Tag: نیوز بریفنگ

  • شہباز شریف اور مریم نواز نے وزیر اعظم کا جہاز غیر قانونی طور پر استعمال کیا: شہزاد اکبر

    شہباز شریف اور مریم نواز نے وزیر اعظم کا جہاز غیر قانونی طور پر استعمال کیا: شہزاد اکبر

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز نے وزیر اعظم کے جہاز کو غیر قانونی طور پر استعمال کیا۔ ہوائی سفر پر 340 ملین روپے خرچ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر اور معاون خصوصی افتخار درانی نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 60 کروڑ روپے ہوائی سفر پر خرچ کیے، کیس نیب کو بھجوایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا۔ رائے ونڈ کی سیکیورٹی پر 60 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

    افتخار درانی نے کہا کہ ایسے انکشافات کے بعد سوچنا چاہیئے ہم نے کس کو منتخب کیا تھا، جتنے بھی کیسز ہیں اس پر ہم اسٹینڈ لیں گے۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ہوائی سفر پر 340 ملین روپے غیر قانونی طور پر خرچ کیے گئے، شہباز شریف نے وزیر اعظم کے جہاز کو غیر قانونی طور پر استعمال کیا۔ مریم نواز نے بھی جہاز استعمال کیا، نیب سے تحقیقات کروائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گفٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ کی مد میں کافی پیسہ خرچ کیا گیا، 5 سال میں تحائف پر خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات حاصل کرلیں۔ نیب سے 4 کیسز کی تحقیقات کروائیں گے، نیب تحقیقات کے بعد ریفرنس دائر کرے گا۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بطور وزیر اعظم ذمے داری تھی کہ اثاثوں کے بارے میں بتاتے، شریف فیملی کی سینٹرل لندن میں جائیداد کا معاملہ دیکھ رہے ہیں۔ برطانوی اخبار نے جس جائیداد کا ذکر کیا شریف فیملی نے اسے چھپایا۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو دستاویزات حکومت کے پاس آئیں فائلز کی نظر کردی گئیں، فلیٹ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے نام پر تھا، انکم ٹیکس سب پر لازم ہے۔ انکم ٹیکس آرڈیننس کے مطابق لیٹر جاری کر دیئے گئے ہیں، ٹیکس کے تعلق کی فائل ایف بی آر کے حوالے کردی گئی ہے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ فریش کیسز پر جو ڈیٹا ملا اسے ریسیو کر لیا گیا،ڈ یٹا ملنے میں مشکلات کا سامنا ہے ڈیٹا جیسے ہی ملے گا شیئر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جہاز وزیر اعظم کے لیے ہوتا ہے جب کوئی اور استعمال کرے گا جواب دے گا، ہمارے دور میں استعمال ہوا تو ہم احتساب کے لیے خود کو پیش کریں گے۔

  • بجلی کے معاملات سے متعلق ن لیگ کا دور حکومت بدترین تھا: وزیر اطلاعات

    بجلی کے معاملات سے متعلق ن لیگ کا دور حکومت بدترین تھا: وزیر اطلاعات

    اسلام آباد: فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی کارکردگی سامنے رکھنا ضروری ہے۔ ن لیگ نے لوگوں سے جو کھیل کھیلا عوام کے سامنے لائیں گے۔ بجلی کے معاملات سے متعلق ن لیگ کا دور حکومت بدترین تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ 40 دن کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، یہ لوگ 10 سال کیا کرتے رہے جو 40 دن کی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے تھوڑا انتظار کرلیں نیا پاکستان ابھر کر آئے گا، بجلی 11.71 روپے فی یونٹ دی جارہی ہے، شہباز شریف کہتے تھے ہم نے سستی بجلی کے پلانٹ لگائے۔ حکومت کو بجلی کی قیمت 14.22 روپے میں پڑ رہی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی کارکردگی سامنے رکھنا بھی ضروری ہے۔ صوبوں کو نیٹ ہائیڈل میں سے منافع دینا ہے۔ گزشتہ حکومت کے 2 سال میں بجلی کی قیمت 15 روپے 53 پیسے کی ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت 15 روپے 53 پیسے میں فی یونٹ بجلی بناتی ہے، حکومت کو فی یونٹ 2 روپے 63 پیسے نقصان ہو رہا ہے۔ 34 سے 36 ارب روپے گردشی قرضے میں اضافہ ہو رہا ہے، بجلی کے معاملات سے متعلق ن لیگ کا دور حکومت بدترین تھا۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ روزانہ بجلی کی طلب 14 ہزار 900 میگا واٹ کے لگ بھگ ہے، نیپرا نے تجویز دی کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کریں۔ ’نیپرا ہم نے نہیں بنایا، گزشتہ حکومت نے بنایا تھا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چوروں اور ڈاکوؤں کے احتساب کی بات کرتے ہیں، احتساب کی بات کریں تو کہا جاتا ہے یہ لفظ اور طریقہ مناسب نہیں۔ جہاں احتساب کی بات آتی ہے وہاں جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، ’فالودے والے اور طلبا کے اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے نکل رہے ہیں، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، پاکستان میں تبدیلی لانی ہے یا نہیں‘۔

    انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بجلی پلانٹس کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے، ایل این جی اور پنجاب کے پلانٹس کی تحقیقات نیب کرے گا۔ ن لیگ نے لوگوں سے جو کھیل کھیلا عوام کے سامنے لائیں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے نیا کلچر متعارف کروایا ہے، وزیر اعظم کسی حلقے میں نہیں گئے، کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا۔ پہلی بار حکمران جماعت انتخابی معاملات سے مکمل لاتعلق رہی۔ وزیر اعظم نے بیرون ملک سے آنے والا پیسہ بڑھانے کی ہدایت کی۔ منی لانڈرنگ روکنے اور سرمایہ کاری لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ابھی بجلی کے معاملے پر بحث نہیں ہوئی، حکومت کتنی بجلی پر سبسڈی دے گی فیصلہ اجلاس میں ہوگا۔ برآمدی انڈسٹری کو سہولتیں دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ گیس کی 143 فیصد قیمت بڑے ہوٹلوں کے لیے بڑھائی، ہم تندور والوں کو ریلیف دیں گے، بڑے ہوٹلز کو کیوں دیں؟ حکومت کے پاس زیادہ گیس ہوگی تو انہیں بھی دے دیں گے۔