Tag: نیوزی لینڈ

  • نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں اضافہ

    نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں اضافہ

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا دوسرا کرونا ٹیسٹ کیا گیا، جس میں قومی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی میں کرونا کی تشخیص ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی میں کرونا کی تشخیص کے ساتھ کرونا سے متاثرہ کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ جمعے کے روز 48 کھلاڑیوں اور آفیشلز کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ ہوا تھا، کرونا میں مبتلا 6 کھلاڑیوں کے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ 26 نومبر کو کرائسٹ چرچ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پہلی بار کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن میں 6 کھلاڑیوں میں کو وِڈ 19 کی تشخیص ہوئی، پاکستان سے روانگی کے وقت قومی اسکواڈ کے تمام ارکان کے ٹیسٹ منفی آئے تھے، تاہم دبئی سے آکلینڈ کمرشل فلائٹ میں 18 گھنٹے طویل سفر کرنے کے بعد نیوزی لینڈ میں بعض کھلاڑی کو وِڈ کا شکار ہوئے۔

    پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ویڈیو کیوں ڈیلیٹ کی؟

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، 7 ارکان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچز خطرے میں پڑ گئے ہیں۔

    قومی ٹیم اس وقت کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ میں ہے، قومی کرکٹ ٹیم کو پریکٹس کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے، تاہم اس دوران قومی ٹیم کے چند ارکان ہوٹل کے کوریڈور میں ایک ساتھ باتیں کرتے ہوئے سی سی ٹی وی میں دیکھے گئے، جس پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے فائنل وارننگ جاری کی۔

    اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بیان دیا کہ قومی ٹیم کی ایک اور غلطی دورہ نیوزی لینڈ کا خاتمہ کر سکتی ہے، دورہ نیوزی لینڈ اور پاکستان ٹیم کی ساکھ بہت اہم ہے، 14 روز کا آئسولیشن کر لیں پھر آزادی ملے گی، انھوں نے کہا نیوزی لینڈ بورڈ نے واضح کر دیا ہے کہ ایک اور خلاف ورزی پر پوری ٹیم واپس بھیج دیں گے۔

    میچز کا شیڈول

    پاکستان اے اور نیوزی کے درمیان پہلا فور ڈے ٹور میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا فور ڈے ٹور میچ 17 دسمبر کو ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوینٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

    پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا 20 اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ 22 دسمبر کو ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو کھیلا جائے گا، جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو ہوگا۔

  • شیڈول عالمی ٹورنامنٹس کرانے ہوں گے ورنہ آئی سی سی کو نقصان اٹھانا پڑے گا: نو منتخب چیئرمین

    شیڈول عالمی ٹورنامنٹس کرانے ہوں گے ورنہ آئی سی سی کو نقصان اٹھانا پڑے گا: نو منتخب چیئرمین

    دبئی: نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں آ گیا ہے، نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے نے بھارت کے ششانک منوہر کی جگہ لی ہے۔

    گریگ بارکلے 2012 سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر ہیں، چیئرمین بننے کے لیے بارکلے کو ڈائریکٹر نیوزلینڈ کا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔

    گریگ بارکلے نے منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیئرمین بننا میرے لیے باعث فخر ہے، کرکٹ کو آگے لے جانے کے لیے ان تھک محنت کریں گے۔

    انھوں نے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کو اگلے تین برسوں میں اپنے اہم مقابلے ہر حال میں منعقد کروانے ہوں گے، ورنہ کھیل کو سنگین مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ کو وِڈ 19 کی عالم گیر وبا نے آئی سی سی کو اپنے 3 عالمی ٹورنامنٹس کو ری شیڈول کرانے پر مجبور کیا، بارکلے نے منگل کے روز عالمی گورننگ باڈی کے چیئرمین کی حیثیت سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انھیں موجودہ نشریاتی معاہدے کے تحت ان ٹورنامنٹس کو منعقد کرانا پڑے گا۔

    ری شیڈول ہونے والے عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا میں رواں سال شیڈول مینز ٹی 20 ورلڈ کپ، اور 2021 میں نیوزی لینڈ میں شیڈول وومنز ورلڈ کپ شامل ہیں، جو اب 2022 میں ہوں گے۔ جب کہ بھارت میں 2023 میں شیڈول مینز ورلڈ کپ سال کے بالکل آخر میں چلا گیا ہے۔

    بارکلے نے مزید کہا کہ اگر ہم ان تمام ایونٹس کے بروقت انعقاد میں ناکام رہے تو پھر براڈ کاسٹرز کی جانب سے ہم پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ہمیں جاری ادائیگیوں کی آخری رقم موصول نہیں ہوگی۔

  • نیوزی لینڈ کے نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق

    نیوزی لینڈ کے نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کے ایک نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن خون کے کینسر کا شکار ہوگئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کنٹربری کے 26 سالہ فرسٹ کلاس کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن نے کینسر کی تشخیص کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے بریک لے لیا ہے۔

    فاسٹ بولر اینڈریو کا علاج جاری ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 2021 تک وہ کرکٹ کے میدانوں میں واپس آنے کے قابل ہو جائیں گے۔

    واضح رہے کہ ڈومیسٹک کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن نے اپنا فرسٹ کلاس میچ 2018 کھیلا تھا، کنٹربری کرکٹ کے عہدے دار مارٹی کرو کا کہنا ہے کہ اینڈریو کے لیے فطری طور پر یہ ایک پریشان کن صورت حال ہے، ہماری ہمدردیاں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    بنگلہ دیشی کرکٹر کے لیے سیکورٹی گارڈ

    ادھر بنگلادیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کو قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ حال ہی میں پریکٹس سیشن کے دوران گراؤنڈ میں مسلح گارڈ شکیب الحسن کے ہمراہ دیکھا گیا۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ملکی پلیئر کو مسلح گارڈ فراہم کیا گیا ہو تاہم غیر ملکی پلیئزر، آفیشلز اور دیگر آئی سی سی حکام کو سیکورٹی گارڈز مہیا کیے جاتے رہے ہیں۔ بی سی بی نے مسلح گارڈ کی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شکیب الحسن کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے پر انھیں مسلح گارڈ فراہم کیا گیا ہے۔

  • کرونا قوانین کی خلاف ورزی، ویسٹ انڈین ٹیم کو سزا مل گئی

    کرونا قوانین کی خلاف ورزی، ویسٹ انڈین ٹیم کو سزا مل گئی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو کرونا قوانین کی خلاف ورزی پر سزا مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کو کھانا کھانے کے دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی۔

    نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کے لیے پریکٹس کی اجازت ختم کر دی گئی ہے، کھلاڑیوں نے کھانا کھانے کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    ہیلتھ منسٹری کا کہنا تھا کہ اب ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دوبارہ آئسولیشن میں جانا پڑے گا، جہاں ان کے دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے، کرونا ٹیسٹ کے بعد کھلاڑیوں کو پریکٹس کی اجازت ملے گی۔

    مارلن سیمیولز کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 27 نومبر کو آکلینڈ میں شیڈول ہے، تاہم اس سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 29 نومبر جب کہ آخری میچ 30 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز مارلن سیمیولز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

  • 11 دن تک مسلسل پرواز کرنے والے پرندے نے ماہرین کو حیران کردیا

    11 دن تک مسلسل پرواز کرنے والے پرندے نے ماہرین کو حیران کردیا

    الاسکا: سائنسدانوں نے پہلی بار کسی پرندے کی طویل ترین پرواز ریکارڈ کی ہے، یہ 12 ہزار کلو میٹر کی مسافت طے کرنے والی اس پرواز کا دورانیہ 11 دن کا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ماہرین نے کسی جگہ رکے یا اترے بغیر کسی پرندے کی طویل ترین اڑان کی تصدیق کی ہے۔ اس پرندے کو بارٹیلڈ گاڈ وٹ کا نام دیا گیا ہے۔

    یہ پرندہ الاسکا سے پرواز کر کے 12 ہزار کلو میٹر دور نیوزی لینڈ پہنچا ہے۔ اس دوران یہ پرندہ نہ کہیں رکا اور نہ اترا، اس نے اپنا سفر 11 دن میں مکمل کیا۔

    دار چینی کے رنگ کے بڑے اور شور مچانے والا اس پرندے کی نقل مکانی کی صلاحیت بہت غیرمعمولی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہر سال ایسے لاتعداد پرندے الاسکا سے نیوزی لینڈ تک جاتے ہیں لیکن اس ایک خاص پرندے نے تمام ریکارڈ توڑ کر سائنسدانوں کو بھی حیران کردیا ہے۔

  • جیسنڈا آرڈرن نے ایک بار پھر انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی

    جیسنڈا آرڈرن نے ایک بار پھر انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے عام انتخابات میں جیسنڈا آرڈرن نے ایک بار پھر زبردست کامیابی حاصل کر لی، اپوزیشن نے بھی شکست مانتے ہوئے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کی کامیابی کو تسلیم کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کی حکمران جماعت کی لیبر پارٹی کو اگلے 3 سال حکومت کرنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے، جیسنڈا آرڈرن کی اس کامیابی کے ساتھ ہی ان کی حریف جماعت نے شکست تسلیم کر لی ہے، اپوزیشن پارٹی کی رہنما نے جیسنڈا آرڈرن کو فون پر مبارک باد بھی دے دی۔

    اپوزیشن جماعت نیشنل پارٹی کی رہنما جوڈتھ کولنز نے اپنےحامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی نے انتخابات میں غیر معمولی نتائج حاصل کیے، جس پر انھوں نے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کو ٹیلی فون کر کے مبارک باد دی ہے۔ انھوں نے کہا نیشنل پارٹی مضبوط اپوزیشن ثابت ہوگی، ہم حکومت کے ناکام وعدوں کا حساب کتاب کرتے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ اس مرتبہ کے انتخابات میں آرڈرن کا مقابلہ دائیں بازو کی قدامت پسند رہنما جوڈتھ کولنز سے تھا، کولنز کی پارٹی نے لیبر پارٹی کے مقابلے میں 27 فی صد نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ لیبر پارٹی نے تقریباً 50 فی صد نشستیں حاصل کر لی ہیں، تاہم ووٹنگ کے نتائج کا سرکاری اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں حکومت سازی کے لیے پارلیمان کی 61 نشستوں پر کامیابی ضروری ہوتی ہے ورنہ اکثریت نہ ملنے کی صورت میں دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانی پڑتی ہے۔ نیوزی لینڈ میں 1996 میں پارلیمانی طرز حکومت کو اپنایا گيا تھا، تب سے اب تک کسی بھی جماعت کو انتخابات میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی، تاہم لیبر پارٹی پہلی مرتبہ ایسا کرنے میں بھی کامیاب رہی ہے۔

  • لاکھوں روپے میں فروخت ہونے والے پودے کا راز جانیے

    لاکھوں روپے میں فروخت ہونے والے پودے کا راز جانیے

    ایڈنبرگ: نیوزی لینڈ میں چار پتوں والا چھوٹا پودا 8 ہزار 150 نیوزی لینڈ ڈالر یعنیٰ پاکستان 9 لاکھ 70 ہزار روپے میں فروخت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں فیلو ڈینڈرون منیما نامی پودا جس کے چاروں پتوں کے اطراف پیلا اور ہرا رنگ ہے اور اس کی رنگ ہی کی وجہ سے اس کی بولی ’ٹریڈ می‘ نام کی خرید وفروخت کرنے والی ویب سائٹ پر شروع ہوئی۔

    اس پودے کو فروخت کرنے والے شخص نے ٹریڈ می ویب سائٹ پر لکھا کہ اس وقت اس پودے میں چار پتے ہیں اور حیرت انگیز طور پر ان کا ان پتوں کا رنگ ہرا اور پیلا ہے۔

    نیوزی لینڈ میں گارڈینر نام کے جریدے کے ایڈیٹر جو مککیرل نے بتایا کہ پودوں میں ہریالی ان کی نمو کرتی ہے اور مکمل طور پر ہرا تنا رکھنے والا پودا ضروری نہیں ہے کہ بڑھنے کے بعد بھی نایاب رنگت رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اتنے پیسے خرچ کرنے والے کو پودوں کے بارے میں کافی علم ہوگا، شاید وہ اس سے اور پودے اُگا کر مستقبل میں انہیں فروخت کر کے پیسا کمانا چاہتا ہو۔

    ریڈیو نیوزی لینڈ کو پودے کے گمنام خریدار نے بتایا کہ وہ ایک گروپ کا حصہ ہے جو کہ ایک گارڈن کے درمیان ریستوران بنا رہا ہے اور اسی گارڈن کے لیے اس پودے کو خریدا گیا ہے۔

  • نیوزی لینڈ، آذربائیجان کے لیے نامزد پاکستانی سفرا کی وزیر خارجہ سے ملاقات

    نیوزی لینڈ، آذربائیجان کے لیے نامزد پاکستانی سفرا کی وزیر خارجہ سے ملاقات

    اسلام آباد: نیوزی لینڈ اور آذربائیجان کے لیے نامزد پاکستانی سفرا نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود سے آج نیوزی لینڈ کے لیے نامزد سفیر مراد اشرف جنجوعہ اور آذربائیجان کے لیے نامزد سفیر بلال حئی نے ملاقات کی، شاہ محمود نے بطور سفیر نامزدگی پر دونوں سفرا کو مبارک باد دی۔

    وزیر خارجہ نے دونوں نامزد سفرا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کو یہ نئی ذمہ داریاں، آپ کے شان دار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہیں۔

    انھوں نے کہا آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیر خارجہ نے نئے نامزد سفرا کو پیشہ ورانہ امور اور فارن پالیسی ترجیحات کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات دیں۔

    دونوں سفرا نے وزیر خارجہ شاہ محمود کی طرف سے کی گئی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

  • کرونا کو شکست اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نیوزی لینڈ کو ایک اور جھٹکا

    کرونا کو شکست اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نیوزی لینڈ کو ایک اور جھٹکا

    ایڈنبرگ: نیوزی لینڈ میں کروناوائرس اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد ایک اور کرونا کیس سامنے آگیا جس کے بعد ملک میں وبا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں کرونا، لاک ڈاؤن اور تمام تر پابندیوں کے خاتمے کے دو ہفتے بعد 3 وبا کے مریض سامنے آچکے ہیں، جبکہ 5 جون کو حکومت ملک میں کرونا کا کوئی فعال کیس نہ کہہ کر لاک ڈاؤن ختم کرچکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا کے تازہ کیس سے قبل دو کرونا مریض سامنے آئے تھے۔ محکمہ صحت نے دو نئے مریضوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریوں کی آمد ورفت کے لیے بارڈر کھولنے سے وائرس دوبارہ نیوزی لینڈ میں منتقل ہوا۔ البتہ تمام شہریوں کو ملک میں داخلے کے بعد دو ہفتے قرنطینہ میں گزارنا لازمی ہے۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو کرونا فری قرار نہیں دیا کیوں کہ مستقبل میں وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔

    کرونا کو شکست اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا

    یاد رہے کہ 8 جون کو کرونا وبا کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے ملک میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، 75 روز کے لاک ڈاؤن کے بعد نیوزی لینڈ میں معاشی اور سماجی فاصلوں کی پابندیاں بھی ختم کی جاچکی ہیں۔ وزارتِ صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں اب کرونا کا کوئی فعال کیس نہیں رہا۔

  • کرونا کو شکست اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا

    کرونا کو شکست اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا

    ایڈنبرگ: نیوزی لینڈ میں کروناوائرس اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نئے کیسز سامنے آگئے، ملک میں نئے مریضوں نے حکومت کے لیے نیا چیلنج کھڑا کردیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ میں 25 دن کے بعد کروناوائرس کے 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ حکومت گزشتہ ہفتے ملک میں کرونا کا کوئی فعال کیس نہ کہہ کر لاک ڈاؤن ختم کرچکی ہے۔ کرونا کے دونوں نئے مریض حالیہ دنوں برطانیہ سے نیوزی لینڈ پہنچے تھے۔

    محکمہ صحت نے نئے مریضوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی آمد ورفت کے لیے بارڈر کھولنے سے وائرس دوبارہ نیوزی لینڈ میں منتقل ہوا۔ البتہ تمام شہریوں کو ملک میں داخلے کے بعد دو ہفتے قرنطینہ میں گزارنا لازمی ہے۔

    پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کا پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو کرونا فری قرار نہیں دیا کیوں کہ مستقبل میں وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔

    یاد رہے کہ 8 جون کو کرونا وبا کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے ملک میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، 75 روز کے لاک ڈاؤن کے بعد نیوزی لینڈ میں معاشی اور سماجی فاصلوں کی پابندیاں بھی ختم کی جاچکی ہیں۔ وزارتِ صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں اب کرونا کا کوئی فعال کیس نہیں رہا۔