں ساتھ لے کر چلیں۔

    مزید پڑھیں: جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین، آرٹسٹ نے حجاب میں‌ ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی

    واضح رہے کہ 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ حملے کی لائیو اسٹریمنگ فیس بک پر کی گئی تھی جس کے بعد فیس بک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس نے چوبیس گھنٹے کے اندر مرکزی حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا جس کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی تھی، حملہ آور آسٹریلوی شہری تھا جس کی آسٹریلیا نے بھی تصدیق کردی تھی۔

  • دہشت گردی کے خلاف عزم مستحکم ہے،  جیسنڈا ایرڈن

    دہشت گردی کے خلاف عزم مستحکم ہے، جیسنڈا ایرڈن

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں لوگوں کو نشانہ بنانا ہولناک عمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے سری لنکا دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ہر طرح کی انتہا پسندی کو مسترد کرتا ہے۔

    جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ ہماری سرزمین پر15 مارچ کے حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم مستحکم ہوچکا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں لوگوں کو نشانہ بنانا ہولناک عمل ہے۔

    جیسنڈا ایرڈن کا مزید کہنا تھا کہ ہم مذہبی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، ایسے پُرتشدد واقعات کو روکنے کے لیے ہم سب کو اجتماعی کوششیں کرنی ہوں گی۔

    سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرے آٹھ دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں 290 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔

    سری لنکن وزیراعظم نے ملک میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا تھا۔

    سری لنکا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت صورت حال پرقابوپانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، عوام مشکل وقت میں متحد رہیں، افواہوں پرکان نہ دھریں۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، دہشت گرد پر فرد جرم عائد

    سانحہ کرائسٹ چرچ، دہشت گرد پر فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ: سانحہ نیوزی لینڈ کے دہشت گرد کو عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں اس پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ عدالت میں پیش ہوا، عدالت نے 50افراد کے قتل پر فرد جرم عائد کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دہشت گرد پر اقدام قتل کے 39مقدمات میں بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے، 14جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    دہشتگرد کی دوسری پیشی پر عدالت میں شہدا کے ورثا بھی موجود تھے، چودہ جون کی پیشی پر عدالت کی جانب سے مزید اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    عدالتی حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملہ آور کا دماغی ٹیسٹ کرایا جائے اور ماہرین کی حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

    نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نسل پرست دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 افراد کو قتل جبکہ درجنوں افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو حملے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرکے اگلے روز عدالت میں پیش کردیا گیا تھا جہاں اس پر ایک قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایردن نے 25 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

  • ورلڈکپ 2019: نیوزی لینڈ نے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ورلڈکپ 2019: نیوزی لینڈ نے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ دو ہزارانیس کے لیے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، مشن ورلڈکپ میں کین ولیم سن نیوزی لینڈ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ دو ہزار انیس کی تیاریاں عروج پر ہے، وکٹ کیپر بیٹسمین ٹام بلنڈل نے پہلی بار ون ڈے ٹیم میں جگہ بنالی۔

    کیوی ٹیم کے سب سےتجربہ کار کھلاڑی راس ٹیلر چوتھی بار میگا ایونٹ میں جلوے بکھیریں گے، کپتان کین ولیمسن، ٹم ساؤتھی اورمارٹن گپٹل نیوزی لینڈ کی طرف سے تیسر ی بار ورلڈ کپ کھیلیں گے۔

    دیگر کھلاڑیوں میں کولن ڈی گرینڈہوم، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن، کولن منرو شامل ہیں۔ میٹ ہنری، ٹام لیتھم، جمی نیشم، ہنری نکولس، مچل سینٹنر اور اش سودھی بھی ورلڈ کپ میں کیوی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

    واضح رہے کہ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ کپ 2019: کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، شائقین کرکٹ بےتاب

    آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کا فارمیٹ وہی رکھا گیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ 1992 ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا، راؤنڈ رابن طرز پر کھیلے گئے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔

    پاکستان اپنا آخری لیگ میچ پانچ جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی۔

  • نیوزی لینڈ، خودکار ہتھیاروں پر پابندی، بل منظور

    نیوزی لینڈ، خودکار ہتھیاروں پر پابندی، بل منظور

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں سیمی آٹومیٹک طرز کی رائفلز پر پابندی عائد کرنے سے متعلق ایک قانونی بل منظور کرلیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی پارلیمان میں ووٹنگ کرائی گئی رائے دہی میں 119 ارکان نے اس بل کے حق میں ووٹ ڈالا جبکہ صرف ایک قانون ساز نے اس کی مخالفت کی۔

    بل کی مخالفت کرنے والے قانون ساز نے کہا کہ خود کار ہتھیاروں سے متعلق بل جلد بازی میں پیش کیا جارہا ہے۔

    کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں کے حوالے سے قانون سازی سخت بنائی جارہی ہے، اس ضمن میں مزید قوانین اسی سال کے اواخر تک متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ نیم خود کار ہتھیاروں پر پابندی کے لیے بل ووٹنگ کا یہ پہلا مرحلہ تھا، دیگر دو مراحل میں کامیابی کے بعد ہی بل کو قانونی درجہ حاصل ہوگا۔

    بل پر قانون سازی کے بعد فوجی طرز کے نیم خود کار ہتھیاروں جس میں میگزین نصب ہوتا ہے ان پر پابندی عائد ہوجائے گی۔

    مزید پڑھین: کرائسٹ چرچ میں جو ہوا وہ ہمارے ملک کی پہچان نہیں، وزیر اعظم نیوزی لینڈ

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر دہشت گرد نے اس وقت داخل ہوکر فائرنگ کی تھی جب بڑی تعداد میں نمازی، نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔

    افسوسناک واقعے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسیںڈا آرڈرن نے حملوں کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے پریس کانفرنس کے دوران آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان کیا تھا، جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ شہری ممنوع اسلحے سے متعلق پولیس سے رابطہ کریں اور خود کار ہتھیار واپس کریں۔

  • ہمیں دنیا سے انتہاپسندی کو ختم کرنا ہے: جسینڈا آرڈن

    ہمیں دنیا سے انتہاپسندی کو ختم کرنا ہے: جسینڈا آرڈن

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں تشدد اور نفرت کے لیے کوئی جگہ نہیں، مل کر دینا سے انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے میں شہید افراد کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، متاثرین سے اظہاریکجہتی کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے شریک کی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ متاثرین کے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، تشدد اور نفرت انگیزی کا مل کر خاتمہ کرنا ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردی کو شکست دینی ہے۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی اور مذکورہ ویڈیو17منٹ تک مسلسل انٹرنیٹ پر دکھائی گئی تھی۔

    کرائسٹ چرچ حملہ : فیس بک کا سفیدفام قوم پرست، علیحدگی پسند عناصر پر پابندی کااعلان

    بعد ازاں امریکا کی داخلی سلامتی کمیٹی نے نیوزی لینڈ میں مسجد پر دہشت گرد حملے کو براہ راست نشر کرنے اور ویڈیوز سماجی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیے جانے پر سوشل میڈیا کے سربراہوں سے وضاحت طلب کرلی تھی۔

  • کرائسٹ چرچ میں جو ہوا وہ ہمارے ملک کی پہچان نہیں، وزیر اعظم نیوزی لینڈ

    کرائسٹ چرچ میں جو ہوا وہ ہمارے ملک کی پہچان نہیں، وزیر اعظم نیوزی لینڈ

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں جو ہوا وہ ہمارے ملک کی پہچان نہیں، سانحے کے بعد جو ردعمل سامنے آیا اُس کی مثال نہیں ملتی۔

    نیوزی لینڈ میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ مساجد پر فائرنگ دہشت گردی تھی جس میں نیوزی لینڈ کی مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جو کچھ کرائسٹ چرچ میں ہوا وہ نیوزی لینڈ نہیں کیونکہ نیوزی لینڈ سب کو ساتھ لے کر چلنے والا ملک ہے، یہی وجہ ہے کہ سانحے کے بعد ایسا ردعمل سامنے آیا جس کی نظیر نہیں ملتی۔

    مزید پڑھیں: کرائسٹ چرچ : دہشت گردی کی وڈیو دکھانے پر فیس بک اور یوٹیوب کیخلاف مقدمہ

    ایک روز قبل نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ مساجد پر حملوں کی تمام پہلوؤں سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی، انہوں نے رائل کمیشن بنانے کا اعلان بھی کیا تاکہ اصل ذمہ داران تک پہنچا جائے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ واقعےکی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن تشکیل دینے کا ایک مقصد یہ بھی معلوم کرنا ہے کہ مستقبل میں مزید  حملوں کی روک تھام کے لیے ریاست کو کیا اقدامات کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

    جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ متاثرین حکومت اور ریاست سے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ مسجد پر حملہ کیسے اور کیوں ہوا؟۔

    یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت

    اُن کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ معاملہ صرف مسلمانوں کا نہیں ہے، حکومت اور ایوان نے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے، رائل کمیشن سنگین ترین واقعات کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیا جاتا ہے اور ہم اس حملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے پریس کانفرنس کے دوران آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان کیا تھا، جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ شہری ممنوع اسلحے سے متعلق پولیس سے رابطہ کریں اور خود کار ہتھیار واپس کریں۔

    یہ بھی پڑھیں: اتنے لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار ہے، کزن برینٹن ٹرینٹ

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے، پولیس نے چوبیس گھنٹے کے اندر مرکزی حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا جس کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی تھی، حملہ آور آسٹریلوی شہری تھا جس کی آسٹریلیا نے بھی تصدیق کردی تھی۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان

    سانحہ کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ مساجد پرحملوں کی تمام پہلوؤں سے مکمل تحقیقات ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا ایردن نے سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ واقعےکی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن تشکیل دینے کا مقصد یہ پتہ لگانا ہے کہ حملے کی روکھ تھام کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا تھا۔

    جیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ متاثرین یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کیسے دہشت گرد حملہ ہوا، رائل کمیشن سنگین ترین واقعات کی تحقیقات کے لیے بنایا جاتا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ مساجد پرحملوں کی تمام پہلوؤں سے مکمل تحقیقات ہوں گی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے پریس کانفرنس کے دوران آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان کیا تھا

    جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ شہری ممنوعہ اسلحہ سے متعلق پولیس سے رابطہ کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے شہریوں سے خود کارہتھیارواپس لیے جائیں گے۔

    نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔