Tag: نیوزی لینڈ

  • کرونا کو شکست، نیوزی لینڈ کے بعد ایک اور ملک سے اچھی خبر آگئی

    کرونا کو شکست، نیوزی لینڈ کے بعد ایک اور ملک سے اچھی خبر آگئی

    ایڈنبرگ: اسکاٹ لینڈ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کروناوائرس سے ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی، ملک میں مہلک وبا کے پھیلاؤں کے بعد پہلی مرتبہ ’زیرو دیتھ‘ ریکارڈ کی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ میں کروناوائرس کو شکست ہوچکی ہے اور اب اسکاٹ لینڈ سے بھی مثبت خبر سامنے آئی ہے، ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک بھی موت نہ ہونے پر ڈاکٹرز اور طبی عملے نے کرونا کے خلاف جنگ میں بڑی اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

    اسکاٹش حکومت نے ہفتے کے روز ایک اعداد وشمار جاری کیا جس کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر 2415 اموات ہوئیں اور اتوار کے دن ان اموات میں ایک بھی اضافہ نہیں ریکارڈ کیا گیا۔

    پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    ملک میں کروناوائرس کے 15621 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ البتہ اسکاٹ لینڈ میں دیگر ممالک کے مقابلے میں مریضوں اور اموات کی تعداد کم ہے، آج بھی چند کیسز سامنے آئیں لیکن کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی ہے، وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں اب کرونا کا کوئی فعال کیس نہیں رہا۔

  • پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی ہے، وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں اب کرونا کا کوئی فعال کیس نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ 28 فروری کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں کررونا کا کوئی کیس متاثر فرد نہیں، نگرانی میں موجود آخری شخص بھی قرنطینہ سے باہر آ گیا۔

    ڈی جی ہیلتھ نیوزی لینڈ نے میڈیا کو بتایا کہ قرنطینہ میں موجود آخری شخص میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    کرونا وبا کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے ملک میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، 75 روز کے لاک ڈاؤن کے بعد نیوزی لینڈ میں معاشی اور سماجی فاصلوں کی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔

    چوبیس گھنٹوں میں کرونا کی عالمگیر وبا نے مزید ساڑھے 3 ہزار جانیں نگل لیں

    جیسنڈا آرڈن نے اس موقع پر کہا کہ بلاشبہ یہ ہمارے لیے اہم سنگ میل ہے، انھوں نے ملک بھر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں کرونا کا اب کوئی مریض زیر علاج نہیں، آخری مریض کو بھی ڈسچارج کر دیا گیا ہے، نیوزی لینڈ میں 1504 افراد وائرس سے متاثر ہوئے تھے، جب کہ 22 افراد جان سے گئے، 1504 مریضوں میں سے 1482 افراد صحت یاب ہوئے۔

  • وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب وینسٹن پیٹرز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان کرونا چیلنج سمیت دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ وینسٹن پیٹرز سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے اقدامات کو سراہا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،کرونا چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا کے غیرمعمولی پھیلاؤ سے دنیا معاشی بحران کی جانب بڑھ رہی ہے۔

    وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کو بھارت میں اسلاموفوبیا پر تشویش سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بلاجواز کرفیو کے فوری خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی نے بھارت میں مذہبی منافرت کا پردہ چاک کیا۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ وینسٹن پیٹرز نے کہا کہ نیوزی لینڈ،مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ سے واپسی کے منتظر پاکستانیوں کے ویزہ کی مدت میں توسیع پر شکریہ ادا کیا۔

  • نیوزی لینڈ کا کرونا کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان

    نیوزی لینڈ کا کرونا کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ پانچ ہفتوں کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد آج سے لیول 3 کے لاک ڈاؤن کی طرف جا رہا ہے، اس دوران حکومت کی جانب سے چند کاروبار، ٹیک اوے والے ریسٹورنٹ اور اسکولوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ملک میں جاری لاک ڈاؤن مرحلہ وار ختم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ کرونا کیس کب ختم ہوں گے اس حوالے سے کچھ یقین سے نہیں کہا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہوں گی کہ جو کچھ نیوزی لینڈ کے شہریوں کی صحت سے متعلق ہم نے حاصل کیا ہے اس کو دوبارہ کھو دیں۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے کہ جب 50 لاکھ آبادی والے ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں کرونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1122 ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

  • غیر ضروری طور پر سفر کرنے والی خاتون ٹرانسپورٹ اہلکاروں پر تھوک کر فرار

    غیر ضروری طور پر سفر کرنے والی خاتون ٹرانسپورٹ اہلکاروں پر تھوک کر فرار

    نیوزی لینڈ میں ایک جوڑے کو بس میں سفر کرنے سے منع کیا گیا تو انہوں نے ٹرانسپورٹ سروس کے 3 اہلکاروں پر تھوک دیا، پولیس نے جوڑے کی تلاش شروع کردی ہے۔

    مذکورہ واقعہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں گزشتہ روز پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ جوڑا ایک بس میں سفر کر رہا تھا تاہم ان کے سفر کی نوعیت جاننے کے بعد علم ہوا کہ وہ غیر ضروری طور پر سفر کر رہے تھے۔

    بس سے اترنے کا کہنے پر جوڑا آپے سے باہر ہوگیا اور خاتون نے ٹرانسپورٹ سروس کے 3 اہلکاروں پر تھوک دیا جس کے بعد دونوں فرار ہوگئے۔

    واقعے کا شکار افراد کو کرونا وائرس کے خدشے کے تحت فوری طور پر قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آج کل کے حالات کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی حرکت پر وہ حیران ہیں اور وہ اسے بالکل برداشت نہیں کریں گے۔

    حکام کے مطابق ٹرانسپورٹ سروس کا عملہ لوگوں کو سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے، ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    پولیس نے جوڑے کی تصویر جاری کر کے لوگوں سے ان کی معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس

    نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس

    آکلینڈ: دنیا بھر میں جان لیوا کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، نیوزی لینڈ میں بھی پہلے کرونا وائرس کے کیس کی تصدیق ہوگئی، انڈونیشیا میں بھی کرونا کے 2 کیسز سامنے آگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص ایران سے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچا جہاں کچھ دن بعد اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    سفر میں مذکورہ شخص کے قریب بیٹھے 15 افراد نے حکام کی جانب سے رابطے اور ہدایات کے بعد خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے، ان میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق آکلینڈ سے ہے جبکہ 2 افراد ساؤتھ آئی لینڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔

    نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا اور اٹلی سے آنے والے افراد کے لیے سفری ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ ایران اور چین سے آنے والے افراد پر نیوزی لینڈ میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب انڈونیشیا میں بھی 2 خواتین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، یہ انڈونیشیا میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے اولین کیسز ہیں۔

    خیال رہے کہ چین میں گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 202 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

    چین میں گزشتہ روز مزید 42 افراد جان لیوا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 ہزار 912 ہوگئی ہے، مجموعی طور پر چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

  • نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو وائٹ واش کر دیا

    نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو وائٹ واش کر دیا

    ماؤنٹ ماؤنگانوئی: نیوزی لینڈ بھارت کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ہزیمت کا بدلہ چکا دیا۔

    ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھی بلند حوصلہ کیوی ٹیم نے بھارت کو پچھاڑ دیا، میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کر کے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔

    کیوی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے مہمان ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو بھارتی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم راہل نے سنچری بنا کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا۔

    راہل نے 112 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جب کہ لیر نے 62، شوا نے 40 اور پانڈے نے 42 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی اس بار بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بینٹ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ہدف کے تعاقب میں کیوی جوڑی نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 106 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین بھی بغیر کسی دباؤ کے اننگز کو آگے بڑھاتے رہے اور مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

    اوپنر نکولس80 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ گپٹل نے 66، گرینڈہومے نے 58، ولیمسن نے 22 اور لیتھم نے 32 رنز بنائے۔

    نیوزی لینڈ نے اس فتح کے ساتھ تین میچوں کی سیریز 0-3 سے جیت کر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کا بدلہ لے لیا۔

  • نیوزی لینڈ نے بھارت سے بدلہ لے لیا

    نیوزی لینڈ نے بھارت سے بدلہ لے لیا

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ نے بھارت سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی شکست کا بدلہ لے لیا، دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔

    آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 273 رنز بنائے، تجربہ کار مارٹن گپٹل 79 اور راس ٹیلر 73 رنز بنا کر نمایاں رہے، نکولس نے 41، جیمیسن نے 25 اور بلونڈل نے 21 رنز کی باری کھیلی۔

    بھارت کی جانب سے چاہال نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹھاکر کے حصے میں 2 اور جڈیجا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    ہدف کے تعاقب میں ابتدا سے ہی بھارتی بیٹسمین دباؤ کا شکار رہے اور صرف 96 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئ، جس کے بعد لیر اور جڈیجا نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا تاہم وہ ڈوبتی کشتی کو پار نہ لگا سکے۔

    لیر نے 52 اور جڈیجا نے 55 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سینی نے 45 اور شوا نے 24 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے بینٹ، ساؤتھی، جیمیسن اور گرینڈہوم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جمی نیشم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    ہوم ٹیم نے بھارت کو تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 0-2 سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کی ہزیمت کا بدلہ چکا دیا، بھارت نے پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

  • ہوم کنڈیشنز کا فائدہ، کینگروز نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی

    ہوم کنڈیشنز کا فائدہ، کینگروز نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی

    میلبورن: آسٹریلیا نے ہوم گراؤنڈ اور کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا لیا، کینگروز نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 247 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، ٹریوس ہیڈ شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    جیمز پیٹنسن نے میچ میں چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    نامور آسٹریلوی بولر پیٹر سڈل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3جنوری 2020 سے شروع ہوگا، شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

    دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز 13 جنوری سے شروع ہوگی۔ یاد رہے کہ میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلے پنک بال ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 296 رنز سے شکست دی تھی۔

  • انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹور میچ بلانتیجہ ختم

    انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹور میچ بلانتیجہ ختم

    ولنگٹن: انگلینڈ الیون اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان کھیلا گیا دو روزہ ٹور میچ بغیر ہار جیت کے ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ الیون اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان ولنگٹن میں دو روزہ ٹور میچ کھیلا گیا جو بلانتیجہ رہا، انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 376 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کی، زیک کراولے اور ڈومینک سیبلے حریف بولرز کے سامنے ڈٹے رہے۔

    دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 212 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، زیک کراولے اور ڈومینک سیبلے سنچریاں اسکور کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، بٹلر 38 اور اسٹوکس 30 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

    جواب میں دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ الیون نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے اور میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، فن ایلن 104 رنز بناکر ریٹائرڈ ہوگئے، جیکب بھولا 61 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، سندیپ پٹیل 48 اور شیپلے 23 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

    انگلینڈ الیون کے جوفرا آرچر نے دو ثام کیورن اور اسٹورٹ براڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا اور اس طرح میچ بلانتیجہ ختم ہوگیا۔

    پہلا ٹیسٹ میچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹاکرا کب ہوگا؟

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21نومبر سے 25نومبر تک مونٹ مونگنوئی میں کھیلا جائے گا۔

    ٹی ٹوئنٹی سیریز اور دو روزہ ٹور میچ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ایک چار روزہ ٹور میچ بھی کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک مونٹ مونگنوئی کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔