Tag: نیوزی لینڈ

  • ’عماد کو اوور دو‘ قذافی اسٹیڈیم میں عماد وسیم کے حق میں نعرے لگ گئے

    ’عماد کو اوور دو‘ قذافی اسٹیڈیم میں عماد وسیم کے حق میں نعرے لگ گئے

    لاہور: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آل راؤنڈر عماد وسیم کے حق میں نعرے لگ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کی بولنگ کے وقت عماد وسیم باؤنڈری لائن کے پاس کھڑے فیلڈنگ کررہے تھے کہ اس وقت تماشائیوں نے نعرے لگانا شروع کردیے کہ ‘عماد کو اوور دو’۔

    ہوا کچھ یوں کہ نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں چودہ اوورز تک آل راونڈ کو کوئی اوور نہیں ملا تو شائقین نے نعرے لگانا شروع کیے۔ عماد پندرہویں اوور میں آئے اور دو گیندوں پر دو وکٹیں لیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مداحوں کی جانب سے نعرے بازی کرنے پر عماد ان کی جانب پلٹے اور شکریہ ادا کرنے کے انداز میں ہاتھ اٹھایا جبکہ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ گراؤنڈ مین مسلسل نعرے لگ رہے تھے جس پر عماد وسیم شائقین کی جانب پلٹے اور ہاتھ جوڑے۔

    فخر زمان بھی صائم ایوب کی بیٹنگ کے فین ہوگئے

    واضح رہے کہ کئی عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے عماد وسیم نے گزشتہ روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، ان سے محض ایک ہی اوور کروایا گیا جس میں انہوں نے 2 رنز دے کر 2 پے در پے وکٹس حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 88 رنز سے شکست دی، پاکستان کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

  • حکومت کا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو وی وی آئی پی سیکیورٹی دینے کا فیصلہ

    حکومت کا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو وی وی آئی پی سیکیورٹی دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو وی وی آئی پی سیکیورٹی دینےکا فیصلہ کیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے اس وقت ملک میں موجود ہے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ٹیم کو اسٹیٹ لیول سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل کمشنر اسلام آباد نے آئی جی اسلام آباد،کمشنر راولپنڈی سمیت متعلقہ افسران کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    ایڈیشنل کمشنر نے جڑواں شہروں کے افسران کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ ملکر سیکیورٹی پلان تشکیل کی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہےکہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 11 سے 26 اپریل تک پاکستان کے دورے پر ہے۔

  • نیوزی لینڈ میں 7.1 کی شدت کا طاقتور زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

    نیوزی لینڈ میں 7.1 کی شدت کا طاقتور زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی زلزلے کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی تنظیم یونائیٹڈ جیولاجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق نیوزی لینڈ کے کیرماڈیک جزائر میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کا مرکز 10 کلومیٹر کی گہرائی میں موجود تھا۔

    زلزلے کے کچھ دیر بعد ہی امریکی سونامی وارننگ سسٹم کی طرف سے 300 کلومیٹر کے دائرے میں قریبی، غیر آباد جزائر کے لیے سونامی الرٹ جاری کی گئی  ہے۔

    خیال رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے کا مرکز جنوبی ترکیہ کا غازین تیپ تھا، جو شام اور ترکیہ کی سرحد پر واقع ہے، زلزلے نے دونوں ملکوں میں کافی تباہی مچائی جس میں 44 ہزار لوگ ہلاک اور لاکھوں عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

  • ویلنگٹن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست

    ویلنگٹن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست

    ویلنگٹن: ٹیسٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلےکے بعد انگلینڈ کو ایک رن سے شکست دے دی۔

    میزبان نیوزی لینڈ نے فالو آن ہونےکے بعد ٹیسٹ میچ ایک رن سے جیتا،  جس کے نتیجے میں  دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

    مہمان انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 435 رنز 8 وکٹ کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی، جواب میں کیوی ٹیم 209 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس پر انگلینڈ نے میزبان ٹیم کو فالو آن کرانےکا فیصلہ کیا۔

    نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 226 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی اور 483 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف ملا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by BLACKCAPS (@blackcapsnz)

    تاہم ٹیسٹ میچ کے آخری روز کیوی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے انگلش بیٹر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 256 رنز  پر آؤٹ ہوگئی اور یوں نیوزی لینڈ ویلنگٹن ٹیسٹ صرف ایک رن سے جیت گیا۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 1 رن سے میچ جیتنےکا یہ دوسرا واقعہ ہے،  اس سے قبل جنوری 1993 میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ایک رن سے ہرایا تھا۔

  • طیارہ 16 گھنٹے فضا میں گزار کر واپس اُسی ایئرپورٹ پر اتر گیا، مگر کیوں؟

    طیارہ 16 گھنٹے فضا میں گزار کر واپس اُسی ایئرپورٹ پر اتر گیا، مگر کیوں؟

    آکلینڈ: ایئر نیوزی لینڈ کی ایک پرواز کو 16 گھنٹے فضا میں گزارنے کے بعد واپس اُسی ایئرپورٹ پر اترنا پڑا جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے نیویارک جانے والی پرواز کے مسافروں نے 16 گھنٹے ہوا میں گزارے، اور پھر واپس اسی ایئر پورٹ پر اترے جہاں سے ان کا سفر شروع ہوا تھا۔

    ایئر نیوزی لینڈ کی آکلینڈ سے نیویارک کی نان اسٹاپ پرواز جمعرات کو تقریباً 8 گھنٹے تک ہوا میں رہی تھی، اور یہ کیلیفورنیا سے تقریباً 2000 میل دور تھی، جب ایئر لائن کو یہ اطلاع ملی کہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر برقی آلات سے آگ لگنے کی وجہ سے ٹرمینل 1 بند کیا جا رہا ہے۔

    ایئر نیوزی لینڈ نے بتایا کہ آتش زدگی کی اطلاع کے بعد طیارے کو گھما کر واپس آکلینڈ لانے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں اس نے روانگی کے تقریباً 16 گھنٹے بعد لینڈ کیا۔

    ایئر لائن کے ترجمان نے نیوزی لینڈ ہیرالڈ کو بتایا کہ اگر طیارہ کسی اور امریکی ایئرپورٹ کی طرف موڑا جاتا تو طیارہ کئی دنوں تک زمین پر رہتا، اور اس طرح اس کی دیگر متعدد طے شدہ فلائٹس متاثر ہو جاتیں۔

  • نیوزی لینڈ میں طوفان کی تباہیاں جاری، متعدد ہلاک

    نیوزی لینڈ میں طوفان کی تباہیاں جاری، متعدد ہلاک

    ویلنگٹن : نیوزی لینڈ میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان گبرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

    عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی تاریخ کے تباہ کن طوفان پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، امدادی کاموں کے دوران فوج نے بھی حصہ لیا۔

    سمندری طوفان گبرائیل کی شدت قدرے کم ہوگئی لیکن امدادی کاموں کے دوران لاشیں اور زخمیوں کے ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

    فوجی ہیلی کاپٹرز نے گھروں کی چھتوں پر پھنسے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، گزشتہ روز امدادی کاموں کے دوران چھتوں سے 4 لاشیں برآمد ہوئی تھیں جب کہ مزید دو لاشیں ملیں جن میں ایک شیر خوار بچے کی ہے۔

    سمندری طوفان نے 51 لاکھ آبادی کے ملک میں بڑی تباہی مچائی۔ ساڑھے دس ہزار افراد بے گھر ہوگئے جب کہ املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

    نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے سمندری طوفان میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے نسلوں بعد ایسا تباہ کن طوفان دیکھا ہے۔

  • نیوزی لینڈ میں بدترین سیلاب، آکلینڈ میں ایمرجنسی

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں شدید ترین بارشوں اور بدترین سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے کئی علاقوں کو گھیر لیا ہے، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    جمعہ سے بارش کی وجہ سے تباہ حال نیوزی لینڈ کا 1.6 ملین آبادی کا سب سے بڑا شہر آکلینڈ اتوار کو ہنگامی حالت میں رہا، ساڑھے تین سو خاندانوں کو نقل مکانی کرنی پڑی۔

    آکلیند میں ہنگامی صورت حال تاحال برقرار ہے، آکلینڈ ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن بھی معطل ہو گیا ہے، اور شہر کے ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں۔

    نقصانات کے تخمینے کے مطابق 151 املاک پانی کی نذر ہو گئی ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلاب ا ور بارشوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں تباہ شدہ ملبے کو ہٹانے کے لیے 63 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔

    ملک کے موسم کی پیشن گوئی کرنے والے ادارے ’میٹ سروس‘ نے شمالی جزیرے کے لیے آج پیر کو مزید شدید موسم کی وارننگ دی ہے، ادارے کے مطابق شدید بارش اچانک سیلاب کا سبب بن سکتی ہے۔

  • وزیر اعظم کی کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کے نو منتخب وزیر اعظم کرس ہپکنز کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کی مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کا وزیر اعظم بننے پر مبارک ہو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، دونوں دوست ممالک میں تعلقات مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

    خیال رہے کہ نیوز لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہوجانے کے بعد کرس ہپکنز کو نیا وزیر اعظم نامزد کیا گیا تھا۔

    کرس ہپکنز نے آج وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

  • کرس ہپکنز نیوزی لینڈ کے نئے وزیر اعظم نامزد

     نیوزی لینڈ کی خاتون وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کے استعفے کے بعد لیبر ایم  پی کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم نامزد کر دیئے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ میں قدیم مقامی نسل ماوری سے تعلق رکھنے والے وزیرِ اعظم کے انتخاب کیلئے دباؤ دیکھا گیا جس کے بعد ملک کے وزیرِاعظم کیلئے کرس ہپکنز کے علاوہ وزیرِ انصاف کیری ایلن اور وزیر امیگریشن مائیکل ووڈ کے نام زیرِ غور تھے۔

    تاہم نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم  کیلئے لیبر ایم پی کرس ہپکنز کو نامزد کر لیا گیا ہے جنہیں اس عہدے پر براجمان ہونے کیلئے اتوار کو ایوان میں لیبر پارٹی کی جانب سے باضابطہ توثیق کے بعد نیوزی لینڈ کا نیا وزیرِاعظم مقرر کیا جائے گا۔

    جیسنڈا 7 فروری کو باضابطہ طور پر اپنا استعفی گورنر جنرل کنگ چارلس 3 کو  پیش کریں گی جس کے بعد اگر کرس ہپکنز کو ایوان نمائندگان کی جانب سے حمایت حاصل ہوئی تو گورنر جنرل انہیں وزیرِ اعظم مقرر کریں گے۔

    واضح رہے کہ 19 جنوری کو نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

     

  • نیوزی لینڈ ٹیم کو ایک اور دھچکا، میٹ ہنری دستیاب نہیں ہو سکیں گے

    آکلینڈ: فاسٹ بولر میٹ ہنری انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں، جو نیوزی لینڈ ٹیم کے لیے ایک دھچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیز بولر میٹ ہنری پیٹ میں تکلیف کے باعث بھارت اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ ڈف بریس وِل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا کہ ہنری پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن انجری کا شکار ہوئے ہیں۔

    ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کے 5 ویں دن پیٹ میں تکلیف کے باعث میٹ ہنری ٹیسٹ اسکواڈ کے دیگر اراکین کے ساتھ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکیں گے اور وطن واپس جائیں گے۔‘‘

    ایک اور ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا سامنا کرنے کے لیے ون ڈے ٹیم میں زخمی میٹ ہنری کی جگہ پَیس بولر ڈف بریسوِل کو بلایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم 9 سے 13 جنوری تک پاکستان میں 3 ون ڈے کھیلنے کے بعد بھارت روانہ ہو جائے گی، بلیک کیپس کا بھارت کا دورہ 18 جنوری کو 3 ون ڈے میچوں کی سیریز سے شروع ہوگا۔

    یہ دونوں ٹیمیں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔

    ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ہنری کی انجری نے محدود اوورز کی مہم میں نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، ہنری سے پہلے ایڈم مل نے بھی انجری سے مکمل طور پر ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے پاک بھارت دوروں سے اپنا نام واپس لے لیا تھا، جب کہ کائل جیمسن جون 2022 میں انگلینڈ کے دورے پر کمر کی انجری سے اب تک باہر نہیں آ سکے ہیں۔