Tag: نیوزی لینڈ

  • نیوزی لینڈ کی کابینہ نے اسلحہ قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، جیسنڈا آرڈرن

    نیوزی لینڈ کی کابینہ نے اسلحہ قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، جیسنڈا آرڈرن

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ کی کابینہ نے وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے اسلحہ قوانین میں بتدیلی کے فیصلے کی حمایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردی کے خوفناک حملے کے بعد وزیر اعظم اور کایبینہ کی جانب سے اسلحہ کنٹرول قوانین میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ ’میں اس رپورٹ کا جائزہ لوں گی جس میں حملے کے بعد اسلحے کی فروخت میں اضافے کا بتایا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نیوزی لینڈ کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے نے اسلحہ کنٹرول کے معاملے ملکی سیاست کو تقسیم کردیا ہے، جہاں متعدد افراد کے کچھ پابندیوں کے ساتھ اپنا اسلحہ رکھتے ہیں۔

    نیوزی لینڈ حکام کا کہنا ہے کہ نسل پرست دہشت گرد نے مساجد پر حملے کے دوران پانچ گنز کا استعمال کیا جن میں دو خودکار اسلحہ بھی شامل تھا، ملزم کے پاس قانونی اسلحہ تھا۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ میں اسلحہ قوانین تبدیل کیے جائیں گے‘ وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن

    خیال رہے کہ دو روز قبل جیسنڈا ایرڈن نے کہا تھا کہ مرکزی ملزم سیکیورٹی اداروں کی واچ لسٹ پرموجود نہیں تھا، نیوزی لینڈ میں اسلحہ قوانین تبدیل کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • کرائسٹ چرچ شہدا سے اظہار یکجہتی، ایفل ٹاور اندھیرے میں ڈوب گیا

    کرائسٹ چرچ شہدا سے اظہار یکجہتی، ایفل ٹاور اندھیرے میں ڈوب گیا

    پیرس: نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فرانس میں ایفل ٹاور کی بتیاں بجھا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دارالحکومت پیرس میں کرائسٹ چرچ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایفل ٹاور تاریکی میں ڈوبا رہا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرائسٹ چرچ میں دہشتگردی کے خلاف دنیا بھر میں مذمتوں اور دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

    دریں اثنا نیویارک میں ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ اور سڈنی اوپیراہاؤس کی روشنیاں مدھم کرکے دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

    عالمی برادری متاثرین کے غم میں شریک ہورہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف مذمتی بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے، کرائسٹ چرچ کے مقامی گرجا گھر میں دہشت گردی کے متاثرین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    ڈین آف کرائسٹ چرچ لارنس کمبرلی نے واقعہ کو خوفناک قرار دیا، متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے سڈنی اوپیراہاؤس کی روشنیاں مدھم کردی گئیں جبکہ ایمپائراسٹیٹ بلڈنگ کی روشنیاں بھی شہدا کے یاد میں بجھادی گئیں۔

    سانحہ نیوزی لینڈ: دنیا بھر میں سوگ، ترکی میں غائبانہ نمازِ جنازہ کی ادائیگی

    خیال رہے کہ گذشتہ روز نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی میں شہید ہونے والے 50 مسلمانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، ترک صدر کا کہنا تھا کہ حملہ آور کے ترکی آنے کی تحقیقات کریں گے۔

  • برطانیہ: سرے کی مساجد کی سیکورٹی سخت کر دی گئی، ایک حملہ آور گرفتار

    برطانیہ: سرے کی مساجد کی سیکورٹی سخت کر دی گئی، ایک حملہ آور گرفتار

    لندن: برطانیہ کی کاؤنٹی سرے میں ایک شخص کو چاقو زنی کی واردات کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے، حملہ آور نے چاقو سے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرے کے علاقے میں چاقو زنی کی واردات میں ایک شخص زخمی ہو گیا ہے، پولیس نے حملہ آور کو چاقو سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

    سرے کے علاقے میں مذکورہ واردات کے بعد مساجد کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    پولیس نے کہا ہے کہ حملہ آور وائٹ سپرامیسی (سفید فام نسل کی برتری کی سوچ) سے متاثر ہے۔ پولیس نے مذکورہ شخص کو دہشت گرد قرار دے دیا۔

    خیال رہے کہ جمعے کے دن مسلمانوں کے خلاف نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والے خوف ناک دہشت گردی کے واقعے کے بعد سرے کاؤنٹی میں پولیس نے تمام مساجد کا خصوصی دورہ کر کے سیکورٹی کو یقینی بنایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ نیوزی لینڈ: دنیا بھر میں سوگ، ترکی میں غائبانہ نمازِ جنازہ کی ادائیگی

    برطانیہ کے دیگر کاؤنٹیز میں بھی پولیس نے مساجد کی سیکورٹی کا جائزہ لیا، سرے اور سسیکس کے چیف سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ہم اپنے مسلم کمیونٹیز اور ان تمام مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو نیوزی لینڈ کے دہشت گردانہ حملے سے صدمے اور خوف کی حالت کا شکار ہیں۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں چاقو زنی کی وارداتوں میں بہت اضافہ ہو چکا ہے، پولیس ان وارداتوں کو قابو کرنے کی کوشش میں لگی ہے، تاہم نوجوان لڑکوں میں چاقو زنی کے جرائم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

  • نعیم راشد شہید کی والدہ کو نیوزی لینڈ کا ویزا جاری، وزارتِ خارجہ میں کرائسس مینجمنٹ سیل قائم

    نعیم راشد شہید کی والدہ کو نیوزی لینڈ کا ویزا جاری، وزارتِ خارجہ میں کرائسس مینجمنٹ سیل قائم

    اسلام آباد: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد حملے میں شہید ہونے والے پاکستانی شہری نعیم راشد کی والدہ کو نیوزی لینڈ کا ویزا جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نعیم راشد شہید کی والدہ کا نیوزی لینڈ کا ویزا جاری کر دیا گیا ہے، شہید کی والدہ نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گی۔

    نعیم راشد کی والدہ نے نیوزی لینڈ جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس پر وزارتِ خارجہ کی جانب سے انھیں نیوزی لینڈ کا ویزا جاری کیا گیا۔

    دریں اثنا، وزارتِ خارجہ میں سانحہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے کرائسس مینجمنٹ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شہدا کے لواحقین کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    شاہ محمود نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے سیل قائم کیا گیا ہے، سانحے کے باقی شہدا کے لواحقین کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ کرائسٹ چرچ: حکومت پاکستان کا پرچم سرنگوں کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں حملے کے سوگ میں پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ کل قومی پرچم سرنگوں کیا جائے گا اور ملک بھر میں یومِ سوگ منایا جائے گا۔ پاکستان نے سانحے پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔

    میتوں کی حوالگی کا عمل کل سے شروع ہوگا، 6 خاندان اپنے افراد کی تدفین وہیں کرائسٹ چرچ میں کرنا چاہتے ہیں جب کہ 3 خاندانوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے پیاروں کو پاکستان میں دفن کرنا چاہتے ہیں۔

  • نیوزی لینڈ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کی خوں رلادینے والی داستاں

    نیوزی لینڈ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کی خوں رلادینے والی داستاں

    نیوزی لینڈ میں دو روز قبل مساجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں  کل 50 افراد شہید ہوئے ، ان میں سے کچھ لوگوں کی داستان آپ کو خون کے آنسو رلادے گی۔

    نیوزی لینڈ سانحے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے، جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس سانحے میں شہید ہوئے ہیں۔

    پاکستان  سے تعلق رکھنے والے سید اریب احمد، نعیم راشد اورا نکا بیٹا طلحہ، سہیل شاہد، سید جہانداد علی، محبوب ہارون، ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اور ان کی والدہ کرم بی بی بھی شامل ہیں۔

    سید اریب احمد

    کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے نیوزی لینڈ  جانے والے سید اریب احمد کے بارے میں ان کے ایک رشتے دار محمد مظفر نے بتایا کہ’وہ ہمیشہ سے ایک دین دار لڑکا تھا۔ نماز کی پابندی کرتا اور پڑھائی اس کے لیے پہلی ترجیح تھی‘۔

    اریب نے حال ہی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور اس کے بعد  بہتر مستقبل کی تلاش میں نیوزی لینڈ روانہ  ہوئے ۔ وہ اپنے والدین کے ایک ہی بیٹے تھے  اور ان کی ایک چھوٹی بہن ہیں۔

    نعیم راشد اور طلحہ راشد

    پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ نعیم راشد کی بہادری اس اندوہناک واقعے میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کا سبب بنی۔ عینی شاہدین کے مطابق ان کا 21 سالہ بیٹا طلحہ مارا جاچکا تھا لیکن اس کے باجود انہوں نے استقامت کا مظاہرہ کیا۔

    نعیم ایک عرصے سے نیوزی لینڈ میں ایک استاد کےفرائض انجام دے رہے ہیں۔ انکا بیٹا 11 سال کا تھا جب ان کے اہل خانہ نیوزی لینڈ گئے تھے ۔ حال ہی میں اسے نئی جاب ملی تھی اور اس کی شادی کے معاملات بھی چل رہے تھے، تاہم وہ شہادت کے منصب پر فائز ہوگئے۔

    نعیم کے رشتے دار  خورشید عالم کے مطابق انہوں نے ویڈیو میں دیکھا کہ نعیم مسلح شخص سے  الجھ رہے ہیں، وہ ہمیشہ سے ایک بہادر شخص  ہیں۔

    محمد عمران خان

    نیوزی لینڈ میں محمد عمران خان کے ریستوران کے باہر ایک  کارڈ بورڈ پر ’بند ہے‘ لکھا ہوا ہے۔ وہیں رکھے کچھ پھول دو روز قبل ہونے والے اندوہنا ک واقعے کی داستان سنارہے ہیں۔

    عمرا ن خان ایک بھارتی مسلم تھے  جو دہشت گردی کی اس کارروائی میں نشانہ بنے ۔ ان کے قریب ہی واقعہ ایک اسٹور کے مالک اور ان کے دوست جے من پٹیل کا کہنا ہے کہ جب یہ سانحہ ہوا تو انہوں نے ہی ریستوران بند کروایا اور چابیاں سنبھالیں۔ عمران ان کے دوست تھے  اور دونوں نے نیوزی لینڈ میں قیام کے دوران بارہا ایک دوسرے کی مدد کی تھی۔ عمران کا ایک ۱۱ سال کا بیٹا بھی ہے۔

    حسنہ احمد

    فرید احمد اپنی 45 سالہ اہلیہ حسنہ احمد کے ہمراہ النور مسجد میں موجود تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔۔ حملہ آور نے حملے کی ویڈیو لائیو کی تھی جس کے سبب وہ بعد میں دیکھ پائے کہ کس طرح ان کی شریک زندگی خون میں نہا گئیں۔

    فرید کا کہنا ہے کہ وہ رفع حاجت کے لیے اپنی اہلیہ سے جدا ہوئے تھے کہ یہ خونی کھیل شروع ہوگیا اور وہ جہاں تھے وہیں رہ گئے۔ بعد میں جب وہ اپنی بیوی کے پاس پہنچے تو وہ اس دنیا سے جا چکی تھیں۔ موقع پر موجود پولیس اہلکار نے ان کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

    اس ہولناک واقعے کے باوجود فرید نے نیوزی لینڈ چھوڑ کر جانے سے انکار کیا ہے۔ ان کا آبائی وطن بنگلہ دیش ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ  بہت اچھا ملک ہے اور وہ یہیں رہنا چاہتے ہیں۔

    فرید نے یہ بھی  کہا کہ یہاں مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان جو ہم آہنگی ہے اس کی مثال مشکل ہے۔ کچھ لوگ اس فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہم متحد رہیں گے۔

  • کرائسٹ چرچ حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی

    کرائسٹ چرچ حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی

    اسلام آباد: نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ میں مساجد میں ہونے والے حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد9 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نیوزی لینڈ میں مساجد پرہونے والے حملوں میں 3 مزید پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی۔

    ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ شہدا میں ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اوروالدہ کمربی بی شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اب تک شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی، ابھی ایک پاکستانی تشویش ناک حالت میں آئی سی یومیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کرائسٹ چرچ حملے میں چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

    نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • نیوزی لینڈ کے اسپیکر اسمبلی کو تعزیتی خط بھیجا ہے: اسد قیصر

    نیوزی لینڈ کے اسپیکر اسمبلی کو تعزیتی خط بھیجا ہے: اسد قیصر

    صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے خوف ناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کو تعزیتی خط لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ’میں نیوزی لینڈ میں دہشت گردانہ واقعے کی مذمت کرتا ہوں، نیوزی لینڈ کے اسپیکر اسمبلی کو تعزیتی خط بھیجا ہے۔‘

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دنیا پر یہ واضح ہونا چاہیے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، خطرہ ہے یورپ میں لوگ انتہا پسندی کی طرف بڑھ رہے ہیں، عالمی رہنماؤں کو اس بارے میں سوچنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعے میں 6 پاکستانی شہید، ایک زخمی، اور 3 لاپتا ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرائسٹ چرچ حملہ: بین الاقوامی میڈیا کی متعصبانہ رپورٹنگ

    معظم شاہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے عوام کی جانب سے بہت مدد کی جا رہی ہے، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے حکام سے پاکستانی ہائی کمشنر کا مسلسل رابطہ ہے، شہدا کے لواحقین کے لیے ویزا سسٹم میں آسانی کریں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دیکھنا یہ ہوگا اس دہشت گردی کے واقعے کے پیچھے کیا محرکات ہیں، پاکستان اور ترکی او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلائیں گے۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ: بین الاقوامی میڈیا کی متعصبانہ رپورٹنگ

    کرائسٹ چرچ حملہ: بین الاقوامی میڈیا کی متعصبانہ رپورٹنگ

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی میں بین الاقوامی میڈیا کی متعصبانہ رپورٹنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردانہ حملے کی رپورٹنگ میں بین الاقوامی میڈیا کا متعصبانہ رویہ سامنے آ رہا ہے۔

    نیوزی لینڈ سانحے کو دہشت گردی کی کارروائی کہنا تو درکنار مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے دہشت گرد کو لون ولف (Lone Wolf) قرار دے دیا گیا۔

    گزشتہ روز کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کر کے سفید فام دہشت گرد حملے میں پچاس مسلمانوں کا بہیمانہ قتل کیا گیا، جس پر عالمی میڈیا کی دوہری پالیسی سامنے آنے لگی ہے۔

    دہشت گردی کی اس خوف ناک کارروائی پر عالمی شہرت یافتہ اخبار انڈیپنڈنٹ نے بھی دہشتگرد کی بجائے لون ولف (اکیلا بھیڑیا) اصطلاح استعمال کی۔

    روزنامہ ٹیلی گراف نے بھی ایک دن گزرنے کے باوجود سانحے کو دہشت گردی کی کارروائی نہیں کہا، امریکی نیوز اور ریڈیو ادارے سی بی ایس کا کہنا تھا کہ عین ممکن ہے کہ حملہ آور ایک لون ولف ہو۔

    یہ بھی پڑھیں:   مسلم کمیونٹی سے محبت اور  ہمدردی کا اظہار کریں: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا ٹرمپ کو مشورہ

    ادھر نیوزی لینڈ کی نیوز ویب سائٹ نے بھی دہشت گردی کی کارروائی کو احمقانہ کارروائی لکھا، اسکائی نیوز نے دہشت گرد کا تعارف پُر سکون حملہ آور کے طور پر کروایا۔

    خیال رہے کہ لون ولف کی اصطلاح دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو کسی گروپ کی بجائے کسی اکیلے شخص نے کی ہو۔ چھوٹی تنظیموں کے دہشت گردانہ حملوں کو بھی لون ولف حملوں کے زمرے میں شامل نہیں کیا جاتا۔

  • آپ مسلم کمیونٹی سے محبت اور  ہمدردی کا اظہار کریں: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا ٹرمپ کو مشورہ

    آپ مسلم کمیونٹی سے محبت اور  ہمدردی کا اظہار کریں: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا ٹرمپ کو مشورہ

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مذہبی ہم آہنگی کے لئے اقدامات کا مخلصانہ مشورہ دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ حملے کے بعد امریکی صدر نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو ٹیلی فون کرکے مدد کی پیش کش کی تھی۔

    اس موقع پرجیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ آپ مسلم کمیونٹی سےمحبت اور  ہمدردی کا اظہار کریں، مذہبی ہم آہنگی پیدا کریں.

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    واقعے میں نو پاکستانیوں کے لاپتا ہونے کی خبر آئی، جن میں سے چھ کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ : دہشت گرد کی بندوق پر مسلمانوں کونقصان پہنچانے والوں کے نام درج

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے، وہ آسٹریلوی شہری ہے، جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

    واقعے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا سیاہ دوپٹہ اوڑھ کر مسلمانوں سے اظہاریکجہتی۔متاثرین کےغم میں شریک ہوئیں،مسلم خواتین کو گلےلگاکر تسلی دی۔جیسنڈا نےاسپتال جاکرزخمیوں کی عیادت کی اور کہا کہ اس واقعے پرقوم متحد ہے، ہم متحد ہیں.

  • دہشت گردی کا شکار باپ بیٹے کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی، دفتر خارجہ

    دہشت گردی کا شکار باپ بیٹے کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ دہشت گردی واقعے میں شہید ہونے والے باپ بیٹے کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی، دہشت گردی کے متاثرین کے اہل خانہ ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں گزشتہ روز ہونے والے افسوسناک سانحے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں 6 پاکستانی بھی شامل ہیں، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نعیم رشید اور ان کے بیٹے طلحہ کی تدفین کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، ان کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی، ہائی کمیشن نے انتظامات کرنے میں تعاون کیا، مزید 4 شہید پاکستانیوں کے جسد خاکی پاکستان لانے کے انتظامات کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کرائسٹ چرچ حملے کے ہیرو نعیم راشد کی والدہ کی عمران خان سے اپیل

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں شہید افراد کے لواحقین کے لیے ویزا معاونت کی جائے گی، شہدا کے قریبی لواحقین ویزا اینڈ امیگریشن سائٹ پر درخواست جمع کراسکتے ہیں، پاکستان میں نیوزی لینڈ کے اعزازی قونصلر ویزا میں معاونت کریں گے۔

    قونصل جنرل کو درخواست ای میل [email protected] کی جاسکتی ہے، نیوزی لینڈ ویزا کے لیے درخواست 03428200200 پر واٹس ایپ بھی کی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلوی شہری برینٹن ٹرنٹ نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے 46 نمازیوں کو شہید کردیا تھا، ملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے، شہید ہونے والوں میں 6 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔